Tag: انٹرپول

  • ایف آئی اے کا اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو خط

    ایف آئی اے کا اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو خط

    اسلام آباد: وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو خط لکھ دیا ، جس میں انٹرپول سے اسحاق ڈار کی برطانیہ سے گرفتاری میں مدد کی درخواست کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر اسحاق ڈار کی بیرون ملک گرفتاری کیلئے ریڈوارنٹ کے اجرا کی منظوری دے دی۔

    وزارت داخلہ کی ہدایت پرایف آئی اے نے اسحاق ڈار کی گرفتاری کے لئے انٹرپول کو خط لکھ دیا ہے ، جس میں انٹرپول سے اسحاق ڈار کی برطانیہ سے گرفتاری میں مدد کی درخواست کی گئی ہے۔

    انٹرپول کو بجھوائے گئے خط کے ساتھ اسحاق ڈار کو احتساب عدالت کی طرف سے اشتہاری قرار دینے سمیت ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری اور اثاثہ جات ریفرنس کی تفصیلات بھی منسلک ہیں۔

    خیال رہے اسحاق ڈار عدالت کے کئی بار بلانے پر نہ آئے۔


    مزید پڑھیں : اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ جاری


    گذشتہ ہفتے اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت میں اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ جاری کردیے ہیں، وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ریڈ وارنٹ جاری کیے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اسحاق ڈار کا پاسپورٹ منسوخ کیا گیا ہے۔

    جس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈارکا پاسپورٹ منسوخ ابھی تک نہیں کیا گیا، انٹرپول کی جانب سے کارروائی کا انتظار ہے، پاسپورٹ کی تنسیخ کو واپس نہ آنے کا جواز بنایا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے 9 جولائی کو جسٹس ثاقب نثار نے اسحاق ڈار کی پیشی یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ اور اٹارنی جنرل کو حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسحاق ڈار ملک کی سب سے بڑی عدالت کو خاطر میں نہیں لارہے، وہ مفرور ہیں، کوئی بھی ان کو پکڑ کرپیش کرسکتا ہے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر اسحاق ڈار نہیں آتے تو ان کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے اور انٹرپول کے ذریعے انہیں واپس لایا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عاصمہ رانی قتل کیس: ملزم مجاہد انٹرپول کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل

    عاصمہ رانی قتل کیس: ملزم مجاہد انٹرپول کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل

    پشاور: ایبٹ آباد میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ رانی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے ملزم مجاہد آفریدی کو انٹرپول حکام کی جانب سے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملزم مجاہد کی تصویر انٹر پول کی ویب سائٹ پر جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے کی مدد کریں۔

    wanted

    ملزم کا نام انتہائی مطلوب افراد کی فہرست شامل خیبر پختون خواہ پولیس کے انٹرپول سے رابطے کے بعد کیا گیا۔

    یاد رہے کہ 29 جنوری کو کوہاٹ میں مجاہد آفریدی نے رشتے سے انکار پر میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ رانی کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا جس کے فوری بعد ملزم اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے سعودی عرب فرار ہو گیا۔

    عاصمہ رانی کا قاتل اب تک آزاد ہے، کیس پر سیاست نہ کی جائے،صفیہ رانی

    بعدازاں 30 جنوری کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کوہاٹ میں میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخواہ صلاح الدین محسود سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی تھی۔

    عاصمہ رانی قتل کیس: مرکزی ملزم کا قریبی دوست گرفتار

    واضح رہے 2 فروری کو پولیس نے عاصمہ کے قتل کے مفرور ملزم مجاہد آفریدی کے دوست اور معاون شاہ زیب کو گرفتار کیا جو عاصمہ کی جاسوسی میں ملوث ہے، قتل کے وقت بھی وہ ملزم مجاہد کے ساتھ ہی تھا اور اسی نے واردات کے بعد مجاہد کو فرارد ہونے میں مدد فراہم کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیوایم کے سابق سیکٹرانچارج رئیس مما ملائیشیا سے گرفتار

    ایم کیوایم کے سابق سیکٹرانچارج رئیس مما ملائیشیا سے گرفتار

    کراچی : ایم کیوایم کے سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کو ملا ئیشیا سے حراست میں لے لیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ فیکٹری اور چکرا گوٹھ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ایم کیو ایم کے مفرور سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کو کورنگی سے گرفتار کر لیا گیا ہے وہ کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے.

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سیکٹر انچارج رئیس مما کی گرفتاری انٹر پول کے ذریعے عمل میں لائی گئی تاہم اُن کی پاکستان آمد اور تحقیقاتی اداروں کو حوالگی سے متعلق کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے تاہم حماد صدیقی کی دبئی سے گرفتاری کے فوری بعد رئیس مما کی گرفتاری کو بڑی کامیابی تصور کیا جارہا ہے.

     

     اسی سے متعلق : متحدہ عرب امارات نے حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا

    خیال رہے کہ اس سے قبل سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کو بھی انٹر پول کے ذریعے ملائیشیا کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا اور رحمان بھولا آج کل عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہا ہے، اس تناظر میں رئیس مما کی گرفتاری مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے.

    یاد رہے 11 مارچ 2015 کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز نے چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان عبید کے ٹو، نادر شاہ اور فرحان دانش سمیت 150 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا تھا.

     یہ بھی پڑھیں : ملائیشیا سے گرفتار عبدا لرحمان بھولا کراچی منتقل

    ایم کیو ایم کے مرکز سے خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے بعد رئیس مما پاکستان چھوڑ کر ملائیشیا فرار ہو گیا تھا جس کی تلاش قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جا ری رکھی اور ملائشیا فرار ہونے کی مصدقہ اطلاعات کے بعد انٹرپول سے رابطہ کر کے با لآخر رئیس مما کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے جس سے کئی اہم انکشافات کی توقع ہے.

  • انٹرپول نے ڈاکٹرذاکرنائیک کےخلاف بھارتی نوٹس مسترد کردیا

    انٹرپول نے ڈاکٹرذاکرنائیک کےخلاف بھارتی نوٹس مسترد کردیا

    نئی دہلی : انٹر پول نے بین الاقوامی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کیخلاف بھارت کا ریڈ کارنر نوٹس مسترد کردیا، بھارت نے انٹرپول کو ریڈ کارنر نوٹس کی درخواست کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر پول نے بھارتی حکومت کی جانب سے معروف اسلامی مبلغ اور اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر ذاکرنائیک کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس مسترد کردیا۔

    بھارت نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف انٹرپول کو ریڈ کارنر نوٹس کی درخواست کی تھی جس میں ان پر نفرت انگیز تقاریر سمیت دیگر الزامات لگائے گئے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرپول نے نوٹس منسوخ کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کیخلاف جو شواہد جمع کرائے گئے ہیں وہ تعصب پر مبنی تھے ان کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس بنگلہ دیش میں واقع ایک کیفے میں دو حملہ آوروں نے حملہ کیا تھا جس کے بعد کیس کی تحقیقات میں مبینہ طور پر یہ بات سامنے آئی تھی کہ دونوں دہشت گرد ذاکر نائیک کے خطابات سے متاثر تھے۔


    مزید پڑھیں: بھارت کے کالے قوانین مسلمانوں کے لیے ہیں، ذاکر نائیک


    قبل ازیں بھارت نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ادارے پر الزامات عائد کیے تھے کہ اسلامک ریسرچ سینٹر سے ہونے والی تقاریر سے شدت پسند پیدا ہورہے ہیں جس کے بعد اس ادارے پر 5 سال کی پابندی عائد کرتے ہوئے مبلغ ذاکر نائیک پر بھی پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    بھارتی حکومت کی مسلمان دشمن پالیسیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ذاکر نائیک نے سعودی عرب میں سکونت اختیار کی تاہم بعد ازاں سعودی حکومت کی جانب سے ذاکر نائیک کو مستقل سعودی شہریت دے دی گئی ہے۔

  • انٹرپول نے رحمان بھولا کا بیان ریکارڈ کرلیا، ایف آئی اے کو ارسال

    انٹرپول نے رحمان بھولا کا بیان ریکارڈ کرلیا، ایف آئی اے کو ارسال

    بنکاک: انٹرپول نے بنکاک سے گرفتار پاکستان کو مطلوب ملزم رحمان بھولا کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا جس میں ملزم نے انتہائی اہم انکشافات کیے ہیں۔


    رحمن بھولا گرفتار، ایف آئی اے کی ٹیم بنکاک روانہ


    نمائندہ اے آر وائی نیوز کامل عارف کے مطابق انٹرپول نے رحمان بھولا کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرکے ایف آئی اے کو بھیج دیا جس میں سانحہ بلدیہ کے مطلوب ملزم رحمان عرف بھولا نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

     

    یہ پڑھیں: بھولا کی گرفتاری، پرانے ساتھیوں کا پہچاننے سے انکار

    ذرائع نے بتایا کہ رحمان بھولا کا کہنا ہے کہ وہ سیاسی کارکن ہے اور اس کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سانحہ بلدیہ کے بعد بھولا نائن زیرو میں روپوش رہا، اہلیہ ثمینہ

    اطلاعات کے مطابق بلدیہ ٹائون فیکٹری کیس سے متعلق معلومات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔

    سانحہ بلدیہ: مجرموں کو سرعام جلایا جائے، لواحقین کا مطالبہ

    دوسری جانب ملزم کو پاکستان لانے کے لیے اب تک حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا،ایف آئی اے کی دو رکنی ٹیم تیار بیٹھی ہے تاہم وہ گرین سگنل کی منتظر ہے جیسے ہی اسے جانے کی اجازت ملے گی وہ فورا تھائی لینڈ روانہ ہوجائے گی۔

  • بیرون ملک مطلوب ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایاجائے، چوہدری نثار

    بیرون ملک مطلوب ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایاجائے، چوہدری نثار

    اسلام آباد : وزیر داخلہ چوہدری نثارنے پاکستان کو مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام اشتہاریوں اور مطلوب ملزمان کے ناموں پر مشتمل بلیک لسٹ کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ایف آئی اے ،پولیس ،نادرا اوروزارت داخلہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیر داخلہ کو بریفنگ دی گئی کہ پولیس اور ایف آ ئی نے رواں سال 1800اشتہاریوں کو گرفتار کیا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کومطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے تیز کیے جائیں اوربیرون ملک مقیم مطلوب ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایاجائے۔

    انہوں نے کہا کہ اس حوالےسےکسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ کی جائے، اجلاس میں اشتہاری ملزمان کے بینک اکاؤنٹس،شناختی کارڈ،ڈرائیونگ لائسنس بھی بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں اسکاٹ لینڈیارڈ سے دورکنی ٹیم کی پاکستان آمد کے حوالے سے خبروں کی بھی بے بنیاد قراردیا گیا۔

     

  • متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی گرفتار

    متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی گرفتار

    لاہور : متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کو انٹرپول نے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ میں بے ضابطگیوں کا ریکارڈ نیب کے حوالے کیا جارہا ہے، یہ بات انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔

    صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ آصف ہاشمی نے بورڈ میں بے جا اورغیرقانونی بھرتیاں کیں۔ مگر کسی کو بھی اس وقت تک نوکری سے نہیں نکالا جائے گا جب تک نیب اپنی تحقیقات نہیں کرلیتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں اربوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کرالی گئی ہے، مگر بورڈ کی بیشتر زمینوں پر قبضہ ختم نہ ہونے کی وجہ عدالتیں ہیں جو ہر کسی کو اسٹے آرڈر جاری کردیتی ہیں۔

    صدیق الفاروق نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے قوانین میں جلد ترامیم کی جائیں گی جس میں شہر ی علاقوں میں موجود زرعی اراضی کو شہری اراضی میں تبدیل کیا جائےگا تاکہ زیادہ ریونیو حاصل کیا جاسکے۔

     

  • مشرف واپس نہ آئے توانٹرپول کے ذریعے لائینگے، چوہدری نثار

    مشرف واپس نہ آئے توانٹرپول کے ذریعے لائینگے، چوہدری نثار

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخہ چوہدری نثار نے کہا ہے مشرف خود واپس نہ آئے توانٹرپول کے ذرئعے واپس لائیں گے،یہ بات انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا تو اپوزیشن اور حکومتی بینچوں سے مشرف مشرف ہی کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔

    اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سابق صدر مشرف کے باہر جانے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت تو کمزور تھی لیکن (ن) لیگ والے تو شیر تھے، ڈکٹیٹر کو جانے کیوں دیا؟

    تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ ڈیل ہوئی یا مُک مُکا؟

    اعتزاز احسن نے بھی سابق صدر کو بیرون ملک روانگی کی اجازت پر کڑی تنقید کی۔ جس پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارجواب دینے کھڑے ہوئے۔ ان کا کہنا تھا اس سے پہلے کسی مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر نے ایسے دن نہیں دیکھے جو مشرف کو دیکھنے پڑے ۔

    انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف خود وطن واپس  نہ آئے تو قانون ان کا پیچھا کرے گا، ان کو انٹرپول کے ذریعے واپس لائیں گے ۔ وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بے نظیر کیس میں مشرف کا نام آیا تو پیپلز پارٹی نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما حکومت پر تنقید سے پہلے ذرا اپنے ورکرز کو تو جواب دے لیں۔

     

  • عزیربلوچ کودبئی سےلانےکراچی پولیس ٹیم کل روانہ ہوگی

    عزیربلوچ کودبئی سےلانےکراچی پولیس ٹیم کل روانہ ہوگی

    کراچی: وزیر داخلہ کی ہدایت پرعزیر بلوچ کوگرفتارکرکےوطن لانے کیلئےکراچی پولیس کی ٹیم کل دبئی روانہ ہوگی۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے لیاری گینگ وار میں ملوث عزیر بلوچ کو پاکستان لانے کے معاملے میں اہم فیصلہ لے لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری گینگ وار کا سرغنہ عزیر بلوچ دبئی میں موجود تھا جہاں اسے انٹرپول نے گرفتار کر لیا۔

    حکومت پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات جاری کیے ہیں کہ اسی ہفتے عزیر بلوچ کو پاکستان لانے کے لیے ٹیم کو دبئی بھجوائی جائے گی،جس کے بعد اسے حکومت پاکستان کے حوالے کر دیا جائے گا۔

  • وزارت داخلہ کا عزیر بلوچ کی حوالگی کے حوالے سے وزارت خارجہ کو خط

    وزارت داخلہ کا عزیر بلوچ کی حوالگی کے حوالے سے وزارت خارجہ کو خط

    کراچی: عزیرجان بلوچ کی گرفتاری کے بعد اسے وطن واپس لانے کے لیے وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ پاکستانی سفارت خانے کو عزیر جان بلوچ کی حوالگی کے حوالے سے تمام دستاویزات تیار کرکے دے اور اس کی گرفتاری کے لیے جانے والی کراچی پولیس کی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے،اس حوالے سے جو بھی دستاویزات ہیں وہ فوری طور پر انٹرپول کو فراہم کی جائے اور ملزم کی حوالگی کو جلد یقینی بنائی جائے۔