Tag: انصاف صحت کارڈ

  • وزیر اعظم کا معذور افراد کے لیے زبردست اقدام، متاثرہ شخص اور خاندان کا علاج بالکل مفت ہوگا

    وزیر اعظم کا معذور افراد کے لیے زبردست اقدام، متاثرہ شخص اور خاندان کا علاج بالکل مفت ہوگا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مستقل معذوری کا شکار افراد اور اُن کے خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ فراہم کرنے کی منظوری  دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس ریگولرٹی اتھارٹی) کے ریکارڈ میں موجود تمام مستقل معذور افراد اور ان کے خاندانوں کے لئے صحت سہولت پروگرام کی توسیع دیتے ہوئے متاثرہ افراد کو انصاف کارڈ فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق معذوری کا شکار افراد اور اُن کا اہل خانہ  ہر سال سات لاکھ 20 ہزار روپے تک کی علاج معالجے کی سہولت مفت حاصل کر سکے گا۔ صحت سہولت پروگرام میں توسیع کی منظور ی کے بعد اب دارالحکومت اسلام آباد، آزادجموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے تمام مستقل معذور افراد اس سہولت سے استفادہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں: 22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کر دیے، مزید 90 لاکھ تقسیم کریں گے: وفاقی وزیر صحت

    دوسری جانب وزیراعظم نے ضلع تھرپارکر کے تمام خاندانوں کے لئے بھی صحت سہولت پروگرام کو توسیع دینے کی منظوری دے دی۔جس کے مطابق تھرپارکر کے تقریباً تین لاکھ خاندان تقریباً سات لاکھ 20 ہزار روپے تک کے علاج معالجے کی مفت سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ دنوں انصاف سہولت کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا تھا، 7 اپریل کو وفاقی وزیر صحت عامر کیانی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں اب تک 22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کیے جاچکے جبکہ حکومت نے 90 لاکھ کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں 25 فی صد سرکاری جب کہ 75 فی صد نجی اسپتال کام کر رہے ہیں، بنیادی سہولتوں کی فراہمی ریاست کی ذمےداری ہے۔

  • وزیراعظم بیرون ملک جاتے ہیں غریب عوام کہاں جائیں،عمران خان

    وزیراعظم بیرون ملک جاتے ہیں غریب عوام کہاں جائیں،عمران خان

    پشاور : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نےکہا ہے کہ بیرون ملک علاج کروانے والے وزیراعظم کوغریب پاکستانیوں کے علاج معالجہ کی کوئی فکر نہیں ہے۔

    وہ پشاور میں صحت انصاف کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ بیماری کاعلاج کرانے کے لئے وزیر اعظم خود بیرون ملک چلے جاتے ہیں جب کہ غریب مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جس معاشرے میں انصاف،تعلیم اورصحت کیلئے پیسہ خرچ کرنا پڑے توسمجھ لیں معاشرہ ناکام ہورہا ہےاعلیٰ حکومتی شخصیات اپنا علاج کرانے بیرون ملک چلے جاتے ہیں جب کہ دوسری طرف 50 فی صد پاکستانی اپنے بچوں کو دووقت کی روٹی نہیں کھلا سکتے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ جب تک ظلم کا نظام قائم رہے گا تب تک برکت نہیں پڑے گی ملک سے امیر اور غریب کے فرق کو ختم کرنا ہو گا تا کہ پائیداراورمستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

    انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ن لیگ نے ایک سال میں اشتہارات پر 9 ارب روپے خرچ کیے جب کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صرف 15 کروڑ روپے خرچ کیے۔

    اس موقع پرسربراہ تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویزخٹک کوہدایات دیں کہ صحت انصاف کارڈ کا اجرا پورے صوبے میں کیا جائے اوراس میں کسی قسم کی نسلی،گروہی،جماعتی یا لسانی تفریق نہیں رکھی جائے سب مریضوں کویکساں سہولیات فراہم کی جائیں۔

    عمران خان نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا میں جومنصوبہ شروع کیا وہ پورے ملک کیلئے مثال بنے گا۔