Tag: انسداد پولیو مہم

  • کراچی میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ،  وزیراعلیٰ سندھ کی والدین سے اپیل

    کراچی میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ، وزیراعلیٰ سندھ کی والدین سے اپیل

    کراچی : انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا  ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے والدین سے اپیل کی بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔

    تقریب میں وزیرصحت ڈاکٹرعذرافضل پیچوہو،چیف سیکریٹری،آئی جی اوردیگرشریک ہوئے۔

    وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ پرعزم ہے، 10.6 ملین بچوں کوپولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ کراچی میں 2.76 ملین بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی اسکول ، شاپنگ مال اورٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی ویکسین فراہمی یقینی بنائی جائے، پولیو ورکرز کی حفاظت کیلئے 25 ہزار 360 پولیس اہلکار تعینات کیے ہیں۔

    مراد علی شاہ نے والدین کو پیغام دیا کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، پولیو کا کوئی علاج نہیں، صرف ویکسین ہی معذوری سے بچا سکتی ہے، یہی ویکسین دنیا سے پولیو کے خاتمے کا سبب بنی۔

    انھوں نے کہا حج و عمرہ پر جانے والے افراد کو بھی یہی پولیو ویکسین دی جاتی ہے، بار بار پولیو ویکسین پلانے سے نقصان نہیں بلکہ بچے کو مزید تحفظ ملتا ہے۔

  • قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز، ملک سے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں، وزیراعظم

    قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز، ملک سے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے پولیوکے خاتمے کے لیے پر عزم ہے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے والدین تعاون کریں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں سال کی دوسری ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ اسلام آبادمیں قومی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بچوں کو قطرے پلا کر سات روزہ مہم کا آغاز کیا۔

    یہ سات روزہ انسداد پولیو مہم 27 اپریل تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بچوں کے محفوظ مستقبل کیلیے پولیو کا خاتمہ ضروری ہے اور حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمہ کیلیے پر عزم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مربوط حکمت عملی اور مشترکہ کوششوں سے ملک سے پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔ انسداد پولیو مہم کامیاب بنانے کیلیے والدین بھی تعاون کریں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ عالمی شراکت داروں کے تعاون کے بغیر پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں۔ معاشرے کے تمام طبقات پولیو کے موذی وائرس کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کےخصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/mustafa-kamal-on-polio/

  • پاکستان اور افغانستان کا بیک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

    پاکستان اور افغانستان کا بیک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان اور افغانستان کا بیک وقت انسداد پولیو مہم 21 اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے بیک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان افغانستان میں بیک وقت پولیومہم رواں ماہ منعقد ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پولیو مہم کے حوالے سے پاک افغان کوآرڈی نیشن تاحال جاری ہے ، پولیو مہم کا شیڈول پاک افغان حکام کی مشاورت سے تیار ہوا، پاک افغان مشترکہ پولیو مہم کا آغاز 21 اپریل سے ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں159 ، افغانستان کے382  اضلاع میں پولیومہم چلائی جائے گی اور پاکستان میں ساڑھے 4کروڑ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    افغانستان میں ایک کروڑ16 لاکھ سےزائدبچوں کی ویکسی نیشن ہوگی، انسداد پولیو مہم کے حوالے سے پاک افغان کوآرڈی نیشن مکمل کرلی گئی ہے۔

    پولیو مہم میں پاک افغان سرحد سےمتعلق خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے ، پاک افغان سرحد پرفکسڈ، موبائل پولیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، پاک افغان کراسنگ پوائنٹس پر تمام بچوں کی ویکسی نیشن ہو گی۔

    رواں سال اب تک پاکستان میں6،افغانستان میں ایک پولیوکیس رپورٹ ہوچکا ہے ، پاکستان افغانستان ماضی میں بیک وقت پولیو مہم چلاتے رہے ہیں،ماضی میں پاک افغان روابط اور تعاون سےپولیومیں نمایاں کمی آئی تھی۔

    یاد رہے پاکستان اور افغانستان پر پولیو کے باعث مشروط عالمی سفری پابندیاں عائد ہیں ، ڈبلیو ایچ او نے پاکستان، اور افغانستان کو پولیو سےمتعلق ایک بلاک قراردیا ہے۔

  • بلوچستان کے علاوہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    بلوچستان کے علاوہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    کراچی / اسلام آباد / لاہور : بلوچستان کے علاوہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ، مہم میں 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں انسداد پولیومہم کا آغاز ہوگیا، مہم کے دوران 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    آج سے 22 دسمبر تک ملک کے 143 مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔

    وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کے مطابق مہم کے دوران 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، ہمارا عزم ہے کہ 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنائی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا ، وزیراعلیٰ نے اسکول کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔

    انسدادپولیو مہم 16 تا 22 دسمبر تک جاری رہے گی، ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی صورتحال کی سنگینی ظاہر کرتی ہے، سال کی آخری پولیو مہم ہے، کوئی بچہ رہ نہ جائے۔

    5سال تک کی عمرکےایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے ، 80 ہزار فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے ، اس موقع پر سندھ میں پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے 15ہزار اہلکار تعینات ہیں۔

    پنجاب میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوچکا ہے۔ پولیو مہم 22 دسمبر جاری رہے گی، جس میں تین کروڑ تیئس لاکھ بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے، وزیر صحت پنجاب سلمان رفیق نے پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

    پشاور میں چیف سیکریٹری کےپی ندیم اسلم نے انسدادپولیو مہم کا افتتاح کیا ، پشاور میں انسدادپولیو مہم 7 روز تک جاری رہے گی ، اس دوران 8 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائےجائیں گے۔

    ندیم اسلم چوہدری کا کہنا تھا کہ کے پی میں ابتک 18 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئےہیں، پولیو کے زیادہ تر کیسز ڈی آئی خان سے رپورٹ ہوئے، سب سے درخواست ہے مہم میں حکومت کا ساتھ دیں ، انکاری والدین کاڈیٹا مرتب کیا ہے، کارروائی بھی کی جائے گی۔

    پشاور اورمضافات میں انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، انسداد پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی پر 4431 جوان تعینات ہیں جبکہ سٹی پٹرول اور ابابیل اسکواڈ بھی گشت پر مامور ہیں۔

    بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث انسداد پولیومہم کل سےشروع ہو گی۔

  • سندھ بھر میں  7 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    سندھ بھر میں 7 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 7 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا، پولیو مہم 3 نومبر تک جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ، 7 روزہ انسداد پولیو مہم 3 نومبر تک جاری رہے گی، اس دوران سندھ بھر میں ایک کروڑ چھ لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران 81 ہزار پولیو ورکرز حصہ لیں گے ، پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر 19 ہزار سکیورٹی اہلکار نافذ ہوں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 7 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا، تقریب ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول ، گارڈن ویسٹ، کراچی میں رکھی گئی ہے۔

    تقریب میں صوبائی وزراء، جام اکرام اللہ دھاریجو، جام خان شورو، سردار شاہ، ذوالفقار شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ اور انچارج ای سی او سندھ کوآرڈینیٹر ارشاد سوڈھر ، شہزاد رائے بھی پروگرام میں شریک تھے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے 30 اضلاع میں انسداد پولیو مہم 28 اکتوبر تا 3 نومبر 2024ء تک جاری رہے گی، ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پانچ ماہ تا چھ سال کے 95 لاکھ بچوں کی قوت مدافعت بڑھانے کے لیئے وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی، وزیراعلیٰ سندھ

    خیال رہے رواں سال ملک بھر میں 41 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جن میں سے 12 کا تعلق سندھ سے ہے جبکہ کراچی کے تمام اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس مثبت آیا ہے۔

  • ملک بھر میں 7 روزہ  انسداد پولیو مہم کا آغاز

    ملک بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

    اسلام آباد : ملک بھرمیں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا،115 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ملک میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا، آج سے سات روزہ پولیو مہم چلائی جائے گی، جس میں 115 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ قابل ٹیم کی نگرانی میں مہم شروع ہورہی ہے، مجھے امید ہے پولیو کا پاکستان سے خاتمہ ہوجائے گا، وفاق اور صوبائی حکومتیں ملکر اس مہم کو مؤثر بنائیں گی،یقین ہے اجتماعی کوششوں سے وطن کو پولیو سے پاک کریں گے۔

    پنجاب میں کے مختلف شہروں پر ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس پائے جانے پر پندرہ اضلاع میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، سربراہ پنجاب پولیو پروگرام خضر افضال کا کہنا ہےکہ مہم کے دوران ترجیحی آبادیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

    مہم میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد،چکوال، اٹک، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور راجن پور شامل ہیں۔

    انسداد پولیو ٹیمیں گھر گھر قطرے پلانے میں مصروف ہیں ، سربراہ پنجاب پولیو پروگرام خضر افضال کا کہنا ہے کہ مہم میں ایک کروڑ 39 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، عوام پولیو ٹیموں سے تعاون کریں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہم کے آغاز پر پیغام میں کہا کہ پنجاب میں پولیوکے10فیصدخاتمےکاہد ف پوراکریں گے، والدین بچوں کو پولیو کے خاتمے کیلئےقطرے ضرور پلائیں۔

  • ’آؤٹ بریک رسپانس‘ کے نام سے حکومت کا ایک اور خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

    ’آؤٹ بریک رسپانس‘ کے نام سے حکومت کا ایک اور خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے ’آؤٹ بریک رسپانس‘ کے نام سے ایک اور خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں سیوریج لائنوں میں پولیو وائرس کے تیزی سے جاری پھیلاؤ کے پیش نظر حکومت نے خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، جو ’آؤٹ بریک رسپانس‘ کے نام سے چلائی جائے گی، صوبوں کی مشاورت سے خصوصی انسداد پولیو مہم کا شیڈول بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق خصوصی انسداد پولیو مہم یکم تا 7 جولائی چلائی جائے گی، جس میں 95 لاکھ سے زائد بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہوگی۔

    اسلام آباد اور چار صوبوں کے 41 مخصوص اضلاع میں یہ پولیو مہم چلے گی، جس میں پولیو پازیٹو سیوریج والے 31 اضلاع شامل ہیں، جب کہ گزشتہ ذیلی پولیو مہم کے بقیہ دس اضلاع کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔ ان میں بلوچستان کے 16، کے پی کے 11، سندھ کے 8، پنجاب کے پانچ اضلاع شامل ہیں۔

    پولیو پازیٹوسیوریج والے اضلاع میں 89 لاکھ بچوں کی، گزشتہ ذیلی مہم کے بقیہ اضلاع میں ساڑھے 5 لاکھ بچوں کی، بلوچستان میں 9 لاکھ بچوں کی، کے پی میں 13 لاکھ بچوں کی، سندھ میں 27 لاکھ بچوں کی، پنجاب میں ساڑھے44 لاکھ بچوں کی، اسلام آباد میں 1 لاکھ 33020 بچوں کی پولیو ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    بلوچستان میں ذیلی پولیو مہم میں رہ جانے والے ایک، اور پولیو پازیٹو سیوریج والے 15 اضلاع، کے پی کے پولیو پازیٹیو سیوریج والے 2 اور ذیلی پولیو مہم میں رہ جانے والے 9 اضلاع، سندھ کے پولیو پازیٹو سیوریج والے 8، پنجاب کے پولیو پازیٹو سیوریج والے 5 اضلاع میں مہم چلائی جائے گی۔

    بلوچستان میں قلعہ عبداللہ، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، دکی، اوستہ محمد، مستونگ، سبی، نصیر آباد، لسبیلہ، بارکھان، قلات، موسیٰ خیل، زیارت، ژوب، چمن، شیرانی میں خصوصی پولیو مہم منعقد ہوگی۔ کے پی میں پشاور، سوات، صوابی، بنوں، کرم، جنوبی وزیرستان لوئر،اپر، شمالی وزیرستان، ڈی آئی خان، لکی مروت، ٹانک میں خصوصی پولیو مہم چلے گی۔ پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، بہاولپور، لودھراں، مظفر گڑھ میں، سندھ میں سکھر، قمبر، شکارپور، میرپور خاص، بدین، حیدر آباد، جیکب آباد، جامشورو میں خصوصی انسداد پولیو مہم چلے گی۔

    رواں برس چاروں صوبوں سے 203 سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے ہیں، اور ملک بھر کے 47 اضلاع کی سیوریج پولیو زدہ نکلی، جب کہ رواں برس ملک میں پولیو وائرس کے 8 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • پولیو ویکسین پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو سزا دینے کا اعلان

    پولیو ویکسین پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو سزا دینے کا اعلان

    کراچی : پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے سے انکارکرنے والے والدین کو جرمانے اور سزا دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے انسداد پولیو مہم تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا، بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین نہ پلانے والے والدین کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔

    سندھ امیونائزیشن اینڈایپیڈیمکس کنٹرول بل 2023 کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات تفویض کر دیے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق قریشی نے جرمانے اور سزاؤں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں کہا کہ
    ویکسین سے انکاری والدین کو ایک ماہ قید اور 50 ہزار جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    نوٹیفکیشن میں کہنا تھا پولیس اور پولیوورکرزٹیموں کی نشاندہی پر ویکسین نہ پلانے والے والدین کیخلاف کارروائی ہوگی ، سندھ پولیس کو محکمہ صحت اورپولیوورکرزکے ساتھ بھرپورتعاون کرنےکی ہدایت کردی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اپیل کی کہ والدین انسدادپولیوٹیموں سےاپنےبچوں کوویکسین پلوائیں، والدین پولیووائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔

  • رواں سال کی آخری قومی انسداد پولیو مہم کے شیڈول میں تبدیلی

    رواں سال کی آخری قومی انسداد پولیو مہم کے شیڈول میں تبدیلی

    اسلام آباد : قومی پولیو مہم 20 نومبر کے بجائے 13 نومبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، مہم 2 کے بجائے 3 مراحل میں مکمل ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال کی آخری قومی انسداد پولیو مہم کے شیڈول میں ردوبدل کردیا گیا اور قومی پولیو مہم 20 نومبر کے بجائے 13 نومبر سے شروع کرنےکافیصلہ کیا ہے۔

    وزارت قومی صحت کے ذرائع کا کہنا ہے قومی انسداد پولیو مہم 2 کے بجائے 3 مراحل میں مکمل ہو گی، قومی انسداد پولیو مہم کا پہلا فیزتیرہ تا سترہ نومبر شمالی وزیرستان میں چلے گا، دوسرا فیز 20 تا 24 نومبر جنوبی خیبر پختونخوا کے چھ اضلاع میں جبکہ تیسرا فیز 27 نومبر تا 3 دسمبر ملک بھر میں منعقد ہو گا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم کا پہلا اور دوسرا فیز پانچ روز میں مکمل ہو گا جبکہ تیسرا مرحلہ سات روز میں مکمل ہو گا۔پہلے، دوسرے فیز میں تین روزہ پولیو مہم دو کیچ اپ ڈیز ہوں گے جبکہ تیسرے فیز میں پانچ روزہ پولیو مہم، دو کیچ اپ ڈیز ہونگے۔

    کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسینیشن کی جائے گی، قومی انسداد پولیو مہم میں 4 کروڑ 43 لاکھ 55341 بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہو گی، پنجاب کے 36، کے پی 36، بلوچستان 36 اضلاع میں پولیو مہم منعقد ہو گی۔

    اس کے علاوہ سندھ کے 30 اضلاع، اسلام آباد میں قومی انسداد پولیو مہم چلے گی جبکہ آزادکشمیر کے 10 ،گلگت بلتستان 10 اضلاع میں قومی پولیو مہم ہو گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 2 کروڑ 2565065 بچوں ، سندھ میں 1 کروڑ 29 لاکھ 5665 بچوں،،بلوچستان میں 25 لاکھ 97735 بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہو گی۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 421455 بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے جبکہ آزادکشمیر میں سات لاکھ 20172 بچوں ، گلگت بلتستان میں 278793 بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔

  • 2023 کی آخری قومی انسداد پولیو مہم رواں ماہ سے چلانے کا فیصلہ

    2023 کی آخری قومی انسداد پولیو مہم رواں ماہ سے چلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: 2023 کی آخری قومی انسداد پولیو مہم رواں ماہ سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک کے پازیٹو سیوریج سیمپلز والے 31 اضلاع میں خصوصی پولیو مہم جاری ہے، جب کہ رواں سال کی آخری قومی انسداد پولیو مہم 2 مراحل میں چلائی جائے گی۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم کا پہلا فیز 5 روزہ، دوسرا 7 روز کا ہوگا، پہلے فیز میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم 2 کیچ اپ ڈیز ہوں گے، دوسرا فیز 5 روزہ انسداد پولیو مہم، 2 کیچ اپ ڈیز ہوں گے، کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    قومی پولیو مہم کا پہلا فیز 20 تا 24 نومبر جنوبی کے پی میں چلے گا، دوسرا فیز 27 نومبر تا 3 دسمبر چلے گا، دوسرے فیز میں پولیو مہم جنوبی کے پی کے علاوہ ملک بھر میں چلے گی، مہم میں 4 کروڑ 43 لاکھ 55341 بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔

    پنجاب کے 36، کے پی 36، بلوچستان 36 اضلاع میں پولیو مہم منعقد ہوگی، سندھ کے 30 اضلاع، اسلام آباد، آزاد کشمیر کے 10، گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں قومی پولیو مہم چلائی جائے گی، پنجاب میں 2 کروڑ 2565065 بچوں، سندھ میں 1 کروڑ 29 لاکھ 5665 بچوں، بلوچستان میں 25 لاکھ 97735 بچوں، وفاقی دارالحکومت میں 421455 بچوں، آزاد کشمیر میں 7 لاکھ 20172 بچوں، گلگت بلتستان میں 278793 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق قومی پولیو مہم میں 3 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز تعینات ہوں گے۔