Tag: انڈہ

  • خاتون نے دھوپ میں انڈہ تل لیا، ویڈیو وائرل

    خاتون نے دھوپ میں انڈہ تل لیا، ویڈیو وائرل

    لندن: برطانیہ کے 40 ڈگری درجہ حرارت پر ایک خاتون نے تیز دھوپ میں انڈہ فرائی کرلیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    برطانیہ اور یورپی ممالک کے شہریوں کو آج کل شدید گرمی کا سامنا ہے، اس گرم موسم میں ایک برطانوی خاتون نے 40 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں اپنے باغ میں ایک فرائی پین پر انڈہ تلنے کی کوشش کی ہے۔

    جارجیا لیوی نے خالی فرائی پین کو ایک پتھر کے اوپر سورج کی روشنی میں ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیا تھا، ایک گھنٹے بعد فرائی پین میں گھی ڈال کر انڈہ تلا گیا تو کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی۔

    اس کی ویڈیو جارجیا لیوی نے انسٹا گرام پر بھی شیئر کی۔

    لائبریری آف کانگریس کے مطابق انڈے کو پکانے کے لیے 70 سینٹی گریڈ درجہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے، مگر شدید گرمی میں بھی ایسی کوشش کی جاسکتی ہے البتہ فرش پر زیادہ کامیابی کا امکان نہیں ہوتا۔

  • بھارت میں ڈائنو سار کا نایاب ترین انڈہ دریافت

    بھارت میں ڈائنو سار کا نایاب ترین انڈہ دریافت

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ڈائنو سار کا نہایت نایاب انڈہ دریافت کیا گیا جس کی خاص بات یہ ہے کہ انڈے کے اندر انڈہ موجود ہے۔

    بھارت کی دہلی یونیورسٹی کے سائنس دانوں کی جانب سے کی جانے والی یہ دریافت نہایت نایاب اور اہم ہے اور آج سے پہلے اس نوعیت کی دریافت نہیں کی گئی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس انڈے کی مدد سے ڈائنو سارز کے تولیدی نظام کے بارے میں مزید جاننے میں مدد ملے گی، یہ بھی معلوم ہوسکے گا کہ آیا ان کا تولیدی نظام کچھوؤں اور چھپکلیوں جیسا ہے یا مگر مچھ اور پرندوں جیسا۔

    دوسری جانب چند روز قبل ڈائنو سارز کی انتہائی نایاب قسم اور ٹرائنو سارز ریکس سے بھی بڑے سپائنو سارز کے کچھ ڈھانچے برطانوی علاقے آئزل آف وائٹ سے دریافت ہوئے ہیں۔

    مگر مچھ سے ملتے جلتے ڈھانچے جیسے لیکن حجم میں انتہائی بڑے سپائنو سارز ڈائنو سارز سے کئی گنا بڑے اور طاقت ور ہوتے ہیں۔

    سائنسی جریدے پیئر جے لائف اینڈ انوائرمنٹ میں شائع ہونے والی مطالعاتی رپورٹ کے مطابق ملنے والے یہ نئے ڈھانچے 125 ملین برس پرانے ہیں۔

    برطانوی یونیورسٹی آف ساؤتھ ایمپٹن سے وابستہ اور اس مطالعاتی ٹیم کے قائد کرِس بیکر کا کہنا ہے کہ یہ بہت بڑا جانور تھا جس کی قامت 10 میٹر سے بھی زیادہ تھی، ہم نے اس کی جہتیں ناپی ہیں اور ممکن ہے کہ یورپ میں دریافت ہونے والے یہ آج تک کا سب سے بڑا شکاری جانور ہو۔

  • پکانے سے قبل انڈے کو دھونے کا نقصان جانتے ہیں؟

    پکانے سے قبل انڈے کو دھونے کا نقصان جانتے ہیں؟

    کیا آپ انڈوں کو ابالنے یا پکانے کے لیے توڑنے سے قبل دھوتے ہیں؟ تو جان لیں کہ آپ اس صحت مند غذا کو اپنے لیے نہایت خطرناک بنا رہے ہیں۔

    جس طرح مرغی کو دھونا اس میں موجود جراثیم کو پھیلانے کا سبب بنتا ہے، اور دھونے کے بعد یہ جراثیم ہمارے ہاتھوں، برتن اور دیگر اشیا میں منتقل ہوسکتے ہیں جو فوڈ پوائزن کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں، بالکل اسی طرح کے خطرات انڈے میں بھی موجود ہوتے ہیں۔

    گو کہ انڈے کو دھوتے ہوئے اس کے بیرونی خول پر موجود بیکٹیریا اپنی جگہ سے حرکت کرتے ہیں اور وہاں سے ہٹ جاتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس کے بعد وہ کہاں جاتے ہیں؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈے کا خول مسام دار ہوتا ہے اور اس میں نہایت ننھے ننھے سوراخ ہوتے ہیںِ لہٰذا جب انڈے کو دھویا جاتا ہے تو بیکٹیریا اس خول کے اندر انڈے کی زردی اور سفیدی میں چلے جاتے ہیں۔

    بعد ازاں انڈے کے پکنے کے بعد بھی یہ ہماری پلیٹ میں موجود ہوتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹھنڈے پانی سے انڈے کو دھونا اس خطرے کو بڑھا دیتا ہے۔ ان کے خیال میں ویسے تو انڈے کو پکانے سے قبل دھونا بالکل غیر ضروری ہے، تاہم پھر بھی اگر آپ انڈے کو ہر صورت دھونا ہی چاہتے ہیں تو اس کے لیے نیم گرم پانی کا استعمال کریں۔

  • لمبی زندگی کے لیے کون سی غذا کھانی چاہیئے؟

    لمبی زندگی کے لیے کون سی غذا کھانی چاہیئے؟

    کیا آپ جانتے ہیں لمبی عمر حاصل کرنے کے لیے کون سی غذا کھانی چاہیئے؟

    ماہرین کے مطابق بہت سی غذائیں ایسی ہیں جو عمر کو طویل بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق باقاعدگی سے دہی کھانے والے افراد بھی لمبی زندگی جیتے ہیں۔

    لیکن حال ہی میں ماہرین پر انکشاف ہوا کہ روز کچے انڈے کھانا بھی آپ کی عمر کو طویل کرسکتا ہے۔

    چائے پینے سے عمر میں اضافہ ممکن *

    اس کا انکشاف دراصل دنیا کی معمر ترین خاتون ایما مورنو نے کیا۔

    اٹلی سے تعلق رکھنے والی 116 سالہ ایما مورنو اب دنیا کی وہ واحد شخصیت ہیں جو اپنی زندگی میں تین دہائیاں دیکھ چکی ہیں۔ یہ اعزاز اس سے قبل نیویارک کی سوزانے جانسن کے پاس تھا جو کچھ ہفتے قبل انتقال کرگئیں۔

    emma

    ایما کے مطابق ان کی طویل زندگی کی وجہ روزانہ کچا انڈہ کھانا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ جب وہ نوعمر تھیں تب انہیں خون کی کمی کا مرض اینیمیا لاحق ہوا جس کے لیے ڈاکٹرز نے انہیں تجویز کیا کہ وہ روزانہ کچا انڈہ کھائیں۔ اس کے بعد سے وہ اب تک اس عادت پر کاربند ہیں۔

    تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان کی طویل زندگی کی وجوہات صبح جلدی اٹھنا اور تجرد کی زندگی گزارنا بھی ہے۔

    ایما نے اپنی نوجوانی میں ایک شادی کی تھی لیکن وہ اس شادی سے خوش نہ رہ سکیں۔ جس کے بعد انہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی اور اس کے بعد سے تنہا زندگی گزار رہی ہیں۔

    کتابیں پڑھنے سے عمر بڑھتی ہے، تحقیق *

    وہ بتاتی ہیں، ’ایک ناخوشگوار رشتہ سے چھٹکارہ پانا بھی میری طویل العمری کا ایک سبب ہے۔ میں نے اس کے بعد دوبارہ شادی نہیں کی کیونکہ میں کسی کی حاکمیت برداشت نہیں کرسکتی‘۔

    ایما ایک فیکٹری میں باورچی کی حیثیت سے کام کرتی رہیں۔ وہ وہاں سے 41 سال قبل 75 سال کی عمر میں ریٹائرڈ ہوئیں جس کے بعد اب وہ سوئٹزر لینڈ کی سرحد پر ایک کمرے کے چھوٹے سے مکان میں زندگی گزار رہی ہیں۔