لاہور : غازی آباد میں جیب تراش بچوں کے گینگ نے شہری کو رقم سےمحروم کردیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے غازی آباد میں بچوں نے جیب تراش گینگ بنالیا ، کم عمر جیب تراشوں کی انوکھی واردات پیش آئی، جہاں بچوں نے آپس میں جھگڑے کا ڈرامہ رچا کر ایک شہری کو رقم سے محروم کر دیا۔
عینی شاہدین اور پولیس نے بتایا کہ چند بچے گلی میں آپس میں لڑائی کا بہانہ بنا کر کھڑے تھے کہ اسی دوران ایک شخص وہاں سے گزرا۔ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک بچے نے بڑی مہارت سے شہری کی جیب کاٹ لی اور تمام بچے موقع سے فرار ہو گئے۔
شہری کو کچھ فاصلے پر جا کر احساس ہوا کہ اس کی جیب تراش لی گئی ہے، جس پر اس نے بچوں کے پیچھے دوڑ لگائی، تاہم وہ انہیں پکڑنے میں ناکام رہا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں بچوں کو واردات کرتے اور فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔