Tag: انڈیا اتحاد

  • ’’بے ایمانی نہ ہوتی تو انڈیا اتحاد 50 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرتا‘‘

    ’’بے ایمانی نہ ہوتی تو انڈیا اتحاد 50 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرتا‘‘

    لکھنؤ: بھارتی سیاسی جماعت سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حکومت میں عوام کو بجلی نہیں ملتی صرف بل آتا ہے، اگر بے ایمانی نہ ہوتی تو اترپردیش میں انڈیا اتحاد 50 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرتا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکھلیش یادو نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ لوک سبھا الیکشن میں وزیر اعلیٰ کے اشارے پر افسران نے بے ایمانی نہیں کی ہوتی تو اترپردیش میں انڈیا اتحاد پچاس سے زیادہ سیٹیں حاصل کر لیتا۔

    انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کسانوں، نوجوانوں، کاروباریوں سبھی کو دھوکا دیا، نوجوان کو روزگار نہیں ملا، بھرتی امتحانات کے پیپر لیک ہوتے رہے، بی جے پی حکومت جان بوجھ کر پیپر لیک کراتی رہی، تاکہ نوکری اور ریزرویشن نہ دینا پڑے۔

    سماج وادی پارٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی ڈبل انجن کی حکومت نے لکھنؤ میں ایک بھی بڑا کام نہیں کیا، بجلی کے نظام کو بھی برباد کر دیا، اب عوام کو بجلی نہیں مل رہی ہے، صرف بجلی کا بل آتا ہے۔ انھوں نے کہا ریاست میں بی جے پی کی 7 سال کی حکومت میں ایک بھی بجلی کا پلانٹ نہیں لگا۔

    اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ خواتین کے جرائم کے معاملے میں اترپردیش کی حالت کافی خراب ہے، بی جے پی حکومت میں کسی کو انصاف نہیں مل سکتا، ہر طبقہ مایوس ہے۔