Tag: انٹرا پارٹی انتخابات

  • استحکام پاکستان پارٹی انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ آ گیا

    استحکام پاکستان پارٹی انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ آ گیا

    اسلام آباد (یکم اگست 2025): استحکام پاکستان پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ آ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو تسلیم کر لیا ہے اور پارٹی کا اس حوالے سے سرٹیفکیٹ اور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو تسلیم کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو پارٹی کا صدر برقرار رکھا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن 12 اور 13 جولائی 2025 کو منعقد ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پارٹی سے اس کا انتخابی نشان بلا واپس لے لیا تھا۔

  • پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات 5 فروری کو ہوں گے،   شیڈول جاری

    پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات 5 فروری کو ہوں گے، شیڈول جاری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے انٹراپارٹی انتخابات 5 فروری کو ہوں گے ، جس کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کا باضابطہ شیڈیول جاری کردیا گیا، جس کے تحت تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات 5 فروری بروز پیر منعقد کروائے جائیں گے۔

    تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن کی جانب سے انٹراپارٹی انتخابات کا شیڈیول جاری کیا گیا ہے۔

    جس میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام رجسٹرد ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں پاکستان بھر میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

    پارٹی ممبران اپنا ووٹ ‘رابطہ ایپلیکیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول’ کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں، اکتیس جنوری 2024 تک رجسٹر تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔

    انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلیکیشن پر دستیاب ہوگی۔

    الیکشن کے تفصیلی طریقہ کار کی وضاحت الیکشن رولز، 2020 میں موجود ہے، جو ویب سائٹ اور رابطہ ایپ پر دستیاب ہے۔

    پولنگ کا وقت 5 فروری بروز پیر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگا، الیکشن کے مقامات اور اپیلٹ ٹرائبینونل کی تاریخ کا اعلان یکم فروری 2024 کو کیا جائے گا۔

    کاغذات نامزدگی 1 سے 2 فروری 2024 تک تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکیں گے۔

    کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری 2024 کی رات 10 بجے تک ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے۔

    انٹرا پارٹی الیکشن کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل 3 فروری 2024 کو ہو گا جبکہ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں اعتراضات جمع کروانے کا وقت 3 فروری 2024 رات 10 بجے تک ہوگا۔

    انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام فائنل پینلز کی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی اور انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری 2024 بروز منگل کیا جائے گا۔

  • تحریک انصاف کا نشان بلا رہے گا یا نہیں؟ فیصلہ سنادیا گیا

    تحریک انصاف کا نشان بلا رہے گا یا نہیں؟ فیصلہ سنادیا گیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا بلے کا انتخابی نشان برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی انتخابات 20دن میں دوبارہ کرانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سےمتعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا، فیصلے میں پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی انتخابات 20 دن میں دوبارہ کرانے کا حکم دے دیا۔

    الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ پی ٹی آئی کا بلے کا انتخابی نشان فی الحال برقرار ہے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر کارروائی ہو گی، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات شفاف کرانے میں ناکام ہو چکی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سےمتعلق13ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پر نوٹس لیا تھا۔

    خیال رہے پی ٹی آئی نے گزشتہ سال 8 جون کوپارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرائی تھیں۔

    پی ٹی آئی وکیل بیرسٹرگوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے بہت افسوس ہوا، الیکشن کمیشن نے انصاف کےتقاضے پورے نہیں کئے، الیکشن کمیشن نےیہ نہیں کہاتھا پارٹی الیکشن آئین کےمطابق نہیں ہوئے۔

    بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نےکہاتھا کہ ڈاکومنٹس پورےنہیں، بلےکانشان ہمارے پاس رہے گا ،آرڈرکو مناسب فورم پرچیلنج کریں گے ، الیکشن کمیشن فیصلےکومتعلقہ فورم پرچیلنج کرنےسےمتعلق مشورہ کریں گے۔

  • سیاسی جماعتوں کو بروقت انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا حکم جاری

    سیاسی جماعتوں کو بروقت انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا حکم جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کو بر وقت انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے پر ای سی پی نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کیا ہے۔

    مراسلے میں الیکشن کمیشن نے کہا یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ سیاسی جماعتیں بروقت پارٹی الیکشن نہیں کراتیں، بر وقت پارٹی الیکشن نہ کرانا قانون اور جماعتی دستور کی خلاف ورزی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ جب وقت گزر جاتا ہے تو پھر سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن سے مہلت کے لیے درخواستیں کی جاتی ہیں، مراسلے میں ای سی پی نے حکم دیا کہ سیاسی جماعتیں مقررہ وقت کے اندر انٹرا پارٹی الیکشن یقینی بنائیں۔

    مراسلے میں واضح کیا گیا کہ سیاسی جماعتیں ہر 5 سال کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی پابند ہیں۔

    ‏’لگتا ہے الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈکوارٹر بن گیا‘ ‏

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتراضات پر رد عمل میں وفاقی وزیر اطلاعات نے قومی ادارے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹر بن گیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ماؤتھ پیس کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں۔