Tag: انقرہ

  • پاک بھارت کشیدگی، ترک وزیر خارجہ کی پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی

    پاک بھارت کشیدگی، ترک وزیر خارجہ کی پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی

    انقرہ: پاک بھارت کشیدگی پر ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، ترک وزیر خارجہ نے اپنی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

    [bs-quote quote=”خطے میں قیام امن کے لیے ترکی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ترک وزیر خارجہ”][/bs-quote]

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کو بھارت کی طرف سے کی جانے والی دراندازی اور خطے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال سے آگاہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہم اپنی سالمیت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، ہم بھارتی جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔

    ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے، مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل بات چیت سے نکالا جاسکتا ہے، خطے میں قیام امن کے لیے ترکی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیں: روس

    واضح رہے کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے دونوں ملکوں کو صبرو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا گیا ہے، امریکا نے بھی کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مزید عسکری سرگرمیاں نہیں ہونی چاہئیں۔

    پاکستان کے دوست ملک چین نے بھی احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان وہ اقدامات کریں جس سے خطے میں استحکام اور دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے۔

  • ترکی کا 50 ہزار پاکستانی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ

    ترکی کا 50 ہزار پاکستانی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ

    انقرہ: ترکی نے غیرقانونی طور پر ترکی میں مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 50 ہزار پاکستانیوں کو داخلی استحکام کے لیے خطرہ قرار دے کر ملک بدر کردیا جائے گا، اجلاس میں ملکی سلامتی سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

    ترک وزارت خارجہ نے ایک خط کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا ہے کہ ترکی بہت جلد اپنے ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کو بے دخل کردے گا۔

    ترک وزیر خارجہ نے پاکستان بھیجے گئے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ ملک بھر کی جیلوں میں 50 ہزار سے زائد پاکستانی شہری قید ہیں جن کے پاس سفری دستاویزات موجود نہیں ہیں اور یہ غیرقانونی طور پر ترکی پہنچے تھے، کچھ کو عدالتوں نے سزا سنائی ہے۔

    مزید پڑھیں: ترکی نہیں جانا چاہتے، پاکستان میں ہی رہنے کی اجازت دی جائے، ترک اساتذہ

    خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ قیدیوں کو اتنی بڑی تعداد میں جیلوں میں رکھنا ممکن نہیں رہا اور ان کی وجہ سے انتظامی امور کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے اس لیے حکومت ان افراد کو ڈی پورٹ کرے گی۔

    تارکین وطن کی بے دخلی کے معاملے پر فی الوقت پاکستانی حکومت کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 10 فروری کو بھی ترکی سے 60 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا تھا جنہیں ایئرپورٹ پر پہنچتے ہی ایف آئی اے نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

  • ترکی: دہشت گردوں سے تعلق کا الزام، امریکی قونصل خانے کا ملازم رہا

    ترکی: دہشت گردوں سے تعلق کا الزام، امریکی قونصل خانے کا ملازم رہا

    انقرہ: ترکی میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتار امریکی قونصل خانے کے ملازم کو ترک عدالت نے رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی میں امریکی قونصل خانے کے ملازم حمزہ الوسی کو ترک عدالت نے رہا کردیا، اس پر دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کا بھی الزام تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ترکی کی پولیس نے ملازم کو فروری 2017 میں گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں ترک عدالت نے چار سال 6 ماہ عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    حمزہ الوسی ترکی کے جنوبی صوبے انانہ میں قائم امریکی قونصل خانے میں ملازم تھا، ترک عدالت نے اسے رہائی تو دے دی تاہم بیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں ترکی کی عدالت نے دہشت گردوں سے تعلقات کے الزام میں گرفتار امریکی پادری اینڈریو براؤنس کو رہائی دی تھی، سنہ 2016 میں حکومت مخالف تنظیموں سے تعلقات کے شبے میں اینڈریو براؤنسن کو گرفتارکیا تھا، جس کے بعد ترکی اور امریکا کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    امریکی پادری کی رہائی کے بعد امریکا نے ترکی سے پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دے دیا

    ترک عدالت نے اکتوبر 2016 میں امریکی پادری کو دہشت گردی کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی اور اگست میں انہیں ایک گھر میں نظربند کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ 26 جولائی 2018 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ترکی نے امریکی پادری کو رہا نہ کیا تو اسے سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے ترک وزیر صحت کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے ترک وزیر صحت کی ملاقات

    انقرہ: وزیر اعظم عمران خان سے ترک وزیر صحت نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ترک وزیر صحت نے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ وفد میں شعبہ صحت سے متعلقہ کاروباری اداروں کے نمائندے شامل تھے۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ شعبہ صحت میں تجربے اور ٹیکنالوجی کے تبادلے سمیت سرمایہ کاری پر بھی گفتگو کی گئی۔

    وزیر اعظم کی کمال اتا ترک کے مزار پر حاضری

    وزیر اعظم عمران خان نے غازی مصطفیٰ کمال اتا ترک کے مزار پر بھی حاضری دی۔ وزیر اعظم نے مزار پر رکھی سنہری کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

    وزیر اعظم نے لکھا کہ آج اس مزار پر آنا میرے لیے باعث عزت ہے، مصطفیٰ کمال اتا ترک 20 ویں صدی کے عظیم سیاستدان تھے۔ اتا ترک نے مشکل حالات میں ترک قوم کی رہنمائی کی اور نہ صرف ترکی بلکہ دنیا کی تاریخ کو بھی بدلا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ترکی میں موجود ہیں۔ وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، خسرو بختیار اور مشیر تجارت رزاق داؤد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    ترکی میں وزیر اعظم نے تاجروں اور صنعت کاروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان اور ترقی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے، ترکی کی تحریک آزادی میں بھی پاکستان کے لوگوں کا بڑا کردار ہے۔

    پاکستان ترک بزنس کاؤنسل سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ملائشیا اور جنوبی کوریا کے لیے رول ماڈل تھا۔ 60 کی دہائیکے بعد منافع کمانے کو برا سمجھا جانے لگا، معیشت کو نقصان پہنچا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ 80 کی دہائی میں کچھ سیاستدان اور بیورو کریٹ کاروبار میں منافع کے خلاف تھے۔ ہم سمجھتے ہیں کاروبار سے منافع کمانا کوئی بری بات نہیں، منافع سے لوگوں کو غربت سے نکالنے میں مدد ملتی ہے۔

    وزیر اعظم نے وفد کے ہمراہ مولانا جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری بھی دی جہاں انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم ترک صدر رجب طیب اردغان سے ملاقات بھی کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • پاکستان اور ترکی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے، وزیراعظم

    پاکستان اور ترکی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے، وزیراعظم

    انقرہ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترقی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان اور ترقی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے، ترکی کی تحریک آزادی میں بھی پاکستان کے لوگوں کا بڑا کردار ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سی پیک منصوبے سے زبردست تجارتی سرگرمیاں ہوں گی، پاکستان کی آبادی میں 12 کروڑ نوجوان ہیں، ملک میں گورننس کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کے لیے اقدامات کررہے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار آسان بنانے کی کوشش کررہے ہیں، تیل، گیس، معدنیات کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آئندہ پانچ سال میں 50 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے، پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ مواقع ہیں، دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے نصف پاکستان میں ہیں، سیاحت کے فروغ کے لیے توجہ دے رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اعلیٰ سطح وفدکےہمراہ ترکی پہنچ گئے

    انہوں نے کہا کہ ہم چین کی مدد سے خصوصی اقتصادی زونز قائم کررہے ہیں، پاکستان میں مذہبی سیاحت کے بھی بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

    مولانا جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری

    قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ مولانا جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری دی، وزیراعظم نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مولانا جلال الدین رومی کا شمار عظیم صوفی بزرگوں میں ہوتا ہے، جلال الدین رومی کی صوفیانہ تصنیفات روحانی موضوعات پر شاہکار ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مولانا روم علامہ اقبال کے روحانی پیشوا تھے، ترکی کے ساتھ تاریخی، تہذیبی، ثقافتی تعلقات صدیوں پر محیط ہیں۔

  • چیف جسٹس ثاقب نثار کی ترکی کے صدر طیب اردوان اور ہم منصب سے ملاقات

    چیف جسٹس ثاقب نثار کی ترکی کے صدر طیب اردوان اور ہم منصب سے ملاقات

    انقرہ : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ترکی کے صدر طیب اردوان سے ملاقات کی، ملاقات میں ترک صدر نے جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار جو ان دنوں عالمی عدالتی کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں ترکی کے دورے پر ہیں، اس دوران انہوں نے ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کی۔

    اس حوالے سے سپریم کورٹ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جسٹس ثاقب نثار نے ترکی کے صدر طیب اردگون سے ملاقات کی ہے اس موقع پر ترک صدر نے چیف جسٹس کو خوش آمدید کہتے ہوئے خلوص اور محبت کا اظہار کیا۔

    چیف جسٹس نے پاک ترک عوام کے خصوصی تعلقات پر اظہار خیال کیا، ترک صدر طیب اردوان نے بھی پاکستانی عوام سے متعلق اچھے جذبات کا اظہار کیا۔

    ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ترکی میں ایک مقامی تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کی ملاقات ترک آئینی عدالت کے صدر ڈاکٹر زختو ارسلان سے ہوئی۔

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس ثاقب نثار کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے،ترجمان سپریم کورٹ

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیف جسٹس نے اپنے ہم منصب کو پاکستان کے عدالتی نظام سے متعلق آگاہ کیا۔

  • پاک فضائیہ کےسربراہ کےلیےترکی کا اعلیٰ ترین لیجن آف میرٹ ایوارڈ کا اعزاز

    پاک فضائیہ کےسربراہ کےلیےترکی کا اعلیٰ ترین لیجن آف میرٹ ایوارڈ کا اعزاز

    کراچی : پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کو دورہ ترکی کے دوران اعلیٰ ترین ترکی کے اعزاز ’لیجن آف میرٹ‘ سے نوازا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے انقرہ میں ترک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل حسن کیچیکا کیاز نے کیا۔ اس موقع پر ایئرچیف کو ترک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں تقریب کے دوران ترکی کے فوجی اعزاز لیجن آف میرٹ سے بھی نوازا گیا۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئرچیف نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل حسن کیچیکا کیاز سے بھی ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پرگفتگو کی گئی۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا کہ دونوں ممالک میں برسوں پرمحیط قابل رشک تعلقات ہیں۔

    ترک فضائیہ کے سربراہ نے جنرل حسن کیچیکا کیاز نے دونوں ممالک میں دفاعی، سیکیورٹی تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک میں باہمی تعاون، دفاعی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • امریکہ کا رویہ جنگلی بھیڑیئے جیسا ہے، جو قابل اعتبار نہیں، رجب طیب اردوان

    امریکہ کا رویہ جنگلی بھیڑیئے جیسا ہے، جو قابل اعتبار نہیں، رجب طیب اردوان

    انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکا کے رویے کو جنگلی بھیڑیے سے تشبیہ دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی اجارہ داری کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی ضروت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرغزستان میں بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ترک صدر نے امریکا کی جانب سے لگائی جانے والی حالیہ معاشی پابندیوں پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کا رویہ ایک جنگلی بھیڑیے جیسا ہے، اس لیے اس پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے، تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ترکی اور روس کے درمیان ڈالرز کے بغیر تجارت کی بات چیت چل رہی ہے۔

    ہمیں آپس میں اپنی کرنسیوں میں تجارت کر کے امریکی ڈالر کی اجارہ داری کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی ضروت ہے، ڈالر کا استعمال ہمیں نقصان پہنچاتا ہے لیکن فتح حاصل کرنے تک ہم ہار نہیں مانیں گے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ترکی کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، اس کی وجہ ترکی میں ایک امریکی پادری کی گرفتاری بنی تھی، جسے اپنے خلاف دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے، ٹرمپ انتظامیہ کا مطالبہ ہے کہ اس پادری کو رہا کیا جائے۔

    علاوہ ازیں گذشتہ دنوں امریکا نے دہشت گردوں سے رابطے کے الزام میں گرفتار امریکی پادری کو رہا نہ کرنے کی صورت میں ترکی پر مزید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

  • ترکی میں واقع امریکی سفارت خانے پر مسلح افراد کی فائرنگ

    ترکی میں واقع امریکی سفارت خانے پر مسلح افراد کی فائرنگ

    انقرہ : ترکی میں واقع امریکی سفارت خانے پر مسلح شدت پسندوں نے فائرنگ کردی، ترکی کے سیکیورٹی اداروں نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں واقع امریکی سفارت خانے پر کار سوار ملزمان کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے حملے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم حملہ آوروں کی گولیاں سفارت خانے کے باہر بنی چیک پوسٹ پر لگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ پیر کی صبح 5 بجے پیش آیا جب ایک سفید کار سفارت خانے کے سامنے رکی اور اندر بیھٹے حملہ آوروں نے گولیاں برسا دی۔

    ترک حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے سفارت خانے پر حملے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے حملہ آوروں کو حراست میں لینے کے لیے چھاپہ مار کارروائی شروع کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترکی میں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے باعث امریکی سفارت خانہ ایک ہفتے کے لیے بند ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پر عائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے ترک مخالف بیان کے بعد ترک کی کرنسی لیرا بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کی قدر میں ریکاڑ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    طیب اردوگان نے امریکی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے حکومتی اراکین کو امریکی وزیر داخلہ اور وزیر انصاف کے ترکی میں موجود اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

    خیال رہے کہ امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک وزیر قانون و انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر امریکا نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔

  • ترک صدارتی انتخابات میں رجب طیب اردگان فتح یاب‘ دوسری بارصدرمنتخب

    ترک صدارتی انتخابات میں رجب طیب اردگان فتح یاب‘ دوسری بارصدرمنتخب

    انقرہ: ترکی کے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدر رجب طیب اردگان صدارتی انتخابات پہلے مرحلے میں جیت گئے ہیں انہیں 53 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

    ترک سرکاری میڈیا کے مطابق رجب طیب اردگان نے صدارتی انتخابات میں 53 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے حریف محرم انسے 31 فیصد ووٹ ہی حاصل کرسکے ہیں تاہم نتائج حتمی اعلان 29 جون کو کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کے بیان سے قبل ہی صدر رجب طیب اردگان نے انتخابات میں اپنی کامیابی کے اعلان کے ساتھ پارلیمانی انتخابات میں اپنی جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کی پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا۔

    ترک صدر کی جانب سے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں فتح کے اعلان کے بعد ان کے حامی جشن منانے کے لیے سڑکوں پرنکل آئے۔

    دوسری جانب حزب اختلاف محرم انسے نے اب تک رجب طیب اردگان کی کامیابی کو تسلیم کرنے کا اعلان نہیں کیا اور کہا کہ نتائج جو بھی ہوں وہ ملک میں جمہوریت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

    سرکاری میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات کے علاوہ ملک میں پارلیمانی انتخاب بھی ہوئے اور اب تک گنے گئے 96 فیصد ووٹوں میں رجب طیب اردگان کی اے کے پارٹی 43 فیصد ووٹوں سے آگے ہے جبکہ محرم انسے کی پارٹی سی پی ایچ کے پاس 23 فیصد ووٹ ہیں۔

    خیال رہے کہ ترکی میں یہ انتخابات نومبر 2019 میں ہونے تھے لیکن ترک صدر نے انہیں قبل ازوقت کرانے کا فیصلہ کیا۔ اس انتخاب میں کامیابی کے بعد رجب طیب اردگان دوسری مرتبہ پانچ سال کے لیے صدر منتخب ہوگئے۔

    یاد رہے کہ ترکی میں 15 جولائی 2016 کو رجب طیب اردوان کا تختہ الٹنے کی کوشش میں کم سے کم 260 افراد ہلاک اور 2200 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سے ملک میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

    واضح رہے کہ رجب طیب اردگان 2014ء میں صدر بننے سے قبل 11 سال تک ملک کے وزیراعظم کےعہدے پرفائر رہ چکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔