Tag: انوکھا احتجاج

  • بجلی کی طویل بندش :  شہریوں کا کے الیکٹرک کے دفتر  کے باہر  ڈھول کی تھاپ پر رقص

    بجلی کی طویل بندش : شہریوں کا کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر ڈھول کی تھاپ پر رقص

    کراچی : گلستان جوہر میں شہریوں نے کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے احتجاج کیا، احتجاج کا مقصد انتظامیہ کو شرمندہ کرنا اور ان کی بے حسی کو اجاگر کرنا ہے۔

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے علاقے میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر انوکھا احتجاج کیا، مظاہرین نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    گلستان جوہر بلاک 9 کے رہائشی بڑی تعداد میں کے الیکٹرک آفس پہنچے اور شکایت کی کہ 85 فیصد سے زیادہ بلز جمع کرانے کے باوجود گزشتہ 56 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈھول کی تھاپ پر احتجاج کرنے کا مقصد انتظامیہ کو شرمندہ کرنا اور ان کی بے حسی کو اجاگر کرنا ہے۔

    شہریوں کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ خواتین اور بچے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی بحال کی جائے تاکہ عوامی مشکلات میں کمی آسکے۔

  • فرانس: غزہ میں اسرائیلی ظلم کیخلاف انوکھا احتجاج، فوارہ سرخ کردیا گیا

    فرانس: غزہ میں اسرائیلی ظلم کیخلاف انوکھا احتجاج، فوارہ سرخ کردیا گیا

    غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کی علامت کے طور پر فرانس سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنوں نے پیرس کے فوارے کو سرخ رنگ سے رنگ دیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مرکزی علاقے میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اوکسفیم، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور گرین پیس کے کارکنوں نے مشہور فوارے فونٹین دیز انوسنٹ (Fontaine des Innocents) میں سرخ رنگ کا پانی ڈال کر غزہ میں قتل عام کے خلاف انوکھا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے اس موقع پر بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جنگ بندی اور غزہ میں قتلِ عام بند کرو جیسے نعرے درج تھے۔

    اوکسفیم فرانس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سابق وزیر سیسل ڈوفلو کا کہنا تھا کہ احتجاج کا مقصد ہے کہ ہم فرانس کی سست روی پر سوال اٹھا سکیں جو غزہ میں انسانی بحران کے تناظر میں ناقابلِ قبول ہے، صرف بیانات دینا کافی نہیں، عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

    اسرائیل کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اوکسفیم کی غزہ میں انسانی امدادی کاموں کی کوآرڈینیٹر کلیمانس لاگواردا نے کہا کہ غزہ کے عوام کو ہر چیز کی شدید قلت کا سامنا ہے، یہ محض ضروریات نہیں، بقا کا سوال ہے۔

    گرین پیس فرانس کے سربراہ ژاں فرانسوا جولیارد کا کہنا تھا کہ غزہ میں نسل کشی جاری ہے اور سیاستدانوں کی بے عملی اس نسل کشی میں شراکت داری کے مترادف ہے، ہم صدر ایمانوئل میکرون سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جرات اور عزم کے ساتھ خونریزی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

    مظاہرین نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر فوری اور مستقل جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالیں، اسرائیل پر اسلحے کی پابندی عائد کریں، یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان تعاون کے معاہدے پر نظرثانی کریں اور دیگر مؤثر اقدامات کریں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی غزہ کے علاقے میں صحافی Osama al-Arbid کے گھر پر اسرائیلی فوج کی بمباری سے کم از کم 8 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    غزہ میں امداد کا امریکی و اسرائیلی منصوبہ ناکام، نہتے شہریوں پر گولیاں چلادیں

    طبی ذرائع کا کہنا تھا صبح سویرے سے پوری پٹی میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں مجموعی طور پر 15 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

    حماس کا کہنا ہے کہ وہ 7 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل سے پکڑے گئے تمام باقی ماندہ یرغمالیوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے، اور اگر اسرائیل غزہ سے مکمل طور پر انخلاء کرتا ہے تو وہ مستقل جنگ بندی پر راضی ہے۔

  • جمشید دستی کا مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج، سر منڈوا لیا

    جمشید دستی کا مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج، سر منڈوا لیا

    مظفر گڑھ: عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے اپنے سر کے بال منڈوا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے مہنگائی کے خلاف احتجاجاً اپنے ساتھیوں سمیت ٹنڈ کرالی۔

    مظفر گڑھ سے سابق ایم این اے نے مہنگائی کے خلاف پر امن احتجاج کرتے ہوئے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ مہنگائی کے حالیہ طوفان نے عام آدمی کا برا حال کر کے رکھ دیا ہے۔

    جمشید دستی کا کہنا تھا کہ وہ ہوش ربا مہنگائی کے خلاف اپنے ساتھیوں سمیت گنجا ہو کر پر امن احتجاج کر رہے ہیں۔

    سابق ایم این اے نے ویڈیو پیغام میں عوام سے اپیل کی پوری قوم مہنگائی کے خلاف ان کے کلب کے ممبر بنیں اور سر کے بال منڈوا کر احتجاج کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  جمشید دستی ایل ایل بی کے تمام پرچوں میں فیل ہوگئے

    خیال رہے کہ جمشید دستی مختلف قسم کے تنازعات میں الجھے رہے ہیں اور اپنے انوکھے کارناموں کی وجہ سے پہلے ہی سے شہرت کے حامل ہیں، 2013 کے الیکشن میں انھوں نے اپنی نشست جیت لی تھی۔

    جمشید دستی نے اپنے حلقے میں 2008 میں انتخابات جیتنے کے بعد 5 بسوں کی مفت سروس کا آغاز کیا تھا اور اپنے عوامی انداز کو مد نظر رکھتے ہوئے خود بھی کئی دفعہ بسوں میں ڈرائیونگ کی تھی۔

    تاہم رواں سال مارچ میں انھوں نے ایل ایل بی پارٹ ون کے تمام پرچے فیل کر دیے تھے، انھوں نے ملتان لا کالج میں داخلہ لیا تھا، لیکن امتحان میں ایک بھی پرچا پاس نہ کر سکے۔

  • بھارتی جارحیت کیخلاف لاہورکے تاجروں کا انوکھا احتجاج

    بھارتی جارحیت کیخلاف لاہورکے تاجروں کا انوکھا احتجاج

    لاہور : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کیخلاف لاہور کے تاجروں نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر ہزاروں گز بھارتی کپڑا جلا دیا، عوام نے تاریخی چوک کو برہان وانی شہید کے نام سے منسوب کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات پر ملک بھرمیں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔


    Historical roundabout in Peshawar named after… by arynews

    پاکستان مخالف بیان پر لاہور کے تاجروں نے بھارت سے درآمد شدہ کپڑا نذرآتش کر کے اوریگا چوک کا نام برہان وانی شہید چوک رکھ کر دیا۔

    اوریگا سینٹر کے تاجروں نے بھارتی کپڑے کی خرید و فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجا 6 ہزار گز قیمتی بھارتی کپڑا نذر آتش کیا۔

    اس موقع پر پاکستان مخالف بیانات پر تاجروں نے مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ اگربھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو اس کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ تاجروں نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اوریگا چوک کا نام تبدیل کر کے برہان وانی شہید چوک رکھ دیا۔

    اس کے علاوہ جمرود میں قبائلی عمائدین کے جرگہ میں سبز ہلالی پرچم سے بھرا پنڈال پاکستان زندہ باد کے نعرون سے گونج اٹھا۔

    خیبر ایجنسی میں بھی عمائدین نے ملکی سالمیت کیلیے پاک فوج کی حمایت کا اعلان کردیا، پشاور کے عوام بھی مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور پاک فوج کا حوصلہ بڑھانے میدان میں آگئے اور پاک افواج کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

     

  • فرانسیسی صدر اولاند کیخلاف انوکھا احتجاج

    فرانسیسی صدر اولاند کیخلاف انوکھا احتجاج

    فرانسیسی صدر فرانسیس اولاند کیخلاف انوکھا احتجاج کیا گیا، گندگی اور غلاظت سے بھرا ٹرک پارلمینٹ کے سامنے الٹ دیا۔

    پیرس میں ایک شخص نے فرانسیسی صدر اولاند اور انکی کابینہ کے خلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے غلاظت اور گندگی سے بھرے ٹرک کو پارلمنٹ کے گیٹ سامنے الٹ دیا۔

    پولیس نے احتجاج کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے ٹرک اپنے قبضے میں لے لیا، احتجاجی شخص کے ٹرک پر فرانسیی صدر اور اسکی کابینہ کے خلاف نعرے درج تھے۔

    جس میں صدر اور انکی کابینہ سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا، یاد رہے کہ فرانسیسی صدر کو ان دنوں معاشقہ اسکینڈل پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔