Tag: انڈیاز گاٹ لیٹنٹ

  • بھارتی اداکارہ اپوروا مکھیجا نے اپنی متنازع گفتگو پر معافی مانگ لی

    بھارتی اداکارہ اپوروا مکھیجا نے اپنی متنازع گفتگو پر معافی مانگ لی

    بھارتی اداکارہ اور انفلوئنسر اپوروا مکھیجا نے کامیڈیی شو انڈیاز گاٹ لیٹنٹ میں کی جانے والی اپنی متنازع گفتگو پر معافی مانگ لی۔

    اپوروا مکھیجا ان انفلوئنسرز میں ایک تھیں جو ‘انڈیاز گاٹ لیٹنٹ’ کی اس متنازع قسط کا حصے تھے جس کے آن ایئر ہونے کے بعد بھارت میں طوفان برپا ہوگیا تھا، اپوروا، رنویر اور سمے رائنا کو متنازع ترین گفتگو کرنے پر کافی دھمکیاں بھی ملی تھیں۔

    3 ملین سے زیادہ فالوورز رکھنے والی ‘دی ریبل کڈ’ کے نام سے مشہور مکھیجا نے گزشتہ ہفتے آن لائن دھمکیوں کا سامنا کرنے کے بعد اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر دی تھیں۔

    بھارتی اداکارہ کو دھمکیاں ملنے پر ہانیہ عامر نے کیا پیغام دیا

    اپوروا مکھیجا نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کچھ غلط باتیں کیں لیکن اب احساس ہوا کہ وہ باتیں غلط تھیں اور مضحکہ خیز بھی نہیں تھیں، میں اس کےلیے معافی چاہتی ہوں۔

    بھارتی اداکارہ نے کہا کہ "میں نہیں جانتی کہ میں یہ بے ترتیب باتیں صرف کول لگنے کے لیے کیوں کہہ رہی تھی لیکن مجھے بہت افسوس ہے، وہ سب بالک بھی ٹھیک نہیں تھا اور مجھے شو میں ایسی احمقانہ باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں۔”

    خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ مہینے بھارتی یوٹیوبر و پوڈکاسٹر رنویر الہٰ آبادیہ نے بھی اپنی حرکت پر تحریری معافی مانگی تھی اور یقین دہانی کرائی تھی کہ آئندہ وہ خواتین سے متعلق گفتگو میں احترام ملحوظ خاطر رکھیں گے۔

    رنویر الہٰ آبادیہ کے ساتھ اپوروا مکھیجا بھی نیشنل کمیشن فار ویمن (این سی ڈبلیو) کے سامنے پیش ہوئی تھیں جہاں انھوں نے گھنٹوں پوچھ گچھ کے بعد تحریری معافی نامہ جمع کرایا تھا۔

    رنویر نے این سی ڈبلیو کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ مستقبل میں اپنے الفاظ کے استعمال میں زیادہ محتاط رہیں گے اور کہا تھا کہ یہ پہلی اور آخری بار ہے جب ایسی غلطی ہوئی ہے اب سے میں سوچ سمجھ کر عورتوں کے حوالے سے بات کروں گا۔

    https://urdu.arynews.tv/ranveer-allahbadia-gives-written-apology/

  • رنویر الہٰ آبادیہ نے تحریری معافی مانگ لی

    رنویر الہٰ آبادیہ نے تحریری معافی مانگ لی

    بھارتی یوٹیوبر و پوڈکاسٹر رنویر الہٰ آبادیہ نے تحریری معافی مانگ لی اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ وہ خواتین سے متعلق گفتگو میں احترام ملحوظ خاطر رکھیں گے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جمعے کو رنویر الہٰ آبادیہ اور اپوروا مکھیجا نیشنل کمیشن فار ویمن (این سی ڈبلیو) کے سامنے پیش ہوئے جہاں انہوں نے گھنٹوں پوچھ گچھ کے بعد تحریری معافی نامہ جمع کرایا۔

    رنویر نے این سی ڈبلیو کو یقین دہانی کرائی کہ وہ مستقبل میں اپنے الفاظ کے استعمال میں زیادہ محتاط رہیں گے اور کہا کہ یہ پہلی اور آخری بار ہے جب ایسی غلطی ہوئی ہے اب سے میں سوچ سمجھ کر عورتوں کے حوالے سے بات کروں گا۔

    رنویر الہ بادیہ کو قتل کی دھمکیاں، یوٹیوبر موبائل بند کرکے غائب

    این سی ڈبلیو کی چیئرپرسن وجیہہ رہا ٹکر نے کہا کہ کمیٹی کے روبرو 4 افراد پیش ہوئے، ان میں تشار پجاری، سوربھ بوترا ، پوروا مکھیجا اور رنویر الہٰ آبادیہ شامل ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن نامناسب زبان کے استعمال کو قبول نہیں کرے گا، ایسے تبصرے بالکل بھی قابل قبول نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیہ گزشتہ ماہ کے آغاز میں یوٹیوب شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں والدین سے متعلق متنازع بیانات دینے کے بعد شدید تنقید کی زد میں آ گئے تھے۔

    یہ متنازع واقعہ کامیڈین سمے رائنا کے یوٹیوب شو میں پیش آیا جہاں رنویر الہٰ آبادیہ کے ساتھ ساتھ یوٹیوبر اشیش چنچلانی، اپوروا مکھیجا اور کامیڈین جسپریت سنگھ شامل تھے۔

     شو میں نامناسب تبصرے کے بعد تنازع کھڑا ہوا اور مقدمات بھی درج کیے گئے، رنویر الہٰ آبادیہ نے اس پر ویڈیو کے ذریعے عوام سے معافی بھی مانگی تھی، جس میں رنویر نے کہا تھا کہ میں معافی چاہتا ہوں، میرا تبصرہ نہ صرف نامناسب تھا بلکہ وہ مزاحیہ بھی نہیں تھا، کامیڈی میرا میدان نہیں، معافی کے باوجود رنویر کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں فحش مذاق کے بعد رنویر نے امیدوار کو کیا کہا؟ اہم انکشاف

    ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں فحش مذاق کے بعد رنویر نے امیدوار کو کیا کہا؟ اہم انکشاف

    بھارت کے متنازع شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں فحش مذاق کرنے کے بعد رنویر الہ بادیہ نے امیدوار کو کیا کہا؟ وہاں موجود شائق نے بتادیا۔

    سمے رائنا کے مشہور کامیڈی شو میں موجود ایک کانٹینٹ کریٹر نے دعویٰ کیا کہ ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں بھارتی یوٹیوب رنویر الہ بادیا نے والدین کے حوالے سے فحش مذاق کرنے کے بعد فوری طور پر امیدوار سے معافی مانگ لی تھی۔

    موہت خوبانی نامی سامعین نے دعویٰ کیا کہ رنویر جو اس قسط کے ججوں میں سے ایک تھے انھوں نے اپنے بہیودہ تبصرے کے فوراً بعد معافی مانگ لی کہ امیدوار اس مذاق پر افسردہ تو نہیں۔

    وائرل ہونے والی انسٹاگرام ویڈیو میں موہت خوبانی نے بتایا کہ ’شو میں شریک امیدوار آیا، رنویر نے مذاق کیا، اس کے فوراً بعد رنویر نے تین سے چار بار معذرت کرتے ہوئے پوچھا، امید ہے کہ آپ کو برا نہیں لگا۔

    خیال رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے یوٹیوبر اور پوڈ کاسٹر رنویر الہ بادیہ اور مزاحیہ اداکار سمے رائنا کے شوز کو تاحکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے پوڈ کاسٹر رنویر الہ ابادیہ کو مزاحیہ اداکار سمے رائنا کے ’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ شو میں ایک بیہودہ مذاق پر متعدد ایف آئی آر کے سلسلے میں گرفتاری سے روک دیا تاہم ان کے شوز کو تاحکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ دیدیا۔

    سپریم کورٹ نے رنویر الہ آبادیہ کی سخت سرزنش بھی کی اور حکم دیا کہ وہ پیشگی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہ جائیں جبکہ انہیں اپنے پاسپورٹس ممبئی تھانے میں جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔

  • سمے رائنا نے اپنے شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کی تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں

    سمے رائنا نے اپنے شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کی تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں

    معروف بھارتی یوٹیوبر سمے رائنا نے اپنے یوٹیوب شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں ہونے والے تنازع پر تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں۔

    سوشل میڈیا پر اُس وقت ہنگامہ برپا ہوا جب الہ بادیہ نے والدین سے متعلق ایک توہین آمیز سوال کیا، اس سوال کے بعد سے یوٹیوبر کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے کیے پر معافی مانگی۔

    بیئر بائیسپس کے متنازع سوال پر نہ صرف سامعین بلکہ شریک ججز سمے رینا، آشیش چنچلانی اور اپوروا مکھیجا بھی حیران رہ گئے تھے۔ سمے رینا نے فوراً ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا، ’یہ کیا بکواس ہے؟‘

    سمے رائنا نے اپنے شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کی تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد رنویر الہ آبادیا اور سمے رائنا سمیت دیگر یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹرز کو ’فحش‘ زبان استعمال کرنے پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔

    تاہم اب اب مذکورہ پروگرام کے پروڈیوسر سمے رائنا نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پروگرام کی تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں۔

    سمے رائنا کا کہنا تھا کہ ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں تفریحی مواد تیار کرنے کا مقصد صرف لوگوں کو ہنسانا تھا، دل آزاری کرنا میرا مقصد نہیں تھا، اس لیے اب میں تمام ویڈیوز کو ڈیلیٹ کررہا ہوں۔

    واضح رہے کہ انڈیاز گاٹ لیٹنٹ  کی مجموعی طور پر 14 ویڈیوز جاری کی گئی تھیں، جنہیں لاکھوں بار دیکھا گیا تھا لیکن اب تمام ویڈیوز کو یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا۔

    یوٹیوب پر ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کی ویڈیوز کو سرچ کرتے وقت پیغام نظر آ رہا ہے کہ مذکورہ ویڈیوز دستیاب نہیں۔