Tag: انٹرنیشنل کرکٹ

  • پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لائیں گے: نجم سیٹھی

    پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لائیں گے: نجم سیٹھی

    لاہور: پاکستان سپرلیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانا چاہتے ہیں، پی ایس ایل سے قومی ٹیم میں نوجوان کرکٹرز آئیں گے۔

    ‘تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانا چاہتے ہیں جس کے لیے دبئی جا رہا ہوں جہاں بین الاقوامی کھلاڑیوں سے ملاقات کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا اور لاہور میں بین الاقوامی کرکٹرز و آفیشلز کی آمد اور فائنل میچ کھیلنے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے امکانات مزید روشن ہوجائیں گے۔

    چیئرمین پی ایس ایل نے کہا کہ پہلے کہا جارہا تھا کہ فرنچائز نہیں ملیں گے، لیگ کامیاب نہیں ہوگی، دبئی میں ہوگئی تو کامیاب نہیں ہوگی، قطر میں ہوگی تو کامیاب نہیں ہوگی  لیکن اب یہ سب باتیں دم توڑ گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فرنچائزز اچھی طرح سے اپنا کام انجام دے رہی ہیں، پی ایس ایل کامیاب ہوچکی ہے اب ہمارا مقصد انٹرنیشنل کرکٹرز کو پاکستان لانا ہے۔

    نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا نے دیکھا کہ پی ایس ایل سیزن ون کامیاب رہا اور اب پی ایس ایل کا دوسرا سیزن بھی کامیاب رہے گا جس سے نوجوان و منجھے ہوئے کرکٹرز سامنے آئیں گے اور اسی نئے ٹیلنٹ میں سے ہی ایک اچھی قومی ٹیم منتخب ہوگی۔

    جائلز کلارک کی پاکستان آمد کے حوالے سے نجم سیٹھی نے کہا کہ جائلز کلارک کو بھی پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے، فیکا کو بھی پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے سیکیورٹی کی صورتحال پرقائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

  • پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہوگی، جائلزکلارک

    پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہوگی، جائلزکلارک

    لاہور : آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ نہ ہونے سے شائقین کی مایوسی سے آگاہ ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہو، لاہورخوبصورت شہر ہے آکر بہت خوشی ہوئی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پی سی بی شہریارخان کے ہمراہ نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جائلز کلارک نے بتایا کہ میں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔

    وزیراعلیٰ سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت ہوئی، انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کرکٹ کی بحالی کیلئے کھلاڑیوں کو ہرطرح سیکیورٹی دیں گے۔

    لاہور کو سیف سٹی بنانے کے منصوبے سے بہت متاثر ہوا ہوں،جائلز کلارک کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں۔

    پاکستان آئی سی سی کا اہم رکن ملک ہے، پاکستان میں کرکٹ نہ ہونے سے شائقین کی مایوسی سے آگاہ ہیں، پاکستان میں عالمی کرکٹ نہ ہوناباعث تشویش ہے۔

    ہماری کوشش ہےعالمی کرکٹ کو پاکستان میں جلد واپس لایا جائے، پاکستان میں سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے آیا ہوں، جلد ہی پاکستانی شائقین اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔

  • پی ایس ایل کا لاہور میں فائنل، کور کمانڈر نے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی

    پی ایس ایل کا لاہور میں فائنل، کور کمانڈر نے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی

    لاہور: پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل کے لیے کور کمانڈر نے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی، نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ہماری فوج ہمیشہ مثبت قدم اٹھاتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز لاہور کے نمائندے شہزاد ملک کے مطابق پارک آرمی کے ایک کرکٹ میچ کے اختتام پر منعقدہ تقریب میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ کو اس ایونٹ کے لاہور میں فائنل کرانے کے لیے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی۔

    اپنے خطاب میں پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے امکانات مزید روشن ہوں گے، پی ایس ایل انٹریشنل کرکٹرز کو راستہ دکھائے گی،ہماری کوشش ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ ملک میں واپس آئے۔

    انہوں نے کور کمانڈر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری فوج ہمیشہ مثبت قدم اٹھاتی ہے، لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ہم سے کہا ہے کہآپ تیاری کریں ہم سیکیورٹی فراہم کریں گے،پاکستان میں امن کی موجودہ صورتحال بہتر ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی یقینی بنائیں گے۔

     

  • شین واٹسن نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا

    شین واٹسن نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا

    موہالی: آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا۔

    آسٹریلیا کیلئے چودہ سال تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے آل راؤنڈر شین واٹسن کا کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی انکے کیرئیر کا آخری ایونٹ ہے۔

    شین واٹسن نے گزشتہ سال کے اختتام پر ایشز سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، اسی دوران انھوں نے کسی ون ڈے میچ میں بھی حصہ نہیں لیا، اب وہ ٹی ٹوینٹی انٹر نیشنل سے بھی ریٹائر ہوکر کرکٹ کو خیر باد کہہ دیں گے۔

    انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹیج آل راؤنڈر کہتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ کیلئے یہ بہترین وقت ہے، جن لوگوں کے ساتھ ساری زندگی کرکٹ کھیلی وہ سب ریٹائر ہوچکے ہیں۔

    شین واٹسن آسٹریلیا کے تمام فارمیٹس میں کھیلنے والے آخری کھلاڑی ہیں جنہوں نے سال دوہزار سے پہلے ڈیبیو کیا تھا۔

  • گریم سوان کا اچانک ریٹائرمنٹ کااعلان،انگلش کرکٹ ٹیم کوصد مہ

    گریم سوان کا اچانک ریٹائرمنٹ کااعلان،انگلش کرکٹ ٹیم کوصد مہ

    گریم سوان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ لے لی۔ آسٹریلیا کیخلاف جوابی ایشیز سیریز انگلش ٹیم پہلے ہی ہار چکی ہے۔اب انکے تجربہ کار اسپنر گریم سوان نے اچانک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے اپنی ٹیم کو ایک اور صدمہ دے دیا ہے۔

    انگلش کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار اسپنر گریم سوان نے ایشیز سیریز کے دوران ہی اچانک انٹرنیشنل اور فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ انگلینڈ کو ایشیزسیریز میں شکست ہو چکی ہے اورچوتیس سالہ اسپنرگریم سوان نے اعلان کیا ہے کہ وہ سیریز کے باقی میچوں میں حصہ نہیں لین گے۔ وہ سیریز کے دوران سات وکٹیں حاصل کرسکے۔

    گریم سوان نے انگلینڈ کے لیے ساٹھ ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے دو سو پچپن وکٹیں حاصل کیں ۔۔۔اناسی ون ڈے میچز میں وہ ایک سو چار کھلاڑیوں کو اپنا شکار بناسکے۔