Tag: انوشکا شرما

  • انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کو شکست دے دی

    انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کو شکست دے دی

    بنگلورو: بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے ایک بیڈمنٹن میچ میں اپنے شوہر ویرات کوہلی کو شکست سے دوچار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلورو میں ایک برانڈ کی تشہیر کے لیے انوشکا اور کوہلی ایک دفتر پہنچے تو وہاں انھوں نے اپنے مداحوں کے ساتھ بیڈمنٹن کھیلا، دونوں میاں بیوی نے آپس میں بھی ایک میچ کھیل کر مداحوں کو حیران کر دیا۔

    اس تقریب کی کئی تصاویر اور ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق انوشکا اور ویرات کو کچھ تصاویر میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشیوں کے ساتھ بیڈمنٹن کھیلتے ہوئے دیکھا گیا۔

    اس موقع پر انوشکا نے شارٹس کے ساتھ سیاہ ٹی شرٹ پہنی تھی جب کہ کرکٹر ویرات کوہلی نے سیاہ ٹریک پینٹ کے ساتھ سفید اور نیلی دھاری والی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔ انوشکا کھیلتے ہوئے بہت پُر جوش نظر آئیں۔

    انوشکا اور ویرات کوہلی نے مداحوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں، اس موقع کی ایک اور ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہے، جس میں انوشکا شرما کو ’فلپ دا کپ‘ گیم میں پرجوش دیکھا جا سکتا ہے۔

  • روہت شرما نے انوشکا شرما کے بیان کی تردید کر دی

    روہت شرما نے انوشکا شرما کے بیان کی تردید کر دی

    بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان احمد آباد میں کھیلے گئے بارڈر گواسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

    بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف 3 سال کے بعد ٹیسٹ سنچری اسکور کی جس کے باعث انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایواڈ دیا گیا۔

    تاہم ویرات کی شاندار سنچری پر ان کی اہلیہ انوشکا شرما نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری میں یہ انکشاف کیا کہ ویرات کوہلی نے بیماری کی حالت میں بیٹنگ کی۔

    بیماری کے باوجود شاندار بیٹنگ کر کے سنچری بنانے پر انوشکا نے شوہر کی خوب تعریف کی اور ان کی بیٹنگ فارم کو بھی سراہا۔

    انہوں نے اس میچ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور کہا کہ بیمار ہونے کے باوجود ہمت سے بیٹنگ قابل تعریف ہے اور اس جذبے نے ہمیشہ مجھے متاثر کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیسٹ میچ ختم ہونے کے بعد جب کپتان روہت شرما سے اس متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی، ساتھ ہی انہوں نے صحافیوں کو کہہ دیا کہ آپ سوشل میڈیا پر جو دیکھتے ہیں اس پر یقین نہیں کیا کریں۔

    روہت شرما نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ ویرات بیمار ہے انہیں بس تھوڑی کھانسی کی شکایت تھی۔

    روہت شرما کے علاوہ میچ کے اختتام پر بولنگ آل راؤنڈر اکشر پٹیل نے بھی ویرات کوہلی کے بیمار ہونے والی بات سے انکار کردیا، اکشر نے کہا کہ مجھے علم نہیں ہے، جیسے وہ بھاگ رہے تھے اور جیسے انہوں نے شراکت قائم کی، اس سے لگ نہیں رہا تھا کہ وہ بیمار ہیں۔

    اُدھر آخری ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد انڈیا نے چارٹیسٹ میچز کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرتے ہوئے بارڈر گواسکر ٹرافی لگاتار چوتھی مرتبہ جیت لی ہے۔

    اس میچ کے ڈرا ہونے اور کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں ملنے والی شکست نے انڈیا کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچا دیا ہے۔

    خیال رہے آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل رواں سال 7 جون سے انگلینڈ کے اوول کرکٹ گراؤںڈ میں کھیلا جائے گا۔

  • انوشکا شرما کا پہلی فلم سے متعلق دلچسپ انکشاف

    انوشکا شرما کا پہلی فلم سے متعلق دلچسپ انکشاف

    معروف بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے اپنی پہی فلم سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ انہیں فلم سے متعلق اپنے والدین سے بھی چھپانے کے لیے کہا گیا تھا۔

    بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے فلمی کیریئر کی پہلی فلم رب نے بنا دی جوڑی کے بارے میں دلچسپ انکشاف کیا ہے۔

    انوشکا شرما نے نیٹ فلکس کی دستاویزی سیریز دی رومینٹکس کی ایک قسط میں انکشاف کیا کہ آدتیہ چوپڑا نے ان سے اپنے ڈیبیو پروجیکٹ رب نے بنا دی جوڑی کو ابتدائی طور پر والدین سے بھی چھپانے کو کہا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ سب کچھ پوشیدہ تھا، کسی کو اس فلم کے بارے میں کچھ پتہ نہیں تھا اور آدتیہ نہیں چاہتے تھے کہ کسی کو پتہ چلے کہ اس فلم میں مرکزی کردار میں کون سی اداکارہ اسکرین پر نظر آنے والی ہے۔

    انوشکا نے مزید بتایا کہ آدتیہ چوپڑا نے باقاعدہ مجھ سے کہا تھا کہ آپ کسی کو نہیں بتا سکتیں یہاں تک کہ آپ اپنے والدین کو بھی نہیں بتا سکتیں کہ آپ اس فلم کے مرکزی کردار کے لیے کاسٹ ہوئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بات سن کر مجھے بہت عجیب لگا کہ والدین کو بھی نہ بتاؤں کے فلم میں ہیروئین کا کردار مجھے ملا ہے۔

    واضح رہے کہ فلم رب نے بنا دی جوڑی بھارتی فلم انڈسٹری کی نمایاں ترین فلموں میں سے ایک تھی، اس فلم میں شاہ رخ خان اور انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

    فلم کی کہانی سریندر ساہنی نامی ایک سادہ طبیعت کے آدمی کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو تانی نامی ایک لڑکی سے محبت کرتا ہے، ان دونوں کی شادی حادثاتی طور پر ہو جاتی ہے اور پھر سریندر ساہنی شادی کے بعد اپنا حلیہ مکمل طور پر بدل کر تانی کو متاثر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

  • انوشکا شرما بیٹی کی یاد میں اداس

    انوشکا شرما بیٹی کی یاد میں اداس

    انوشکا شرما فلم چک دے ایکسپریس کے ساتھ دوبارہ بڑی اسکرین پر واپسی کی تیاری کر رہی ہیں، اسی سلسلے میں وہ فلم کے سیٹ پر واپس آگئی ہیں۔

    آؤٹ ڈور شوٹنگ کی وجہ سے وہ پہلی بار اپنی بیٹی وامیکا سے دور ہو گئی ہیں اور بیٹی سے اسی دوری نے انہیں شاعرہ بنا دیا۔

    فلم سوئی دھاگے کی اداکارہ نے گزشتہ روز انسٹا گرام اسٹوری پر بیٹی کی یاد میں پوری نظم لکھ دی، انسٹا گرام پر شیئر کی گئی اس نظم میں انہوں نے لکھا:

    میری بیٹی، میں اپنا زیادہ تر وقت اس بات کی جستجو میں صرف کرتی ہوں کہ بہترین ماں کیسے بنا جائے

    میں جانتی ہوں کہ ہمیشہ میں ٹھیک نہیں ہوں

    لیکن، میں وعدہ کرسکتی ہوں کہ جو بھی ہوں میں تم سے وہیں ملوں گی جہاں تم ہو

    نہیں وہاں جہاں تم ہو

    نہیں، وہاں جہاں میرے خیال میں تمہیں ہونا چاہیئے

    نہیں وہاں جہاں تم ہوگی

    لیکن اس لمحے تم کہاں ہو

    فلم چک دے ایکسپریس ماں بننے کے بعد انوشکا کا پہلا پراجیکٹ ہے، جس میں وہ ایک کرکٹر کا کردار ادار کر رہی ہیں۔

  • بیٹی کی تصویر لیک ہونے پر کوہلی کا ردعمل، لیکن مداح ناراض

    بیٹی کی تصویر لیک ہونے پر کوہلی کا ردعمل، لیکن مداح ناراض

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ویراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما کی بیٹی وامیکا کی پہلی جھلک منظر عام پر آگئی جس کے بعد جوڑے نے ایک بار پھر میڈیا سے بیٹی کی تصاویر شیئر نہ کرنے کی اپیل کی ہے، تاہم اس بار ٹویٹر صارفین ان کی اس اپیل کو ڈرامہ قرار دے رہے ہیں۔

    2 روز قبل جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں کوہلی نے ففٹی اسکور کی جس کے بعد انہوں نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کی طرف اشارہ کیا اور اس لمحے سینکڑوں کیمروں نے کوہلی کی بیٹی کا چہرہ عکس بند کرلیا۔

    جوڑا گزشتہ 1 سال سے اپنی بیٹی کا چہرہ کیمروں اور عام لوگوں سے چھپائے ہوئے تھا اور کئی بار کوہلی نے فوٹوگرافرز سے اپنی بیٹی کی تصاویر نہ کھینچنے کی اپیل بھی کی تھی۔

    اب بچی کی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد جوڑے نے ایک بار پھر بیان جاری کرتے ہوئے اپنا مؤقف دہرایا ہے۔

    جوڑے کی جانب سے کہا گیا کہ تصویر ان کی لاعلمی میں کھینچی گئی اور وہ نہیں جانتے تھے کہ کیمرہ اس وقت بچی پر ہے، وہ ایک بار پھر بچی کی تصاویر شیئر نہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔

    تاہم اس بار ٹویٹر صارفین انہیں بخشنے کو تیار نہیں، ٹویٹر صارفین نے ان کی اپیل کو منافقت اور ڈرامہ قرار دے دیا۔

    ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ جوڑے نے یہ حرکت جان بوجھ کر کی ہے، اگر وہ اپنی بچی کی تصویر لیک ہونے کے بارے میں اتنے ہی فکر مند تھے تو وہ اسے اسٹیڈیم میں ہی نہ لاتے جہاں سینکڑوں کیمرے موجود تھے۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ کیسے کہا جاسکتا ہے کہ آپ کیمرے سے لاعلم تھے؟ ظاہر سی بات ہے کہ کوہلی نے 50 اسکور کی اس وقت تمام کیمروں کا رخ ان کی طرف تھا، اس وقت انہوں نے اپنی ففٹی کا جشن منایا اور اپنی اہلیہ اور بیٹی کی طرف اشارہ کیا تو لازمی طور پر کیمرے کا رخ بھی وہیں ہوگا جہاں ان کا شارہ تھا۔

    کچھ صارفین تاحال جوڑے کی حمایت کر رہے ہیں اور ان کی پرائیوسی کا احترام کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

  • ویڈیو: کوہلی نے فوٹوگرافرز کو بیٹی کی تصویر کھینچنے سے روک دیا

    ویڈیو: کوہلی نے فوٹوگرافرز کو بیٹی کی تصویر کھینچنے سے روک دیا

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹر ویراٹ کوہلی نے فوٹوگرافرز کو اپنی بیٹی کی تصویر کھینچنے سے روک دیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ویراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کو اپنی 9 ماہ کی بیٹی وامیکا کے ساتھ ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا جاسکتا ہے۔

    کوہلی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہورہے ہیں جہاں بھارتی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔

    ٹیم کی بس سے اترنے کے بعد کوہلی فوٹو گرافرز کو کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ بچی کی تصویر مت لینا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)

    واضح رہے کہ چند دن قبل ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف شکست کے بعد ویراٹ کوہلی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

    بعد ازاں بھارتی پولیس نے دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • کیا انوشکا کو ویرات کوہلی سے کوئی شکایت ہے؟

    کیا انوشکا کو ویرات کوہلی سے کوئی شکایت ہے؟

    کیا انوشکا کو ویرات کوہلی سے کوئی شکایت ہے؟ شاید نہیں لیکن انسٹاگرام کی ایک پوسٹ پر بالی ووڈ اداکارہ نے اپنے شوہر کو پیار بھرے طنز کا نشانہ بنا دیا ہے۔

    انوشکا شرما کا محبت بھرے طنز اور شکایت سے بھرپور جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، دراصل بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں انھوں نے بیوی کی تعریف کی۔

    گزشتہ روز ویرات کوہلی نے اہلیہ انوشکا شرما کے ہمراہ ایک تصویر انسٹا گرام پر اپلوڈ کی، جس میں وہ دونوں دریا کنارے پتھروں پر بیٹھے ہیں، اور فرحت بخش ماحول سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

    اس تصویر کے کیپشن میں ویرات کوہلی نے انوشکا شرما کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب تم میرے پہلو میں ہو تو، ہر جگہ میں خود کو گھر پر ہی محسوس کرتا ہوں۔‘

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Virat Kohli (@virat.kohli)

    انوشکا کو شاید لگا کہ ویرات نے لوز گیند کر دی ہے، اس لیے انھوں نے شارٹ مارنے کا موقع نہیں گنوایا، اور جواب دیا ’جو بہت اچھا ہے کیوں کہ آپ مشکل ہی سے گھر پر ہوتے ہیں ۔‘

    ویرات نے اس پر مسکرانے پر اکتفا کیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین انوشکا کے جواب کا خوب لطف لے رہے ہیں۔

  • ویرات کی ناقص فیلڈنگ پر تنقید، انوشکا آگ بگولہ

    ویرات کی ناقص فیلڈنگ پر تنقید، انوشکا آگ بگولہ

    دبئی: انڈین پریمیئر لیگ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی ناقص کارکردگی پر تنقید ہوئی تو انوشکا شرما برا مان گئیں اور انہوں نے اپنے شوہر کا دفاع کیا۔

    آئی پی ایل کے میچ میں ویرات کوہلی کی ناقص فیلڈنگ پر سابق کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے تبصرہ کیا جو انوشکا شرما کو بالکل پسند نہیں آیا۔

    کوہلی کے کیچ چھوڑنے پر گواسکر نے کہا کہ ’لگتا ہے کوہلی لاک ڈاؤن کے دوران صرف انوشکا کی باؤلنگ پریکٹس کررہے تھے‘۔

    گواسکر کی اس بات پر بالی ووڈ اداکارہ غصہ ہوئیں اور انہوں نے سابق کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’مسٹر گواسکر آپ کا تبصرہ نامناسب تھا، کرکٹ میں شوہرکی ناکامی یا خراب کارکردگی کا الزام بیوی کو دینا غلط اور سراسر زیادتی ہے‘۔

    دوسری جانب سنیل گواسکر نے اپنی بات کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے انوشکا پر کوئی الزام عائد نہیں کیا اور نہ ہی کوئی نازیبا لفظ بولا، ۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل رائل چیلنجرز بنگلور اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان میچ کھیلا جارہا تھا، جس میں ویرات کوہلی نے کے ایل راہول کے دو کیچ ڈراپ کیے جس کی وجہ سے اُن کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

  • انوشکا شرما اپنے شوہر کی خوبصورتی سے پریشان

    انوشکا شرما اپنے شوہر کی خوبصورتی سے پریشان

    ویلنگٹن: بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اپنے شوہر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی خوبصورتی سے پریشان رہنے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا میں تاریخی اننگز جیتی جس کے بعد کپتان اور بالی ووڈ اداکارہ سیر و تفریح کے لیے نیوزی لینڈ پہنچ گئے۔

    سیریز میں فتح کی خوشی منانے کے لیے انوشکا شرما اسٹیڈیم میں ہی موجود تھیں، بھارت نے تاریخ میں کینگروز کو اُن کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر ایشیا کی پہلی کرکٹ ٹیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

    انوشکا شرما نے بھارتی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا میں جشن منایا اور اب وہ اپنے شوہر کے ہمراہ نیوزی لینڈ پہنچ گئیں جس کی تصاویر اداکارہ انسٹاگرام پر شیئر کررہی ہیں۔

    فلم زیرو کی عافیہ صدیقی نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک اپنی اور ویرات کی تصویر شیئر کی۔ بعد ازاں انوشکا نے اپنے شوہر کی ایک اور تصویر شیئر کی جس پر لکھا کہ ’مجھے سے ویرات کی خوبصورتی سنبھالی نہیں جاتی‘۔

    مزید پڑھیں: فلم زیرو: ’ انوشکا نے مشکل کردار بہت اچھے سے نبھایا ‘

    اس تصویر میں ویرات کوہلی کی آنکھیں پھٹی ہوئی ہیں، اداکارہ نے یہ بات مزاحیہ انداز میں لکھی مگر بھارتی میڈیا نے اسے دوسرا رنگ دینے کی ناکام کوشش کی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں انوشکا کی فلم ’زیرو‘ ریلیز ہوئی تھی جس میں انہوں نے معذور لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔ ویرات کوہلی نے فلم دیکھ کر اپنی اہلیہ کی اداکاری پر تعریفوں کے پُل باندھ دیے تھے۔

  • مسلمان اداکار سے محبت، سوناکشی نے تردید کردی

    مسلمان اداکار سے محبت، سوناکشی نے تردید کردی

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنی اور اداکار ظہیر اقبال کی محبت سے متعلق جاری خبروں کی تردید کردی۔

    بھارتی میڈیا میں گزشتہ ہفتے سے افواہیں زیرگردش تھیں کہ دبنگ گرل سلمان خان کی نئی آنے والی فلم ’نوٹ بک‘ سے ڈیبیو کرنے والے اداکار ظہیر اقبال کی محبت میں گرفتار ہوگئیں اور اُن سے شادی کی خواہش مند ہیں۔

    بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں کی دوستی کروانے میں دبنگ خان نے کردار ادا کیا اور وہ دونوں سلمان خان کی سالگرہ کے بعد سے ایک ساتھ مختلف مقامات پر بھی نظر آئے۔

    میڈیا میں زیرگردش افواہوں کی تردید کرتے ہوئے سوناکشی کا کہنا تھا کہ ’ظہیر اقبال اچھا اداکار اور دوست ہے، پروپیگنڈا پھیلانے سے پہلے اگر تصدیق کرلی جائے تو لوگوں کو منفی باتوں پر زیادہ توانائی خرچ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی‘۔

    مزید پڑھیں: سوناکشی سنہا مسلمان لڑکے کی محبت میں گرفتار

    سوناکشی کا کہنا تھا کہ ’جس طرح سلمان خان نے مجھے انڈسٹری میں متعارف کرایا اُسی طرح دبنگ خان ظہیر اقبال کو بھی فلمی پردے پر لارہے ہیں، میرا فرض بنتا ہے ایک نئے اداکار کو سپورٹ اور اُس کی حوصلہ افزائی کروں‘۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’محبت میں گرفتار ہونا تو دور کی بات میں ظہیر اقبال کے بارے میں زیادہ نہیں جانتی البتہ بطور فلمی شخصیت اُن سے ملاقاتیں ضرور ہوئیں مگر کسی کو انہیں غلط رنگ دینے کی اجازت نہیں ہے‘۔

    بھارتی میڈیا میں یہ خبریں بھی زیرگردش تھیں کہ سلمان خان نے دونوں اداکاروں کی دوستی کروائی اور اب سوناکشی نوجوان اداکار کی محبت میں گرفتار ہیں، قیاس آرائیوں کی ایک اہم وجہ یہ بھی تھی کہ نوٹ بک کے ہیرو اکثر سلمان خان کے ساتھ نظر آتے ہیں، اس کے علاوہ دبنگ خان کی سالگرہ میں سوناکشی اور ظہیر اقبال ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

    یاد رہے کہ ظہیر اقبال نئی آنے والی فلم ’نوٹ بک‘ سے انڈسٹری میں ڈیبیو کرنے جارہے ہیں جبکہ اُن کی سلمان خان سے بہترین دوستی بھی ہوچکی۔

    یہ بھی پڑھیں: فلموں میں بوس و کنار کے مناظر کیوں ادا نہیں کرتی، سوناکشی نے بتادیا

    نوٹ بک رومانوی فلم ہے جس میں ظہیر اقبال اور منیش بہل کی صاحبزادی پرانوتن مرکزی کردار ادا کریں گے، فلم 29 مارچ کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب سوناکشی اپنی نئی آنے والی فلم ’ویلکم ٹو نیویارک‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں اُن کے ساتھ دلجیت ووسنج، بومن ایرانی، کرن جوہر، رتیش دیش مکھ اور لارا دتہ کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

    چکری تولیتی کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی ’ویلکم ٹو نیویارک‘ 23 فروری کو ریلیز کی جائے گی، فلم میں سلمان خان اداکارہ سوناکشی سنہا کے ساتھ ’نین پھسل گئے‘ گانے میں بھی نظر آئیں گے۔

    واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ 2010 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم’’دبنگ‘‘ سے اپنے کیرئیر کی شروعات کی تھی اور فلم کے سیکوئل ’’ دبنگ 2‘‘ میں بھی اداکارہ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

    ویڈیو دیکھیں: سلمان خان اور انوشکا کے ’نین پھسل گئے‘

    بھارتی میڈیا کے مطابق سوناکشی سنہا کو دبنگ کے تیسرے سیکوئل میں بھی اداکاری کے جوہر دکھانے کی پیش کش کی جاچکی ہے، فلم کے پروڈیوسر ارباز خان کا کہنا تھا کہ دبنگ تھری کا اسکرپٹ تیار ہے اور جلد ہی اس کی شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔