Tag: انسٹاگرام

  • کینسر میں مبتلا حنا خان کی برائیڈل فیشن شو میں ریمپ پر واک، ویڈیو وائرل

    کینسر میں مبتلا حنا خان کی برائیڈل فیشن شو میں ریمپ پر واک، ویڈیو وائرل

    چھاتی کے سرطان میں مبتلا بھارتی اداکارہ حنا خان کی برائیڈل فیشن شو میں ریمپ پر واک کی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    بھارتی شوبز انڈسٹری کی ٹی وی اداکارہ حنا خان فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں دلہن بنے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ٹی وی کی مشہور اداکارہ حنا خان ان دنوں اپنی صحت کی وجہ سے خبروں میں ہیں، حنا خان تیسرے مرحلے کے بریسٹ کینسر سے لڑ رہی ہیں اور بہادری سے اس مہلک مرض کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by (@realhinakhan)

    حنا خان سوشل میڈیا پر بھی کافی ایکٹو رہتی ہیں اور اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ہر نئی اپڈیٹ مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں، اس مشکل وقت میں ان کا بوائے فرینڈ راکی ​​جیسوال ان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے۔

    تاہم اب اداکارہ حنا خان کی برائیڈل لک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، اس ویڈیو کو دیکھ کر مداح حیران رہ گئے کہ کس طرح حنا خان اس سنگین بیماری سے لڑتے ہوئے اپنا کام کررہی ہیں۔

    ویڈیو میں حنا خان مکمل دلہن کے روپ میں سنجیدہ پوز دے رہی ہے، اداکارہ نے ویڈیو کے ساتھ اپنے لیے ایک خوبصورت نوٹ بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ پاپا کی مضبوط بیٹی، تم نے رونا نہیں ہے۔

    اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ ’ اپنے مسائل کے بارے میں کبھی شکایت نہیں کرنی ہے، ہمشیہ شکر گزار کے ساتھ اپنی زندگی کو سنبھالنا ہے اور اس سے نمٹنا ہے‘۔

    اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’ اس کے بعد میں نے فکر کرنا چھوڑ دیا ہے، بس جو میرے اختیار  میں ہے، اس پر دھیان دینا ہے، باقی اللہ پر چھوڑ دیا‘ ۔

  • لاکھوں ڈالر فراڈ میں ملوث ’ہش پپی‘ نے دنیا کو کیسے دھوکا دیا؟

    لاکھوں ڈالر فراڈ میں ملوث ’ہش پپی‘ نے دنیا کو کیسے دھوکا دیا؟

    نائجیریا سے تعلق رکھنے والے انسٹاگرام کی مشہور اور انتہائی مالدار شخصیت رامون عباس جسے "ہش پپی” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے کیسے عالمی سطح پر دھوکہ دہی کا ارتکاب کیا؟ اور بالآخر ساتھیوں سمیت پکڑا گیا۔

    یہ اپنی نوعیت کا ایک دلچسپ واقعہ ہے کہ کس طرح ایک نائجیرین انفلوئنسر، شمالی کوریا کے ہیکر اور کینیڈا کے اسکیمر نے مل کر دنیا بھر میں لوگوں سے دھوکہ بازی کی اور دولت کے انبار لگا دیئے۔

    بڑے پیمانے پر فراڈ کی کارروائیوں کے باعث وہ تیزی سے ملٹی ملین ڈالر کے کاروبار کا حصہ بن رہے تھے لیکن بالآخر پھر ایک دن وہ امریکی خفیہ سروس کی نظروں میں آگئے۔

    رامون عباس قانون کی نظر میں کیسے آیا؟ 

    یہ بات نومبر 2017 کی ہے جب امریکی خفیہ ایجنسی نے ایک شخص کو گرفتار کیا جو ڈلاس، ٹیکساس کے ایک بینک میں دھوکہ دہی سے قرض حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    اس سے یو ایس سیکرٹ ایجنسی کے عہدیدار ایجنٹ گلین کیسلر نے پوچھ گچھ کی، ملزم نے بتایا کہ اسے ایک فراڈ گروہ نے اسے اس مقصد کیلیے بھرتی کیا ہے تاکہ وہ متاثرین کی جگہ بینک سے قرضہ حاصل کرنے کی کوشش کرے۔

    جیسے جیسے ملزم اپنے جرائم کی تفصیل بیان کرتا گیا ویسے ویسے کہانی مزید عجیب اور سنسنی خیز موڑ اختیار کرتی چلی گئی، اس نے کیسلر کو بتایا کہ اس گروہ میں ایک عالمی سازش بھی کار فرما ہے، جس میں ایک ملک بھی شامل ہے، کیسلر کو اس پر شک ہوا کیونکہ یہ سب کچھ بہت غیر حقیقی لگ رہا تھا۔

    تاہم امریکی خفیہ ایجنسی نے اس گروہ کی نگرانی برقرار رکھی، جس کے بعد یہ علم ہوا کہ یہ فراڈ گروہ ایک شخص کی زیرِ نگرانی کام کرتا تھا جس کو عرفیت میں "اوکی” سے پکارا جاتا تھا۔ اوکی نے اپنی شناخت چھپانے میں انتہائی احتیاط برتی لیکن تقریباً ایک سال کی محنت کے بعد سیکرٹ سروس کو ایک بڑی کامیابی ملی۔

    اہلکاروں کو ایک کریڈٹ کارڈ کی تصویر ملی جسے اوکی نے اپنے ایک ساتھی کو بھیجا تھا، یہاں اس نے ایک غلطی کی وہ یہ کہ اس تصویر میں اس کی ایک انگلی بھی نظر آرہی تھی۔ سیکرٹ سروس نے یہ تصویر فارنزک کیلئے لیبارٹری کو بھیجی۔

    حیرت انگیز طور پر وہ اس انگلی کے نشان کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، انہوں نے اس نشان کا امریکا کے قومی مجرمانہ ڈیٹا بیس سے موازنہ کیا جس میں انہیں ایک ریکارڈ ملا جس کی فائل پر نام غالب الاومری درج تھا۔

    غالب الاومری کینیڈا میں مقیم تھا جو ایجنسی کے دائرہ اختیار سے باہر تھا، انہیں صرف اس پر نظر رکھنی تھی اور موقع کا انتظار کرنا تھا، وہ یہ پیش گوئی بھی نہیں کر سکتے تھے کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔

    اگست 2018 میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، دنیا بھر میں سینکڑوں افراد امریکہ سے لے کر برطانیہ، ترکی سے جاپان تک، ایک خفیہ مشن پر نکلے۔ وہ اے ٹی ایم مشینوں کے گرد گھومتے رہے اور مختلف اے ٹی ایم کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے جتنا زیادہ پیسہ نکال سکتے تھے، نکالتے گئے۔

    یہ اے ٹی ایم کارڈز ان کے اپنے نہیں تھے اور نہ ہی وہ پیسے ان کے تھے یہ ایک منظم ہیکنگ کا نتیجہ تھا۔ اس نیٹ ورک کو "منی میولز” کہا گیا اور انہوں نے 28 مختلف ممالک میں بیک وقت 12ہزار بار اے ٹی ایمز سے پیسہ نکالا، جس کی مجموعی رقم 16.3 ملین ڈالر تھی، یہ پورا عمل دو گھنٹے اور 13 منٹ میں مکمل ہوگیا۔

    اے ٹی ایم کارڈز کا تعلق ایک بھارتی بینک، کاسموس کوآپریٹیو بینک کے اکاؤنٹس سے تھا، پچھلے چند ماہ میں دنیا کے سب سے ماہر ہیکرز نے اس بینک کے اے ٹی ایم سافٹ ویئر میں نقب لگالی تھی، جس سے انہیں یہ اختیار مل گیا تھا کہ وہ کسی بھی کاسموس بینک کارڈ سے دنیا بھر میں کہیں بھی کی جانے والی اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کی اجازت دے سکیں۔

    لیکن اس حیرت انگیز طاقت کو استعمال کرنے سے پہلے انہیں دو چیزوں کی ضرورت تھی
    کاسموس کارڈز کا ایک ذخیرہ اور ایک ایسا نیٹ ورک جس کے لوگ ان کارڈز کو لے کر اے ٹی ایم مشینوں تک جائیں اور یہاں ان کی ملاقات غالب الاومری سے ہوئی۔

    الاومری کو سوئیٹ نامی ایک شخص کی جانب سے مدد کی درخواست کی گئی تاکہ کاسموس اکاؤنٹس سے منسلک ‘کلونڈ’ کارڈز تیار کیے جاسکیں جو شمالی امریکہ میں اے ٹی ایمز پر ان کارڈز کا استعمال کیئ جائیں۔ سوئیٹ اسی طرح کی کارروائیاں دیگر بیس سے زیادہ ممالک میں بھی ترتیب دے رہا تھا۔

    رامون عباس کیسے گرفتار ہوا ؟

    رامون عباس انسٹاگرام پر ہش پپی کے نام سے جانا جاتا ہے اور یہاں اس کے 25 لاکھ فالوورز ہیں۔ اسے ایف بی آئی نے دنیا کا ہائی پروفائل فراڈیا قرار دیا ہے اور اسے بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ کا الزام ثابت ہونے پر 20 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    انسٹاگرام انفلوئنسر رامون عباس کو گذشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نے اپنے جرائم کی شروعات نائجیریا میں یاہو بوائے کے طور پر کی اور پھر نام نہاد کروڑ پتی گوچی ماسٹر بن کر دبئی میں شاہانہ زندگی گزارنے لگا۔

    یہ جون 2020 کا دن ہے جب دبئی کے ایک انتہائی پرتعیش ہوٹل میں دنیا کے مہنگے ترین لباس پہنا 37 سالہ رامون عباس اپنے قیمتی ترین صوفے پر براجمان تھا اور برانڈڈ جوتوں اور کپڑوں سے بھری اپنی الماریوں کو دیکھ رہا تھا۔ وہ اپنے عروج کی بلندیوں پر بیٹھا نیچے دیکھ رہا تھا کہ اچانک کمرے کا دروازہ کھلا اور دبئی پولیس اہلکاروں کی مسلح ٹیم نے اس پر دھاوا بول دیا۔،

    پولیس افسران کی ایک ٹیم اندر پہنچی، اس کا لیپ ٹاپ اور فون قبضے میں لیے، تصویریں کھینچیں اور جو کچھ بھی ملا وہ ساتھ لے گئے، عباس ان سب کے بیچ میں حراست میں کھڑا تھا اس کے ہاتھ ایک سیاہ پوش پولیس افسر نے باندھ رکھے تھے۔

    رامون عباس کون تھا؟

    رامون عباس 11 اکتوبر 1982 کو لاگوس کے ایک غریب علاقے باریگا میں پیدا ہوا۔ دیگر نوجوانوں کی طرح اس نے بھی اپنے اچھے مستقل اور روزگار کے لیے جدوجہد کی، تاہم اس نے اپنے جرائم کی ابتداء نائجیریا میں یاہو بوائے نامی گروہ میں شمولیت اختیار کرکے کی۔

    سال2009 تک الاومری نے ابتدا میں نسبتاً کم سطح کی دھوکہ دہی اور کریڈٹ کارڈ کے جرائم کے بعد اس نے کام کو جدید طریقے پر ڈھالتے ہوئے آن لائن کام کا آغاز کیا اور ’ڈارک ویب‘ کو متعارف کرایا۔

    یہاں اس نے دوسرے سائبر کرمنلز کو مالی جرائم کی خدمات فراہم کیں۔ اس نے جو انڈر ورلڈ نام چنا، وہ اس کی بڑائی کو ظاہر کرتا ہے، یعنی الاومری ’بگ باس‘ بن گیا۔

    سال 2012 میں اس نے انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا جس کے ذریعے لاکھوں فالوورز اسے ایک نام ‘ہش پپی’ سے جاننے لگے۔

    وہ سوشل میڈیا کے انفلوئنسرز کی صف میں اوپر اٹھتا چلا گیا اس نے اپنی بڑھتی ہوئی دولت اور شاہانہ طرز زندگی کی تصاویر پوسٹ کرکے خصوصاً نوجوان نسل کو اپنی جانب راغب کیا۔

    سال 2017تک عباس اس مقام تک پہنچ چکا تھا جو نہ صرف دولت کی تشہیر کے لیے ایک مثالی جگہ بن گئی تھی۔

    بظاہر وہ ایک کامیاب سوشل میڈیا انفلونسر کی کہانی کی طرح نظر آتا تھا جبکہ حقیقت میں اس کی زندگی سنگین قسم کے سائبر کرائم سے بھرپور تھی۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق عباس پر الزام ہے کہ اس نے لوگوں کا مجموعی طور پر 24 ملین امریکی ڈالرز کا نقصان کیا لیکن کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اصل رقم اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

    اس پر بیرون ملک منی لانڈرنگ کے جرائم، اکاؤنٹ ہیک کرنے، آن لائن دھوکہ دہی کے لیے بہروپیا بننے، ای بینکنگ کے ذریعے رقم نکالنے اور مختلف لوگوں کے شناختی کارڈ چوری کرکے انہیں آن لائن دھوکہ دہی کے جرائم میں استعمال کرنے کے الزامات ہیں جو سچ ثابت ہوئے اور آج وہ سلاخوں کے پیچھے اپنے کیے کی سزا بھگت رہا ہے۔

  • انسٹاگرام صارفین کے لیے نیا شاندار فیچر متعارف

    انسٹاگرام صارفین کے لیے نیا شاندار فیچر متعارف

    اگر آپ بھی سوشل میڈیا پر نت نئے فیچرز کی تلاش میں رہتے ہیں تو جان لیں کہ انسٹا گرام نے صارفین کے نیا شاندار فیچر متعارف کرادیا ہے۔

    انسٹاگرام نے اپنی نئی اپ ڈیٹس کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس پلیٹ فارم پر صارفین کے لیے تخلیقی ٹولز میں اضافہ کردیا گیا ہے، اب یہ پلیٹ فارم استعمال کرنے والے خواتین و حضرات اپنی تصاویر پر براہ راست ٹیکسٹ اور فیچر چسپاں کرسکیں گے۔

    اس کے علاوہ انسٹاگرام نے اپنی ریلز اور اسٹوریز کے لیے نیا فونٹ، ٹیکسٹ اینیمیشن اور افیکٹس کا بھی اضافہ کیا ہے جسے ضرورت کے مطابق استعمال کیا جاسکے گا۔

    انسٹاگرام پر نئے فیچرز کے اضافے سے اب اس پلیٹ فارم کو استعمال کرنے والے اپنی پوسٹ اور اسٹوریز کو مزید جاذب نظر بناسکیں گے۔

    اب صارفین، ٹیکسٹ اور اسٹیکرز کو براہ راست اپنی تصاویر اور کاروسلز (carousels) میں شامل کر سکتے ہیں جس سے انھیں اظہار خیال کرنے کی اور بھی تخلیقی آزادی ملے گی۔

    نئے فونٹس کو دریافت کرنے کے لیے صارفین کو ٹیکسٹ ٹول کھول کر ٹیکسٹ بٹن پر ٹیپ کرنا ہوگا، اسٹینڈ آؤٹ ٹیکسٹ بنانے کے لیے صارفین نئی خصوصیات کو ملا کر مماثل کر سکتے جو کہ منفرد طور پر صرف اسی صارف کا ہوگا۔

    انسٹاگرام نے حال ہی میں کاروسل کی حد میں اضافہ کیا ہے، جس سے کوئی بھی شخص ایک پوسٹ میں 20 تک تصاویر اور ویڈیوز شامل کر سکتا ہے۔

  • انسٹاگرام صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، دلچسپ فیچر متعارف

    انسٹاگرام صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، دلچسپ فیچر متعارف

    انسٹاگرام نے حال ہی میں آڈیو ٹریکس کے شوقین صارفین کے لیے ایک نیا خصوصی فیچر متعارف کروایا ہے، جس کے تحت صارفین اب ایک ہی ریل میں ایک سے زیادہ موسیقی کے ٹریک شامل کر سکتے ہیں۔

    اس حوالے سے ٹیک جائنٹ نے اس اپ ڈیٹ کا اعلان خود پلیٹ فارم پر کیا اور بتایا کہ ریلز میں ملٹی آڈیو ٹریکس کی خصوصیت صارفین کو ایک ریل میں 20 تک ٹریک شامل کرنے کی اجازت دے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اس خصوصیت کے بارے میں پلیٹ فارم پر بتایا کہ آپ ایک ہی ریل میں 20 تک آڈیو ٹریک شامل کر سکتے ہیں، جو آپ کو اپنے مواد کے ساتھ زیادہ تخلیقی آزادی فراہم کرے گا۔

    اس زبردست نئے فیچر کو استعمال کرنے کیلئے صارف کو ریل ایڈیٹر میں ایڈ ٹو مکس آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔

    انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ اس نئے فیچر سے صارفین ایک سنگل ریل میں اب 20 تک ٹریکس شامل کر سکتے ہیں۔

    اس فیچر میں ایک مرتبہ ٹریکس ایڈ کرنے کے بعد صارف کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ صرف وہی حصہ کاٹ کر شامل کرے ،جو وہ چاہتا ہے۔

    یوں کمبائنڈ ٹریک کو اسی کریٹر سے منسوب کر دیا جائے گا، تاکہ ان کے فینز اس یونیک مکس کو دوبارہ استعمال کرسکیں۔

    انسٹا گرام کے مطابق ریلز میں ملٹی ٹریک آڈیو کی لانچنگ کریٹرز کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزیدبڑھائے گی اور وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں گے۔

    اس نئے فیچر کی بدولت اب صارفین کو ایک سے زیادہ ٹریکس کو ملانے اور پھر اپنی کلپس پر لگانے کیلئے دوسرے ایڈیٹر کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

  • واٹس ایپ اپنے صارفین کیلیے ’انسٹاگرام‘ جیسی سہولت متعارف کرائے گا

    واٹس ایپ اپنے صارفین کیلیے ’انسٹاگرام‘ جیسی سہولت متعارف کرائے گا

    کیلیفورنیا : دنیا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے ’انسٹاگرام‘ سے ملتے جلتے نئے فیچر کی تیاری کا کام جاری ہے، نئے فیچر کے تحت صارفین اسٹیٹس اپ ڈیٹس دوبارہ شیئر کرسکیں گے۔

    نئے فیچر کو ’ری شیئر اسٹیٹس اپ ڈیٹ‘ کا نام دیا گیا ہے، واٹس ایپ کا یہ فیچر اس وقت تیاری کے مراحل میں ہے، جو صارف کو ایسے اسٹیٹس جہاں انہیں ٹیگ کیا گیا ہو وہاں سے اپنے کانٹیکسٹ کے ساتھ ری شیئر کرنے میں آسانی فراہم کرے گا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اسٹیٹس اپڈیٹ انٹرفیس میں ایک نیا بٹن شامل کیا جائے گا تاکہ صارفین کو آسانی سے دوبارہ شیئر کرنے میں سہولت میسر ہو۔

    واٹس ایپ کے نئے فیچر کے تحت صارفین کو اسکرین شاٹ لینے یا میڈیا کو نجی طور پر بھیجنے کے لیے اصل شیئرر سے درخواست کرنے کی پریشانی سے بچایا جائے۔

    اگر کوئی صارف کسی ایسی اسٹیٹس اپ ڈیٹ کو شیئر کرنا چاہتا ہے جس میں اس کا ذکر کیا گیا ہو، تو انہیں ایک پیچیدہ عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔ تاہم یہ نیا فیچر اس عمل میں آسانی پیدا کرے گا، جس سے اسٹیٹس اپ ڈیٹ انٹرفیس کے ذریعے براہ راست تیز اور آسان شیئرنگ کی جاسکے گی۔

    رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ابھی تک بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب نہیں ہے، اسے باضابطہ طور پر متعارف کرانے کے لیے کوئی خاص ٹائم لائن بھی جاری نہیں کی گئی ہے، لیکن توقع ہے کہ اسے آنے والی اپڈیٹ میں متعارف کرادیا جائے گا۔

     

  • انسٹاگرام کی شوقین بیوی نے منشیات فروش شوہر کو گرفتار کرادیا

    انسٹاگرام کی شوقین بیوی نے منشیات فروش شوہر کو گرفتار کرادیا

    برازیل کا بدنام زمانہ منشیات ڈیلر اپنی بیوی کی بے وقوفی کی وجہ سے پکڑا گیا، جس نے انسٹا گرام پر سیر و تفریح کی تصاویر پوسٹ کیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس منشیات فروش رونالڈ رولینڈ کو دو سال سے ڈھونڈ رہی تھی، جس کی گرفتاری اس کی انسٹاگرام کو پسند کرنے والی بیوی کی وجہ سے ممکن ہوا۔

    50سالہ رونالڈ رولینڈ کو گزشتہ روز ساحلی قصبے کوسٹل ٹاؤن گواروجا سے گرفتار کیا گیا، اس پر بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ اور میکسیکو کے مختلف اڈوں کو بڑے پیمانے پر منشیات سپلائی کرنے کا الزام ہے، رولینڈ، ڈی لیما اور ان کی بیٹی سو رہے تھے جب وفاقی پولیس نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔

    police

    برازیلی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کو انتہائی امیر ترین منشیات ڈیلر رونالڈ کا سراغ لگانے میں آسانی ہوئی کیونکہ اس کی بیوی ڈی لیما مسلسل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تمام سرگرمیوں کی شوقیہ طور پر تصاویر پوسٹ کر رہی تھی۔

    برازیل

    وہ اپنے شوہر کے پیرس، دبئی، مالدیپ اور کولمبیا کے پرتعیش دوروں کی تصاویر شیئر کر رہی تھی، جس سے پولیس کو اس کے ٹھکانے کا پتہ لگانے میں مدد ملی۔

    واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ رونالڈ کو اس کی بیوی کی سوشل میڈیا پر سرگرمی کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    de Lima

    اس سے قبل رولان کو جولائی 2019 میں بھی ساؤ پالو سے گرفتار کیا گیا تھا جب وہ انٹرپول کو مطلوب تھا، اس کی سابقہ ​​بیوی نے سوشل میڈیا پر جہاں وہ جوڑا موجود تھا، ٹیگ کیا تھا۔ تاہم اسے اگلے سال رہا کر دیا گیا تھا۔

    drug lord

    وفاقی پولیس حکام کے مطابق 280 افسران نے سات ریاستوں میں چھاپے کے دوران آٹھ افراد جن میں رولان بھی شامل ہے، کو گرفتار کیا۔

    چھاپے کے دوران 34لگژری کاریں، 2 نجی جیٹ طیارے، اعلیٰ معیار کی قیمتی ترین گھڑیاں، ہتھیار اور بڑی مالیت میں نقدی ضبط کی گئی ہے۔

  • ٹک ٹاک نے انسٹاگرام جیسی ایپ متعارف کروا دی

    ٹک ٹاک نے انسٹاگرام جیسی ایپ متعارف کروا دی

    چین کی ٹیکنالوجی کمپنی اور ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے مختصر عرصے کے بعد انسٹا گرام کے مقابلے کی ایک اور ایپلی کیشن کو متعارف کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے محض دو ماہ کے عرصے بعد صارفین کیلئے انسٹاگرام کے ٹکر کی ایک اور ایپلی کیشن متعارف کرادی۔

    ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کے مطابق ٹک ٹاک نے 18 جون کو وی نامی ایپلی کیشن کو متعارف کرایا، جس کے متعلق کمپنی نے کوئی وضاحت اور پروموشنل مارکیٹنگ نہیں کی تھی۔

    مذکورہ ایپلی کیشن کو امریکا سمیت 70 سے زائد ممالک میں گوگل پلے اسٹور سمیت دیگر ایپلی کیشن اسٹورز پر فراہم کردیا گیا ہے تاہم اسے ایپل اسٹور پر فوری طور پر متعارف نہیں کرایا گیا۔

    مذکورہ ایپلی کیشن بلکل انسٹاگرام کی طرح ہی ہے لیکن اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پرائیویسی کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔

    ایک اور ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے متعارف کرائی گئی دوسری ایپلی کیشن کو اگرچہ متعدد ممالک میں پیش کردیا گیا ہے، تاہم صارفین کی جانب سے اسے ڈاؤن لوڈ کرنے یا اسے استعمال میں زیادہ دلچسپی نہیں دیکھی جا رہی۔

    ٹک ٹاک نے خود بھی مذکورہ ایپلی کیشن سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا، جس وجہ سے بھی لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

    مذکورہ ایپلی کیشن کی کلر تھیم اور لوگ بھی انسٹاگرام اور تھریڈز سے ملتا جلتا ہے جب کہ اس کے زیادہ تر فیچرز بھی انسٹاگرام جیسے ہی ہیں۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹک ٹاک نے اپریل میں ہی انسٹاگرام جیسی فوٹو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نوٹس متعارف کرائی تھی۔ اب محض دو ماہ بعد ہی ٹک ٹاک نے ایک اور فوٹوشیئرنگ ایپلی کیشن متعارف کروادی۔

  • اگر میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوجاتا تو کئی گھر ٹوٹ جاتے: متھیرا کا انکشاف

    اگر میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوجاتا تو کئی گھر ٹوٹ جاتے: متھیرا کا انکشاف

    معروف پاکستانی ماڈل و میزبان متھیرا نے انکشاف کیا ہے کہا کہ اگر اُن کا اکاؤنٹ ہیک ہوجاتا تو کئی گھروں میں طلاقیں ہوجاتیں۔

    اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ود ایاز سموں‘ میں اداکارہ متھیرا نے شرکت کی اور میزبان کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

    متھیرا نے کہا کہ میرے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں بہت سارے لوگوں کے راز پوشیدہ ہیں، بیشتر مردوں کے انباکس میں پیغامات آئے ہوئے ہیں، اگر میرا انسٹاگرام کا اکاؤنٹ ہیک ہوجاتا اور چیٹ سامنے آتی تو کئی گھر اجڑ جاتے اور شادیاں ٹوٹ جاتیں۔

    میرے دوست نے کہا سلمان خان آئے ہوئے ہیں، میں وہاں پہنچی اور۔۔۔۔۔۔۔متھیرا نے کیا کہا؟

    شادی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے متھیرا نے کہا کہ میں دوسری شادی نہیں کروں گی اور نہ ہی ابھی تک کسی کی جانب سے کوئی پیش کش کی گئی۔

    انہوں نے ہمایوں سعید اور شان کو پُرکشش اداکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں اداکاروں کی وجہ سے پاکستان کی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کو ایک نئی پہچان ملی ہے۔

  • انسٹاگرام ریل بنانے کا جنون طالب علم کی جان لے گیا

    انسٹاگرام ریل بنانے کا جنون طالب علم کی جان لے گیا

    بھارت میں نوجوان طالب علم وائرل انسٹاگرام ریل بنانے کی کوشش میں زندگی کی بازی ہار گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یو پی کے 21 سالہ طالب علم شیویم کمار ایک اسکول کی چھت پر نصب فلیگ پوسٹ پر الٹا لٹک گیا اس دوران اسکے دوست ویڈیو بناتے رہے۔

    طالب علم کی خواہش تھی کہ وہ الٹا لٹکنے کے دوران جھنڈا لہرا سکے تاہم سیمنٹ کا پول اسکا وزن برداشت نہ کرسکا اور گر گیا جس کے نتیجے میں اسکی موت واقع ہوگئی۔

    بھارتی یوٹیوبر ایئرپورٹ پر انوکھی حرکت کرنے کے جرم میں گرفتار

    رپورٹس کے مطابق مقتول طالب علم کی انسٹاگرام فیڈ اس قسم کے متعدد اسٹنٹ سے بھری ہوئی تھیں، جس میں اس نے درختوں اور چھتوں پر الٹا لٹک کر کئی ریکارڈنگ کروائی تھیں۔

  • انسٹاگرام صارفین کے لیے اہم خبر

    انسٹاگرام صارفین کے لیے اہم خبر

    انسٹاگرام اپنے صارفین کی سہولت کے لیے ’بلینڈ‘ کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے۔

    میٹا کی زیر ملکیت فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے ’بلینڈ‘ نامی فیچر متعارف کرنے کی تیاری شروع کر دی، جس میں صارفین اپنی مرضی کے مطابق فیڈ بنا سکیں گے۔

    اس فیچر کے تحت انسٹاگرام صارف جب کسی دوست کو بلینڈ کے لیے مدعو کرے گا، تو ایپ کی جانب سے ریلز کی ایسی فیڈ تیار کی جائے گی جو صارف اور اس کے دوست کی مشترکہ دل چسپی کے مطابق ہوگی۔

    یہ بلینڈ فیڈ ایسی ریلز ویڈیوز پر مبنی ہوگی جو انسٹاگرام کے مطابق آپ اور آپ کے دوست کے لیے باعث دل چسپی ہوگی، اور آپ ایک دوسرے سے شیئر کرنا چاہیں گے، یہ صرف 2 افراد تک محدود ہوگی اور کسی اور کی رسائی اس تک نہیں ہوگی، اور صارف اسے کسی بھی وقت چھوڑ سکے گا۔

    مقبول سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام کا یہ فیچر 2021 میں جاری کردہ اسپاٹیفائی نامی فیچر سے ملتا جلتا ہے، جس میں صارفین کو اپنے پسندیدہ گانے مشترکہ پلے لسٹ میں محفوظ کرنے کی سہولت دی گئی تھی، تاہم یہ فیچر ابھی زیر آزمائش ہے۔