Tag: انٹرمیڈیٹ‌ نتائج

  • کراچی : انٹرمیڈیٹ نتائج میں ردوبدل  کی تحقیقات، طلباء آدھی رات کو اینٹی کرپشن  آفس طلب ، والدین پریشان

    کراچی : انٹرمیڈیٹ نتائج میں ردوبدل کی تحقیقات، طلباء آدھی رات کو اینٹی کرپشن آفس طلب ، والدین پریشان

    کراچی : انٹرمیڈیٹ نتائج میں ردوبدل کی تحقیقات کے لئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے طلباء کو آدھی رات کو طلب کرلیا ، جس پر والدین مشتعل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی (BIEK) میں مبینہ نتائج میں ردوبدل کی تحقیقات کے سلسلے میں طلبہ کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ نوٹسز طلبہ کے تعلیمی اداروں کے ذریعے بھیجے گئے ہیں، تاہم طلبی کے وقت نے والدین میں شدید تشویش پیدا کر دی۔

    والدین نے سوال اٹھایا کہ طلبہ، خصوصاً طالبات کو رات ساڑھے بارہ بجے اینٹی کرپشن کے ویسٹ آفس بلانے کا کیا جواز ہے؟ “ہم اپنی بیٹیوں کو آدھی رات کو اینٹی کرپشن آفس کیسے بھیج سکتے ہیں؟” والدین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

    یہ تحقیقات ڈیڑھ سال سے جاری ہیں اور 2022ء کے انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج میں مبینہ ردوبدل پر مرکوز ہیں، طویل تحقیقات کے باوجود اینٹی کرپشن کوئی واضح شواہد سامنے لانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

    اس سے قبل انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے دو سابق چیئرمینز اور دو کنٹرولرز امتحانات کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے لیکن کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہ آ سکا۔

    اب پہلی مرتبہ طلبہ کو براہِ راست سوال جواب کے لیے طلب کیا گیا ہے، ان طلبہ میں کئی ایسے بھی شامل ہیں جو ایم ڈی کیٹ اور این ای ڈی انٹری ٹیسٹ پاس کر کے مختلف گریجویٹ پروگرامز میں زیر تعلیم ہیں۔

    یاد رہے کہ جنوری 2025ء میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے نئے قائم مقام چیئرمین سید شرف علی شاہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ سے ملاقات کی تھی جس میں نتائج پر اٹھنے والے اعتراضات دور کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    کمیٹی کو ایک ماہ کے اندر شفاف تحقیقات کر کے طلبہ کی شکایات حل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ چیئرمین کا کہنا تھا کہ طلبہ ملک کا مستقبل ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • کراچی میں انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے طلبا کے نمبر کیوں کم آئے؟ قائم مقام چیئرمین انٹربورڈ  کے اہم انکشافات

    کراچی میں انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے طلبا کے نمبر کیوں کم آئے؟ قائم مقام چیئرمین انٹربورڈ کے اہم انکشافات

    کراچی: قائم مقام چیئرمین انٹربورڈ کراچی شرف علی شاہ نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے طلبا کے کم نمبروں کی وجوہات بتاتے ہوئے کئی انکشافات کیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں انٹرسال اول کے امتحانات گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی متنازع ہوگئے، کامیابی کاتناسب پری میڈیکل میں تینتس فیصد جب کہ پری انجینئرنگ میں انتیس فیصد رہا۔

    انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل فرسٹ ایئر کے طلبہ نےانٹر بورڈ آفس کے باہر احتجاج کیا اور نتائج پرنظرثانی کا مطالبہ کیا، طلبہ کا کہنا ہے کہ میٹرک میں پچیاسی فیصد سے زائد نمبر لینےوالوں کو پچاس فیصد سےبھی کم نمبرز دیےگئے جبکہ کئی مضامین میں فیل بھی کردیا گیا ہے۔

    طلبہ کے احتجاج پرسندھ حکومت حرکت میں آئی اور چیئرمین انٹر بورڈ امیر قادری کو عہدے سے ہٹا کر اضافی چارج چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ کو دے دیا گیا اور ساتھ ہی تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا دی گئی، یعنی اس سال بھی پچھلے سال کی طرح تحقیقات ،برطرفیاں اورتلافی کے اقدامات کیے گئے ہیں لیکن ان حکومتی اقدامات سے طلبہ اور والدین مطمئن نہیں۔

    اس حوالے سے قائم مقام چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی شرف علی شاہ نے باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے طلبا کے کم نمبر کی وجوہات بتائی۔

    قائم مقام چیئرمین انٹر بورڈ کراچی نے انٹر میڈیٹ نتائج میں کم نمبر کا ذمہ دار طلبا کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ 2 سال میں نصاب تبدیل ہوا ہے،بچے کالجز میں کلاسز لینے ہی نہیں آتے۔

    مزید پڑھیں : کراچی: انٹر کے متنازع نتائج کے معاملے میں بڑی پیشرفت

    انھوں نے انکشاف کیا سائنس کی کاپیوں میں طلبہ نے گانے لکھے ہوتےہیں، سوالوں کے جواب معلوم نہیں ہوتے، طلبہ سمجھتے ہیں پرچہ بھردیں توٹیچرصرف نظر مار کر مارکس دیدے گا، سیکڑوں کاپیاں دکھا سکتا ہوں جن میں طلبہ نے گانے لکھے ہوئے ہیں۔

    شرف علی شاہ نے مزید کہا کہ سائنس کے پرچے چیکنگ کیلئے گھروں پر نہیں جاتے ، مارکنگ کیلئے سینٹرز بنتے ہیں جس میں پروفیسر آکر پرچے چیک کرتے ہیں، ہوسکتا ہے کسی زمانے میں آرٹس گروپ کے پرچے چیکنگ کیلئے گھروں میں جاتے ہوں لیکن ایگزامینر، اسسٹنٹ اور اس کے بعد ہیڈ ایگزامینر پرچے دیکھ کرنمبرز فائنل کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ نمبرز کے حوالے سے طلبہ کے خدشات دور کریں گے، طلبہ کے اطمینان کیلئے انہیں کاپیاں کھول کر بھی دکھا سکتے ہیں، گزشتہ سال بھی شور مچا تھا لیکن پرچوں کی دوبارہ جانچ کیلئے صرف 62 طلبہ نے رجوع کیا۔

  • کراچی، انٹرمیڈیٹ نتائج پر تنازع، چیئرمین انٹر بورڈ عہدے سے فارغ

    کراچی، انٹرمیڈیٹ نتائج پر تنازع، چیئرمین انٹر بورڈ عہدے سے فارغ

    کراچی میں انٹرمیڈیٹ نتائج پر تنازع کے بعد چیئرمین انٹر بورڈ امیر قادری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین انٹر بورڈ امیر قادری کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ کو انٹربورڈ چیئرمین کا عہدہ دے دیا گیا ہے۔

    امیر قادری سے بغیر اجازت بیرون ملک دورے پر جانے پر وضاحت بھی طلب کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیئرمین انٹر بورڈ کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی ہے۔

     واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل فرسٹ ایئر کے طلبا نے انٹر بورڈ آفس کے باہر احتجاج کیا ہے جس میں نتائج پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    طلبا نے بتایا کہ نتیجہ انتہائی مایوس کن بنایا گیا ہے، میٹرک میں 80 سے 85 فیصد سے زائد نمبر لینے والے طلبا کو 50 فیصد سے بھی کم نمبر دیے گئے۔

    احتجاج کرنے والے طلبا کا کہنا ہے کہ کئی کئی مضامین میں فیل بھی کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب انٹربورڈ کے نتائج کا تنازع سندھ اسمبلی میں پہنچ گیا اور ارکان کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔

    ایم کیو ایم ارکان نے وقفہ سوالات میں انٹر نتائج پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن ڈپٹی اسپیکر کی اجازت نہ دینے پر شور شرابا گیا کیا اور کاغذ پھاڑ کر اڑا دیے گئے۔

  • کراچی میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے نتائج پھر متنازع ہوگئے، طلبا کا احتجاج

    کراچی میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے نتائج پھر متنازع ہوگئے، طلبا کا احتجاج

    کراچی میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے نتائج ایک بار پھر متنازع ہوگئے جس کے بعد طلبا نے بورڈ آفس کے باہر احتجاج کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل فرسٹ ایئر کے طلبا نے انٹر بورڈ آفس کے باہر احتجاج کیا ہے جس میں نتائج پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    طلبا نے بتایا کہ نتیجہ انتہائی مایوس کن بنایا گیا ہے، میٹرک میں 80 سے 85 فیصد سے زائد نمبر لینے والے طلبا کو 50 فیصد سے بھی کم نمبر دیے گئے۔

    احتجاج کرنے والے طلبا کا کہنا ہے کہ کئی کئی مضامین میں فیل بھی کردیا گیا ہے۔

    سندھ اسمبلی میں ہنگامہ

    دوسری جانب انٹربورڈ کے نتائج کا تنازع سندھ اسمبلی میں پہنچ گیا اور ارکان کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔

    ایم کیو ایم ارکان نے وقفہ سوالات میں انٹر نتائج پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن ڈپٹی اسپیکر کی اجازت نہ دینے پر شور شرابا گیا کیا اور کاغذ پھاڑ کر اڑا دیے گئے۔

    بورڈ کا جو حشر ہے وہ ایم کیو ایم کا بویا گیا بیج ہے، ترجمان سندھ حکومت

    ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا کہنا ہے کہ آج سندھ اسمبلی میں بھی ایم کیو ایم نے اس مسئلے پر ہنگامہ آرائی کی تھی لیکن بورڈ کسی حکومت کے ماتحت نہیں ہیں جو رزلٹ بناتے ہیں۔

    سعدیہ جاوید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اصلاحاتی کمیٹی بنادی ہے جو اس معاملے کو دیکھے گی، علی خورشیدی کی ہنگامہ آرائی کے بعد بھی وزیر اعلیٰ نے نوٹس لیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بچوں کو اگر پیپر ری چیک کروانا ہے تو انہیں فیس تو ادا کرنا ہوگی، بورڈ کا جو حشر ہے وہ ایم کیو ایم کا بویا گیا بیج ہے۔

    سعدیہ جاوید نے کہا کہ ضروری نہیں ہے کہ جو بچے کہہ رہے ہیں کہ انہیں وہ نمبرز مل جائیں۔

    انٹرمیڈیٹ سال اول پری میڈیکل میں 19ہزار طلبا فیل

    واضح رہے کہ کراچی انٹرمیڈیٹ سال اول پری میڈیکل، پری اینجینئرنگ کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق پری میڈیکل میں 19 ہزار طلبا فیل ہوئے اور کامیابی کا تناسب 33 فیصد رہا۔

    پری انجینئرنگ میں 22 ہزار میں سے صرف 6ہزار طلبا کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 29 فیصد طلبا کامیاب ہوسکے۔