Tag: انضمام الحق

  • انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹرعہدے کی مدت ختم، توسیع نہ لینے کا اعلان

    انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹرعہدے کی مدت ختم، توسیع نہ لینے کا اعلان

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے عہدے کی مدت ختم ہوگئی، چیف سلیکٹر نے کہا ہے کہ مدت میں توسیع کے بجائے نئےشخص کو عہدے پر دیکھنا چاہتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر و مایہ ناز بلے باز انضمام الحق کی مدت ذمہ داری ختم ہوگئی، انضمام نے 30جولائی کےبعدمزیدذمہ داریاں نبھانے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈسلیکشن کےعلاوہ کسی اورکام کی ہدایت کرےگاتومیں حاضرہوں۔

    اس بات کا اعلان انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انضمام الحق نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی سی بی سےبات کی تھی عہدے کی مدت میں توسیع نہیں چاہتا، فیصلہ کیاہے کہ نئےلوگوں کونئی سوچ کےساتھ آگےآناچاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ سےسوا3سال پہلےعہدہ قبول کیاتھا، آگےمختلف سیریز ہیں،چیمپئنزٹرافی،ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی ہےلہذا آنےوالےلوگوں کوپوراوقت ملناچاہیے۔

    انضمام کا کہنا تھا کہ نئےلوگوں کوموقع ملناچاہیے،ٹیم کی بہتری کے لیے جوکچھ کرسکتاتھاوہ3ساڑھے3سال میں کیا،پی سی بی کاشکرگزارہوں کہ انہوں نے مجھےفری ہینڈدیا اوراپنی مدت پوری کی۔

    انضمام الحق نے بتایا کہ پلیئنگ الیون میں کپتان اورکوچ کافیصلہ ہوتاہے میرامشورہ ہوتاہے،جبکہ 15لڑکوں کےفیصلوں میں میرافیصلہ اوران کامشورہ ہوتاہے۔

    انہوں نے کہا کہ بورڈسلیکشن کےعلاوہ کسی اورکام کی ہدایت کرےگاتومیں حاضرہوں،بورڈسلیکشن کی ہدایت کرتاہےتومیں معذرت کروں گا،سلیکٹرنہیں بنوں گا،کوئی اورعہدہ لینےکیلئےتیارہوں۔

    چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ اورکھلاڑیوں کامشکورہوں،سب نےبھرپورسپورٹ کیا،بورڈسےکسی آفرپرکوئی بات نہیں ہوئی،ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی ہے،ورلڈکپ فائنل میں پہنچنےوالی دونوں ٹیموں کوپاکستان نےہرایاتھا اگر قسمت ساتھ دیتی تو ہم یہ ورلڈ جیت سکتے تھے۔

    انضمام الحق نے بتایا کہ شعیب ملک کوپرفارمنس کی بنیادپرمنتخب کیاگیاتھا، امام سےمتعلق مجھ سےسوال کامطلب پوری مینجمنٹ پرسوالیہ نشان ہے بس اتنی کی درخواست ہےکہ کھلاڑی کی کارکردگی پربات کریں ذاتیات پرنہیں۔

  • کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

    کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

    لاہور : سابق کپتان اور کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق آج بروز بدھ لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس میں اپنے مستقبل کے حوالے سے اعلان کرکے قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ سلیکشن معاملات پر شریک رہنے اور پھر نجی دورے پر چیریٹی کیلئے فنڈز جمع کرنے والے چیف سلیکٹر انضمام الحق گزشتہ روز لاہور پہنچے۔

    پی سی بی نے اعلان کیا کہ ہے بدھ کو دوپہر ڈھائی بجے انضمام الحق لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اگر وہ خود استعفیٰ دیتے ہیں تو ورلڈ کپ کے بعد وہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ میں عہدہ چھوڑنے والے پہلے اہم اور طاقتور شخص ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق اپنے مستقبل کے بارے میں پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گے۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے ساتھ ہی قومی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد ختم ہوگئی ہے، پی سی بی نئی سلیکشن کمیٹی کیلئے نئے لوگوں کا
    تقرر کرنا چاہتا ہے۔

    اس کے علاوہ29 جولائی کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس سے قبل انضمام الحق اپنی پریس کانفرنس میں شکست کے اسباب پر بات کریں گے اور اپنے مستقبل کے بارے میں اعلان کریں گے۔

    یاد رہے کہ تین سال قبل انضمام الحق کو قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، ان کے دور میں پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے میں کارکردگی اچھی نہیں رہی۔

    تاہم ان کی سلیکشن اور جانب داری پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز بار بار بات کرتے رہے ہیں۔ انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر عہدے کی معیاد اپریل میں ختم ہوگئی تھی انہیں ورلڈ کپ تک توسیع دی گئی تھی۔

  • ورلڈ‌ کپ میں‌ غیر اطمینان بخش کارکردگی، پی سی بی حرکت میں آگئی، ٹیم کا پوسٹ مارٹم شروع

    ورلڈ‌ کپ میں‌ غیر اطمینان بخش کارکردگی، پی سی بی حرکت میں آگئی، ٹیم کا پوسٹ مارٹم شروع

    لاہور: ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کی اوسط درجے کی کارکردگی پر بورڈ حرکت میں آگیا، ٹیم پرفارمینس کا پوسٹ مارٹم شروع ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کی غیر اطمینان بخش کارکردگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے  لیے پی سی بی نے اجلاس بلا لیا.

    پی سی بی ذرائع کے مطابق یہ اہم جلاس 27 سے29 جولائی کےدرمیان ہوگا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر27 جولائی کو پاکستان پہنچیں گے اور ٹیم رپورٹ جمع کرائیں گے. اس موقع پر مکی آرتھر ٹیم کی کارکردگی اور مستقبل کی پلاننگ پر بھی بریفنگ دیں گے.

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کی دستیابی پر اجلاس کی حتمی تاریخ کا اعلان ہوگا، پی سی بی کمیٹی اپنی تجاویز چئیرمین پی سی بی کو بھجوائے گی.

    توقع کی جارہی ہے کہ اجلاس کے بعد نئے کوچنگ اسٹاف کے لئے اشتہار دیا جائے گا. البتہ  مکی آرتھر کے  معاہدے میں توسیع کی بھی بازگشت ہے۔

    مزید پڑھیں: پی سی بی کی سری لنکن بورڈ کو سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کی دعوت

    واضح رہے کہ پاکستان کی ورلڈ کپ 2019 کے ابتدائی میچز میں کارکردگی مایوس کن رہی، البتہ انڈیا سے شکست کے بعد پاکستان نےشان دار کم بیک کیا.

    پاکستان نے لگاتار چار میچ جیت کر گیارہ پوائنٹ حاصل کیے، البتہ نیوزی لینڈ کے بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پاکستان ٹورنامینٹ سے آؤٹ ہوگیا. بعد ازاں نیوزی لینڈ نے فائنل تک رسائی حاصل کی .

  • ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ ہوں گے، چیف سلیکٹر نے کہا کہ آصف علی کوعابد علی پرپاور ہٹنگ کی وجہ سے فوقیت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے سرفرازاحمد کی قیادت میں 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔

    چیف سلیکٹرنے نیوزکانفرنس میں کہا کہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ جو سیریز ہوئی اس کے بعد قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا، وہاب ریاض، محمد عامر، آصف علی کو واپس لے لیا، شاداب کی ٹیم میں واپسی ہوئی، ڈاکٹروں نے شاداب کو کلیئر کر دیا ہے، تجربہ کار عامر اور وہاب کو ٹیم میں شامل کیا گیا، فاسٹ بالرز کو ون ڈے سیریز میں کارکردگی کے بعد شامل کیا گیا،

    انھوں نے کہا کہ عابد علی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا، پاور ہٹنگ کی وجہ سے ان پر آصف علی کو فوقیت دی، وہاب ریاض کو ہم نے نظر انداز نہیں کیا تھا، انھوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، 90 کی اسپیڈ جس کی نہیں ہے وہ بھی میچ میں کھیلتے ہیں، برطانوی کھلاڑی کو بھی ویسی مار پڑی ہے جیسے پاکستانی کو۔

    انضمام الحق کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور امام الحق فارم میں ہیں، حسنین کو اتنا تجربہ نہیں لیکن اللہ کرے ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دیں، ان کے پاس اسپیڈ ہے، ٹیم کی ضرورت کے مطابق کوچ اور کپتان سے بات کی، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ کو بھی دیکھنا ہے۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ جنید اور فہیم بھی اچھے بولر ہیں لیکن کنڈیشن میں تجربہ کار کھلاڑی چاہیے، آگے کیا ہوگا میں نہیں بتا سکتا، ٹیم نے انگلینڈ میں فائٹ کی کچھ چیزیں بری تو کچھ اچھی بھی ہیں، ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دے گی۔

    انضام کا کہنا تھا کہ ٹیم پر زیادہ تنقید اچھی چیز نہیں، اچھا کھیلنے والوں کو بھی سراہنا چاہیے، شعیب اور حفیظ سینئر کرکٹرز ہیں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، ہم 23 مئی تک ٹیم میں تبدیلی کر سکتے ہیں تو فائدہ کیوں نہ اٹھائیں، پاکستان ٹیم کو جس کی ضرورت ہے ہم نے وہ فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ینگ کھلاڑیوں کی ٹیم ہاری بھی ہے لیکن فتح بھی ملی ہے، رضوان، عابد اور فہیم کو انگلینڈٖ ہی میں روک رہے ہیں، اگر کسی کی ضرورت پڑے گی تو ہمارے پاس بیک اپ ہوگا۔

    چیف سلیکٹر کا کپتان کے متعلق کہنا تھا کہ سرفراز جتنا اوپر آ کر کھیلتے ہیں اتنی اچھی کارکردگی دیتے ہیں، سرفراز احمد کی کارکردگی انگلینڈ سے سیریز میں بہتر ہے۔

  • سلیکشن کمیٹی  نے ورلڈکپ کے 15کھلاڑیوں کا حتمی فیصلہ کرلیا

    سلیکشن کمیٹی نے ورلڈکپ کے 15کھلاڑیوں کا حتمی فیصلہ کرلیا

    لاہور: پاکستان ٹیم مینجمنٹ اور چیف سلیکشن کمیٹی نے ورلڈکپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کا حتمی فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان ٹیم مینجمنٹ اور چیف سلیکشن کمیٹی نے ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا۔ چیف سلیکٹرانضمام الحق آج پریس کانفرنس میں اعلان کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق ورلڈکپ کے اسکواڈ میں جنیدخان، فہیم اشرف اور عابد علی شامل نہیں ہوں گے ان کی جگہ آصف علی، محمد عامر اور وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وہاب ریاض نے اپنا آخری ون ڈے میچ 2 سال قبل چیمپیئنز ٹرافی میں کھیلا تھا جبکہ آخری ٹیسٹ میچ بھی گزشتہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔

    چیف سلیکٹر انضمام الحق کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کریں گے جس کے بعد عالمی کپ کے لیے قومی ٹیم کا حتمی اعلان آج کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے لیے فائنل اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ 23 مئی ہے۔

  • مشن ورلڈکپ 2019: قومی ٹیم میں کون شامل ہوگا کون باہر، غور شروع

    مشن ورلڈکپ 2019: قومی ٹیم میں کون شامل ہوگا کون باہر، غور شروع

    لاہور: ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی ٹیم کی حتمی تشکیل پر چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ٹیم انتظامیہ میں رابطہ ہوا ہے جس میں محمد عامر اور شاداب خان سمیت کئی کھلاڑیوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے لیے ٹیم کے انتخاب کے سلسلے میں چیف سلیکٹر اور ٹیم انتظامیہ کے درمیان رابطے شروع ہو گئے ہیں۔

    آج ہونے والے رابطے میں میں محمد عامر اور شاداب خان سمیت کئی کھلاڑیوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔

    محمد عامر کو چکن پاکس ہونے کے بعد باؤلنگ لائن اپ کی تشکیل پرغور کیا گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے ورلڈ کپ میں شرکت کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔

    ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کے فٹ ہونے پر فہیم اشرف یا جنید خان کو وطن بھجوا دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  محمد عامر خسرہ کا شکار، انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ میچز میں‌ شرکت مشکوک

    دوسری طرف لیگ اسپنر شاداب خان کی میڈیکل رپورٹس آج شام تک آنے کا امکان ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شاداب خان کے فٹ نہ ہونے پر محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

    بیٹسمین عابد علی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد وطن واپس بھجوانے پر بھی غور کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کی میچ فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈینٹسٹ کے آلات سے شاداب خان کو ہیپاٹائٹس سی کا وائرس لگا، قریبی ذرائع

    خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ آج برسٹل میں کھیلا جائے گا، سیریز برابر کرنے کے لیے شاہینوں نے جم کر تیاری کر لی ہے۔

  • پرفارمنس اچھی تھی، اگر ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی: انضمام الحق

    پرفارمنس اچھی تھی، اگر ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی: انضمام الحق

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں اچھی پرفارمنس دی، بڑا ٹوٹل تھا ٹیم اگر جیت جاتی تو خوشی ہوتی۔

    تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھائی، ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی۔

    انھوں نے کہا کہ شاداب خان کی اب تک کی رپورٹس بہت مثبت ہیں، آئندہ 2 سے 4 روز میں شاداب کے مزید ٹیسٹ ہوں گے، امید ہے ورلڈ کپ سے پہلے شاداب خان فٹ ہو جائیں گے۔

    چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ نے پاکستان میں ہی باؤلنگ اور بیٹنگ کا آغاز کر دیا تھا، میری رپورٹس کے مطابق محمد حفیظ فٹ ہیں۔

    انضمام الحق نے کہا کہ ابھی 3 میچز باقی ہیں، کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں، ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان بھی کر چکے ہیں جس کے لیے پرفارمنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دوسرا ون ڈے: قومی ٹیم کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈ 12 رنز سے کامیاب

    یاد رہے گزشتہ روز انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 12 رنز سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح اپنے نام کر لی، تاہم اس میچ میں سرفراز الیون نے آخری بال تک مقابلہ کیا۔

    پانچ ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 373 رنز بنائے، جوس بٹلر نے 110 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی۔

    پاکستان ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 361 رنز پر دم توڑ دیا، فخر زمان نے 138 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، مجموعی طور پر پاکستان کے نوجوان بلے بازوں نے انگلش ٹیم کوٹف ٹائم دیا۔

  • محمد عامر انگلینڈ کے خلاف پرفارم کرکے ورلڈ کپ ٹیم میں آسکتا ہے، انضمام الحق

    محمد عامر انگلینڈ کے خلاف پرفارم کرکے ورلڈ کپ ٹیم میں آسکتا ہے، انضمام الحق

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ عامر تجربہ کار ہے لیکن وکٹ نہیں لے گا تو ٹیم کو مشکل ہوگی، محمد عامر انگلینڈ کے خلاف پرفارم کرکے ورلڈ کپ ٹیم میں آسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف تجربے پر کسی کھلاڑی کو ٹیم میں نہیں رکھ سکتے، عامر انگلینڈ کے خلاف پرفام کرکے ورلڈ کپ ٹیم میں آسکتا ہے۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ نوجوان کھلا ڑیوں کے لیے ورلڈ کپ کھیلنا خوش قسمتی ہے، میں نے 5 ورلڈ کپ کھیلے، پہلے ورلڈ کپ کی خوشی الگ ہی تھی، ورلڈ کپ کا دباؤ ہوتا ہے، کھلاڑی ذمہ داری سے کھیلیں تو نتائج مثبت آتے ہیں۔

    [bs-quote quote=”عالمی کپ میں قومی ٹیم ٹاپ فور میں ضرور آئے گی” style=”style-8″ align=”left” author_name=”انضمام الحق”][/bs-quote]

    انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں سے کام لینے میں کپتان کا رول اہم ہے، 22 کروڑ آبادی میں سے صرف 15 کھلاڑی سلیکٹ ہوتے ہیں، ٹیم میں اچھا ہی کھلاڑی منتخب ہوتا ہے، کھلاڑیوں میں جتنی خود اعتمادی ہوگی اتنا ہی اچھا کھیلیں گے۔

    انضمام الحق نے کہا کہ پاک بھارت میچ کا اضافی دباؤ ہوتا ہے، ورلڈ کپ میں وہ ہی ٹیم جیتے گی جو مشکل وقت میں خود پر قابو رکھے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ کھیلنا آسان لیکن چیف سلیکٹر بننا بہت مشکل ہے، ٹیم کا انتخاب کرنا بہت مشکل کام ہے، ڈومیسٹک میں جتنا سخت مقابلہ ہوگا اتنے اچھے کرکٹرز سامنے آئیں گے۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ حسنین ورلڈ کپ میں سرپرائز پیکیج ثابت ہوگا، حسنین کے علاوہ تمام بولر ایک جیسی رفتار سے گیند کرتے ہیں، ٹیم میں ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت ہے، عالمی کپ میں قومی ٹیم ٹاپ فور میں ضرور آئے گی۔

  • ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا

    ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا

    لاہور: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا، انضمام الحق نے کہا کہ محمد عامر اور آصف علی کو اضافی کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

    انضمام الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہار جیت کا مزہ بھی جانتا ہوں، یہ بات درست ہے کہ عماد وسیم کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں ہے، گزشتہ چند میچز میں ون ڈے میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی، آسٹریلیا سے سیریز ہاری، مگر لڑکوں نے مقابلہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ لڑکوں کو آرام دینا تھا یہ سخت فیصلہ کیا تھا، دو ماہ میں 22 میچز کھیلنا پڑیں گے یہ اتنا آسان نہیں ہے۔

    ورلڈ کپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، عماد وسیم، حارث سہیل، محمد حفیظ، جنید خان، محمد حسنین شامل ہیں۔

    چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے، محمد عامر اور آصف علی کو اضافی کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

    انضمام الحق نے کہا کہ 1992 میرا پہلا ورلڈ کپ تھا اللہ نے اس میں فتح دی، ورلڈ کپ کے لیے یہ میرا پہلا اسکواڈ ہے امید ہے اس میں بھی فتح ملے گی، چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی دلانے والے 11 لڑکے اسکواڈ میں شامل ہیں، انہی لڑکوں کی مدد سے چیمپئنز ٹرافی میں عزت ملی۔

    انہوں نے کہا کہ محمد رضوان ہمارا سیکنڈ وکٹ کیپر ہے اس نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے، ٹیم میں رہنے والے کھلاڑیوں کو اپنا اسٹینڈرڈ ہائی کرنا پڑے گا، محمد حسنین ہماری طرف سے سرپرائز پیکیج ہے، جو لڑکا 150 کی اسپیڈ سے بالنگ کراسکتا ہے وہ کسی بھی وقت میچ جتا سکتا ہے، محمد حسنین کسی بھی ٹیم کو نقصان پہنچا کر سرپرائز دے سکتا ہے۔

    انضمام الحق نے کہا کہ بدقسمتی سے عثمان شنواری کی کارکردگی 1 سال میں اتنی اچھی نہیں رہی، پھر بھی عثمان شنواری کو ساتھ لے کر جارہے ہیں، ٹیم کی سلیکششن ہمارے لیے آسان نہیں تھی.

    انہوں نے کہا کہ محمد عامر اور آصف علی دورہ انگلینڈ میں اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، ان دونوں کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے ہمارے پاس 22 مئی تک موقع ہے کہ ہم ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلی کرسکتے ہیں۔

  • ورلڈ کپ کی تیاری بالکل ٹھیک جارہی ہے، اچھے فاسٹ بولرز ملے ہیں، انضمام الحق

    ورلڈ کپ کی تیاری بالکل ٹھیک جارہی ہے، اچھے فاسٹ بولرز ملے ہیں، انضمام الحق

    پشاور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاری بالکل ٹھیک جارہی ہے، ہمیں اچھے فاسٹ بولرز ملے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے تیاری ہورہی ہے، کھلاڑی تیار ہیں، اچھی ٹیم بنے گی اور گرین شرٹس فیورٹ ہوگی۔

    انضمام الحق نے کہا کہ زیادہ میچز کھیلنے سے بلے بازوں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ون ڈے میچز میں پاکستانی ٹیم نے فائٹ کی۔

    آسٹریلیا سے شکست پر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ہمارے 7 سے 8 کھلاڑی آرام کررہے تھے اور آخری دو میچز میں 10 کھلاڑی باہر تھے پھر بھی کھلاڑیوں نے محنت کی۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں کپتان کون ہوگا، مکی آرتھر نے بتادیا

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا باصلاحیت کھلاڑیوں کی فراہمی میں اہم کردار ہے، نوجوان کرکٹرز کو اچھی کوچنگ ملے تو ان کے کھیل میں بہتری آئے گی، باصلاحیت کھلاڑیوں کے سامنے آنے سے بچوں میں مزید شوق پیدا ہوگا۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے ہمارے پاس ہر کھلاڑی کا انفرادی منصوبہ تیار ہے، انگلینڈ میں بھرپور تیاری کریں گے، تمام اہم کھلاڑیوں کو فٹنس کے معیار پر پورا اترنا ہوگا، فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔