Tag: انسداد منشیات

  • پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    اسلام آباد: ملک سے منشیات کے خاتمے کے لیے وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان اتفاق، پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم خان وزارت انسداد منشیات پہنچے جہاں وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان منشیات کے خلاف مشترکہ شعوری و آگاہی مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا، منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کیا جائے گا۔

    وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کرکٹ کی بحالی کے لیے وسیم خان کی جانب سے شروع کی گئی اسٹرکچرل ریفارمز اور جدید ماڈل پر لیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کرکٹ کی بحالی میں دور رس نتائج کا پیش خیمہ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے تدبر اور ان کی سوچ کے مطابق کرکٹ کو نئے عالمی اسٹرکچر پر مرتب کرنے پر وسیم خان سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    شہریار آفریدی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر احسان مانی اور وسیم خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب پاکستانی کرکٹ کو نئی زندگی ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کر کے منشیات کی طلب میں کمی کرنا اہم مشن ہے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے ساتھ مل کر قوم کے بچوں اور جوانوں کو منشیات کے استعمال کے برے اثرات سے آگاہ کریں گے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزارت انسداد منشیات کے ساتھ مل کر کام کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے فرائض کی ادائیگی میں پاکستان کرکٹ بورڈ، وزارت انسداد منشیات کے شانہ بشانہ کام کرے گا۔

  • ویڈیو پیش ہونے تک فرد جرم قبول نہیں کروں گا: رانا ثنا

    ویڈیو پیش ہونے تک فرد جرم قبول نہیں کروں گا: رانا ثنا

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وہ فرد جرم اس وقت تک قبول نہیں کریں گے جب تک کیس کے سلسلے میں ویڈیو پیش نہیں کی جاتی۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور کی انسداد منشیات کی عدالت میں رانا ثنا اللہ کو پیش کیا گیا، اس دوران کمرہ عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، عدالت نے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی۔

    عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی رانا ثنا نے کہا کہ فرد جرم کو اس وقت تک قبول نہیں کروں گا جب تک یہ ویڈیو پیش نہ کریں، شہریار آفریدی نے خود فلور پر کہا تھا کہ ویڈیو موجود ہے، تو اب پیش کریں ویڈیو۔

    پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بھی میڈیا پر پابندی نہیں، یہاں 500 پولیس اہل کار کھڑے کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ کیس کا اوپن ٹرائل ہونا چاہیے، کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جاتی، ہم احتجاج کریں گے، ہم نے جج صاحب کے سامنے یہ بات رکھی کہ یہ اوپن کورٹ ہے، ہائی کورٹ نے ضمانت پر یہ لکھ دیا تھا کہ یہ انتقامی کارروائی ہے، میڈیا کو عدالت کی ہر چیز رپورٹ کرنے کا اختیار ہے۔

    سابق صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ اتنی زیادہ سیکورٹی کا کوئی جواز نہیں بنتا، حکومت وہ ویڈیو فراہم کرے جس کا دعویٰ کیا گیا تھا، کہتے ہیں ویڈیو وزیر اعظم کو بھی فراہم کی گئی تھی، تو جب تک ویڈیو فراہم نہیں کی جاتی کیس آگے چلنے نہیں دیں گے۔

  • پاکستان کے اداروں نے انسداد منشیات میں اہم کردار ادا کیا: ملیحہ لودھی

    پاکستان کے اداروں نے انسداد منشیات میں اہم کردار ادا کیا: ملیحہ لودھی

    واشنگٹن: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اداروں نے انسداد منشیات میں اہم کردار ادا کیا۔ منشیات، اغوا اور اسمگلنگ دہشت گردوں کی معاونت کا اہم ذریعہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سلامتی کونسل میں منظم جرائم اور دہشت گردی میں ان کے کردار پر مباحثہ ہوا۔ مباحثے میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ منظم جرائم اور دہشت گردی کا اشتراک روکنے پر عالمی کوشش ضروری ہے۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اداروں نے انسداد منشیات میں اہم کردار ادا کیا۔ منشیات، اغوا اور اسمگلنگ دہشت گردوں کی معاونت کا اہم ذریعہ ہیں۔ عالمی برادری کو خطرات سے نمٹنے کے لیے منظم منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ معلومات اور تکنیکی صلاحیتوں کے تبادلے سے منظم جرائم کو روکا جا سکتا ہے۔

    اس سے قبل ملیحہ لودھی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کی دوسری رپورٹ اہم پیش رفت ہے جو پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرتی ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی انکوائری ہونی چاہیئے اور اسے روکنے کے لیے اس کا حل تلاش کیا جانا چاہیئے۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ عالمی مسائل کا حل نہ ہونا قوانین کا فقدان نہیں ان پر عملدر آمد نہ ہونا ہے، تنازعات کو بڑھنے سے پہلے ہی سفارت کاری اور ثالثی سے حل کر لینا چاہیئے۔

  • کراچی: آئس فروخت میں ملوث اینٹی نارکوٹکس فورس کا سابق سب انسپکٹر گرفتار

    کراچی: آئس فروخت میں ملوث اینٹی نارکوٹکس فورس کا سابق سب انسپکٹر گرفتار

    کراچی: ایکسائز اینڈ نارکوٹکس پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہرِ قائد کے تعلیمی اداروں میں آئس نشہ فروخت کرنے میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی او ایکسائز نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں آئس ہیروئن فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، دو ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    [bs-quote quote=”ملزمان 2 یونیورسٹیوں سمیت دیگر اداروں کے طلبہ کو منشیات فراہم کرتے تھے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ڈی آئی او ایکسائز کے مطابق ادارے کو خفیہ اطلاع ملی کہ کوچنگ سینٹرز کے باہر آئس فروخت کی جا رہی ہے، اطلاع پر مائی کلاچی روڈ پر کارروائی کی گئی جس میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    ڈی آئی او ایکسائز نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں صابر سلطان اور ظاہر اللہ شامل ہیں، گرفتار ملزم صابر سلطان اینٹی نارکوٹکس فورس کا سابق سب انسپکٹر ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ملزم صابر سلطان خود بھی نشے کا عادی ہے، ملزمان 2 یونیورسٹیوں سمیت دیگر اداروں کے طلبہ کو منشیات فراہم کرتے تھے۔

    ڈی آئی او ایکسائز کے مطابق ملزمان سے برآمد آئس کی مالیت 15 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد کے بعد کراچی میں بھی لڑکیوں کے آئس نشے کی لت میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    خیال رہے کہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ذمہ دار کون کی ٹیم کی ایک اسٹنگ آپریشن کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ کراچی کے تعلیمی اداروں کے طلبہ میں آئس نشے کے استعمال میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔

    یہ بھی انکشاف ہوا تھا کہ تعلیمی اداروں میں لڑکوں کی نسبت لڑکیوں میں آئس نشہ مقبول ہے۔

  • ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث7 ملزمان کو گرفتار کرلیا

    ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث7 ملزمان کو گرفتار کرلیا

    کراچی: ایف آئی اےنے انسانی اسمگلنگ میں ملوث سات ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کہتے ہیں کہ ڈیپارٹمنٹ سے کالی بھیڑوں کا صفایا ضروری ہے۔

    شہر قائد میں ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر اشفاق عالم نے کراچی میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ نے گزشتہ 10 روز میں سات ملزمان کو گرفتار کیا جن میں مفرورایجنٹس،غیرملکی اور انسانی اسمگلر شامل ہیں۔

     ان میں سے ایک ملزم نے ایف آئی اے کے افسر کو 5 لاکھ روپے رشوت دینے کی کوشش بھی کی انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں غیرقانونی طور پر جنوبی کوریا بھیجنے والے ایک ایجنٹ بھی شامل ہے جس کے قبضے سےاٹھارہ پاسپورٹ بھی برآمدہوئے اس ملزم کو پاسپورٹ آفس کے باہر چھاپہ مارکر گرفتار کیا گیا جو غیر قانونی طور پر بنگالیوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنواتا تھا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر اشفاق عالم کے مطابق ایجنٹ کے قبضے سے درجنوں شناختی کارڈ، پاسپورٹ بنوانے کی رسیدیں اور دیگر اشیا برآمد ہوئیں، ملزم بھاری رقم لے بنگالیوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنواتے تھے، اس سے نادار اور پاسپورٹ کا عملہ بھی ملا ہواہے۔