Tag: انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی

  • انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے ایران کے خلاف قرارداد منظور کر لی

    انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے ایران کے خلاف قرارداد منظور کر لی

    انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے ایران کو جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دینے کی قرارداد منظور کر لی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے تین یورپی ممالک کی طرف سے ایران کے خلاف پیش کی گئی قرارداد کی منظوری دیتے ہوئے کہا ایران اپنی جوہری ذمہ داریوں پر عمل نہیں کر رہا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ قرارداد انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے پینتیس رکنی بورڈ آف گورنرز نے منظور کی، روس اور چین نے قرارداد کی مخالفت کی۔

    ایران کا کہنا ہے کہ وہ آئی اے ای اے میں ووٹنگ کے بعد یورینیم کی افزودگی کی نئی سہولت بنائے گا، یہ سہولت محفوظ جگہ پر ہوگی۔

    دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے اسرائیل ایران پر کسی بھی وقت حملہ کرسکتا ہے، حملے کی پیشگی اطلاع امریکا کو دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خطے میں ایک اور جنگ کے بادل منڈلانے لگے ہیں، نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایران پر حملے کرسکتا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملے کی پیشگی اطلاع امریکا کو دے دی ہے۔

    امریکی اور یورپی کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل ایران پر حملہ کرنے کے لیے تیار ی کر رہاہے، حملہ کس نوعیت کا ہوگا اس کا علم نہیں۔

    اسرائیل نے حملہ کیا تو ایران کا ردعمل کیا ہوگا؟ حکام نے پلان بتا دیا

    اسرائیل کے ایران پر حملے کے پیش نظر امریکا نے مشرقی وسطیٰ میں اپنے سفارت خانوں اور ہوائی اڈوں پر الرٹ جاری کردیا۔

    عراق میں امریکی سفارت خانے کو خالی کیا جا رہا ہے جبکہ کویت اور بحرین سے بھی امریکی سفارتی اہلکاروں کے اہل خانہ کو منتقل کردیا گیا ہے۔

  • انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی پاکستان کے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف

    انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی پاکستان کے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد نے پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد نے راجا عبدالعزیز کی قیادت میں 4 سے 7 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کیا، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا یہ دورہ آئی اے ای اے اور پاکستان نیوکلیئر سیکیورٹی کوآپریشن پروگرام کا ایک حصہ تھا ، 2005 میں پاکستان میں جوہری سلامتی کے نظام کی تاثیر کو بڑھانے کے لئے باہمی اتفاق کیا گیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کو 2011 میں بڑھایا گیا تھا تاکہ اضافی شعبوں کو بھی شامل کیا جاسکے، اس کے تحت تمام سرگرمیاں پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر انتظام ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق راجہ عدنان نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ کیا،وفد نے پاکستان کی جانب سے آئی اے ای اے کی سفارشات کے مطابق کیے جانے والے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف کی۔

    دورے کے دوران وفد نے پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین ظہیر ایوب بیگ اور پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم سے بھی ملاقات کی اور کہا جوہری سلامتی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان نے اسے مضبوط بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان جوہری سلامتی کو فروغ دینے کی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔