پشاور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم جب گر کر کھڑی ہوتی ہے تو مشکل وقت کا مقابلہ کرتی ہے، میں ہار جیت نہ سیکھتا تو ڈیڑھ سالہ مشکل حالات میں ہاتھ کھڑے کردیتا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ انڈر 21 گیمز کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں، تمام ایتھلیٹس سے امید ہے کہ وہ بھرپور مقابلہ کریں گے۔
Sportsman is a person who doesn’t get demoralized. He designs himself to compete. Whenever a person falls & stands up again; he becomes stronger. Same goes for the nations, those nations become stronger who faces challenges & don’t give up
PM Imran Khan at Under 21 KP Games pic.twitter.com/rRKIFlDEu5
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) March 9, 2020
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انڈر 21 گیمز سے پاکستان کا ٹیلنٹ اوپر آئے گا، نوجوانوں کو کھیل کی اہمیت بتانا چاہتا ہوں۔ کھیل سے انسان کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔ جو اپنے جسم کو اللہ کی نعمت سمجھتا ہے وہ ہمیشہ اس کا دھیان رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل میں جب آپ مقابلہ کرتے ہیں تو اپنے آپ کو فائدہ پہنچاتا ہے، نوجوانوں کو گاؤں کی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینا ہوگا۔ زندگی مقابلے کا نام ہے، اسکول میں پڑھائی سے مقابلہ ہوتا ہے، آپ جب بزنس کریں گے تو بزنس میں مقابلہ ہوتا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو اٹھانے کے لیے سیاست میں آئیں گے تو یہ بھی مقابلہ ہے، چیمپئن وہ ہوتا ہے جو ہارنے سے ڈرتا نہیں بلکہ سیکھتا ہے۔ انسان تب ہارتا ہے جب وہ ہار مان جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئن کو ہار نہیں ہرا سکتی، چیمپئن وہ ہوتا ہے جب ہارتا ہے تو اس کا سر جھکتا نہیں ہے۔ چیمپئن جب ہارتا ہے تو دگنی محنت کرتا ہے اور پھر کھڑا ہوتا ہے، جو ہار سے گھبراتا نہیں وہ کبھی چیمپئن نہیں بنتا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسپورٹس نہ کھیلتا تو 22 سال سیاست کا مقابلہ نہ کرتا، ہار مان جاتا۔ زندگی اونچ نیچ کا نام ہے جو اوپر پہنچتا ہے وہ گھبراتا نہیں ہے۔ انسان جب گر کر کھڑا ہوتا ہے تو وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔ قوم بھی جب گر کر کھڑی ہوتی ہے تو مشکل وقت کا مقابلہ کرتی ہے۔ ہار جیت نہ سیکھتا تو ڈیڑھ سالہ مشکل حالات میں ہاتھ کھڑے کردیتا۔