Tag: انڈونیشیا

  • انڈونیشیا کی ایئر لائن کا پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ

    انڈونیشیا کی ایئر لائن کا پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ

    کراچی: انڈونیشیا کی ایئر لائن، لائن ایئر نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجازت نامہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی مثبت پالیسی کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، انڈونیشیا کی ایئر لائن نے بھی پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق حکومت پاکستان کی منظوری کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انڈونیشیا کی ایئر لائن کو پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا کی ایئر لائن، لائن ائیر انڈونیشیا سے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں آپریٹ کرے گی جس کے لیے سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے اجازت نامہ جاری کیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق غیر ملکی ایئر لائن کے اضافے سے زرمبادلہ میں اضافے کے ساتھ سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔

    اس سے قبل ترکی کی پیگاسس ایئر لائن نے بھی کراچی سے استنبول کے درمیان پروازیں آپریٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس سلسلے میں جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ترکش ایئر لائن پیگاسس 25 ستمبر سے کراچی سے استنبول کے درمیان پروازیں چلائے گی۔

  • انڈونیشیا کا کرونا ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    انڈونیشیا کا کرونا ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    جکارتہ: مسلمان ملک انڈونیشیا نے بھی کرونا ویکسین سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا، تحقیق و ٹیکنالوجی کی وزارت کے رکن نے کہا ہے کہ انڈونیشیا اب اپنی کو وِڈ 19 ویکسین تیار کرے گا۔

    انڈونیشیا کی ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت میں سائنسی ٹیم کے سربراہ علی غفران نے کہا ہے کہ اگلے برس انڈونیشیا اپنی کرونا ویکسین کی تیاری پر کام شروع کر دے گا، یہ ویکسین صرف انڈونیشیا کے لیے ہوگی۔

    جکارتہ پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا نے یہ فیصلہ اس بڑھتی ہوئی پریشانی کے پیش نظر کیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک مستقبل میں کرونا ویکسین کے حصول میں مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں، کیوں کہ دنیا کی بائیو ٹیک کمپنیوں کی پیداواری صلاحیت محدود ہے، جب کہ گلوبل سپلائی چینز کو بڑے مسائل کا بھی سامنا ہے۔

    کو وِڈ نائنٹین ویکسین سے متعلق علی غفران نے بتایا کہ اس کے لیے ہم اپنی ہی تھیوری استعمال کر رہے ہیں اور امید ہے کہ 2021 میں اور 2022 کے بالکل شروع میں یہ لیبارٹری میں تیار ہو جائے گی، جب کہ ریاست کی اپنی کمپنی بائیو فارما اگلے برس کے نصف میں اس کی آزمائش بھی شروع کر دے گی۔

    کورونا وائرس ویکسین اسی سال بن جائے گی، امریکہ کا دعویٰ

    یاد رہے کہ انڈونیشیا کے وزیر خارجہ ریتنو مرسودی نے حال ہی میں دنیا میں تیار ہونے والی ویکسینز تک ترقی پذیر ممالک کی رسائی کی ضرورت سے متعلق بات کی تھی، اور کہا تھا کہ دولت مند ممالک ویکسین کی فراہمی کو محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔

    ان خدشات کو رواں ہفتے تقویت ملی جب امریکا نے اعلان کیا کہ اس نے گِلی یڈ سائنسز کی دوا ریمڈیسیور کی عالمی سپلائی کا بڑا حصہ خرید لیا ہے، یہ وہ دوا ہے جس کے استعمال سے کرونا انفیکشن سے صحت یابی کا وقت کم ہوا۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وبا نے ویکسین کے لیے ایک دوڑ شروع کر دی ہے، 100 سے زائد ویکسینز اس وقت تیاری کے مراحل سے گزر رہی ہیں، جن میں ایک درجن ویکسینز کی انسانوں پر آزمائش بھی شروع ہو چکی ہے۔

    انڈونیشیا میں ویکسین تیاری کے لیے بنائی جانے والی ٹیم کو اگلے 12 ماہ کے اندر ملکی سطح پر ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا ہدف دیا گیا ہے۔ تقریباً 26 کروڑ آبادی کے ساتھ انڈونیشیا کو 2 ڈوزز والی اندازاً 35 کروڑ ویکسینز کی ضرورت ہوگی۔

    واضح رہے انڈونیشیا میں کرونا وائرس کے کیسز تیز رفتاری کے ساتھ بڑھ رہے ہیں، اب تک 64,958 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، جب کہ وائرس سے ہونے والی اموات 3,241 ہے، کرونا وائرس انفیکشن سے 30 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • انڈونیشیا میں شہریوں کو اچانک کیا ہوگیا؟

    انڈونیشیا میں شہریوں کو اچانک کیا ہوگیا؟

    جکارتا: انڈونیشیا میں بھکاریوں نے بھیک مانگنے کا نیا طریقہ اپنا لیا، وہ مختلف شہروں میں لوگوں کو متاثر کرنے کے لیے دھاتی روپ دھار کر بھیک مانگ رہے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈنیشیا کے مختلف شہروں میں بھکاریوں نے اپنے جسم کو دھاتی ’کَلر‘ سے رنگ کر بھیک مانگنے کا نیا ٹرینڈ متعارف کرادیا ہے جنہیں سلور مین کا نام دیا جارہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس انوکھے اور نئے انداز میں بھیک مانگنے کا مقصد شہریوں کی زیادہ سے زیادہ توجہ حاصل کرنا ہے تاکہ زیادہ پیسے کمایا جاسکے۔ سلور مین نے یہ طریقہ ’اسٹریٹ پرفارمرز‘ سے متاثر ہوکر اپنایا کیوں کہ انڈونیشیا میں خاص قسم کے پرفارمرز اسی طرح کا روپ دھارے رکھتے ہیں۔

    بھکاریوں کا کہنا ہے کہ وہ اسپرے کے ذریعے اپنا پورا جسم رنگتے ہیں۔

  • انڈونیشیا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 4 فوجی ہلاک

    انڈونیشیا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 4 فوجی ہلاک

    جکارتہ: انڈونیشیا میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے وسطی صوبے جاوا میں ہفتے کے روز ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس میں چار فوجی ہلاک جب کہ 5 زخمی ہو گئے۔

    انڈونیشین فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹر حادثے کی تصدیق کر دی گئی ہے، فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب فوج کا ایم 17 ہیلی کاپٹر کینڈ ضلع کے وونوریزو گاؤں کے اوپر تربیتی پرواز پر جا رہا تھا۔

    ترجمان کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر زمین پر گرتے ہی اس میں آگ لگ گئی تھی، حادثے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کو قریب کے اسپتال لے جایا گیا، تاہم ان میں سے چار کو نہ بچایا جا سکا۔

    فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ تربیتی پرواز سے قبل ہیلی کاپٹر کی پوری طرح سے جانچ کی گئی تھی اور اس میں کوئی خرابی نہیں پائی گئی، تاہم عینی شاہدین نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر دوران پرواز اچانک بے قابو ہو گیا تھا۔

    عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر فضا میں ڈگمگانے کے بعد زمین پر گرا اور اس سے دھواں اٹھنے لگا، پھر ایک زور دار دھماکا ہوا۔ دریں اثنا، ہیلی کاپٹر حادثے کے اسباب کا پتا لگانے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سپر ہیروز بھی سڑکوں پر آ گئے

    کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سپر ہیروز بھی سڑکوں پر آ گئے

    جکارتہ: نہایت مہلک اور نئے وائرس کو وِڈ نائنٹین کی روک تھام کے لیے سپر ہیروز بھی سڑکوں پر آ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انڈونیشیا میں چند نوجوانوں نے سپر ہیروز کا روپ دھار کر کرونا کے خلاف جنگ شروع کر دی ہے، ان نوجوانوں نے اسپائیڈر مین اور بیٹ مین کے کاسٹیوم پہن کر کرونا کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کیا۔

    کہیں اسپائیڈر مین جراثیم کش ادویات اسپرے کرتا نظر آتا ہے تو کہیں بیٹ مین لوگوں میں کرونا سے بچاؤ کے لیے سینیٹائزر بانٹتا نظر آتا ہے، اسپائیڈر مین نے مختلف علاقوں میں گھروں کے اندر اور باہر اسپرے کیا، جب کہ بیٹ مین نے نہ صرف گھروں میں لوگوں کو بلکہ راہ چلتے لوگوں میں بھی سینیٹائزر کے اسپرے تقسیم کیے۔

    کرونا کا خطرہ: جاپان سے ملائیشیا واپسی، شہری پیدل گھر پہنچ گیا

    اپنے منفرد انداز سے یہ نوجوان نہ صرف وائرس کے تدارک کے لیے کوشاں ہیں، بلکہ عام لوگوں کا حوصلہ بھی بڑھا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ ایک ایسی جدوجہد ہے جس میں سماج کے ہر فرد کا حصہ لینا ضروری ہے۔

    کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں عالمی سطح پر ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ حقیقی ہیروز اور فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کر رہا ہے، اس جنگ میں اب تک سیکڑوں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔

    عالمی سطح پر ان مریضوں کو بھی سپر ہیروز قرار دیا جا رہا ہے جنھوں نے وائرس کو شکست دی اور اب دیگر مریضوں کی صحت یابی کے لیے پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی ایسے سپر ہیروز سامنے آ چکے ہیں جنھوں نے دوسرے مریضوں کے لیے اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے۔

  • وہ معافی جس نے انڈونیشیا کی ضد  اور ہالینڈ  کا غرور توڑ  دیا

    وہ معافی جس نے انڈونیشیا کی ضد اور ہالینڈ کا غرور توڑ دیا

    ایشیا اور آسٹریلیا کے درمیان ہزاروں جزائر پر پھیلی ہوئی امارت کو دنیا انڈونیشیا کے نام سے جانتی ہے۔

    انڈونیشیا کی آبادی 22 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ محتاط اندازوں اور مردم شماری کو نظرانداز کرکے یہ تعداد پچیس کروڑ بھی بتائی جاتی ہے۔

    انڈونیشیا کے مختلف جزائر پر دنیا کے دیگر اسلامی ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ مسلمان بستے ہیں۔ یوں یہ اسلامی دنیا کا سب سے بڑا ملک مانا جاتا ہے۔

    جنوب مشرقی ایشیا کا یہ ملک اس خطّے میں ایک بڑی معیشت کا درجہ رکھتا ہے۔

    جزائر کی تعداد کے لحاظ سے بھی انڈونیشیا سب سے آگے ہے۔ اس ملک کے آباد جزائر کی تعداد 14 ہزار سے زیادہ ہے جب کہ تمام جزیروں کو شمار کیا جائے تو یہ تعداد 27 ہزار تک پہنچتی ہے۔

    ماہرینِ لسانیات کے مطابق انڈونیشیا میں 300 زبانیں لوگوں میں رابطے کا ذریعہ ہیں جب کہ بعض ماہرین کے نزدیک ان جزائر میں 700 بولیاں سمجھی اور بولی جاتی ہے۔

    تاریخ کے صفحات پلٹیں تو معلوم ہو گا کہ آزادی سے پہلے یہاں ہالینڈ کا راج تھا اور یہ خطہ نوآبادیات میں شامل تھا۔
    ان جزائر پر 350 سال تک ولندیزیوں نے اپنا تسلط برقرار رکھا اور یہاں‌ کے لوگ اس کے محکوم تھے۔

    1945 میں ہالینڈ سے آزادی کا اعلان تو کردیا گیا، لیکن ہالینڈ (نیدر لینڈز) نے انڈونیشیا کی خودمختاری اور جزائر کی آزاد حیثیت کو 1949 تک تسلیم نہیں کیا تھا۔

    گزشتہ دنوں ہالینڈ کے بادشاہ ولیم الیگزینڈر اور ملکہ میکسیما نے انڈونیشیا کا پہلا دورہ کیا جس کے دوران ڈچ بادشاہ نے معافی مانگی ہے۔

    انڈونیشیا کے صدارتی محل میں تقریب کے بعد ملک کے صدر جوکو ودودو اور ان کی بیگم اریانا کی موجودگی میں ہالینڈ کے بادشاہ نے تسلیم کیا کہ نوآبادیات کے زمانے میں مقامی لوگوں پر ظلم و ستم ہوا اور ہلاکتیں بھی ہوئیں جس پر ہالینڈ کو افسوس ہے۔

    یہ حقیقت ہے کہ جب بادشاہوں نے طاقت اور اختیار کے نشّے میں اور اپنے مفادات کی غرض سے دیگر اقوام کو اپنا مطیع اور فرماں بردار رکھنا چاہا تو اس کے لیے انہی کے حکم پر ہر قسم کا جبر روا رکھنے کے ساتھ ساتھ قیمتی انسانی جانوں کو بے رحمی اور سفاکی سے قتل کیا گیا۔

    انڈونیشیا، ہمیشہ سے ولندیزی تاج دار کو 40 ہزار معصوم انسانوں کی ہلاکت کا ذمہ دار بتاتا رہا ہے جب کہ ہالینڈ کا مؤقف ہے کہ اس زمانے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد پندرہ سو سے زیادہ نہ تھی۔

    ہالینڈ کے مؤرخین کے مطابق یہ بھی وہ لوگ تھے جو تاجِ ولندیز کے باغی ہوئے اور ہالینڈ کی امارت اور اطاعت کا انکار کرتے ہوئے مسلح کارروائیاں کررہے تھے۔

    انڈونیشیا کی آزادی کے بعد پہلی بار ہالینڈ کے بادشاہ نے اپنے دورے میں سابق محکوم اور مطیع قوم سے ماضی کے ظلم و ستم اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگی ہے۔

  • نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کا پہلا کیس

    نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کا پہلا کیس

    آکلینڈ: دنیا بھر میں جان لیوا کرونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، نیوزی لینڈ میں بھی پہلے کرونا وائرس کے کیس کی تصدیق ہوگئی، انڈونیشیا میں بھی کرونا کے 2 کیسز سامنے آگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص ایران سے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ پہنچا جہاں کچھ دن بعد اس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

    سفر میں مذکورہ شخص کے قریب بیٹھے 15 افراد نے حکام کی جانب سے رابطے اور ہدایات کے بعد خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے، ان میں سے زیادہ تر افراد کا تعلق آکلینڈ سے ہے جبکہ 2 افراد ساؤتھ آئی لینڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔

    نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا اور اٹلی سے آنے والے افراد کے لیے سفری ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ ایران اور چین سے آنے والے افراد پر نیوزی لینڈ میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب انڈونیشیا میں بھی 2 خواتین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، یہ انڈونیشیا میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کے اولین کیسز ہیں۔

    خیال رہے کہ چین میں گزشتہ روز کرونا وائرس کے مزید 202 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 85 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

    چین میں گزشتہ روز مزید 42 افراد جان لیوا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں جس کے بعد چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2 ہزار 912 ہوگئی ہے، مجموعی طور پر چین سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اب تک 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

  • انڈونیشیا کی افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحتی کردار کی تعریف

    انڈونیشیا کی افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحتی کردار کی تعریف

    دوحا : انڈونیشیا کی ہم منصب رتنو مارسودی نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحتی کردار کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں پر زور تعاون کا یقین دلایا۔

    تفصیلات کے مطابق دوحہ میں افغان امن عمل کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور انڈونیشیا کی ہم منصب رتنو مارسودی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں باہمی تعلقات، افغان امن عمل اور بھارت میں پر تشدد واقعات پربات چیت کی گئی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان انڈونیشیا سےتعلقات کوانتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    انڈونیشیا کی وزیر خارجہ رتنو مارسودی نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحتی کردار کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں انڈونیشیا کی طرف سے پر زور تعاون کا یقین دلایا۔

    خیال رہے امریکااورافغان طالبان کےدرمیان معاہدےپردستخط آج قطرمیں ہوں گے ، افغان امن معاہدہ پر دستخط کی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکہ اور طالبان کےد رمیان امن معاہدے پر دستخط آج ہوں گے

    طالبان کی جانب سے امن کونسل کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر دستخط کریں گے جبکہ دستخط کےموقع پرامریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو موجودہوں گے۔

    معاہدے کی تقریب میں 50 ممالک کے وزیرخارجہ شرکت کریں گے ، پاکستان سےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نمائندگی کررہےہیں۔

    امریکا، طالبان امن معاہدے کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیاجائےگا اور تقریب کےبعدمعاہدےکی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

     

  • پاکستان کا کینو انڈونیشیا کیوں نہیں جا سکا؟

    پاکستان کا کینو انڈونیشیا کیوں نہیں جا سکا؟

    کراچی: انڈونیشیا کی جانب سے پاکستان سے کینو کی درآمد کے لیے کوٹہ جاری نہ ہو سکا جس سے پاکستان سے کینو کی ایکسپورٹ کا ہدف متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فروٹ ا ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کو ہنگامی مراسلہ بھیجتے ہوئے کینو کے کوٹے کا معاملہ انڈونیشیا کے ساتھ حکومتی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے کوٹہ جاری نہیں ہوا جس کی وجہ سے انڈونیشیا کو کینو کی ایکسپورٹ تاحال شروع نہیں ہو سکی ہے، انڈونیشیا سے کوٹہ اجرا میں تاخیر کا معاملہ حکومتی سطح پر اٹھایا جائے۔

    پاکستان فروٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست وحید احمد کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا دیگر ملکوں کے ساتھ پاکستان کے لیے بھی ہر سال جنوری میں کینو کی درآمد کا کوٹہ جاری کرتا ہے تاہم رواں سیزن جنوری کے دو ہفتے گزرنے کے باوجود کوٹے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ انڈونیشیا سے ترجیحی تجارت کے معاہدے کے باوجود پاکستانی کینو پر کوٹہ عائد ہے، پاکستان کے لیے کوٹے کی پابندی کو ختم کرایا جائے، انڈونیشیا پاکستانی کینو کی اچھی مارکیٹ ہے اگر کوٹے کی شرط نہ رکھی جائے تو پاکستان سے انڈونیشیا کو کینو کی ایکسپورٹ دگنی کی جا سکتی ہے، پاکستان انڈونیشیا سے ترجیحی تجارت کے معاہدے کے تحت سالانہ 2 ارب ڈالر سے زائد کا پام آئل درآمد کرتا ہے اس کے مقابلے میں پاکستان سے انڈونیشیا کو کینو کی ایکسپورٹ چند ملین ڈالر تک محدود ہے اس کے باوجود پاکستان کو انڈونیشیا کے کوٹے کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔

    گزشتہ سیزن 1700 کنٹینر کینو انڈونیشیا کو ایکسپورٹ کیے گئے تھے، اگر کوٹے کی شرط نہ ہو تو پاکستان دسمبر سے ہی انڈونیشیا کو ایکسپورٹ شروع کر سکتا ہے جو اپریل تک جاری رہے گی اور ایکسپورٹ کا حجم 1700 کنٹینرز سے بڑھ کر 3400 کنٹینرز تک پہنچ سکتا ہے۔

  • 44 ہزار سال پرانی پینٹنگ نے ماہرین کو حیران کردیا

    44 ہزار سال پرانی پینٹنگ نے ماہرین کو حیران کردیا

    انڈونیشیا کے ایک غار سے ایک پینٹنگ دریافت ہوئی ہے جسے اب تک معلوم انسانی تاریخ کی اولین ترین پینٹنگ قرار دیا جارہا ہے۔

    یہ پینٹنگ انڈونیشیا کے جزیرے سلوویسی سے دریافت ہوئی ہے، پینٹنگ سنہ 2017 میں دریافت کی گئی تھی اور اس کا تحقیقاتی کام اب مکمل ہوا ہے جس کے بعد علم ہوا کہ یہ 44 ہزار سال پرانی ہے۔

    غار میں کندہ اس فن پارے میں ایک بھینس نظر آرہی ہے اور انسان اور جانور کے دھڑ پر مشتمل کچھ جاندار ہیں جنہوں نے نیزے اور ممکنہ طور پر رسیاں پکڑ رکھیں ہیں اور وہ اس بھینس کا شکار کر رہے ہیں۔

    فن پارے پر شکار کے انداز سے یوں معلوم ہوتا ہے جیسے یہ شکار کا کوئی مقابلہ منعقد کیا جارہا ہے۔

    اسے دریافت کرنے والے آسٹریلوی و انڈونیشین ماہرین کے مطابق یہ منظر دنیا کی سب سے پرانی کہانی ہو سکتی ہے جسے ریکارڈ کیا گیا، اس کی عمر ممکنہ طور پر 44 ہزار سال ہے۔

    اس سے قبل معلوم تاریخ کا سب سے قدیم فن پارہ جرمنی کے ایک غار میں دریافت ہونے والے نقوش کو مانا جاتا ہے جن کی عمر اندازاً 40 ہزار برس ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس علاقے میں غاروں میں بنے فن پارے پہلی بار سنہ 1950 میں دریافت ہوئے جب 242 غاروں کو مختلف تصاویر اور نقوش سے مزین پایا گیا۔

    ان قدیم نقوش کے خراب ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ دھول، مٹی، نمک، دھواں اور جراثیم ان نقوش کو خراب کرنے اور مٹانے کا سبب بن رہے ہیں۔

    ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ اگر یہ نقوش غائب ہوگئے تو یقیناً یہ انسانی ثقافت کا ایک بڑا نقصان ہوگا۔