نگران وزیر انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر شہری شکایات درج کرائیں، ہم ایکشن لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر انسانی حقوق نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ عوام شکایات درج کرائیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا جائے گا۔ جب سانحہ جڑانوالہ وقوع پذیر ہوا تو میں خود وہاں گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ چند شدت پسندوں کی وجہ سے رونما ہوا، یہ چند شدت پسند نہ پاکستانی ہیں اور نہ ہی مسلمان ہیں۔
نگران وزیر انسانی حقوق نے کہا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں،سانحہ جڑانوالہ میں 128 افراد گرفتار ہوئے، جس نے یہ کام کیا اس کو سزا ملے گی چاہے میرا کوئی عزیز ہی کیوں نہ ہو۔
خلیل جارج نے کہا کہ منی پور میں بھارت انسانی حقوق کی مسلسل پامالی کر رہا ہے۔ بھارت کا انتہاپسندانہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آگیا۔ اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے منی پور واقعات کو روکا جائے۔
انھوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے بھی ہماری وزارت کام کر رہی ہے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے اس پر کوئی ہاتھ ڈالے گا ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔