Tag: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن

  • انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو پرو لیگ میں شرکت کی دعوت دے دی

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو پرو لیگ میں شرکت کی دعوت دے دی

    نیوزی لینڈ کے پرو لیگ سے دستبرداری کے اعلان کے بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو لیگ میں باضابطہ شرکت کی دعوت دے دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ ہاکی نے مالی مسائل کے باعث پرو لیگ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ میں شرکت کا دروازہ کھل گیا ہے۔

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو پرو لیگ میں شرکت کی دعوت دے دی ہے اور کہا ہے کہ 12 اگست تک پاکستان لیگ میں شرکت کی تصدیق کرے۔

    ہاکی پرو لیگ میں ملائیشیا میں ہونے والے نیشنز کپ کی فاتح ٹیم نے کوالیفائی کرنا تھا۔ فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا کر لیگ میں رسائی حاصل کی۔ تاہم اب مالی مسائل کی وجہ سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے نیوزی لینڈ ہاکی فیڈریشن نے باقاعدہ طور پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو تحریری طور پر لکھ کر دے دیا ہے کہ ان کی ٹیم پرو ہاکی لیگ میں حصہ نہیں لے گی۔

    نیوزی لینڈ کے انکار کے بعد قانون کے تحت نیشنز کپ کی رنر اپ ٹیم پاکستان لیگ میں رسائی کی حقدار ہے اور اب انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے بھی پاکستان کو باضابطہ طور پر پرو لیگ میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے پرو لیگ میں شرکت سے انکار کر دیا تو اگلا آپشن فرانس ہوگا۔

    ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پہلے ہی حکومت سے مطالبہ کیا ہوا ہے کہ پرو لیگ میں شرکت کے لیے 70 کروڑ روپے کی گرانٹ درکار ہوگی۔

    پرو ہاکی لیگ کا نیا سیزن اگلے برس فروری مارچ میں شروع ہوگا، قومی ٹیم اِس ایونٹ میں 16 میچز کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم اپنے ہوم میچز لاہور میں کھیلے گی تاہم اوے میچز کیلیے گرین شرٹس کو آسٹریلیا، ارجنٹائِن، یورپ، برطانیہ کا سفر کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ پرو ہاکی لیگ میں دنیا کی ٹاپ ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔ ماضی میں پاکستان ہاکی ٹیم نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہیں کی جس کی وجہ سے پاکستان کی ہاکی رینکنگ 17ویں نمبر پر چلی گئی تھی۔ تاہم اب لیگ میں شرکت سے گرین شرٹس کی رینکنگ میں بہتری آنے کا قوی امکان ہے۔ اس وقت قومی ہاکی ٹیم عالمی رینکنگ میں 13 ویں نمبر پر ہے۔

  • سفیان خان نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا رائزنگ اسٹار ایوارڈ جیت لیا

    سفیان خان نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا رائزنگ اسٹار ایوارڈ جیت لیا

    مسقط: پاکستان کے سفیان خان نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا رائزنگ اسٹار ایوارڈ جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا سالانہ ایوارڈ گالا عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہوا جس میں سفیان خان کو رائزنگ اسٹار کا ایوارڈ دیا گیا۔

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کارائزنگ اسٹار ایوارڈ جیتنے والےسفیان خان نے کہا کہ میرا پاکستان ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام دلانا مقصد ہے، والدین کی دعاؤں سے ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوا۔

    واضح رہے کہ سفیان ایف آئی ایچ ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں جبکہ پینلٹی کارنر ایکسپرٹ اس سال اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

  • ورلڈ ہاکی پرولیگ میں عدم شرکت، پاکستان پرڈیڑھ لاکھ یورو جرمانہ عائد

    ورلڈ ہاکی پرولیگ میں عدم شرکت، پاکستان پرڈیڑھ لاکھ یورو جرمانہ عائد

    اسلام آباد: قومی کھیل ہاکی مسلسل زبوں حالی کا شکار ہے، ورلڈ ہاکی پرو لیگ میں عدم شرکت پر پاکستان پابندی سے بچ گیا، تاہم ورلڈ گورننگ باڈی ایف آئی ایچ نے ڈیڑھ لاکھ یورو جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہاکی کی عالمی تنظیم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔آئندہ ماہ فیڈریشن اپنا فیکٹ فائنڈنگ مشن پاکستان بھیجے گا۔ فیکٹ فائنڈنگ مشن دورے کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تنازعات کا جائزہ لے گا ۔

    ذرائع کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ مشن کی سفارشات کی روشنی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مستقبل کا فیصلہ کرےگا۔ رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ سے معطلی کے بعد پاکستان پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن پر 2کروڑ 40 لاکھ کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ایف آئی ایچ نے جرمانہ نہ عائد کرنے کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست بھی مسترد کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ پرو ہاکی لیگ ارجنٹائن میں جا ری ہے ، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ کے پہلے مرحلے میں ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

    دوسری جانب پی ایچ ایف کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ورلڈ باڈی سے استدعا کی کہ جرمانہ کی رقم زیادہ ہے یہ ہم نہیں دے سکتے، اس کی قسطیں کردی جائیں۔فیڈریشن نے کہا کہ ہمارے پاس فنڈز نہیں تھے، اس لیے ایونٹ میں شرکت کیلئے ٹیم نہیں بھیج پائے۔