Tag: انسدادِ دہشت گردی عدالت

  • انسدادِ دہشت گردی عدالت کا  حلیم عادل شیخ  کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

    انسدادِ دہشت گردی عدالت کا حلیم عادل شیخ کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

    کراچی : انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے حلیم عادل شیخ کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کو حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ اور شریک ملزمان کو ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت میں وکلا نے حلیم عادل کے کمرے سے سانپ نکلنے کےواقعے سے عدالت کو آگاہ کیا۔

    عدالت نے استفسار کیا سانپ کیا کررہا تھا وہاں ؟ حلیم عادل شیخ نے کہا میرے کمرے میں منصوبہ کے تحت سانپ چھوڑا گیا ، جس پر جج نے سوال کیا سانپ کے منہ میں دانت دیکھے تھے آپ نے ؟

    تفتیشی افسر نے حلیم عادل شیخ کا 3 مارچ تک ریمانڈ مانگا ، جس پر وکیل حلیم عادل شیخ نے کہا سیاسی انتقام کا کیس ہےدہشتگردی کا نہیں ،حلیم عادل پر حملہ ہوا گاڑی پرفائرنگ ہوئی ، سیون اے ٹی اے لگانا بدنیتی پر مبنی ہے۔

    حلیم عادل نے کہا مجھے قتل کرنے کی سازش ہورہی ہے ، جس پر جج نے کہا آپ سیاسی باتیں باہر جاکر کریں یہاں نہیں ، آپ کو جیل بھیج رہے ہیں وہاں آپ محفوظ رہیں گے۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کو حکم دیا۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر 22 فروری کو دلائل طلب کرلئے۔

    یاد رہے حلیم حادل شیخ کو ملیر پی ایس88 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن کے احکامات نہ ماننے پر گرفتار کیا گیا تھا ، پولنگ کے دوران پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ مسلح محافظوں کے ساتھ حلقے میں گشت کررہے تھے۔

    بعد ازاں حلیم عادل شیخ کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا اور عدالت نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا2روزہ جسمانی ریمانڈمنظور کرتے ہوئے جمعےکوپیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • کراچی: نائن زیرو سے گرفتار5ملزمان 14روزہ ریمانڈ پر پولیس کےحوالے

    کراچی: نائن زیرو سے گرفتار5ملزمان 14روزہ ریمانڈ پر پولیس کےحوالے

    کراچی :انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے پانچ کارکنوں کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

    نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے پانچ کارکنوں کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے عدالت سے ریمانڈ کی استدعا کی ،جوعدالت نے منظور کرلی۔

    نائن زیرو سے گرفتار متحدہ قومی موومنٹ کے پانچ  کارکنوں کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    گلبرگ اور فیڈرل بی ایریا کی پولیس رینجرز کی سیکیورٹی میں ملزمان کو ہاتھوں میں ہتھکڑی اور چہروں پر چادر ڈال کر عدالت لائی، ملزمان میں شکیل بنارسی محمد جاوید اور محمد عابد سمیت دیگر شامل تھے۔

    ملزمان پر شہر کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات درج ہیں۔

    گزشتہ روز بھی نائن زیروسے گرفتارعبید کے ٹو سمیت ایم کیو ایم کے آٹھ ملزمان کے ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کردی تھی۔

  • نائن زیرو سے گرفتار ملزمان کی شکایتوں پر عدالت کے ریمارکس

    نائن زیرو سے گرفتار ملزمان کی شکایتوں پر عدالت کے ریمارکس

    کراچی : انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار کئے گئے بتیس ملزمان کو نوے روز کے لئے رینجرز کے حوالے کردیاجبکہ دیگر چھبیس ملزمان کوچودہ روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

    نائن زیرو سے گرفتار ملزمان کو انسدادِ دہشتگردی کے عدالت میں پیش کیا گیا تو ایک ملزم نے عدالت کو بتایا کہ تشدد سےان کے گردوں میں تکلیف ہوگئی جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ وہ بارہ گلاس پانی پیئیں۔

    انسداددہشت گردی کی عدالت کے جج نے اپنے ریمارکس میں ملزم عبیدعرف کےٹو کو نصیحت کی کہ روزانہ بارہ گلاس پانی پیئیں، جب اس نے عدالت کو بتایا کہ اسےگرفتاری کے وقت لاتیں ماری گئیں۔

    رینجرزنے گرفتار ملزم محمدزبیر کو جب پیش کیا تو انہوں عدالت کو بتایا کہ وہ مالی ہیں، جس پر جج نے کہا کہ ذرابتاؤ فیومیگیشن کیسے ہوتی، جس پر مالی نے بتایا کہ وہ تو صرف پودوں کو پانی دیتا ہے، اس جواب پر جج نے ریمارکس دیئے کہ پتہ چل گیا کہ آپ مالی ہے۔

    ایم کیو ایم کے وکیل نےعدالت کو بتایا کہ ہینڈ گرنیڈ اور اوان بم صرف فوج کے استعمال میں ہیں سب کچھ پری پلان ہے ہمیں تو بس محب وطن ہونے کی سزا دی جارہی ہے، جس پر معزز جج صاحب نے اپنے ریمارکس میں استفسار کیا کہ آپ کیا سمجھتے ہیں بم صرف واہ کینٹ سے ملتے ہیں؟

    انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں ایم کیو ایم اور سرکاری وکلاء کے درمیان نوک جھوک بھی ہوئی، ایم کیوایم کے وکیل محمد دجیوانی کا کہنا تھا کہ  نائن زیرو سے برآمد ہونے والے ہتھیار لائسنس یافتہ تھے، جبکہ جو اسلحہ دکھایا گیا وہ حساس اداروں سے چوری ہونے والا اسلحہ تھا اور اس کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں۔نیٹو کا اسلحہ نظر نہیں آرہا۔

    جس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ جیسا اسلحہ پیش کیا جارہا ہے لگ رہا ہے جنرل دیگال کی حکومت آگئی تمام ملزمان سے بر آمد اسلحہ موجود ہے دکھا دیتے ہیں۔

  • اتنی گاڑیاں نہیں توڑیں جتنا پولیس نے بیان کی،گلو بٹ

    اتنی گاڑیاں نہیں توڑیں جتنا پولیس نے بیان کی،گلو بٹ

    لاہور: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے گلو بٹ کے خلاف کیس کی سماعت 28نومبر تک ملتوی کردی، گلو بٹ نے پہلے کہا کہ گاڑیاں نہیں توڑیں پھر کہا کہ  اتنی نہیں توڑیں جتنا پولیس نے بیان کیا۔

    سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردارگلو بٹ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں انکے خلاف تفتیشی افسر نے اپنی شہادت ریکارڈ کروائی، عدالت میں گلو بٹ کی توڑ پھوڑ کے حوالے سے ویڈیو ریکارڈ پیش کیا گیا، جس پر عدالت نے سرکاری کیمرہ مین کو 28 اکتوبر کو طلب کرلیا ہے۔

    کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلو بٹ کا کہنا تھا کہ میڈیا کی مہربانی سے ایک بدمعاش جیسا تاثر بن چکا ہے، میں ایک شریف آدمی ہوں اور خدمت خلق میں یقین رکھتا ہوں۔

    گلو بٹ کا کہنا تھا کہ شکر ہے یہ نہیں کہہ دیا گیا کہ مولانا فضل الرحمن پر حملے میں بھی گلو بٹ ملوث ہے، گلو بٹ نے کہا کہ لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں اب تک ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے میرے ساتھ تصویریں بنائیں ہیں۔