Tag: انٹیلی جنس

  • ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت محسوس کی ہے: وزیر خارجہ

    ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت محسوس کی ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت محسوس کی ہے، پاک فوج بر وقت اور مناسب جواب کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنا اہم ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی عزائم پر ایک اور خط صدر سلامتی کونسل کو ارسال کیا۔ یہ میرا ساتواں خط تھا جس میں بھارتی اقدامات کی نشاندہی کی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے بھارت کے ناپاک عزائم ظاہر ہوتے ہیں، سلامتی کونسل کی توجہ خاص طور پر 4 اقدامات پر دلائی ہے۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر لگی باڑھ کو 5 جگہ سے کاٹا ہے۔ اس کے پیچھے کیا عزائم ہیں کیا کوئی نیا مس ایڈونچر ہونے جا رہا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایل او سی پر باڑھ کاٹنے پر ہمیں تشویش ہے۔ جنوری 2019 سے اب تک 3 ہزار بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی۔ خواتین اور بچوں سمیت 300 نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خط کی بنیاد پر سیکیورٹی کونسل میں چین نے مسئلے کو دوسری مرتبہ اٹھایا، پہلی بار 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے پیش نظر مسئلے کو اٹھایا گیا۔ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ چین نے اس مسئلے کو سلامتی کونسل میں بروقت اٹھایا، بھارت کے نئے اقدامات کی یو این فوجی مبصر گروپ سے چھان بین کروائی جائے۔ چھان بین کے ذریعے زمینی حقائق سے سلامتی کونسل کو آگاہ کیا جائے۔

    اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ نریندر مودی کے عزائم واضح ہیں۔ آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 136 واں دن ہے۔ کشمیر میں کمیونی کیشن بلیک آؤٹ اور مواصلات کے ذرائع معطل ہیں۔ مقبوضہ وادی میں میڈیا جا نہیں سکتا، ڈپلو میٹس پر پابندی ہے۔ بابری مسجد فیصلے سے بھارت کے 20 کروڑ مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی بل پر آسام کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے احتجاج کی خود قیادت کی۔ بھارت کی 5 ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کی طرف سے نئے ناٹک کا خدشہ ہے۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت کو محسوس کیا ہے۔ یہ نقل و حرکت اشارہ دیتی ہے کہ بھارت کے ارادے درست نہیں۔ پاکستانی قوم کی طرف سے مودی سرکار کو باور کروانا چاہتا ہوں۔ ہم پر امن لوگ ہیں لیکن 27 فروری کو مت بھولیے گا۔ جارحیت اور فالس فلیگ آپریشن کیا گیا تو پاکستانی افواج تیار ہیں۔

  • گلگت بلتستان میں انتشار پھیلانے کا منصوبہ ناکام، را کا نیٹ ورک پکڑا گیا

    گلگت بلتستان میں انتشار پھیلانے کا منصوبہ ناکام، را کا نیٹ ورک پکڑا گیا

    اسلام آباد: انٹیلی جنس اداروں نے بڑی کامیابی حاصل کرلی، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں  مصروف را کا نیٹ ورک پکڑا گیا.

    تفصیلات کے مطابق را کی گلگت میں انتشار  پھیلانے کی طویل منصوبہ بندی ناکام بنا دی گئی، بےنقاب کیے گئے را  نیٹ ورک کی سنسنی خیز تفصیلات سامنے آگئیں، را نے گلگت میں بلورستان نیشنل فرنٹ حمید گروپ کی سرپرستی کی. 

    تفتیش میں انکشاف ہوا کہ بلورستان نیشنل فرنٹ حمید گروپ گلگت بلتستان کی ذیلی قوم پرست تنظیم ہے، را نیٹ ورک کا مشن گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو ورغلانہ تھا، جی بی کی یونیورسٹیوں میں پاکستان دشمن پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا، عبدالحمیدخان کے پاس عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کا ٹاسک تھا.

    آپریشن کے دوران بی این ایف کے 14 متحرک کارکن حراست میں لیے گئے

    انکشاف ہوا ہے کہ عبدالحمید خان کا ہدف گلگت بلتستان میں دہشت گردی  کرنا بھی تھا، را کے اشارے پر عبد الحمید خان نےعالمی مالیاتی اداروں کو خطوط بھیجے، 6 مجوزہ ڈیموں کے لئے مالی و تکنیکی مدد فراہم کرنے سے روکنے کی کوششیں کیں، سربراہ بی این ایف عبدالحمید خان آف غذر 1999 میں نیپال گیا تھا.

    تفتیش میں انکشاف ہوا کہ عبد الحمید خان کو  را نیپال لے کرگئی، جہاں سے وہ بھارت چلا گیا، عبد الحمید کو دلی میں 3 اسٹار اپارٹمنٹ دیا گیا،3 بیٹے، فیملی بھی منتقل ہوئی، عبدالحمید خان کے بچوں کو مختلف اسکولوں، کالجز میں مہنگی تعلیم دلوائی گئی، را 1999 سے 2007 تک عبد الحمید کو فنڈنگ کرتا رہا، 2015 سے 2018 تک را نے عبد الحمید کو بھاری فنڈنگ کی، را کی جانب سےعبدالحمید کو بھارتی شناختی دستاویز، کاروباری سہولت دی گئی.

    مزید پڑھیں: بلوچستان اہم صوبہ ہے اس لیے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں: وزیر داخلہ بلوچستان

    اطلاعات کے مطابق عبدالحمید کے بیٹوں کی تعلیم کوبھارت اور یورپ میں بھی اسپانسر کیا گیا، پاکستان دشمن پروپیگنڈے کے لئے 2007 کے بعدعبدالحمید کو برسلز بھیجا گیا، را نے بی این ایف کو  جی بی میں سرگرمیوں کے لئے ایک ارب روپے فنڈنگ کی، بلورستان نے علیحدگی پسند سوچ کے لئے ٹائمز میگزین کا استعمال کیا گیا، انٹیلیجنس نے "آپریشن پرسویٹ” میں بی این ایف کامقامی نیٹ ورک بےنقاب کیا۔

    انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن سے بلورستان نیشنل فرنٹ کا مقامی نیٹ ورک پکڑا گیا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بڑی تعداد میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا، آپریشن کے دوران بی این ایف کے 14 متحرک کارکن حراست میں لیے گئے، را عبدالحمید خان کے ذریعے مختلف شہروں میں بھی طلباکو اسپانسرکر رہی تھی، اسٹوڈنٹ ونگ بی این ایس آرگنائزیشن چیئرمین کی سرپرستی میں ملوث تھا.

    شیرنادر شاہی پنڈی، غذر میں مرکزی کردار تھا، عبد الحمید را سے ہدایات لیتا تھا، چیئرمین بلورستان نیشنل اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن بلورستان ٹائمزشائع کرتا تھا، 2016 میں عبدالحمید، را کی مدد سے یو اے ای گیا، جہاں سے نیپال منتقل ہوا۔

    انٹیلی جنس اداروں کی کوشش سےعبد الحمید نے 8 فروری 2019 کو غیر مشروط سرنڈر کیا، 29 مارچ کو شیرنادرشاہی نے بھی سرنڈر کر دیا، شیرنادر شاہی کو یو اے ای سے را کی لیڈی ایجنٹ نےشکارکیا پھرنیپال لے جایا گیا، شیر نادر کو نیپال سے بھارت لے جانے سے پہلے کامیابی سے پاکستان واپس لایا گیا.

  • کمزورانٹیلی جنس دھماکوں کا سبب بنی، سری لنکن صدر

    کمزورانٹیلی جنس دھماکوں کا سبب بنی، سری لنکن صدر

    کولمبو: سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا کا کہنا ہے کہ دوست ممالک کی دی گئی معلومات مجھ سے شیئرنہیں کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا کا کہنا ہے کہ حکومت کوسری لنکا میں دھماکوں کی ذمہ داری لینی چاہئے۔

    میتھری پالاسری سینا کا کہنا ہے کہ کمزورانٹیلی جنس دھماکوں کا سبب بنی، فوجی انٹیلی جنس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔

    سری لنکن صدر نے مزید کہا کہ دوست ممالک کی دی گئی معلومات مجھ سے شیئرنہیں کی گئیں۔

    سری لنکا دھماکے، ہلاکتوں کی تعداد 359 ہوگئی

    یاد رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں سمیت 8 دھماکے ہوئے تھے جس میں غیرملکیوں سمیت 300 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 400 زخمی ہوئے تھے۔

    سری لنکا کے نائب وزیردفاع کے مطابق دھماکوں میں 9 خودکش حملہ آور ملوث تھے جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی جبکہ 8 حملہ آوروں کی شناخت کی جاچکی ہے۔

    سری لنکا حملے: خود کش حملہ آور کا برطانیہ و آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے کا انکشاف

    وزیردفاع کا کہنا تھا کہ دھماکوں کے الزام میں 60 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ دھماکوں میں ملوث ایک بمبار نے برطانیہ اور آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی تھی۔

  • سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہے، جیسنڈا ایرڈن

    سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہے، جیسنڈا ایرڈن

    ولنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ کوئی معلومات نہیں سری لنکا میں دھماکے کرائسٹ چرچ حملوں کے جواب میں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے سری لنکا میں دھماکوں سے متعلق انٹیلی جنس نہیں تھی۔

    جیسنڈا ایرڈن نے کہا کہ کوئی معلومات نہیں دھماکے کرائسٹ چرچ حملوں کے جواب میں تھے، سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کی مخالفت کرتا ہے، کرائسٹ چرچ میں مساجد حملے کے پیش نظر پرتشدد افراد کے خلاف سخت مذمت سامنے آئی اور اس واقعے کے بعد دنیا بھر میں امن کا پیغام دیا گیا جس کی وجہ سے ہم سب متحد ہوئے۔

    سری لنکا دھماکے، ہلاکتوں کی تعداد 359 ہوگئی

    سری لنکن وزیردفاع روان وجے وردن نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ جو سری لنکا میں ہوا وہ کرائسٹ چرچ میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے حملے کا بدلہ تھا۔

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر میں سفید فام دہشت گرد آسٹریلوی شہری نے 2 مساجد میں حملہ کرکے 50 سے زائد افراد کو شہید کردیا تھا۔

  • دہشتگردوں کو شناختی کارڈ فراہم کرنے والا نادرا کا ملازم گرفتار

    دہشتگردوں کو شناختی کارڈ فراہم کرنے والا نادرا کا ملازم گرفتار

    لاہور: پولیس نے دہشت گردوں کو شناختی کارڈ تیار کرکے دینے والے نادرا کے ملازم کو گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

    مغل پورہ پولیس کے مطابق نادرا میں ڈیٹا انٹری آپریٹر شاہد کا دہشت گردوں سے رابطہ تھا اور اس نے دہشت گردوں سے اکانوے شناختی کارڈ بنانے کی ڈیل کی اور اکیس شناختی کارڈ تیار کرکے ان کے حوالے کیے۔

     ملزم کے مطابق اسے نہیں معلوم تھا کہ وہ دہشت گرد ہیں اس نے ایجنٹ سمجھ کر شناختی کارڈ بنائے اور اب تک چھ لاکھ روپے وصول کرچکا ہے۔

    ملزم کا کہنا ہے کہ اس کی محکمانہ کارروائی جاری تھی اسے ایک مہینہ پہلے پکڑا گیا اور اب پولیس کے حوالے گیا ہے۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی کےحملےکاخطرہ ، سیکورٹی الرٹ جاری

    کالعدم ٹی ٹی پی کےحملےکاخطرہ ، سیکورٹی الرٹ جاری

    اسلام آباد: تحریک طالبان پاکستان کراچی نے بارود سے بھرا ٹرک اسلام آباد اور راولپنڈی منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو کراچی سے روانہ ہوچکا ہے۔

    انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق تحریک طالبان کراچی کا دہشت گردی کا منصوبہ بارود سے بھرا ٹرک کراچی سے اسلام آباد اور راولپنڈی روانہ ہوگیا ہے،ٹرک نمبر اے کے اے سات سو سات میں بارود بھرا ہوا ہے،ٹرک کو حافظ احمد نامی شخص چلا رہا ہے۔

    انٹیلی جنس حکام نے دہشت گردی کے خطرے سے متعلق محکمہ داخلہ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔