Tag: انٹرن شپ

  • وفاقی وزیر مراد سعید نے نوجوانوں کو خوشخبری سنا دی

    وفاقی وزیر مراد سعید نے نوجوانوں کو خوشخبری سنا دی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موصلات مراد سعید نے نوجوانوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے موصلات مراد سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کر رہا ہے، نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت دی جائے گی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، ہمارے ملک کے نوجوانوں کو بے روزگاری کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم کے وژن کو لے کر اپنے اداروں میں نوکریاں پیدا کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جب ملک سنبھالا تو تمام ادارے خسارے میں تھے۔ پوسٹ آفس کا ایک پروجیکٹ مارچ کے پہلے ہفتے سے شروع کر رہے ہیں، ملک میں 1 لاکھ 25 ہزار مزید پوسٹ آفسز کھل جائیں گے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر ای کامرس کی ضرورت ہے، این ایچ اے میں 16 ماہ کے اندر 27 بلین روپے کا اضافہ ہوا۔ این ایچ اے میں 10 ارب 90 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی۔ محکمہ این ایچ اے خود اپنا پیسہ سڑکوں پر لگائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حیدر آباد سکھر موٹر وے پر کام رواں سال شروع ہوگا، ہم نے اپنی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

  • 12 سالہ پاکستانی طالبہ ناسا کے انٹرن شپ پروگرام کے لیے منتخب

    12 سالہ پاکستانی طالبہ ناسا کے انٹرن شپ پروگرام کے لیے منتخب

    امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے انٹرن شپ پروگرام کے لیے 12 سالہ پاکستانی طالبہ کو منتخب کرلیا گیا، رادیہ کا تعلق کراچی سے ہے۔

    ناسا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کراچی کے برٹش اوور سیز اسکول کی آٹھویں کلاس کی طالبہ رادیہ عامر کو ناسا کے انٹرن شپ پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

    ناسا کی یہ انٹرن شپ ایک ہفتے پر مبنی ہے جو ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر میں دی جائے گی۔

    اس ایک ہفتے کے دوران رادیہ کو خلا بازوں کی ٹریننگ دکھائی جائے گی۔ رادیہ سمیت دیگر طلبا کو ورچوئل رئیلٹی کے ذریعے مریخ پر حرکت کرنے، چاند پر اترنے اور چہل قدمی کرنے کا تجربہ کروایا جائے گا۔

    اس دوران انہیں صفر کشش ثقل پر حرکت کرنے کے تجربے سے روشناس بھی کروایا جائے گا جو ناسا سمیت دیگر خلائی اداروں میں مصنوعی طور پر تخلیق کی گئی ہے۔

    اپنے انتخاب پر رادیہ نہایت خوش ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ وہ ہمیشہ سے خلا باز بننا چاہتی تھیں اور انہیں امید ہے کہ ان کا یہ خواب پورا ہوگا۔

    رادیہ کہتی ہیں کہ وہ ناسا میں جا کر پاکستان کا جھنڈا لہرانا چاہتی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ ناسا میں انٹرن شپ کا یہ تجربہ ان کے لیے اپنے خواب کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگا۔