Tag: انڈونیشیا

  • منہ سے دھواں نکالنے والی کینڈی: ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    انڈونیشیا میں مائع نائٹروجن والی کینیڈیز بے حد مقبول ہورہی ہیں جنہیں کھا کر ناک اور منہ سے دھواں نکلتا ہے، بچوں کے ساتھ ساتھ ٹک ٹاکر بھی اس کے دیوانے نظر آرہے ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق انڈونیشیا کی وزارت صحت نے ٹک ٹاک پر ویڈیوز کی بھرمار کے بعد لوگوں کو مائع نائٹروجن میں ڈوبی ٹافی / کینڈی کھانے سے خبردار کیا ہے۔

    ڈریگن بریتھ کو کھانے سے کچھ دیر تک منہ اور ناک سے دھواں نکلتا رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ اسے کھا کر ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر پوسٹ کر رہے ہیں، مائع نائٹروجن کی موجودگی سے اب تک کئی بچے معدے کی جلن اور دیگر امراض کا شکار ہوچکے ہیں۔

    انڈونیشیا کی سڑکوں پر ان ٹافیوں اور کھانے کی اشیا کو مائع نائٹروجن میں ڈبو کر فروخت کیا جا رہا ہے جس سے اب تک دو درجن بچے متاثر ہوچکے ہیں، مقامی افراد اسے چکی بیولس کے نام سے پکارتے ہیں۔

    انڈونیشیا کے طبی ماہرین نے کہا ہے کہ مائع نائٹروجن سانس اور معدے کی نالیوں میں شدید جلن پیدا کر سکتی ہے اور اس سے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

    ماہرین نے حکومت سے کہا ہے کہ اژدھے کی سانس والی مٹھائی پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور انہوں نے اس ضمن میں والدین کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔

  • ویڈیو: رحم دل مگرمچھ نے دریا میں ڈوبنے والے بچے کی لاش والدین کو لوٹا دی

    انڈونیشیا میں ایک رحم دل مگرمچھ نے دریا میں ڈوبنے والے بچے کی لاش کو اپنے اوپر رکھ کر والدین کے حوالے کردیا۔

    انڈونیشیا میں مختلف ٹی وی چینلز پر جب  یہ ویڈیو نشرکی گئی تو سب مگر مچھ کی رحم دلی دیکھ کو حیران رہ گئے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیا میں پیش آیا، جہاں 4 سالہ بچے کو والدین اور ریسکیو کی ٹیمیں ڈھونڈنے میں ناکام رہی تو مگر مچھ نے بچے کی لاش اپنے اوپر رکھ کر اسے والدین کے حوالے کیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب لوگوں نے دریا میں بہت ہی بڑے مگر مچھ کو دیکھا تو ڈر گئے تاہم اس کی کمر پر ڈوبنے والے بچے کی لاش کو دیکھ کر فوراً ہی  لوگوں نے حیرانی کا اظہار بھی کیا۔

    رپورٹ کے مطابق بچے کو والدین کے حوالے کرنے کے بعد مگرمچھ فوری ہی واپس پانی میں چلا جاتا ہے۔

    https://twitter.com/SaadAbedine/status/1616805448467750913?s=20&t=f5D08ddv0wp8e3aG8hF7Gg

    غیرملکی میڈیا کے مطابق بچے کی لاش پر صرف ایک زخم موجود تھا جو کہ مگر مچھ کے دانتوں کا تھا جو اس نے بچے کی لاش کو اٹھانے کے لیے اس کی کمر میں گڑائے تھے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق 4 سالہ بچہ 2 دن پہلے اپنے گھر کے قریب کھیلتے ہوئے دریا میں بہہ گیا تھا۔

     

  • انڈونیشیا میں 7 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

    جکارتا: انڈونیشیا کے شمالی صوبے مالوکو جزیرے میں 7.0 شدت کے زلزلے سے زمین لرز اٹھی، جبکہ سونامی وارننگ جاری کردی گئی۔

    خبر ایجنسی کے مطابق آنے والے زلزلے کی شدت 7.0 ریکارڈ کی گئی ہے، پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کی ہے جس میں کہا کہ زلزلے کے مرکز کے 300 کلومیٹر کے اندر واقع ساحلوں پر خطرناک سونامی کی لہریں آسکتی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے ملائیشیا میں بھی محسوس کیے گئے ہیں تاہم اب تک زلزلے کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ 21 نومبر کو انڈونیشیا کے مرکزی جزیرے جاوا کے مغربی ج صوبے میں 5.6 شدت کے زلزلے سے 602 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    26 دسمبر 2004 کو اسماٹرا کے قریب ایک بڑے زلزلے نے بحر ہند میں سونامی کو جنم دیا جس میں سری لنکا، بھارت اور تھائی لینڈ تک 230,000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • معجزہ، انڈونیشیا زلزلے کے دو روز بعد ملبے سے چھ سالہ بچے کو زندہ نکال لیا گیا

    معجزہ، انڈونیشیا زلزلے کے دو روز بعد ملبے سے چھ سالہ بچے کو زندہ نکال لیا گیا

    انڈونیشیا میں آنے والے زلزلے کے دو روز بعد ایک چھ برس کے بچے کو ملبے کے نیچے سے معجزانہ طور پر زندہ نکالا گیا ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا کے مغربی جاوا کے قصبے سیانجور میں آنے والے زلزلے سے کم از کم 271 افراد ہلاک ہوئے، تاہم اب ایک بچے کو دو روز کے بعد خوراک اور پانی کے بغیر ملبے تلے دبے رہنے والے بچے کو معجزانہ طور پر زندہ نکال لیا گیا ہے۔

    مقامی رضاکار جیکسن نے بتایا کہ جب ہمیں اس بات کا احساس ہوا کہ زکا زندہ ہے تو مجھ سمیت وہاں پر موجود تمام لوگ رو پڑے، یہ بہت جذباتی منظر تھا کہ اور یہ ہمیں ایک معجزے کی طرح لگا تھا۔

    ریسکیو ورکرز نے زکا کو سیانجور میں تباہ شدہ مکان کے ملبے سے نکالا، ریسکیو ورکرز نے نیلی رنگ شرٹ پہنے بچے کو ایک سوراخ کے ذریعے نکالا تو بچہ مطمئن دکھائی دے رہا تھا۔

    مقامی رضاکار جیکسن نے بتایا کہ انہیں ملبے سے بچے کی والدہ کی لاش ریسکیو آپریشن کے دو گھنٹے بعد ملی تھی، بچہ اپنی دادی کی لاش کے پاس موجود تھا۔

    مقامی رضاکار جیکسن نے بتایا کہ جب سے بطور رضاکار کام شروع کیا ہے، کبھی ایسا واقعہ نہیں دیکھا یہ مناظر ہم سب کیلئے جذباتی کردینے والا تھا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی بڑی تعداد میں ہلاکت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس وقت بہت سے بچے اسکول یا اپنے گھروں میں موجود تھے۔

  • انڈونیشیا میں خوفناک زلزلہ، درجنوں ہلاکتیں

    انڈونیشیا میں خوفناک زلزلہ، درجنوں ہلاکتیں

    جکارتہ: جنوب مشرقی ملک انڈونیشیا میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچادی جس میں اب تک 50 کے قریب افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق زلزلہ صوبہ ویسٹ جاوا میں آیا اور اس کے جھٹکے دارالحکومت جکارتہ میں بھی محسوس کیے گئے۔

    زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    حکام کے مطابق زلزلے کے باعث کم از کم 46 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے، زلزلے سے ممکنہ طور پر ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور امدادی کام جاری ہے۔

    حکام کی جانب سے کہا گیا کہ زلزلے کے مرکز کے قریب افراد کو محتاط رہنا چاہیئے کیونکہ آفٹر شاکس کا خطرہ موجود ہے۔

    زلزلے کے جھٹکوں سے جکارتہ میں بھی متعدد عمارات 3 منٹ تک لرزتی رہیں جبکہ کچھ کو خالی بھی کروایا گیا۔

    خیال رہے کہ انڈونیشیا رنگ آف فائر یعنی مسلسل زلزلے اور آتش فشاں کے دھماکوں والے علاقے میں آباد ہے، فروری 2022 میں 6.2 شدت کے زلزلے سے مغربی سماٹرا میں 25 افراد ہلاک اور 460 زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل جنوری 2021 میں صوبے مغربی سولوویسی میں 6.2 شدت کے زلزلے سے 100 سے زیادہ افراد ہلاک اور ساڑھے 6 ہزار کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

    انڈونیشیا میں 2004 میں آنے والی تباہ کن سونامی کے نتیجے میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  • انڈونیشیا میں لیگ فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی، 174 افراد ہلاک

    انڈونیشیا میں لیگ فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی، 174 افراد ہلاک

    جاوا: انڈونیشیا کے صوبے مشرقی جاوا میں لیگ فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی میں 174 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں فٹ بال میچ کے دوران تماشائی آپے سے باہر ہو گئے، ہارنے والی ٹیم کے حامیوں نے اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی شروع کر دی، 2 کلب ٹیموں کے شائقین آپس میں لڑ پڑے، بھگدڑ کے دوران 174 افراد جان سے گئے، جب کہ 180 افراد زخمی ہو گئے۔

    نیوز رپورٹس کے مطابق مشرقی جاوا کے کنجوروہن اسٹیڈیم میں لیگ فٹبال میچ جاری تھا، ٹیم اریما ایف سی کو ٹیم پرسیبا سورابایا نے شکست دی تو اریما ایف سی کے سپورٹرز مشتعل ہو گئے اور میدان میں دھاوا بول دیا، اریما کلب کے کئی کھلاڑیوں پر بھی حملہ کیا گیا۔

    تصادم کے دوران پولیس نے مشتعل شائقین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس شیلنگ کی، جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی، اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں لوگ دم گھٹنے اور بھگدڑ میں روندے جانے سے ہلاک ہوئے۔

    انڈونیشیا کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد کی موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی، انڈونیشیا کے صدر نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، فٹبال لیگ کے صدر نے ایک ہفتے کے لیے تمام میچز ملتوی کر دیے۔

    روئٹرز کے مطابق مشرقی جاوا کے پولیس چیف نیکو افنتا نے صحافیوں کو بتایا کہ جب ہارنے والی ہوم ٹیم کے حامیوں نے ہفتے کی رات مشرقی جاوا صوبے میں اپنی مایوسی کا اظہار کرنے کے لیے گراؤنڈ پر حملہ کیا تو افسران نے صورت حال پر قابو پانے کی کوشش میں آنسو گیس فائر کی، جس سے بھگدڑ مچ گئی اور دم گھٹنے کے واقعات رونما ہوئے۔

    پولیس چیف نے کہا مشتعل شائقین نے افسران پر حملے کیے، اور انھوں نے کاروں کو بھی نقصان پہنچایا۔

    مقامی اسپتال کے سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرین میں سے کچھ کو دماغی چوٹیں آئی ہیں، اور مرنے والوں میں ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

    فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے اپنے حفاظتی ضوابط میں واضح کیا ہے کہ پولیس کوئی آتشیں اسلحہ یا ’کراؤڈ کنٹرول گیس‘ نہیں لے جانی چاہیے اور نہ ہی اس کا استعمال کرنا چاہیے۔ تاہم اس سوال کا جواب نہیں مل سکا ہے کہ کیا مشرقی جاوا پولیس اس طرح کے ضوابط سے واقف تھی یا نہیں۔

  • انڈونیشیا: جنگل میں چہل قدمی کرتے شخص کا حیرت انگیز چیز سے واسطہ پڑ گیا

    انڈونیشیا: جنگل میں چہل قدمی کرتے شخص کا حیرت انگیز چیز سے واسطہ پڑ گیا

    جکارتہ: انڈونیشیا میں جنگل میں چہل قدمی کرتے شخص کا ایک حیرت انگیز پھول سے واسطہ پڑ گیا، جس سے مردے کی طرح بدبو آتی ہے۔

    ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو کے مطابق انڈونیشیا کے جنگل سے گزرتے ہوئے ایک شخص کو نایاب پھول نظر آیا، جسے گلِ نعش بھی کہا جاتا ہے، لیکن اس کا سائنسی نام ریفلیشیا ارنولڈائی ہے، اور یہ دنیا کا سب سے بڑا پھول ہے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ یہ پھول صرف چند دنوں کے لیے کھلتا ہے، اس سے بہت زیادہ بدبو آتی ہے، اس لیے اسے گل نعش کہا جاتا ہے۔

    ویڈیو پوسٹ کے مطابق اس پھول کی ویڈیو جس شخص نے بنائی وہ جنگل میں ٹریکنگ پر تھا۔

    یہ پھول انڈونیشیا کے برساتی جنگلات میں پایا جاتا ہے، اور یہ 3 فٹ تک بڑھ سکتا ہے، اور اس کا وزن 15 پاؤنڈ تک ہو سکتا ہے۔

    شیئر کی گئی ویڈیو میں اس دیوہیکل پھول کو جنگل میں زمین پر پڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، سرخ پھول، پورا کھلا ہوا ہے، اس پر سفید دھبے ہیں اور اس کی پانچ پنکھڑیاں ہیں۔

  • چین کا انڈونیشیا کی مدد کے لیے اہم اقدام

    چین کا انڈونیشیا کی مدد کے لیے اہم اقدام

    جکارتہ: انڈونیشیا کا کہنا ہے کہ چین انڈونیشیا کی برآمدات بڑھانے کے لیے پام آئل کی درآمدات میں اضافہ کر رہا ہے، اس سے مقامی کسانوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے بحری امور اور سرمایہ کاری کے رابطہ کار وزیر کا کہنا ہے کہ چین کا انڈونیشیا سے خام پام آئل (سی پی او) کی درآمدات میں اضافہ کرنے کا وعدہ، مؤخر الذکر کی برآمدی قدروں کو بڑھانے اور تازہ پھلوں کے گچھوں (ایف ایف بی) کی قیمت میں اضافے میں نمایاں مدد کرے گا۔

    لوہت بنسر پنڈجیتن نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ انڈونیشیا سے سی پی او درآمدی حجم میں اضافہ کرنے کے بارے میں چین کے عزم کے لیے آپ کے بہت شکر گزار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں یہاں انڈونیشیا میں پام آئل کے تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ مقامی کسانوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    دنیا کے سب سے بڑے پام آئل پیدا کرنے والے ملک میں کسانوں کے درمیان ایف ایف بی کی قیمتیں اس وقت ذخیرہ اندوزی اور ضرورت سے زیادہ سپلائی کی وجہ سے کم ہو رہی ہیں۔

    انڈونیشین پام آئل ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ انڈونیشیا میں پام آئل کا موجودہ ذخیرہ حد سے زیادہ 70 لاکھ ٹن تک پہنچ گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ چین ہماری پام آئل کی تجارت کو بڑھا کر انڈونیشیا کی مدد جاری رکھے گا۔

  • پائلٹ کی موت، طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ

    پائلٹ کی موت، طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ

    جکارتہ: انڈونیشیا میں دوران پرواز پائلٹ کی طبیعت خراب ہونے پر طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی، بعد ازاں پائلٹ کی اسپتال میں موت واقع ہوگئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق انڈونیشیا کی ایئر لائن سٹی لنک کے ایک طیارے کو جمعرات کی صبح مشرقی جاوا ومیں اقع جوانڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی کیونکہ پائلٹ کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی لنک کے سربراہ دیوا کدیک رائے نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جس پائلٹ نے طیارہ کی لینڈنگ کی ذمہ داری سنبھالی تھی اس کی قریب کے ایک اسپتال میں داخل ہونے کے بعد موت ہوگئی۔

    دیوا کدیک نے کہا کہ کیو جی 307 پرواز نے ٹیک آف کے تقریباً 15 منٹ بعد ایمرجنسی لینڈنگ کی گزارش کی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق سٹی لنک افسران نے مسافروں کو وضاحت پیش کر دی اور انہیں منزل تک پہنچانے کے لیے دوسرے طیارے کا بندوبست کردیا۔

  • عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی : انڈونیشیا سے پاکستان کیلئے بڑی خبر

    عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی : انڈونیشیا سے پاکستان کیلئے بڑی خبر

    اسلام آباد : برادر ملک انڈونیشیا پاکستان کو پام آئل فوری فراہم کرنے پر رضامند ہوگیا ، خوردنی تیل کے 10 بحری جہاز 2ہفتے میں انڈونیشیا اور ملائشیا سے پاکستان پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کے لئے بڑی پیش رفت سامنے آئی ، برادر ملک انڈونیشیا پاکستان کو پام آئل فوری فراہم کرے گا۔

    خوردنی تیل کے 10 بحری جہاز 2ہفتے میں انڈونیشیا اور ملائشیا سے پاکستان پہنچیں گے ، 30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج پاکستان روانہ ہو گا۔

    وزیراعظم کی 10 جون کو انڈونیشیا کے صدرجوکو ویدودو سے فون پرگفتگو ہوئی تھی ، جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر وفد کا دورہ انڈونیشیا اور وزارت تجارت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

    انڈونیشیا سے ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے ، وزیراعظم کی ہدایت پروزیر صنعت وپیداوار مرتضی محمود نے معاملات طے کیے۔

    پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا، وفدمیں پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چئیرمین طارق اللہ اور رکن رشید جان شامل تھے۔