Tag: انسدادِ دہشتگردی

  • کراچی:سانحہ12 مئی کا ملزم رفیق راجپوت90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے

    کراچی:سانحہ12 مئی کا ملزم رفیق راجپوت90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے

    کراچی : انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بارہ مئی کے ملزم عبدالرفیق راجپوت کو تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت نوے دن کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا گیا، ملزم ایم کیو ایم محمود آباد کا سیکٹر انچارج ہے۔

    بارہ مئی قتل وغارتگری کے الزام میں گرفتار ایم کیوایم کے سیکٹر انچارج رفیق راجپوت کوانسدادِ دہشت گردی کراچی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا، ملزم کو اسپیشل ٹاسک فورس نےعدالت میں پیش کیا، عدالت نے ملزم کو ترمیمی شق کے تحت نوے روز کے ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق رفیق راجپوت اسٹیٹ بینک میں اٹھارہویں گریڈ کا افسر ہے، رفیق راجپوت پر سانحہ بارہ مئی سمیت ٹارگٹ کلنگ کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا الزام ہے۔

    گزشتہ روز بارہ مئی کے پُرتشدد واقعات کا ایک ملزم سات سال بعد گرفتارکرلیا گیا، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم عبدالرفیق عرف کائیں ایم کیوایم محمودآباد سیکٹر کا انچارج اور بارہ مئی کے واقعات میں ملوث ہے، جس کا وہ اعتراف بھی کرچکا ہے، ملزم ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث اور زمینوں پرقبضے کے مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ عبدالرفیق نے رئیس مما سمیت دیگر ٹارگٹ کلرز کو تحفظ دینے اور ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہونے والے اسلحہ چھپانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

  • ملتان: سزائے موت کے 2 مجرمان کی اپیل خارج

    ملتان: سزائے موت کے 2 مجرمان کی اپیل خارج

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے سزائے موت کے مجرمان کی اپیل خارج کرتے ہوئے انسداد دہشتگردی عدالت کےستائیس ستائیس بارسزا ئےموت کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

    جسٹس قاضی امین اور جسٹس چوہدری مشتاق کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف مجرمان کی دائر درخواست پر سماعت کی اور مجرمان کی اپیل کو خارج کرتے ہوئے ستائیس ستائیس بار سزائے موت دینے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

    مجرم محمد صادق اور حنیف گبول نے دو ہزار نو میں ڈیرہ غازی خان میں سینئر سیاستدان ذوالفقار علی کھوسہ کے گھر پر حملہ کیا تھا،جس میں ستائیس افراد جاں بحق اور ستانوے افراد زخمی ہو گئے تھے ۔

     مجرمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ستمبر دوہزار چودہ میں میں ستائیس ستائیس بار سزائے موت کا حکم سنایا تھا، دونوں مجرموں نے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں چیلنج کیا تھا۔

  • انسدادِ دہشتگردی کیلئے ہنگامی اقدامات پراتفاق

    انسدادِ دہشتگردی کیلئے ہنگامی اقدامات پراتفاق

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے لیے ہنگامی طور پر فوری اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیرِاعظم ہاوٴس میں چھ گھنٹے جاری رہنے والے اس اجلاس میں وفاقی وزراء ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی ملٹری آپریشنز ، اٹارنی جنرل آف پاکستان سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایکشن پلان کے تمام نکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، دہشت گردوں کی مالی معانت روکنے، ان کے مواصلاتی نظام کو تباہ کرنے، غیرقانونی سموں کو بند کرنے اور فوجی عدالتوں کے فوری قیام سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔

    اجلاس میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے فوری اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا، وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک ہوچکی ہے، اس جنگ کو ہم ہر حالت میں جیتیں گے، ہماری جنگ نفرت اور تشدد پر مبنی قوتوں کے خلاف ہے۔

    وزیرِاعظم نے کہا کہ قوم کے اتحاد کے باعث دہشت گرد تنہا ہوچکے ہیں، قومی اتحاد کو برقرار رکھا جائے گا، تفریق کی صورت میں کسی بھی طور شہداء کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ معصوم شہریوں ، بچوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے والے مجرموں کے مقدمات فوجی عدالتوں کو بھیجے جائیں گے، تمام ادارے فوجی عدالتوں کو کیس بھیجنے سے قبل مکمل چھان بین کریں گے۔

    وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ محفوظ پاکستان اور پُرامن پاکستان ہمارا مستقبل ہے، ہماری مسلح افواج نے آپریشن ضربِ عضب کے ذریعے اس راستے کا تعین کردیا ہے۔

  • ذکی الرحمان لکھوی کی درخواستِ ضمانت کا تفصیلی فیصلہ جاری

    ذکی الرحمان لکھوی کی درخواستِ ضمانت کا تفصیلی فیصلہ جاری

    اسلام آباد: انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم زکی الرحمان لکھوی کی درخواستِ ضمانت کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔

    اسلام آباد میں انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم زکی الرحمان لکھوی کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران عدالت کا کہنا تھا کہ سی آئی ڈی افسران کے بیانات میں بھی تضاد ہے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ذکی الرحمان لکھوی کی ٹیلی فونک آواز کو بھی شناخت نہیں کیا گیا، ملزم چھ سال سے جیل میں بند ہے، پراسیکویشن کی غلطی کی سزا ملزم کو نہیں دی جاسکتی۔

    اس سے قبل راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت  نے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منظور کرلی تھی تاہم بعد میں حکومت نے انہیں 16 ایم پی او کے تحت نظر بند کردیا۔

    ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت کے معاملہ پر بھارت کا سخت ردِعمل سامنے آیا تھا،بھارتی وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ پشاور میں معصوم بچوں کے قتلِ عام پر ہندوستان کو بھی کافی صدمہ ہوا ہے جبکہ لکھوی کو ضمانت کا ملنا بھی صدمہ سے کم نہیں ہے۔

  • سزائے موت کے 2قیدیوں کی پھانسی کی تاریخ مقرر

    سزائے موت کے 2قیدیوں کی پھانسی کی تاریخ مقرر

    لاہور: انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے سزائے موت کے دو قیدیوں کو چودہ جنوری کو پھانسی دینے کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

    لاہور کی انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں فیصل آباد جیل سپرنٹنڈنٹ نے دو قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ کی درخواست دائر کی تھی، قیدی فیض اور شریف نے ننکانہ صاحب میں حساس ادارے کے اہلکار طارق کو شہید کیا تھا اور اس جرم میں عدالت نے انہیں سزائے موت سنائی تھی اور ان دنوں دونوں قیدی فیصل آباد جیل میں قید ہیں۔

    انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں 14 جنوری کو پھانسی کیلئے تاریخ مقرر کی ہے۔

    واضح رہے کہ سانحۂ پشاور کے بعد وزیرِاعظم نواز شریف نے پھانسی کی سزا پر پابندی ختم کردی تھی، جس کے بعد سے اب تک چھ مجرموں کو پھانسی دی جاچکی ہے، جن میں مشرف حملہ کیس اور جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے دہشتگرد شامل تھے۔

  • انسدادِ دہشتگردی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    انسدادِ دہشتگردی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: دہشت گردی سے کیسے نمٹیں، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی شریک ہوں گے، وزیرِ اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کی قیادت وہ خود کریں گے۔

    دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت نےاسلام آباد میں سرجوڑ لیے ہیں، گزشتہ روز وزیرِاعظم نواز شریف کی زیرِصدارت اجلاس میں اجلاس میں وفاقی وزراء، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی ،ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی ایم او نے شرکت کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منظور شدہ قومی ایکشن پلان پر موثر اور فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے کے متعدد مختصر اور وسط مدتی اقدامات پر غور کیا گیا اور انٹیلی جنس کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والوں، ان کوپناہ دینے اور مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی پراتفاق کیا گیا۔

    وزیرِاعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے نظریات کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی، دہشت گردی کیخلاف فوج اور قوم کی قربانیاں لازوال ہیں۔

    وزیرِاعظم نے انسدادِ دہشت گردی کیلئے قانونی امور کاجائزہ لینے کیلئے قانونی ماہرین سے بھی مشاورت کی، دہشت گردی کے خلاف متفقہ حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے وزیرِاعظم نے پارلیمانی جماعتوں کی اے پی سی بھی طلب کرلی ہے۔

    جس میں وزیرِاعظم نے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو شرکت کی دعوت بھی دی ہے، اجلاس میں پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

  • وفاقی حکومت میں انسدادِ دہشتگردی کی دوسری عدالت قائم

    وفاقی حکومت میں انسدادِ دہشتگردی کی دوسری عدالت قائم

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں انسدادِ دہشت گردی کی دوسری عدالت قائم کردی ہے۔

    وزارتِ داخلہ نے وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئے ایک نئی عدالت کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

    انسدادِ دہشتگردی عدالت نمبر کیلئے سہیل اکرم کو جج مقرر کیا گیا ہے، نئی عدالت کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے۔