Tag: انٹر کے سالانہ امتحانات

  • واٹس ایپ کے زریعے نقل : چیئرمین بورڈ نے امتحانات سے قبل ہی انٹر کے طلبا کو خبردار کردیا

    واٹس ایپ کے زریعے نقل : چیئرمین بورڈ نے امتحانات سے قبل ہی انٹر کے طلبا کو خبردار کردیا

    کراچی : انٹر کے سالانہ امتحانات 5 مئی سے شروع ہوں گے، چیئرمین بورڈ نے نقل کرانے والے واٹس ایپ گروپس کیخلاف ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس بشمول امپروومنٹ آف گریڈ/ڈویڑن، ایڈیشنل سبجیکٹس، بینیفٹ کیسز، شارٹ سبجیکٹس، ٹی پی (بارہ پرچے) اور اسپیشل چانس کے سالانہ امتحانات برائے 2025 ء کے پہلے مرحلہ کا آغاز پیر 5مئی سے ہورہا ہے۔

    جمعرات 29 مئی 2025ء تک جاری رہنے والے ان امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں 1 لاکھ 26 ہزار 500 سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔

    صبح کی شفٹ میں صبح 9بجے سے 12بجے تک سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات ہوں گے جس میں 92 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوں گے جبکہ شام کی شفٹ میں دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک سائنس جنرل کے امتحانات لیے جائیں گے جس میں 34ہزار 500 سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔

    انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کیلئے صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 182 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں 122 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 60 شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔

    صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 36 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

    چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی غلام حسین سوہو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف امتحانات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، امتحانات کے پرامن و بلاتعطل انعقاد اور طلباء کی سہولت کیلئے انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ، کمشنر کراچی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک کراچی ریجن، کے الیکٹرک، ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ، محکمہ صحت سندھ، ری ہیبلیٹیشن ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ اور ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں تاکہ امتحانات کے دوران امن و امان، امتحانی مراکز کی سیکیورٹی اوربجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔

    غلام حسین سوہو کا کہنا تھا کہ 36 انتہائی حساس امتحانی مراکز پر خصوصی سیکیورٹی کی تعیناتی کیلئے بھی ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز سندھ پولیس کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

    انھوں نے واضح کیا کہ نقل مافیاکے خلاف سخت کارروائی ہوگی، نقل کرانےوالےواٹس ایپ گروپس کیخلاف ایف آئی اے کو خط لکھ دیا، گروپ ایڈمن اورممبران کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔

    انہوں نے بتایا کہ امتحانات میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور نقل کی روک تھام کیلئے کمشنر آفس کراچی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں دو مرکزی مانیٹرنگ سیل بنائے گئے ہیں ۔

    چیئرمین انٹربورڈ نے بتایا کہ امتحانات میں شفافیت کیلئے ہر امتحانی مرکز کے پرچے میں اس امتحانی مرکز کا کوڈ ڈالا گیا ہے، اگر کوئی پرچہ لیک ہوتا ہے تو اس کوڈ کی وجہ سے فوری طور پر پتا چل جائے گا کہ کس امتحانی مرکز سے پرچہ لیک ہوا ہے۔

    چیئرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ امتحانات میں نقل روکنے کیلئے بورڈ کی جانب سے 16 سپر ویجی لینس ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں جو پورے شہر میں امتحانی مراکز کے اچانک دورے کر کے وہاں موجود سہولیات اور امتحانی عمل کا جائزہ لیں گے۔

  • انٹر کا  زولوجی کا پرچہ وائرل کرنے میں ممتحن امتحانات ملوث نکلی

    انٹر کا زولوجی کا پرچہ وائرل کرنے میں ممتحن امتحانات ملوث نکلی

    کراچی : انٹر کے سالانہ امتحانات میں زولوجی کا پرچہ وائرل کرنے میں ممتحن امتحانات ملوث نکلی اور غلطی کا اعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر کے سالانہ امتحانات میں پرچہ وائرل کرنے میں ایک خاتون ملوث نکلی۔ْ

    گورنمنٹ ڈگری گرلز آرٹس اینڈ کامرس کالج کی ممتحن امتحانات نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ زولوجی کا پرچہ سوشل میڈیا پر وائرل میں نے کیا تھا۔

    ممتحن امتحانات نے کہا کہ غلطی نادانستہ طور پر ہوگئی، آئندہ کوشش کروں گی ایسی غلطی نہ ہو۔

    گورنمنٹ اسکول گریڈ سولہ کی ایک ٹیچر کالج میں ممتحن امتحانات کے فرایض اداکر رہی ہیں ۔

    ممتحن امتحانات نے ناظم امتحانات کو درخواست کی ہے کہ اس مرتبہ معاف کردیا جائے، اس عمل میں کالج کے عملے کی غلطی نہیں ہے۔

    خاتون ممتحن امتحانات کی درخواست سی سی او کی جانب سے بورڈ انتظامیہ کو موصول ہوگئی ہے تاہم چیرمین انٹر بورڈکا کہنا ہے کہ قوائد کے تحت ممتحن امتحانات کیخلاف ایکشن ہوگا۔

  • کراچی میں لاک ڈاؤن کے بعد انٹر کے سالانہ امتحانات کا سلسلہ شروع

    کراچی میں لاک ڈاؤن کے بعد انٹر کے سالانہ امتحانات کا سلسلہ شروع

    کراچی : لاک ڈاؤن کے بعد انٹر کے سالانہ امتحانات کا سلسلہ شروع ہوگیا ، کراچی میں 12 ویں جماعت کے پرچے اور اندرون سندھ میں گیارہویں جماعت کا پرچہ لیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرا چی میں لاک ڈاؤن کے باعث ملتوی 12 ویں جماعت کے پرچوں کا آج سے آغاز ہوگیا ، آج نباتیات اور معاشیات کا پرچہ لیا جارہا ہے  ، نباتیات کا پرچہ ڈیڑھ اور معاشیات کا پرچہ2گھنٹےکاہوگا جبکہ دن ڈھائی بجے ہیومی نٹیس گروپ، ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن،اسپیشل طالبعلموں کے پرچے ہوں گے۔

    دوسری جانب سکھربورڈ کے زیراہتمام فرسٹ ایئر کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے ، اندرون سندھ فرسٹ ایئر کے امتحانات میں پیپر آؤٹ ہونے اور نقل کا سلسلہ جاری ہے ، فزکس کے پرچے میں طلبا موبائل سے پرچہ حل کرنے میں مصروف ہیں۔

    لاڑکانہ میں بھی گیارہویں جماعت کے امتحانات جاری ہے ، پہلے روز گیارہویں جماعت کے کیمسٹری کاپرچہ وقت سے پہلےآؤٹ ہوگیا، نقل مافیہ نے واٹس ایپ گروپ کےذریعے کیمسٹری کا پرچہ آؤٹ کیا۔

    عمرکوٹ میں بھی گیارہویں جماعت کے فزکس کا پرچہ لیاجارہاہے ، امتحانی مراکز کے باہر نقل کرانے والوں کا رش ہیں جبکہ شہربھرمیں فوٹواسٹیٹ کی مشینیں کھلی ہیں، دوپہر 2بجےگیارہویں جماعت کی کیمسٹری کاپرچہ ہوگا۔

    وزیرجامعات اینڈبورڈسندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ سندھ بھرمیں آج سے 800 سےزائدامتحانی مراکز میں امتحانات ہورہےہیں، صوبےمیں امتحانات 13اگست تک جاری رہیں گے۔

    اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ امتحانی مراکزمیں طلباکوماسک کےبغیر داخل ہونےنہیں دیا جائے گا جبکہ امتحانی مراکزمیں طلبااور انویجی لیٹرز کے موبائل  فون لانےپرپابندی ہوگی اور امتحانی مراکزکےقریب فوٹواسٹیٹ مشینوں کی دکانیں بھی بندرہیں گی۔