Tag: انٹرنیشل کرکٹ

  • ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیریئر کی آخری سیریز ہوگی۔

    انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ وہ کسی دباؤ کے تحت یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ تیاری اچھی ہے، کوشش ہے کہ سیریز اور کیریئر کا اچھا اختتام کروں۔

    انہوں نے اعتراف کیا کہ گزشتہ 2، 3 میچز میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ کوشش ہے کہ یہ سیریز اچھی کھیلیں اور جیتیں۔ ناکامیوں سے مایوسی تو ہوتی ہے لیکن جدوجہد نہیں چھوڑنی چاہیئے۔

    میڈیا سے گفتگو میں مصباح الحق نے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے مجھے اپنے فیصلے کرنے کا موقع دیا، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کروں گا ہائی نوٹ پر کیریئر کا اختتام کروں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے کہا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کپتان مصباح الحق کی آخری سیریز ہوگی۔ اس بارے میں ان سے پوچھنے کی ضرورت نہیں۔

    بیالیس سالہ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 6 ٹیسٹ میں لگاتار شکست کے بعد سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

    اس سے قبل مصباح الحق نے ڈھلتی عمر کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں اپنی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے، تاہم مارچ میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بات کا اعلان کیا کہ مصباح ہی دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    مصباح الحق کا سفر

    مصباح الحق نے سنہ 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ ٹیسٹ سے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے 72 ٹیسٹ میچز کی 126 اننگز میں 4 ہزار 951 رنز بنائے، جس میں 10 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

    انہوں نے 162 ایک روزہ میچز اور 39 ٹی 20 میچز کھیلے۔ ایک روزہ میچز میں انہوں نے 5 ہزار 122 اور ٹی 20 میچز میں 788 رنز بنائے۔

    مصباح الحق کو وزڈن کرکٹرز آف دی ایئر 2017 میں دنیا کے 5 بہترین کھلاڑیوں میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔

  • شاہد آفریدی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    شاہد آفریدی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    معروف کرکٹر شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ اب ان کا ارادہ صرف ٹی 20 لیگز میں شرکت اور فلاحی کاموں پر توجہ دینے کا ہے۔

    شاہد خان آفریدی سنہ 2010 میں ٹیسٹ کرکٹ سے اور ورلڈ کپ 2015 کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ انہوں نے آخری مرتبہ ورلڈ ٹی 20 میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی۔

    afridi-post-5

    میگا ایونٹ کے بعد وہ قیادت سے دستبردار ہو کر بطور کھلاڑی آخری میچ کھیلنے کی خواہش ظاہر کرتے رہے لیکن بورڈ اور سلیکٹرز نے انہیں یہ موقع نہیں دیا۔ فی الحال آفریدی پی ایس ایل، انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سمیت کئی ٹی 20 لیگز میں کھیل رہے ہیں۔

    سنہ 1996 میں آفریدی نے سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو 18 سال تک قائم رہا۔ یہ ریکارڈ ان کے لیے شہرت اور کامیابی کا نکتہ آغاز ثابت ہوا اور اس کے بعد آفریدی نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

    شاہد آفریدی نے 398 ایک روزہ میچوں میں 8 ہزار 64 رنز بنائے اور 395 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی20 کیریئر کے دوران انہوں نے 98 میچوں میں ایک ہزار 405 رنز بنائے اور اب تک 97 وکٹیں لے کر ٹی 20 کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

    afridi-post-6

    ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد آفریدی کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنے پرستاروں کے لیے کھیل رہے ہیں اوراس مقصد کے لیے ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کرتے رہیں گے۔ وہ 20 سال تک اپنے ملک کے لیے کھیلتے رہے اب ان کی فلاحی فاؤنڈیشن ان کی توجہ کا مرکز ہے۔