Tag: انڈونیشیا

  • ایک اور ملک نے بچوں کے لیے سائنوویک ویکسین کی سفارش کر دی

    ایک اور ملک نے بچوں کے لیے سائنوویک ویکسین کی سفارش کر دی

    جکارتہ: انڈونیشیا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایجنسی نے 12 سال سے 17 سال کے بچوں کو چین کی تیار کردہ کرونا ویکسین سائنوویک لگانے کی سفارش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے کو وِڈ 19 ٹاسک فورس نے پیر کو کہا ہے کہ حکام وبا میں تیزی آنے کے سبب ویکسینیشن پروگرام کو وسعت دے رہے ہیں، اس سلسلے میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایجنسی نے سفارش کی ہے کہ بارہ سے سترہ سال والے شہریوں کو سائنوویک بائیوٹیک کی تیار کر دہ کرونا ویکسین لگائی جائے۔

    تاہم کرونا ٹاسک فورس کے ترجمان نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا کہ اس پر عمل کب سے شروع ہوگا، جب کہ ملک میں کرونا کیسز میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

    خیال رہے کہ 94 ملین ڈوزز ملنے کے بعد انڈونیشیا اپنے ویکسینیشن پروگرام کا بڑا حصہ سائنوویک ویکسین کے ذریعے ہی چلا رہا ہے، اس کے علاوہ انڈونیشیا کو آسٹرازینیکا اور سائنوفارم ویکسینز کے بھی 10 ملین ڈوز مل چکی ہیں۔

    کرونا ٹاسک فورس کے ڈیٹا کے مطابق انڈونیشیا میں کرونا وائرس انفیکشن کے مجموعی کیسز میں 18 سال تک کے بچوں کی شرح 12.6 فی صد ہے۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) رواں ماہ ہی سائنوویک ویکسین کو ایمرجنسی استعمال کے لیے منظور کر چکا ہے، ادارے کا کہنا تھا کہ نتائج میں دیکھا گیا کہ اس ویکسین نے 51 فی صد وصول کنندگان میں علاماتی کرونا وائرس انفیکشن کو روکا، اور اس نے شدید کرونا انفیکشن اور اسپتال داخلوں کو بھی روکا۔

    انڈونیشیا میں سرکاری رپورٹ کے مطابق صرف ہفتے کے دن 13 لاکھ ویکسین ڈوز دی گئی تھیں، اور یہ جنوری سے شروع ہونے والے پروگرام کے بعد کسی ایک دن سب سے زیادہ دیے جانے والے ڈوز تھے۔

    ڈیٹا کے مطابق اب تک انڈونیشیا میں 1 کروڑ 38 لاکھ افراد کرونا ویکسین کے دونوں ڈوز لے چکے ہیں۔

  • ندی میں پراسرار سفید جھاگ کی وجہ کیا ہے؟

    ندی میں پراسرار سفید جھاگ کی وجہ کیا ہے؟

    انڈونیشی دارالحکومت جکارتہ میں برف جیسا گاڑھا پراسرار سفید جھاگ ایک کینال میں پانی کی سطح پر پھیل گیا ہے جس سے مقامی افراد تشویش کا شکار ہوگئے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جکارتہ کے علاقے مارونڈا میں مشرقی برساتی کینال میں حالیہ برسوں کے دوران اس طرح کا جھاگ عموماً بارشوں کے سیزن میں نظر آتا ہے۔

    اس جھاگ کی وجہ کیا ہے وہ تو مکمل طور پر واضح نہیں مگر سیال فضلے بشمول گھروں میں استعمال ہونے والے ڈیٹرجنٹ اور کارخانوں سے خارج ہونے والے مواد کو اس کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔

    انڈونیشیا میں گرین پیس کے رکن عطا رشیدی کے مطابق حالیہ دنوں میں کینال میں جھاگ کی حقیقی وجہ تو واضح نہیں، مگر اس کی سب سے عام وجہ ممکنہ طور پر جکارتہ میں دریا میں گھروں کے فضلے اور کچرے کو ڈالنا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بارش کے موسم میں عموماً دریا میں اوپری بہاؤ بڑھنے سے پلاسٹک کا کچرا اور دیگر مواد ایک جگہ اکٹھا ہوجاتا ہے، شہر کے اندر پانی کی صفائی کا نظام درست کیا جانا چاہیئے جبکہ کچرا پھینکنے پر سخت سزائیں دی جانی چاہیئے۔

    اس سے قبل جال پھیلا کر کچرے کو سمندر میں جانے سے روکا جاتا تھا اور سطح پر موجود چیزوں کو اٹھانے کے لیے ٹیموں کو تعینات کیا جاتا تھا۔ مگر جکارتہ کے دریاؤں کی آلودگی میں حالیہ مہینوں میں طبی فضلے جیسے فیس ماسک کی وجہ سے اضافہ ہوا ہے۔

    ایک حالیہ تحقیق کے مطابق جکارتہ کے 2 دریاؤں میں کچرے میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں فیس ماسک، دستانے اور حفاظتی سوٹس شامل ہیں۔

  • زہریلے ترین جانور کو ہاتھ پر بٹھانے والی خاتون زندہ کیسے بچ گئیں؟

    زہریلے ترین جانور کو ہاتھ پر بٹھانے والی خاتون زندہ کیسے بچ گئیں؟

    بعض اوقات بے خبری میں رہنا کسی انسان کی سنگین غلطی ثابت ہوسکتا ہے اور اسے ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے، ایسی ہی ایک خاتون بے خبری میں اپنے جان سے ہاتھ دھو بیٹھتیں لیکن ان کی قسمت اچھی تھی کہ وہ بچ گئیں۔

    انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے میں ایک خاتون کا سامنا ایک ننھے سے آکٹوپس سے ہوا جسے کیوٹ جان کر انہوں نے اپنی ہتھیلی پر بٹھایا اور تصویر اور ویڈیو بنا لی۔ لیکن جب انہیں علم ہوا کہ یہ آکٹوپس دنیا کا خطرناک ترین جاندار سمجھا جاتا ہے تو ان کے ہوش اڑ گئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو اور اس کے حیرت انگیز پس منظر کے مطابق ننھا سا بھورے رنگ کا یہ آکٹوپس اپنے جسم پر نیلے رنگ کے دھبے رکھتا ہے۔

    خاتون نے اس جانور کی صلاحیتوں سے بے خبر اسے اپنی ہتھیلی پر بٹھایا اور ویڈیو بنا لی، بعد ازاں تجسس کے ہاتھوں مجبور ہو کر انہوں نے اس آکٹوپس کے بارے میں گوگل کیا تو انہیں علم ہوا کہ بلو رنگڈ آکٹوپس کہلایا جانے والا یہ جاندار زمین پر موجود زہریلا ترین جاندار ہے۔

    اس آکٹوپس کا زہر چند منٹ میں 20 بالغ افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    صرف 4 انچ کی جسامت رکھنے والا یہ جاندار جب کسی انسان کو کاٹتا ہے تو اسے کوئی تکلیف نہیں ہوتی، لیکن صرف 10 منٹ کے اندر اسے سانس کی تکلیف شروع ہوتی ہے اور اس کے بعد مفلوج ہو کر وہ موت کے گھاٹ اتر جاتا ہے۔

    خاتون کی پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کو ٹک ٹاک پر 50 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس ویکسین لگوانے سے انکار پر بھاری جرمانہ عائد

    کرونا وائرس ویکسین لگوانے سے انکار پر بھاری جرمانہ عائد

    جکارتہ: انڈونیشی دارالحکومت جکارتہ میں کرونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے شہریوں کو 50 لاکھ انڈونیشی روپے کا جرمانہ عائد کرنے کی دھمکی دے دی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اتنا غیر معمولی سخت جرمانہ عائد کرنے کا مقصد نئے ضابطوں کی پابندی پر عملدر آمد یقینی بنانا ہے۔

    جکارتہ کے نائب گورنر احمد رضا پتریہ کا کہنا ہے کہ شہر کے حکام محض اصولوں کی پیروی کر رہے ہیں اور شہر میں اس طرح کی پابندیاں آخری حربہ ہیں۔

    یاد رہے کہ ملک میں اب تک 12 لاکھ سے زائد کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اب تک 34 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔

    رضا پتریہ کا کہنا ہے کہ اگر آپ اس حکم نامے کو مسترد کرتے ہیں تو 2 باتیں ہوں گی، ایک یہ کہ سماجی امداد روک دی جائے گی اور دوسرا یہ کہ جرمانہ کیا جائے گا۔

    انڈونیشیا نے گزشتہ ماہ شروع کیے جانے والے ویکسی نیشن پروگرام کے تحت 15 ماہ کے اندر اندر اپنی 27 کروڑ کی آبادی میں سے 18 کروڑ 15 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

    انڈونیشیا نے رواں ماہ کے شروع میں ایک صدارتی حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں واضح کہا گیا تھا کہ جو شخص ویکسین لگوانے سے انکار کرے گا، اس کو سماجی امداد یا سرکاری خدمات کی فراہمی سے انکار کیا جا سکتا ہے یا پھر وہ جرمانہ ادا کرنے کا پابند ہوگا۔

    دوسری جانب وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سےعائد کی جانے والی پابندیاں ویکسی نیشن پروگرام میں لوگوں کی شرکت ممکن بنانے اور اس حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کی آخری کوشش ہیں۔

    یہ نیا ضابطہ لوگوں کے شکوک و شبہات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ آیا کرونا ویکسین محفوظ، مؤثر اور حلال ہے یا نہیں؟ نیز کیا یہ اسلامی لحاظ سے جائز ہے۔

    صحت عامہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کے بارے میں عوام میں پائی جانے والی بے چینی راستے کی رکاوٹ بن سکتی ہے۔

  • جزیرہ جاوا کا آتش فشاں پہاڑ پھٹ پڑا

    جزیرہ جاوا کا آتش فشاں پہاڑ پھٹ پڑا

    جاوا: انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں واقع میراپی آتش فشاں پہاڑ فعال ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جزیرہ جاوا پر واقع ایک آتش فشاں پہاڑ سے لاوا ابل پڑا ہے، مقامی حکام نے علاقے میں اورنج الارم دے دیا ہے اور عوام کو آتش فشاں سے 5 کلو میٹر تک دور رہنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    حکام نے کہا ہے کہ میراپی لاوا اگل رہا ہے، آتش فشاں سے پانچ کلو میٹر دور رہیں۔

    آتش فشانی و زولوجک آفات مرکز PVMBG کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں واقع میراپی آتش فشاں پہاڑ میں دھماکے کے نتیجے میں راکھ اور دھوئیں کے بادل 400 میٹر کی بلندی پر پہنچ گئے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ دہانے کا اگلا ہوا لاوا آتش فشاں کے جنوب مغرب کی طرف ڈھلوان سے 1000 میٹر نیچے بہہ گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ وسطی جاوا میں میراپی پہاڑ کا لاوا پھٹ کر 20 جنوری کو ابلنا شروع ہوا ہے، جس کے لیے اورنج الارم جاری کیا گیا ہے جو دوسری ہائی ریٹنگ ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ بہتا لاوا چوٹی سے زیادہ سے زیادہ پانچ کلو میٹر تک کے علاقے کو متاثر کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز ہی میں علاقے کے سیکڑوں لوگوں نے نقل مکانی کر لی تھی، تاہم ان میں سے کچھ لوگ آتش فشانی سرگرمی میں کمی کے باعث واپس آ گئے تھے۔

    حکام آئندہ دنوں میں علاقہ خالی کرنے کے باضابطہ احکامات جاری کر سکتے ہیں۔

  • انڈونیشیا کے قونصل جنرل کا کراچی میں انتقال

    انڈونیشیا کے قونصل جنرل کا کراچی میں انتقال

    کراچی: انڈونیشیا کے قونصل جنرل کراچی میں انتقال کر گئے، سفارت خانے نے بھی تصدیق کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق قونصل جنرل توتوک پریانامتو گزشتہ روز کراچی کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے، توتوک عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ قونصل جنرل کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، انھیں ایک ہفتہ قبل سینے میں تکلیف پر اسپتال لایا گیا تھا۔

    انڈونیشیا کے قونصل جنرل 3 سال سے کراچی میں تعینات تھے، ان کی میت سرد خانے منتقل کر دی گئی ہے، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ این او سی ملنے پر قونصل جنرل کی میت انڈونیشیا لے جائی جائے گی۔

  • انڈونیشیا کے صدر کا کرونا ویکسین کے حوالے سے اقوام متحدہ سے اہم مطالبہ

    انڈونیشیا کے صدر کا کرونا ویکسین کے حوالے سے اقوام متحدہ سے اہم مطالبہ

    جکارتہ: انڈونیشیا کے صدر نے کرونا ویکسین کے حوالے سے اقوام متحدہ سے اہم مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین تک ہر ایک کی رسائی یقینی بنائی جانی چاہیے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ویکسین تک ہر ایک کی رسائی کے لیے اقوام متحدہ کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کو جن عالمی مسائل کا سامنا ہے اقوام متحدہ کو اس پر توجہ دینا ضروری ہے۔

    ویدودو نے 11 ویں آسیان یو این سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کرونا وائرس کے سلسلے میں عالمی برادری کی توقعات کو پورا کرنے کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ اس کے لیے کوششیں کرے گا تو اس پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

    انھوں نے کہا کرونا ویکسین اور ادویات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کو فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے، وباؤں سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ اور آسیان ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بھی کر سکتے ہیں۔

    انڈونیشیا کا کرونا ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    انڈونیشیا کے صدر نے بتایا کہ کرونا وائرس کے خلاف جدوجہد کے لیے فنڈز اور درکار طبی سامان کی دستیابی کے لیے آسیان اپنی کوششیں کر رہی ہے۔

    انھوں نے توہین آمیز خاکوں کے سلسلے میں یہ بھی واضح کیا کہ یو این پلیٹ فارم پر نفرت انگیز بیانات کے سدباب کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، دینی حساسیت کی حامل علامات اور اقدار کا احترام کرنا چاہیے، اظہار بیان کی آزادی کوئی حتمی اور مطلق چیز نہیں۔

  • مالی مشکلات کا شکار طلبا فیس کی جگہ ناریل دے سکتے ہیں

    مالی مشکلات کا شکار طلبا فیس کی جگہ ناریل دے سکتے ہیں

    کرونا وائرس نے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کیا ہے، خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں بے حد اضافہ کردیا ہے، ایسے میں کچھ ادارے اپنے صارفین کو بھی آسانی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انڈونیشیا میں بھی ایسے ہی ایک اسکول نے معاشی مشکلات کا شکار اپنے طلبا سے کہا ہے کہ وہ فیس کی جگہ اسکول کو ناریل کا تحفہ دے سکتے ہیں۔

    انڈونیشین جزیرے بالی میں قائم وینس ون ٹور ازم اکیڈمی کا کہنا ہے کہ طلبا کے لائے ہوئے ناریلوں کو تیل بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

    طلبا سے کہا گیا ہے کہ وہ ناریل کے علاوہ مورنگا کے پتے بھی جمع کروا سکتے ہیں جو ہربل صابن سمیت دیگر اشیا بنانے میں استعمال ہوتے ہیں۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ناریل اور مورنگا سے بنے تیل اور صابن وغیرہ کو کیمپس میں فروخت کیا جائے گا جس سے اسکول کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔

  • انڈونیشیا کا امریکی جاسوس طیاروں کے حوالے سے بڑا قدم

    انڈونیشیا کا امریکی جاسوس طیاروں کے حوالے سے بڑا قدم

    جکارتہ: انڈونیشیا نے امریکی جاسوس طیاروں کے حوالے سے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انھیں لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا نے چین کی جاسوسی کرنے والے امریکی جاسوس طیاروں کو ایندھن بھرنے کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    چین کی جاسوسی کے سلسلے میں ایندھن کے لیے امریکا کو انڈونیشیا کا تعاون درکار تھا لیکن غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا نے امریکا کو انکار کر دیا ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ چین کی سمندری نگرانی کے لیے امریکی ’پی ایٹ یو سائیڈن‘ جاسوسی طیاروں کو پرواز کے دوران انڈونیشیا میں اتر کر ایندھن بھرنا پڑے گا جس کے لیے امریکا نے انڈونیشیا سے طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دینے کے لیے رابطہ کیا تھا۔

    انڈونیشیا کے ایک سینئر عہدے دار کا کہنا تھا کہ جولائی اور اگست میں امریکی حکام کی جانب سے وزرائے دفاع و خارجہ سے رابطہ کیا گیا تھا، امریکی رابطے کے بعد کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا گیا، جس میں وزرا نے امریکی منصوبہ مستر کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے تاحال اس صورت حال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

  • چین نے تین ممالک کو کرونا ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی

    چین نے تین ممالک کو کرونا ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی

    بیجنگ: سنو ویک ڈیولپر کے سی ای او بین ویئی دونگ کا کہنا ہے کہ چینی ویکسین پہلے پانے والے ممالک میں برازیل، انڈونیشیا اور ترکی ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی چین میں تیار ویکسین کو پہلے حاصل کرنے والے ممالک میں برازیل، انڈونیشیا اور ترکی شامل ہیں جہاں اس ویکسین کے تیسرے مرحلے کے کلینکل تجربے جاری ہیں۔

    سنو ویک ڈیولپر کے سی ای او بین ویئی دونگ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی ویکسین پہلے پانے والے ممالک میں برازیل، انڈونیشیا اور ترکی ہوگا۔

    انہوں نےکہا کہ ہم نے برازیل میں 21 جولائی، انڈونیشیا میں یکم اگست کو اور ترکی میں 16 ستمبر کو کلینیکل تجربے کا تیسرا مرحلہ شروع کیا ہے، ہمیں بنگلہ دیش میں بھی اس کی منظوری مل گئی ہے۔بین ویئی دونگ کا کہنا تھا کہ ترجیحی بنیاد پر ویکسین کا پہلا لاٹ چین کے ساتھ ہی برازیل، انڈونیشیا اور ترکی میں تقسیم کیا جائے گا۔

    سنو ویک ڈیولپر کے سی ای او نے کہا کہ کمپنی پہلے سی ہی ویکسین کی تیاری کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے ایک پروڈکشن پلانٹ تیار کر رہی ہے۔

    بین ویئی دونگ نے ویکسین کے تخمینہ لاگت کے بارے میں معلومات دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی قیمت بہت سے عوامل پر منحصر ہے انہوں نے سنوویک ویکسین کے سال کے آخر تک بازار میں آنے کی امید ظاہر کی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا، برطانیہ سمیت متعدد ممالک کی طرح چین میں بھی کرونا ویکسین تیار کی گئی ہے اور اس کے کلینکل ٹرائل کا تیسرا مرحلہ جاری ہے، اگر ٹرائل کا تیسرا مرحلہ کامیاب رہا تو چین اس ویکسین کو کس کو برآمد کرے گا اس کی ترجیحات واضح ہوگئی ہیں۔