Tag: انور مقصود

  • امریکا سے شرمناک شکست پر انور مقصود کا دلچسپ تبصرہ

    امریکا سے شرمناک شکست پر انور مقصود کا دلچسپ تبصرہ

    کراچی : معروف ادیب انور مقصود نے ٹی ٹوئٹنی ورلڈکپ میں پاکستان کی امریکا سے شکست  کی دلچسپ وجہ بتادی۔

    پاکستان کے لیجنڈری مصنف، طنز و مزاح نگار اور میزبان انور مقصود کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں انہوں نے ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی عبرتناک شکست کی انوکھی وجہ بتائی ہے۔

    پاکستانی ٹیم کو امریکا سے ہار کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے، جبکہ شوبز شخصیات بھی پاکستان کی شکست پر دلچسپ ردعمل دیتے نظر آرہے ہیں۔

    انور مقصود کی وائرل ویڈیو میں اُن سے کسی نے پوچھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا سے میچ ہارنے پر وہ کیا کہیں گے؟ اس سوال کے جواب میں انور مقصود نے کہا کہ پاکستان مجبوری میں امریکا سے میچ ہارا ہے کیونکہ ہمیں آئی ایم ایف سے قرضہ ملنا ہے جو ابھی تک نہیں ملا۔

    انور مقصود نے کہا ہوسکتا ہے کہ میچ میں شکست کی بھی شرط رکھی گئی ہو  کہ پہلے امریکا سے میچ ہارو پھر پیسے دیں گے ورنہ پاکستان کے ہارنے کی کوئی اور وجہ سمجھ نہیں آتی۔

    انور مقصود نے پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کہ اب جن پاکستانیوں نے 9 جون کے ٹکٹ خریدے ہوئے ہیں وہ آدھی قیمت میں اپنے ٹکٹ بیچیں گے۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔

  • میں زندہ ہی اس الیکشن کے لیے ہوں دیکھ کر جاؤں گا: انور مقصود

    میں زندہ ہی اس الیکشن کے لیے ہوں دیکھ کر جاؤں گا: انور مقصود

     عام انتخابات 2024 کے لیے اے آروائی نیوز نے ’نکلو پاکستان کی خاطر‘ مہم کا آغاز کردیا۔

    نامور دانشور اور مصنف انور مقصود نے قوم کو پیغام میں کہا ہے کہ خوشی کی خبر ہے، پاکستان میں 8 فروری کو الیکشن ہونے جارہے ہیں، موسم کیسا بھی ہو آپ کو گھر سے نکلنا ہے۔

    انور مقصود نے کہا کہ 8 فروری کو ووٹ کے لیے ضرور نکلیں، جس کو دل چاہے ووٹ دیں، چھٹی کا دن ہے گھر نہ بیٹھیں، چھٹی کا دن ہے سب گھر سے نکلیں۔

    انور مقصود کا کہنا تھا کہ میں زندہ ہی اس الیکشن کے لیے ہوں کہ دیکھ  کر جاؤں، 8 فروری کو  ہر گھر سے آپ کے ساتھ انور مقصود نکلے گا۔ گھر سے نکلیں ووٹ ڈالیں۔

  • معروف ادیب انور مقصود نے بھی کرونا ویکسین لگوالی

    معروف ادیب انور مقصود نے بھی کرونا ویکسین لگوالی

    کراچی: معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے بھی کرونا ویکسین لگوالی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کو انور مقصود نے آرٹس کونسل میں قائم ویکسی نیشن سینٹر سے ویکسین لگوا لی۔

    ویکسین لگوانے کے بعد انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا میں 80 برس کا ہوگیا ہوں، میں نے بھی ویکسین لگوائی ہے، اپیل ہے کہ کرونا ویکسین ضرور لگوائیں۔

    انور مقصود نے کہا اگر کوئی آپ کو ویکسین لگوانے سے روکتا ہے تو ایسی باتوں پر کان نہ دھریں۔

    جمعے کو جی ڈی اے رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے بھی کرونا ویکسین لگوائی ہے، انھوں نے اسلام آباد میں ویکسین لگوائی۔ اپنے پیغام میں انھوں نے کہا ویکسین لگوائیں خود کو اور دوسروں کو وائرس سے بچائیں۔

    جمعے ہی کو سابق میئر کراچی اور ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے بھی کرونا ویکسین لگوائی، وسیم اختر کے ہمراہ ان کی خوش دامن نے بھی ویکسین لگوائی۔

    گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا یہ حکومت کا احسن اقدام ہے، تمام انتظامات بہت اچھے ہیں، عوام ویکسین ضرور لگوائیں، کرونا سے بچنا ہے تو ویکسین لگوائیں اور دوسروں تک بھی یہ پیغام پہنچائیں۔

  • ہر دل عزیز معین اختر آج ہی کے دن ہم سے جدا ہوئے تھے

    ہر دل عزیز معین اختر آج ہی کے دن ہم سے جدا ہوئے تھے

    ہر دل عزیز فن کار معین اختر نے آج ہی کے روز اس دنیا سے ناتا توڑا تھا، اور مداح آج ان کی نویں برسی منارہے ہیں۔

    پاکستان میں پرفارمنگ آرٹ، خاص طورپر نقالی کے فن کی بات کی جائے تو معین اختر کا کوئی ثانی نہ تھا۔ اس فن کو نہایت خوبی سے اپنی شناخت کا ذریعہ بناتے ہوئے معین اختر نے صدا کاری سے ادا کاری تک اپنی صلاحیتوں کو منوایا اور شہرت کے ہفت آسمان طے کیے۔

    معین اختر جیسے فن کار صدیوں میں‌ پیدا ہوتے ہیں۔ اسٹیج سے ریڈیو تک، ریڈیو سے ٹیلی ویژن اور پھر فلم نگری تک معین اختر نے ہزاروں روپ بدلے، سیکڑوں کردار نبھائے اور وہ سبھی لازوال اور ذہنوں پر نقش ہیں۔

    انھیں ایک ایسے ورسٹائل آرٹسٹ اور باکمال فن کار کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے جس نے اس نگری کے ہر شعبے میں تخلیقی اور شان دار کام کیا۔ اسٹیج اور ٹیلی ویژن ڈراموں میں کامیڈی کے ساتھ معین اختر نے سنجیدہ کردار بھی نبھائے۔ صدا کار، ادا کار، مختلف پروگراموں کے کام یاب میزبان، گلوکار اور اسکرپٹ رائٹر کی حیثیت سے بھی معین اختر نے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کو منوایا۔

    معین اختر کا تعلق کراچی سے تھا جہاں 24 دسمبر، 1950 کو آنکھ کھولی۔ اس بے مثال اداکار نے 2011 کو اسی شہر میں زندگی کا سفر تمام کیا۔

    معین اختر سولہ برس کے تھے جب اسٹیج پر پہلی پرفارمنس دی اور حاضرین کے دل جیت لیے۔ ٹیلی ویژن وہ میڈیم تھا جہاں قدم رکھتے ہی گویا ان کی شہرت کو پَر لگ گئے۔ 70 کی دہائی میں معین اختر پاکستان بھر میں پہچان بنا چکے تھے۔

    مزاحیہ شوز ففٹی ففٹی، لوز ٹاک، ہاف پلیٹ، اسٹوڈیو ڈھائی اور روزی جیسا ٹی وی پلے ان کی شان دار پرفارمنس کی وجہ بہت مقبول ہوا۔

    معین اختر کا فنی سفر 45 سال پر محیط ہے جسے ہر لحاظ سے شان دار اور متأثر کن کہا جاتا ہے۔

    پرفارمنگ آرٹ کے اس بے تاج بادشاہ نے کئی معتبر ایوارڈز اپنے نام کیے اور انھیں سرحد پار بھی بہت پسند کیا جاتا تھا۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے معین اختر کو ستارۂ امتیاز اور تمغۂ حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔

    معین اختر پاکستان کے ان آرٹسٹوں میں شمار ہوتے ہیں جنھوں نے دلوں پر راج کیا اور کبھی، کسی بھی روپ میں ان کے مداحوں کو ان کی پرفارمنس سے مایوسی نہیں ہوئی۔ معین اختر کے ساتھ فنِ نقالی اور اسٹیج پرفارمنس کا گویا ایک عہد بھی رخصت ہوگیا۔

  • عمران خان ستارے کی طرح‌ ہے، دنیا بھر کے پاکستانی اس کی اپیل پر لبیک کہیں: انورمقصود

    عمران خان ستارے کی طرح‌ ہے، دنیا بھر کے پاکستانی اس کی اپیل پر لبیک کہیں: انورمقصود

    کراچی:‌ ممتاز ڈراما نگار انور مقصود نے کہا ہے کہ عمران خان کی اپیل پر دنیا بھر کے پاکستانیوں کو لبیک کہنا چاہیے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "سوال یہ ہے” میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    انور مقصود کا کہنا تھا کہ میں‌ پاکستان کو گرین دیکھنا چاہتا ہوں، ڈیم بننے سے ہی پاکستان گرین ہوگا، بدقسمتی سے ماضی میں اس جانب توجہ نہیں‌ دی گئی.

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد شخصیت ہیں، جس نےکرپشن کے خلاف آوازاٹھائی. اوورسیزپاکستانیوں کے لئے ایک ہزار ڈالر 100روپے کےبرابرہیں.

    انور مقصود کا کہنا تھا کہ دعا کرتا ہوں عمران خان جو کہہ رہے وہ کرکے دکھائیں اوروہ کریں گے، وہ اس وقت آسمان میں ایک چکمتےستارے کی طرح ہیں.

    امید ہے تمام پاکستانی ڈیم فنڈ میں عطیات دیں گے: عمر شریف

    پروگرام میں شریک معروف اداکار عمر شریف کا کہنا تھا کہ پانی کا ایک ایک قطرہ نعمت کی طرح ہے، اسے بچانے کی ضرورت ہے.

    انھوں نے کہا کہ خشک سالی سے بچنے کے لئے ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کرانے چاہییں، یہ پیسے ہم اُس ملک کو دے رہے ہیں، جس نے ہمیں جگہ اورعزت دی ہے.

    انھوں نے امید ظاہر کی تمام پاکستانی ڈیم فنڈ میں عطیات دینے کے لئے آگے بڑھیں گے.

  • انور مقصود کی سوانح حیات ’الجھے سلجھے انور‘کی تقریب رونمائی

    انور مقصود کی سوانح حیات ’الجھے سلجھے انور‘کی تقریب رونمائی

    کراچی: معروف ادیب و افسانہ نگار انور مقصود کی سوانح حیات پر مبنی کتا ب ’’الجھے سلجھے انور‘‘کی رونمائی کی گئی۔ کتاب کی مصنفہ ان کی شریکِ حیات عمرانہ مقصود ہیں‘ جنہوں نے انور مقصود کی 75 سالہ زندگی کا تفصیلی جائزہ انتہائی خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکتبۂ دانیال کی جانب سے شائع کردہ معروف ڈرامہ و افسانہ نگار اور کمپیئر انور مقصود کی سوانح حیات کی رونمائی کراچی میں ہوئی، یہ کتاب انور مقصود کی اہلیہ نے تحریر کی اور اسے ’’الجھے سلجھے انور‘‘کا نام دیا گیا ہے۔ اس کتاب کے متعلق ناقدین کی رائے ہے کہ انور مقصود کے اس سے زیادہ مستند سوانح حیات نہیں ہوسکتی۔

    اس موقع پر انور مقصود کا خود بھی یہی کہنا تھا کہ ’’میری سوانح عمری میری ہمسفر نے تحریر کی‘ میرے بارے میں میری بیگم سے بہتر کوئی اور نہیں جانتا۔ تقریب کے شرکاء نے کتاب کی رونمائی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  یہ ہماری زندگیوں میں سیکھنے کے عمل کو مہمیز کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

    imrana

    تقریب کے شرکا ء سے اپنی کاوش پر تبصرہ کرتے ہوئے معروف مصنف کی شریکِ حیات عمرانہ مقصود کا کہنا تھا کہ ’نوجوان نسل کے لئے انور مقصود کی سوانح حیات مشعلِ راہ ہے۔ یہ کتاب میری دوسال کا محنتِ شاقہ کا ثمر ہے جو کہ نوجوان نسل کو کامیاب گھریلو اور کامیاب پیشہ ورانہ زندگی گزارنے کے طور طریقے سکھائے گی‘‘۔

    تقریب میں شریک شعبہ ادب سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس موقع پر عمرانہ مقصود کو ان کی اس بے مثال کاوش پر مبارک باد پیش کی۔

  • سیاچن پررہنے والوں کی زندگی پرڈرامہ پیش کردیا گیا

    سیاچن پررہنے والوں کی زندگی پرڈرامہ پیش کردیا گیا

    اسلام آباد: سیاچن پر رہنے والے فوجی جوانوں کی روز مرہ زندگی پر لکھے گئے ڈرامے کو نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا۔

    اسٹیج ڈرامہ سیاچن بائیس ہزار فٹ کی بلندی پر واقع دنیا کے بلند ترین محاز کے جنگی حالات زندگی پر انور مقصود کی ایک اورمنفردتحریر ہے ۔

    اسٹیج پر سیاچن کی برف پوش چوٹیاں دیکھنے پر جہاں حاضرین کے بد ن میں خون جمنے لگتا ہے تو وہیں مزاح سے بھر پور با معنی کاٹ دار جملے حاضرین کے خون کو گرما دیتے ہیں ۔

    نوجوان فنکاروں نے اپنے کرداروں سے بھر پور انصاف کرتے ہوئے سیاچن پرپاک فوج کے شب و روز کو ایسی کمال مہارت سے پیش کیا ہے کہ ماحول پر حقیقت کا گماں ہونے لگتاہے، انور مقصود کا کہنا تھا کہ ڈرامہ میں انھوں نے فوجی افسران کی بجائے عام سپاہی کو موضوع بنایا ہے۔

    ڈرامہ میں سیاچن کے کھٹن حالات زندگی کی اسٹیج پر کامیا ب عکاسی کے زریعے سرحدوں کی محافظ پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔

  • انور مقصود کا تحریر کردہ اسٹیج ڈرامہ سیاچن 29 اکتوبر اسلام آباد میں پیش کیا جائے گا

    انور مقصود کا تحریر کردہ اسٹیج ڈرامہ سیاچن 29 اکتوبر اسلام آباد میں پیش کیا جائے گا

    کراچی: بلند ترین محاذ جنگ پر انور مقصود کا تحریر کردہ اسٹیج ڈرامہ سیاچن 29 اکتوبر کو پیش کیا جائے گا۔

    انور مقصود کا تحریر کردہ اسٹیج ڈرامہ سیاچن 29 اکتوبر اسلام آباد کے شہریوں کیلئے پیش کیا جائے گا جبکہ موبی لنک اسٹیج ڈرامے سیاچن کو اسپانسر کر رہا ہے ۔

    ڈرامہ کے مصنف انور مقصود، پروڈیوسر داور محمود اور موبی لنک کے سی سی او عامر ابراہیم نے اسلام آباد میں ڈرامہ سے متعلق مشترکہ نیوز کانفرنس کی ۔

    انور مقصود کا کہنا تھا کہ ڈرامہ میں انھوں نے فوجی افسران کی بجائے عام سپاہی کو موضوع بنایا ہے موبی لنک کے سی سی او عامر ابراہیم کا کہنا تھا کہ اسٹیج ڈرامہ معاشرے کا لازمی جزو ہے اور ثقافت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے موبی لنک ثقافت کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔

    Siachen, for the love of Soldiers – Anwar Maqsood

    Siachen, for the love of Soldiers – Anwar MaqsoodDOP: Hajra YaminStoryboard/ Edited by: Osama Mukhtar

    Posted by KopyKats Productions on Monday, October 26, 2015

    Siachen – by Anwar Maqsood

    Posted by KopyKats Productions on Tuesday, October 27, 2015

    ڈرامہ پروڈیوسر داور محمود کاکہناتھاکہ اسلام آباد کے بعد دیگر شہروں کے شائقین کیلئے بھی یہ ڈرامہ پیش کیا جائے گا جبکہ اسلام آباد میں 19 نومبر تک ڈرامہ کے شوز پیش کیئے جائیں گے۔

  • انور مقصود کا دھرنا اسلام آباد کے شہریوں کیلئے 27 نومبر سے پیش ہوگا

    انور مقصود کا دھرنا اسلام آباد کے شہریوں کیلئے 27 نومبر سے پیش ہوگا

    اسلام آباد: انور مقصود کاملک کی موجودہ صورتحال پر تحریر کیا جانے والا اسٹیج پلے انور مقصود کا دھرنا وفاقی دارلحکومت کے شہریوں کیلئے ستائیس نومبر سے پیش کیا جائے گا۔

    ڈرامہ کے مصنف انور مقصود کا ڈرامہ ڈائریکٹرز داور اور یاسر کے ہمراہ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہناتھاکہ ڈرامہ میں مذاح ہے مگر کسی کی تضحیک نہیں کی گئی جبکہ اس ڈرامہ کے موضوع میں نوا ز لیگ ، پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف ، جے یو آئی کو بھی شامل کیا گیا ہے،لوڈ شیڈنگ اور ٹی وی سنسر شپ جیسے مسائل بھی اس ڈرامہ کا موضوع ہونگے۔

    ڈرامہ کے ڈائریکٹر داور نے بتایا کہ ملک کی حکومت کے زیر انتظام لاہور الحمرا اور اسلام آبا د پی این سی اے کی عمار ت میں ڈرامہ پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اسلام آباد کلب میں ڈرامہ پیش کیا جارہا ہے،جبکہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے تیس نومبر کو بھی ڈرامہ پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، ڈرامہ انور مقصود کا دھرنا سترہ دسمبر تک اسلام آباد میں جاری رہے گا جس کے بعد یہ ڈرامہ لاہور اور کراچی بھی لے جایا جائے گا۔