Tag: انٹرا افغان مذاکرات

  • امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے

    امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد انٹرا افغان مذاکرات کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، امریکی نمائندہ خصوصی سیاسی و عسکری قیادتوں سے ملاقات کریں گے، جس میں افغان امن انٹرا ڈائیلاگ امور زیر غور آئیں گے۔

    یاد رہے کہ بین الافغان مذاکرات کا آغاز چند دن قبل ہو گیا ہے، اس سلسلے میں دو دن قبل دوحا، قطر میں بین الافغان مذاکرات کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی، قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کی دعوت پر شاہ محمود نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اس تقریب میں شرکت کی تھی۔

    بین الافغان مذاکرات کاآغاز، ‘دیرپاامن کی راہ ہموارکرنے کیلئے افغان قیادت کے پاس سنہری موقع ہے

    وزیر خارجہ پاکستان نے اس تقریب میں پاکستان کا مؤقف دہرایا کہ افغان مسئلے کا حل طاقت سے ممکن نہیں، آج دنیا پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کر رہی ہے، افغان قیادت کے لیے سنہری موقع ہے کہ افغانستان میں دیرپا امن کی راہ ہموار کرے۔

    انھوں نے کہا ان مذاکرات کا انعقاد افغان امن کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا، افغان امن عمل کے لیے عالمی برادری کو بھی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

  • ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، افغان عوام اس دن کا انتظار کر رہے تھے: وزیر اعظم

    ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، افغان عوام اس دن کا انتظار کر رہے تھے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ آخر کار ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، اس دن کا انتظار افغان عوام کئی سالوں سے کر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان 40 سال سے تنازعات اور خوں ریزی سے دوچار رہا ہے، پاکستان نے بھی افغان تنازعات کا خمیازہ بھگتا، دہشت گردی، قیمتی جانوں کا ضیاع اور بھاری معاشی نقصان اٹھایا گیا۔

    انھوں نے بیان میں کہا کہ اب ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئی ہیں، انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے، افغان عوام کئی برسوں سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے، میں روز اوّل سے کہہ رہا ہوں کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، واحد راستہ مذاکرات اور سیاسی تصفیہ ہی ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا پاکستان نے افغان امن عمل کو آسان بنانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے، اپنے حصے کی ذمہ داری کو پورا کرنے پر ہم خوشی محسوس کر رہے ہیں، اب افغان رہنما اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

    انھوں نے کہا افغان قیادت مل کر تعمیری انداز میں کام کریں، کوشش کریں کہ وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیے کو محفوظ بنایا جا سکے، افغان حکام کی زیر قیادت یہ مفاہمتی عمل افغانستان، علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا ہم امید کرتے ہیں تمام فریق اپنے اپنے وعدوں کا احترام کریں گے، فریقین کو تمام چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدم رہنا ہوگا، ہم مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے بلا جھجک پُر عزم رہیں گے، پاکستان امن اور ترقی کے اس نتیجہ خیز سفر میں اپنا کردار ادا کرے گا، ہم افغان عوام کے ساتھ مکمل حمایت اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔