Tag: انڈیا کی خبریں

  • بھارتی ائیر فورس کا ٹرانسپورٹ طیارہ لا پتا ہو گیا: بھارتی میڈیا

    بھارتی ائیر فورس کا ٹرانسپورٹ طیارہ لا پتا ہو گیا: بھارتی میڈیا

    نئی دہلی: بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انڈین ایئر فورس کا ایک ٹرانسپورٹ طیارہ لا پتا ہو گیا ہے جس میں 13 افراد سوار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فضائیہ کا ایک ٹرانسپورٹ طیارہ IAF AN-32 دن ایک بجے کے بعد اچانک لا پتا ہو گیا ہے، طیارے میں عملے کے 8 ارکان سمیت 13 افراد سوار ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارے نے آسام کے ایئر بیس سے اڑان بھری تھی، اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد طیارے کا رابطہ منقطع ہوا۔

    بتایا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ طیارہ بھارت کے شمال مشرقی پہاڑی علاقے میں لا پتا ہوا ہے، انڈین ایئر فورس نے طیارے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی فضائیہ کا ایک اور مگ طیارہ تباہ، پائلٹ لاپتہ

    انڈین ایئر فورس کا طیارہ اروناچل پردیش میں واقع وادیٔ مچوکا میں آرمی کے ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ جا رہا تھا، جو چین کی سرحد کے قریب ہے۔

    یاد رہے کہ 8 مارچ کو بھارتی فضائیہ کا ایک طیارہ مگ 21 راجھستان کے نل نامی ایئر بیس سے اڑنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے گرنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔

    اس کے بعد 31 مارچ کو بھی لڑاکا طیارہ مگ 27 راجھستان کے علاقے جودھ پور میں گر کر تباہ ہوا، طیارے کا پائلٹ لا پتا ہو گیا تھا، وزارتِ دفاع کا کہنا تھا کہ طیارے سے پرندہ ٹکرایا تھا۔

  • وزیر اعظم کی الیکشن میں کامیابی پر نریندر مودی کو مبارک باد، مودی کا اظہار تشکر

    وزیر اعظم کی الیکشن میں کامیابی پر نریندر مودی کو مبارک باد، مودی کا اظہار تشکر

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے انتخابات میں  کام یابی پر نریندر مودی کو مبارک باد دی گئی ، جس کا بھارتی وزیر اعظم نے شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مودی کے لیے الیکشن میں کام یابی پر مبارک باد کا پیغام جاری کیا۔

    بھارت کے پارلیمانیانتخابات میں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 345 نشستیں اپنے نام کی ہیں۔

    وزیر اعظم نے لکھا کہ نریندر مودی اور ان کے اتحادیوں کو الیکشن جیتنے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ نریندر مودی کے ساتھ خطے میں امن، ترقی اور خوش حالی کے لیے کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

    پاکستانی وزیر اعظم کی مبارک باد کے ردعمل میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شکریہ ادا کرتے لکھا:  میں آپ کی نیک خواہشات پر آپ کا تہہ دل سے ممنون ہوں۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ میں نے ہمیشہ اپنے خطے میں امن اور ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔

    الیکشن میں کانگریس اتحاد 94 نشستیں حاصل کر سکی، جب کہ عام آدمی پارٹی کا صفایا ہوگیا۔نریندر مودی بھارت میں پہلے غیر کانگریسی وزیر اعظم ہیں جو پانچ سالہ دور کے بعد ایک بار پھر برسر اقتدار آ گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے بھی مودی کو ان کی متاثر کن کام یابی پر مبارک باد دی ہے۔

  • امریکی اخبار نے بھی مودی کے بھارت کا بھیانک چہرہ دکھا دیا

    امریکی اخبار نے بھی مودی کے بھارت کا بھیانک چہرہ دکھا دیا

    واشنگٹن: امریکی اخبار نے بھی مودی حکومت کا چہرہ آشکار دیا، اخبار کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کے بھارت میں مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مودی کے بھارت میں مسلمانوں کی حالت زار پر امریکی اخبار بھی بول پڑا ہے، اخبار کا کہنا ہے کہ مسلمان بھارت میں عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔

    مسلمانوں کو پارکوں اور کھلی جگہوں پر نماز جمعہ کی اجازت نہیں، مسلمان گھروں سے نکلتے وقت روایتی لباس بھی نہیں پہن سکتے۔

    امریکی اخبار نے لکھا کہ مسلمان گھروں سے نکلتے وقت جینز اور ٹی شرٹ پہننے پر مجبور ہیں، 20 کروڑ مسلمان مودی کے دوبارہ منتخب ہونے پر خوف زدہ ہیں۔

    اخبار نے مزید لکھا کہ بھارت کی آبادی کا 14 فی صد 20 کروڑ مسلمانوں پر مشتمل ہے، جب کہ مودی کی بی جے پی میں کوئی مسلمان رکن پارلیمنٹ نہیں، دوسری طرف بی جے پی کے رہنما مسلمان دشمن سرگرمیوں اور بیانات میں پیش پیش ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت خواتین کے لئے سب سے خطرناک ترین ملک قرار

    اخبار نے لکھا کہ مودی نے بھارت کو سیکولر کے بجائے ہندو اسٹیٹ میں بدل دیا ہے، گائے کے تحفظ کے نام پر ہجوم نے مسلمانوں کو تشدد کر کے قتل کیا۔

    خیال رہے کہ عالمی تنظیم تھامس رائٹرز فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک سروے رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق مودی کا بھارت دنیا میں خواتین کے لیے سب سے زیادہ خطرناک ملک بن گیا ہے۔

  • پاکستان کے خلاف جنگی جنون بھڑکانے والے مودی کا اصل مقصد بے نقاب

    پاکستان کے خلاف جنگی جنون بھڑکانے والے مودی کا اصل مقصد بے نقاب

    نئی دہلی: پاکستان کے خلاف جنگی جنون بھڑکانے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا اصل مقصد بے نقاب ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مودی کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا، پاکستان کے خلاف جنگی جنون بھڑکانے کا اصل مقصد مہاراشٹر میں ایک ریلی میں خطاب کے دوران سامنے آ گیا۔

    نریندر مودی نے مہاراشٹر میں انتخابی ریلی سے خطاب میں نوجوانوں سے پلواما اور بالاکوٹ واقعے کا نام لے کر ووٹ مانگ لیے۔

    دوسری طرف بلی تھیلے سے باہر آنے پر اپوزیشن جماعتوں نے انڈیا کے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  انڈین ائیرفورس نریندر مودی کی ترجمان نہ بنے، بھارتی تجزیہ کار برس پڑے

    خیال رہے کہ بھارتی نژاد امریکی شہری نے نریندر مودی کی سازش کا بھانڈا پھوڑا تھا کہ مودی نے ووٹ کے لیے خون خرابے کی سازش کی ہے۔

    واضح رہے کہ آج معروف بھارتی تجزیہ کار اشوک سوین بھی پاکستان کے خلاف بھارتی فضائیہ کے بے بنیاد دعوؤں پر برس پڑے اور کہا کہ یہ دعوے مضحکہ خیز ہیں، بھارتی فضائیہ مودی کی ترجمان نہ بنے، ایئر فورس کو مودی کی الیکشن مہم کے لیے تذلیل سے گزارا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت: ہندو انتہا پسندوں کا مسلمان بزرگ پر گوشت فروخت کرنے کا الزام، بدترین تشدد

    انھوں نے بھارتی فضائیہ کی پریس کانفرنس اور پاکستان ایف 16 گرانے کے دعوے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ کو یاد رکھنا چاہیے کہ مودی چلا جائے گا، مگر بھارت کو یہیں رہنا ہے۔

  • پاکستان دشمنی بھاری پڑ گئی، بھارت عالمی ٹینس ایونٹس کی میزبانی سے محروم

    پاکستان دشمنی بھاری پڑ گئی، بھارت عالمی ٹینس ایونٹس کی میزبانی سے محروم

    نئی دہلی: پاکستان سے دشمنی بھارت کو کھیل کے میدان میں بھی مہنگی پڑ گئی، بھارت کو 2 عالمی ٹینس ایونٹس کی میزبانی سے ہاتھ دھونا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسمان کی بلندیوں میں پاکستانی شاہینوں کے ہاتھوں پوری دنیا میں ذلت اٹھانے کے بعد پڑوسی ملک کو کھیل کے میدانوں میں بھی دھچکا پہنچا ہے۔

    پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا دینے سے انکار پر ٹینس جونیئر ورلڈ کپ بھارت کی بہ جائے اب تھائی لینڈ میں منعقد ہوگا، جونیئر ورلڈ کپ کا پہلا ایونٹ 8 سے 13 اپریل تک ہونا تھا۔

    جونیئر ورلڈ کپ ہاتھ سے جانے کے علاوہ بھارت سے جونیئر فیڈریشن کپ کی میزبانی بھی چھین لی گئی ہے، بھارتی ٹینس فیڈریشن نے بیان جاری کیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے ایونٹ نہیں کرا سکتے۔

    ایونٹس میں پاکستان ٹیم نے بھی شرکت کرنا تھی۔ بھارت کو دونوں ایونٹس کی میزبانی سے پاکستان دشمنی کی وجہ سے ہاتھ دھونا پڑا۔

    اے آر وائی کے نمائندہ خصوصی شاہد ہاشمی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اولپمک کمیٹی کے بعد انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے بھی بھارت کو کڑی سزا دی اور دونوں ایونٹس کی میزبانی سے بھارت کو محروم کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے تمام ممالک کو بھارت سے رابطہ نہ کرنے کی ہدایت کردی

    یاد رہے کہ 5 مارچ کو بھارت کو پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک کی سزا بھی بھگتننا پڑی تھی جب یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے تمام ممالک کو بھارت سے روابط معطل کرنے کی ہدایت کی۔

    ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جب تک بھارت تمام ریسلرز کو ویزے جاری کرنے کی تحریری ضمانت نہیں دیتی، اس وقت تک بھارت کی ریسلنگ باڈی سے تمام روابط ختم کردیے جائیں۔

  • بھارت کا جنگی جنون، روس سے کرائے پر ایٹمی آبدوز حاصل کر لی

    بھارت کا جنگی جنون، روس سے کرائے پر ایٹمی آبدوز حاصل کر لی

    نئی دہلی: جنگی جنون میں مبتلا بھارت  روس کے ساتھ ایک نئے معاہدے کے تحت کرائے پر ایٹمی آب دوز حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے روس کے ساتھ ایک نئی آب دوز  کرائے پر لینے کا معاہدہ کیا ہے، ایٹمی آبدوز کے حصول کا یہ معاہدہ 3 بلین ڈالرز پر مبنی ہے۔

    معاہدے کے مطابق روسی ایٹمی آب دوز 10 سال کے لیے لیز پر بھارت کے سمندروں میں خدمات انجام دے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کی ایٹمی طاقت کی حامل یہ تیسری آب دوز 2025 تک بھارت کو فراہم کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ روس سرد جنگ کے زمانے میں بھی بھارت کو اسلحہ فراہم کرنے والا بڑا ملک تھا، اس سے قبل بھی بھارت کو ایک آب دوز کرائے پر دے چکا ہے، جس کے کرائے کی مدت میں اضافے کے لیے بھی مذاکرات کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک بحریہ نے سمندری حدود میں موجود بھارتی آبدوز کاسراغ لگا کر داخلے کی کوشش ناکام بنادی

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ معاہدے کے تحت روسی ایٹمی آب دوز کم از کم دس سال تک بھارت کے پاس رہے گی۔

    یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے فضائی دراندازی اور بد ترین شکست کے بعد دشمن نے پاکستانی سمندری حدود میں بھی داخل ہونے کی کوشش کی لیکن مستعد پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آب دوز کا سراغ لگا کر اس کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔

  • سینئر کانگریس رہنما چدمبرم کا مودی سرکار کو پاکستان سے مذاکرات کا مشورہ

    سینئر کانگریس رہنما چدمبرم کا مودی سرکار کو پاکستان سے مذاکرات کا مشورہ

    نئی دہلی: بھارتی وزیرِ اعظم کی پاکستان کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کی کوششوں کے بر عکس کانگریس کے سینئر رہنما چدمبرم نے مودی سرکار کو پاکستان سے مذاکرات کا مشورہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ خزانہ پی چِدمبرم نے نریندر سنگھ مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کی بہ جائے مذاکرات کریں۔

    [bs-quote quote=”پڑوسی کے ساتھ کشیدگی کی بہ جائے ملک کے اندر علیحدگی پسند تحریکوں سے نمٹنے کا بندوبست کرنا چاہیے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”پی چدمبرم”][/bs-quote]

    سینئر کانگریس رہنما نے کہا کہ جنگ سے بچنے کا حل صرف پاکستان سے مذاکرات ہیں۔

    انھوں نے اپنے آرٹیکل میں کہا ہے کہ انڈیا کو جنگ کی طرف جانے کی کوئی بھی وجہ موجود نہیں ہے، نہ یہ 1971 ہے نہ ہی کارگل کی جنگ۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے، تو مودی سرکار جنگ کی طرف کیوں جا رہی ہے۔

    انھوں نے مودی سرکار کو یہ مشورہ بھی دیا کہ اسے پڑوسی کے ساتھ کشیدگی کی بہ جائے ملک کے اندر علیحدگی پسند تحریکوں سے نمٹنے کا بندوبست کرنا چاہیے۔

    کانگریس رہنما چدمبرم نے کہا کہ جموں و کشمیر کے حا لا ت 70 سال میں بدل چکے ہیں، انڈیا کو اپنا رویہ بدلنا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ابھی نندن کی رہائی، عمران خان کا فیصلہ بہادری قرار، بھارتی وزیراعلیٰ کا خراج تحسین

    خیال رہے کہ مودی سرکار نے انتخابات میں اپنی جیت کے لیے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو ہوا دے کر خطے میں جنگ کے شعلوں کو بھڑکانے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے خود انڈیا میں انھیں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    پاکستان کے ساتھ سرحدوں پر فائرنگ اور گولہ باری کے علاوہ جنگی طیارے بھیج کر دراندازی کی مذموم کوششیں بھی کی گئیں، جس کے نتیجے میں پاکستانی شاہینوں نے دو بھارتی جہاز بھی مار گرائے اور ایک پائلٹ کو زندہ پکڑا، جسے بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔

  • جے پور جیل میں قتل کیے گئے پاکستانی شاکر اللہ کی میت پاکستان پہنچ گئی

    جے پور جیل میں قتل کیے گئے پاکستانی شاکر اللہ کی میت پاکستان پہنچ گئی

    لاہور: بھارتی جیل میں جنونی قیدیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے پاکستانی شاکر اللہ کی میت واہگہ بارڈر پر پاکستان کے حوالے کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر جے پور کی جیل میں قتل کیے گئے پاکستانی قیدی شاکراللہ کی میت پاکستان پہنچ گئی ہے، پاکستانی شہری کی میت واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کی گئی۔

    بھارتی ریاست راجھستان کے مرکزی شہر جے پور کی جیل میں قید پاکستانی شہری شاکر اللہ کو بھارتی جنونی قیدیوں بد ترین تشدد کر کے 20 فروری کو قتل کیا تھا۔

    جے پور سینٹرل جیل کے بیرک میں موجود ہندو انتہا پسندوں نے پاکستانی شہری کے سر پر وار کیے تھے جس کی وجہ سے شاکر اللہ کو گہرے زخم آئے اور انھوں نے جیل ہی میں جان دے کر شہادت کا درجہ پا لیا۔

    غیر ملکی میڈیا نے پاکستانی قیدی کی شہادت کا ذمہ دار جے پور جیل کی انتظامیہ کو قرار دیا، قتل کے سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پلوامہ حملے کا انتقام، بھارتی جیل میں قید پاکستانی قیدی ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل

    دفترِ خارجہ نے شاکر اللہ کے قتل پر سخت دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی قیدیوں کے گروپ نے پلوامہ حملے کا انتقام لینا چاہا ہے۔

    بھارت میں سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے والے سابق سفیر عبد الباسط کا کہنا تھا کہ عوام کو کچھ نہیں کہہ سکتے کیوں کہ بھارتی حکومت کا مؤقف ہی دہشت گردی اور انتہا پسندی پر مبنی ہے۔

  • نوجوت سنگھ سدھو کا بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم

    نوجوت سنگھ سدھو کا بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم

    نئی دہلی: بھارت کے سابق کرکٹر اور سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کی طرف سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق انڈین کرکٹر اور وزیرِ اعظم عمران خان کی شخصیت کو پسند کرنے والے بھارتی سیاست دان سدھو نے وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا عندیہ دینے پر خوشی کا اظہار کیا۔

    [bs-quote quote=”عمران خان کا خیر سگالی کا اقدام ایک ارب لوگوں کی خوشی کا سبب بنا ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”سدھو”][/bs-quote]

    نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو سراہتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ہر بہترین عمل لوگوں کے دلوں میں اپنا راستہ خود بناتا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا خیر سگالی کا اقدام ایک ارب لوگوں کی خوشی کا سبب بنا ہے۔

    نوجوت سنگھ سدھو نے لکھا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم کے اعلان سے پوری قوم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    سدھو نے یہ بھی کہا کہ میں بھارتی پارئلٹ کے والدین اور چاہنے والوں کی خوشی محسوس کر سکتا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان کا امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے کہا کہ بھارت اس سے زیادہ کشیدگی کو آگے نہ بڑھائے اور کشیدگی کم کرنے اور امن کو ہماری کم زوری نہ سمجھا جائے۔

  • پلوامہ حملہ: ہندو انتہا پسند تنظیم کے سربراہ نے بھی مودی حکومت پر انگلی اٹھا دی

    پلوامہ حملہ: ہندو انتہا پسند تنظیم کے سربراہ نے بھی مودی حکومت پر انگلی اٹھا دی

    نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے پر پاکستان پر انگلیاں اٹھانے والی مودی حکومت سخت مشکل میں پڑ گئی ہے، اپنے ہی لوگ بھارتی حکومت پر سوال کرنے لگ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف بھارتی حکومت پلوامہ حملے پر پاکستان کے خلاف پروپگینڈا کرنے میں مصروف ہے، دوسری طرف اپنے ہی سیاست دان مودی سرکار کو واقعے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔

    [bs-quote quote=”قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے پوچھ گچھ کی جائے تو پلوامہ حملے کی حقیقت سامنے آ سکتی ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”راج ٹھاکرے”][/bs-quote]

    اب ہندو انتہا پسند تنظیم مہاراشٹر نوو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے پلوامہ حملے پر سوال اٹھا دیے ہیں۔

    راج ٹھاکرے نے مطالبہ کیا ہے کہ انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو تفتیش کے کٹہرے میں لایا جائے۔ راج ٹھاکرے کا ماننا ہے کہ اگر نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر سے پوچھ گچھ کی جائے تو پلوامہ حملے کی حقیقت سامنے آ سکتی ہے۔

    ہندو انتہا پسند تنظیم کے سربراہ نے پلوامہ حملے میں مارے جانے والے انڈین فوجیوں کو سیاسی متاثرین قرار دے دیا۔

    راج ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ حکومتیں اپنے سیاسی مقاصد کے لیے ایسے کام کرتی رہتی ہیں، تاہم نریندر مودی کی حکومت میں ایسے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پلوامہ حملے میں بھارت ہی کا بارودی مواد استعمال ہوا، سابق فوجی جنرل کا ہوش ربا انکشاف

    انھوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پلوامہ حملے کے وقت وزیر اعظم مودی ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اطلاع ملنے پر بھی انھوں نے شوٹنگ ملتوی کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔

    یاد رہے کہ سابق بھارتی فوجی کمانڈر لیفٹننٹ جنرل (ر) دیپندرا سنگھ ہودا بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ پلوامہ حملے میں بھارت ہی کا بارود استعمال ہوا، نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ اتنی بڑی مقدار میں بارود دراندازی کر کے اتنی دور لایا جا سکے۔