Tag: انٹرنیشنل سیکریٹریٹ

  • جرائم چھوڑ دو یا ایم کیوایم ،الطاف حسین کی کارکنان کو تنبیہ

    جرائم چھوڑ دو یا ایم کیوایم ،الطاف حسین کی کارکنان کو تنبیہ

    کراچی: الطاف حسین کہتے ہیں ایم کیو ایم میں کوئی مجرم ہےتوجرائم چھوڑدے یا پارٹی سے الگ ہوجائے جرائم میں ملوث پائے گئے توایم کیوایم عدالت میں پٹیشن نہیں لےجائیگی۔

    ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر کارکنان سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پکڑدھکڑ اور مارا ماری کا یقیناً دکھ اور غم ہمیں بھی ہے لیکن ایم کیو ایم مجرموں کے ساتھ نہیں چل سکتی اس لئے اگر کوئی مجرم ہے تو وہ جرائم چھوڑ دے یا پارٹی،اگر کوئی جرائم کرتے پکڑا گیا تو اس کا جماعت ساتھ نہیں دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ لوگوں سے ماضی میں غلطی ہوئیں جس پر انہیں معطل کیا جب کہ غلطیاں کرنے پر کراچی تنظیمی کمیٹی کو بھی تحلیل کیا، اللہ سے دعا ہے کہ غلطیاں کرنے والوں کو معاف کردے۔

    یمن کی صورتحال پر الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ روس اورامریکہ کی سردجنگ کے دوران ہمارے بعض جید علمائے کرام اور چوٹی کے بعض سیاسی رہنماؤں نے عوام کو اسٹیبلشمنٹ کے طے شدہ منصوبے کے تحت کیا یہ نہیں بتایا تھا کہ روس لادین ملک ہے اور امریکہ اہل کتاب ہے لہٰذا ہمیں لادین کے مقابلے میں بحیثیت مسلمان امریکہ کا ساتھ دینا چاہیے ۔

    الطاف حسین نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے کہاکہ وہ اس اہم معاملے میں کوئی وقت ضائع کئے بغیر فوری طورپرآل پارٹیز کانفرنس طلب کریں اور وہاں ہر جماعت کو اپنا موٴقف کھل کربیان کرنے کاموقع دیا جائے اور اس کی روشنی میں حکومت فیصلہ کرے کہ موجودہ نازک صورتحال میں پاکستان کو کیا کرنا چاہیے ۔

  • الطاف حسین اور آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

    الطاف حسین اور آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

    کراچی: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے آصف علی زرداری کو ٹیلیفون کیا ہے، دونوں رہنماوں کے درمیان گفتگو میں یمن اور سعودی عرب کے درمیان تنازع پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔

     ذرائع کاکہنا ہے دونوں رہنماوں کے درمیان گفتگو میں موجودہ بین الاقوامی صورتحال، ایم کیوایم کی سندھ حکومت میں شمولیت سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

     تفصیلی گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یمن اور سعودی عرب کے تنازع کو دانشمندی سے دیکھا جائے اور صرف وہ فیصلہ کیا جائے جو پاکستان کے مفاد میں ہو ۔

    ذرائع کا کہنا ہے الطاف حسین نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو کراچی آپریشن اور ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔

  • آصف زرداری کا الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ

    آصف زرداری کا الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ

    لندن : سابق صدر پاکستان اورپاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن فون کرکے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے بات چیت کی۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آصف علی زرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم ، سندھ کے عوام کی منتخب نمائندہ جماعتیں ہیں اور دونوں جماعتیں مل کر ملک و صوبے کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جدوجہد کرتی رہیں گی ۔

    انہوں نے الطا ف حسین کو پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیوایم کی حکومت میں شمولیت کے حوالہ سے ہونے والے فیصلوں کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا، جسے الطاف حسین نے خوش آئندہ قراردیا۔

    دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان مفاہمت اوربہتر ورکنگ ریلیشن شپ ملک خصوصاً صوبہ سندھ کیلئے خوش آئند ہے۔

    الطاف حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم ،عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی ۔ دونوں رہنماؤں نے سانحہ یوحنا آباد لاہور پرگہری تشویش کا اظہار کیا اور اس المناک سانحہ میں جاں بحق ہونے والے مسیحی پاکستانیوں کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور مستقبل میں باہمی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔