Tag: انسداد پولیو ٹیم

  • نوشکی : انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ، ایک پولیس اہلکار شہید

    نوشکی : انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ، ایک پولیس اہلکار شہید

    نوشکی : بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا، حکام نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکار انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور تھا۔

    اس حوالے سے ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوا، شہید اہلکار وحید کا تعلق جمال آباد نوشکی سے تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ انسدادپولیو مہم قومی فریضہ ہے اس پرحملہ ناقابل برداشت ہے، جام شہادت نوش کرنیوالےاہلکارکوخراجِ عقیدت پیش کرتےہیں، یہ حملہ قومی انسدادپولیومہم کوسبوتاژ اور خوف و ہراس پھیلانے کی سازش ہے۔

    شاہدرند کا کہنا تھا کہ تخریب کاروں کیخلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے گی اور حکومت انسدادپولیوٹیموں ،سیکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کو مزید مؤثر بنائے گی۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے انسداد پولیو مہم ٹیم پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے پولیس اہلکار عبد الوحید کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔

    وزیر اعظم نے شہید اہلکار کے اہلخانہ سے ہمدردی،اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر و استقامت کی دعا کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانےوالی انسدادپولیوٹیم پرحملہ ناقابل برداشت ہے، انسداد پولیو مہم پر حملہ کرنیوالے شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی نوشکی میں فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار عبدالوحیدکو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے ہمدردی واظہار تعزیت کیا۔

    انھوں نے کہا کہ پولیس اہلکار عبدالوحید نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، بچوں کےمستقبل کومحفوظ بنانے کیلئےمامور ٹیم پرحملہ ناقابل برداشت ہے، بچوں کے صحت مند مستقبل پر حملہ کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

  • جنوبی وزیرستان: دہشت گردوں کا انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر معمور اہلکاروں پر حملہ،  کانسٹیبل شہید

    جنوبی وزیرستان: دہشت گردوں کا انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر معمور اہلکاروں پر حملہ، کانسٹیبل شہید

    ورسک : جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں دہشت گردوں کے انسداد پولیو ٹیم کی ڈیوٹی پر معمور پولیس پارٹی پر حملہ کردیا ، جس میں ایک دہشت گردہلاک اور ایک کانسٹیبل شہیدہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل پولیس آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان لوئر میں پولیس اسٹیشن اعظم ورسک کے علاقے کلوشہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر بھاری ہتھیاروں سے اس وقت حملہ کیا جب پولیس ٹیمیں علاقے میں انسداد پولیو ٹیموں کی سیکورٹی پر تعینات تھی۔

    پولیس اور دہشت گردوں کے مابین 30منٹ تک جاری رہنے والے فائرںگ کے تبادلے میں ایک دہشت گر ہلاک جبکہ باقی فرار ہوگئے۔

    پولیس نے کہا دہشت گردوں کے قبضے سے ایس ایم جی راکٹ لانچر اور دو موٹر سائیکل برامد ہوئی جبکہ ہلاک دہشتگرد کی شناخت افنان کے نام سے ہوئی، جس سے دو شناختی کارڈز تین اے ٹی ایم کارڈز اور موبائل فون برآمد ہوا۔

    حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے بر آمد ہونے والے کارڈز شپید کانسٹیبل عمران کے تھے، جو عید سے قبل شہید ہوئے تھے، شہید عمران کانسٹیبل کا مقدمہ جنوبی وزیرستان تھانہ سی ٹی ڈی میں درج ہے۔

    وزیراعظم کی جنوبی وزیرستان میں انسدادپولیو مہم پولیس سیکیورٹی ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں پولیس کانسٹیبل کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم کے تحفظ پر مامور اہلکاروں پرحملہ کرنے والے انسانیت اور قوم کے دشمن ہیں، انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پولیو کے خلاف مہم جاری رکھی جائے گی، عوام سے اپیل ہے ایسے عناصر کے دباؤ میں نہ آئیں۔

  • اپر اورکزئی میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا  حملہ ،  دو پولیس اہلکار شہید

    اپر اورکزئی میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ ، دو پولیس اہلکار شہید

    اورکزئی : خیبر پختونخوا کے ضلع اپر اورکزئی میں انسدادپولیو ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع اپر اورکزئی کے علاقہ ڈبوری بادان کلے میں انسداد پولیو مہم کے دوران دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹئیر کور کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔

    سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

    دوسری جانب کوہاٹ کے علاقہ درے وال بانڈہ میں بھی دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی تاہم پولیس اہلکار اور پولیو عملہ فائرنگ سے محفوظ رہا۔

    پولیس اہلکاروں نے جوابی کاروائی میں حملہ آوروں سے موٹر سائیکل اور ایک موبائل قبضے میں لیکر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    صدر مملکت آصف زرداری نے اپر اورکزئی میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارافسوس کیا۔

    صدر مملکت نے شہید پولیس اہلکاروں کی بہادری، جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

    صدر مملکت نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انسداد پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارافسوس کیا اور کہا حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے اور سخت سے سخت سزا دی جائے

  • کوئٹہ :  انسداد پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ ،  2 پولیس اہلکار شہید

    کوئٹہ : انسداد پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ ، 2 پولیس اہلکار شہید

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا ، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر معمور پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکارشہید ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقے نواں کلی میں پولیس اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ انسداد پولیو کی ٹیموں کے ہمراہ کلی شاہ عالم میں سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ دونوں پولیس اہلکاروں کو سر پر گولیاں ماری گئیں ، جس سے موقع پر ہی ان کی موت ہوگئی اور واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

    اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری پہنچی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

    ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) زوہیب محسن نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے وقت انسداد پولیو ٹیم گھر کے اندر تھی جس سے بظاہر لگتا ہے کہ دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم واقعہ کی تفتیش کی جارہی ہے جس سے مزید صورتحال واضح ہوگی۔

  • بلوچستان میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ، پولیس اہلکار جاں بحق

    بلوچستان میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ، پولیس اہلکار جاں بحق

    پشین : بلوچستان کےعلاقے پشین میں نامعلوم افراد کی جانب سے انسداد پولیوٹیم پر حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کےعلاقے پشین میں نامعلوم افراد نے انسداد پولیوٹیم پر حملہ کردیا، اس دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

    ڈی سی پشین کا کہنا ہے جاں بحق اہلکار کی شناخت حوالدار محمد ہاشم کے نام سے ہوئی تاہم فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کے رضاکار محفوظ رہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پشین میں انسدادپولیو ٹیم کی ڈیوٹی پر تعینات اہلکار پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے میں ملوث عناصر کوقانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو رضا کاروں کی فول پروف سیکیورٹی کوہر قیمت پر یقینی بنایاجائے۔.

    میر عبدالقدوس بزنجو نے شہید پولیس اہلکار کے خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پشین میں انسدادپولیو ٹیم پر حملےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہمارے مستقبل کے معماروں کے دشمن ہیں، دہشت گرد چاہتے ہیں ہماری نئی نسلیں معذور ہوں، ہمیں اس قسم کے لوگوں اور انکی سوچ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

  • کوئٹہ:انسداد پولیو ٹیم پر دستی بم حملہ، ایک بچہ زخمی

    کوئٹہ:انسداد پولیو ٹیم پر دستی بم حملہ، ایک بچہ زخمی

    کوئٹہ میں انسداد پولیو ٹیم کو دستی بم حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک بچہ زخمی ہوگیا ہے۔

    کوئٹہ میں انسداد پولیو ٹیم کے کارکنوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے اور پشتون آباد کے علاقے میں انسداد پولیو کی ٹیم پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک بچہ زخمی ہوگیا، بچے کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بچے کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔