Tag: انڈیا

  • معروف مسلمان کامیڈین کو ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کی کھلے عام دھمکیاں

    معروف مسلمان کامیڈین کو ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کی کھلے عام دھمکیاں

    معروف بھارتی کامیڈین منور فاروقی کے خلاف ہندو انتہا پسند ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئے، حکومتی پارٹی بی جے پی کے ایک رکن نے اعلان کیا ہے کہ منور فاروقی کا شو منعقد کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس جگہ کو نذر آتش کردیں گے اور کامیڈین کو تشدد کا نشانہ بھی بنائیں گے۔

    منور فاروقی نے گزشتہ برس سے اپنے متنازعہ لطیفوں سے ہندو انتہا پسندوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، انتہا پسندوں کا دعویٰ ہے کہ منور ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں جبکہ وہ حکومت پر بھی تنقید کرتے ہیں اور حساس معاملات کو اپنے لطیفوں کو موضوع بناتے ہیں۔

    گزشتہ برس سے اب تک منور کے 12 شوز منسوخ کیے جاچکے ہیں جن کا سبب ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیاں تھیں۔

    اب حال ہی میں ان کا ایک شو حیدر آباد میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس پر ایک بار پھر انتہا پسند متحرک ہوگئے۔

    بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ اگر منور فاروقی کا شو ہوا تو وہ پروگرام کے مقام کو نذر آتش کر دیں گے اور منور کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جائے گا۔

    راجہ سنگھ کا کہنا ہے کہ کامیڈین منور فاروقی نے ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑایا تھا اور اب انہوں نے دوبارہ ایسی کوشش کی تو ہم انہیں سبق سکھائیں گے۔

    انہوں نے اعلان کیا ہے کہ جس جگہ بھی منور کو شو کے لیے مدعو کیا جائے گا وہ اس جگہ کو آگ لگا دیں گے۔

    راجہ سنگھ نے تلنگانہ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو خط بھی لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ منور کو شو کرنے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اس سے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے اور امن و امان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

  • عالیہ بھٹ سے مشابہت نے بھارتی لڑکی کی قسمت کھول دی

    عالیہ بھٹ سے مشابہت نے بھارتی لڑکی کی قسمت کھول دی

    معروف بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ڈارلنگ خاصی پسند کی جارہی ہے، کچھ عرصے سے ان کی ایک ہم شکل بھی انٹرنیٹ پر دھوم مچائے ہوئے ہے۔

    بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والی سلسٹی انسٹاگرام پر خاصی متحرک ہیں اور وہ اکثر عالیہ بھٹ کے جیسی ڈریسنگ اور لباس کے ساتھ اپنی تصاویر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by (@celesti.bairagey)

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by (@celesti.bairagey)

    اب اسی مشابہت نے ان کے لیے قسمت کا دروازہ کھول دیا اور انہیں ایک فلم میں کاسٹ کرلیا گیا۔

    انہیں یہ آفر ان کی ایک وائرل ویڈیو کے بعد آئی، اس ویڈیو میں انہوں نے عالیہ کی ہٹ فلم گنگو بائی کاٹھیا واڑی کے ایک سین کی نقل کی تھی جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا۔

    انسٹاگرام پر سلسٹی کے 4 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، جہاں وہ اپنی مختلف تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by (@celesti.bairagey)

  • بھارت: اشتہاری ملزم 30 سال تک فلموں میں کام کرتا رہا

    بھارت: اشتہاری ملزم 30 سال تک فلموں میں کام کرتا رہا

    نئی دہلی: بھارت میں جرائم میں ملوث ملزم اپنے شوق کی تکمیل کے لیے 30 سال تک فلموں میں کام کرتا رہا اور پولیس اس سے بے خبر رہی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی اسپیشل ٹاسک فورس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو اشتہاری اور مفرور تھا، 30 سال سے مفرور شخص اس دوران نہ صرف نام اور شناخت تبدیل کر کے چھپا رہا بلکہ فلموں میں اداکاری بھی کرتا رہا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ اوم پرکاش المعروف پاسا ماضی میں بھارتی آرمی سے وابستہ رہا اور 1988 میں اسے برطرف کر دیا گیا۔ ہریانہ پولیس کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ ملزم 2007 سے اتر پردیش کی مقامی فلموں میں کام کر رہا ہے اور اب تک 28 فلموں میں کام کر چکا ہے جن میں ٹکراؤ، دبنگ چوپڑا یو پی اور جھٹکا شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نارینا کے رہائشی اوم پرکاش قتل اور چوری سمیت بے شمار جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

    اوم پرکاش کو غازی آباد سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ پولیس سے بچنے کے لیے اپنی شناخت کو تبدیل کر کے رہائش پذیر تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اوم پرکاش نے 1984 میں جرم کی دنیا میں قدم رکھا اس وقت وہ فوج میں تھے، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہو گئے اور 1988 میں ان کو برطرف کر دیا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق انہوں نے 1992 میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران چاقو کے وار سے ایک شخص کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد بھوانی ڈسٹرکٹ میں ان کے خلاف مقدمہ درج ہوا۔

    تاہم انہوں نے اپنا نام اور پتہ تبدیل کرتے ہوئے نئی جگہ پر نئے نام کے ساتھ ہربنس نگر میں رہنا شروع کر دیا۔

    اسپیشل ٹیم کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔

    اوم پرکاش کے خلاف درج کیسز میں کار چوری اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات بھی شامل ہیں جو ان کے خلاف 1986 اور 1990 میں راجستھان میں رجسٹرڈ ہوئے۔

  • صرف ایک کپ پانی میں، بغیر ڈٹرجنٹ ڈیڑھ منٹ میں کپڑے دھونے والی مشین

    صرف ایک کپ پانی میں، بغیر ڈٹرجنٹ ڈیڑھ منٹ میں کپڑے دھونے والی مشین

    واشنگ مشین یوں تو سہولت فراہم کرنے والی شے ہے تاہم یہ بہت زیادہ پانی خرچ کرتی ہے جسے کسی صورت دوبارہ استعمال نہیں کیا جاتا، کپڑے دھونے میں استعمال ہونے والا ڈٹرجنٹ بھی ماحول کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

    تاہم بھارتی طلبا نے ایسی واشنگ مشین تیار کی ہے جو بہت کم پانی میں بغیر ڈٹرجنٹ کے کپڑے دھو سکتی ہے۔

    چندی گڑھ کی رہائشی انکور سنستھا نے 80 واش نامی واشنگ مشین بنائی ہے جو صرف 1 کپ پانی میں 5 کپڑے دھوتی ہے، وہ بھی بغیر ڈٹرجنٹ کے صرف 80 سیکنڈ میں۔ اگر کپڑا زیادہ گندا ہے تو تھوڑا وقت اور لگ سکتا ہے۔

    80 واش مشین کا آغاز روبل گپتا، نتن کمار سلوجا اور ورندر سنگھ نے کیا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تیار کی گئی یہ واشنگ مشین ایک طرف پانی کی بچت کرتی ہے تو دوسری طرف واشنگ پاؤڈر بھی بچاتی ہے۔

    واشنگ مشین کی یہ نئی قسم بھاپ کی ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، یہ کم ریڈیو فریکوئنسی مائیکرو ویب ٹیکنالوجی کی مدد سے بیکٹیریا کو مارتی ہے، یہ نہ صرف کپڑے بلکہ دھات کی بنی چیزیں اور پی پی ای کٹس بھی صاف کرسکتی ہے۔

    کمرے کے درجہ حرارت پر پیدا ہونے والی خشک بھاپ کی مدد سے یہ کپڑوں سے دھول، مٹی اور رنگ کے داغ کو دور کرتی ہے۔

    ابتدائی طور پر 80 واش کی ٹیم نے اسپتالوں کے لیے الٹرا وائلٹ شعاعوں کی مدد سے کام کرنے والی اسٹرلائزیشن مشین بنانے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم ماہرین سے بحث کے بعد واشنگ مشین بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    یہ مشین بیکٹیریا کو مار سکتی ہے لیکن اس سے گندگی نہیں نکلتی، چنانچہ انہوں نے بھاپ کی تکنیک آزمائی اور اس میں انہیں کامیابی ملی۔

    80 واش مشین کو زیادہ بجلی درکار ہوتی ہے، اس کی ٹیم اگلے سال اسے بین الاقوامی سطح پر پیٹنٹ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • بارشوں سے سڑکیں زیر آب، مگرمچھ سڑکوں پر آگئے

    بارشوں سے سڑکیں زیر آب، مگرمچھ سڑکوں پر آگئے

    بھارتی ریاست گجرات میں موسلا دھار بارشوں اور سڑکوں کے زیر آب آنے کے بعد مگر مچھ بھی دریا سے نکل کر سڑکوں پر آگئے۔

    گجرات کے شہر ودودرا میں وشومتری دریا کے کنارے رہائشی افراد کو بارش کے دنوں میں سخت احتیاط کی تاکید کی جاتی ہے۔

    اس تاکید کی وجہ یہ ہے کہ دریا میں کم از کم 300 مگر مچھ ہیں جو بارش کے بعد سڑکوں پر آجاتے ہیں جب سڑکیں بھی زیر آب آجاتی ہیں۔

    اس دوران مگر مچھ بعض اوقات گھروں کے دروازے پر بھی آجاتے ہیں جس کی وجہ سے مکینوں کا گھر سے باہر نکلنا مشکل ہوجاتا ہے۔

    ایسی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مگر مچھ سڑک پار کر رہا ہے اور اسے دیکھ کر 2 موٹر سائیکل سوار اپنی جگہ رک گئے ہیں۔

    ایسے ہی ایک اور واقعے میں ریسکیو اہلکاروں کو مدد کے لیے آنا پڑا جب ایک مگر مچھ ڈرین کور میں پھنس گیا۔

    مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران انہیں روزانہ 25 سے 30 کالز موصول ہوتی ہیں جس میں رہائشی علاقوں میں مگر مچھ کی نشاندہی کی جاتی ہے۔

  • سدھو موسے والا کے قتل کے بعد مبارکباد: تہلکہ خیز کال ریکارڈنگ سامنے آگئی

    سدھو موسے والا کے قتل کے بعد مبارکباد: تہلکہ خیز کال ریکارڈنگ سامنے آگئی

    بھارتی آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کو دو ماہ گزر چکے ہیں اور اس حوالے سے تہلکہ خیز انکشافات کا سلسلہ جاری ہے، اب ایک اور کال کی ریکارڈنگ سامنے آئی ہے جس میں سدھو موسے والا کے قتل کی مبارک باد دی جارہی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کے قتل کے فوراً بعد ہونے والی ایک ٹیلی فون کال کی ریکارڈنگ سامنے آئی ہے جس سے اصل قاتل کی نشاندہی ہوتی ہے۔

    رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس میں ایک نامعلوم شخص قتل کے مبینہ ماسٹر مائنڈ لارنس بشنوئی سے بات کر رہا ہے، ایک منٹ اور 38 سیکنڈز پر مشتمل کال انڈیا ٹوڈے نے نشر بھی کی ہے۔

    ٹیلی فونک گفتگو میں لارنس بشنوئی جو کہ تہاڑ جیل میں بند ہیں، نامعلوم کالر سے پوچھتے ہیں ’کیا کام ہو گیا؟‘ جس پر جواب دیا جاتا ہے ’ہاں‘۔

    اس کال سے لارنس بشنوئی کے واردات کے ماسٹر مائنڈ ہونے کو تقویت ملتی ہے۔

    اس سے یہ بھی واضح ہوا ہے کہ بشنوئی ٹیلی فون تک رسائی رکھتے ہیں اور جیل سے ہی اپنے گینگ کو چلا رہے ہیں۔

    پنجابی میں ہونے والی اس گفتگو سے پہلے نامعلوم شخص تصدیق کرتا ہے کہ فون کا اسپیکر تو آن نہیں، اس کے بعد بشنوئی کو مبارک باد دیتا ہے۔

    گفتگو میں سدھو موسے والا کو گیانی کہہ کے بلایا جاتا ہے تاہم جب بشنوئی سمجھ نہیں پاتے کہ کون گیانی تو کال کرنے والا شخص واضح طور پر بتاتا ہے کہ سدھو موسے والا کو قتل کر دیا گیا ہے۔

    جیسے ہی بشنوئی یہ الفاظ سنتے ہیں اوکے کہہ کے فون کاٹ دیتے ہیں۔

    یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو لارنس بشنوئی گینگ کے رکن انکیت سرسا نے پنجاب کے ضلع مانسا میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا، یہ قتل پنجاب حکومت کی جانب سے سدھو موسے والا کی سیکیورٹی واپس لیے جانے کے اگلے روز ہوا تھا۔

    ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ انہیں 19 گولیاں لگی تھیں اور وہ 15 منٹ کے اندر دم توڑ گئے تھے جبکہ جیپ میں موجود دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔

  • سدھو موسے والا پر 8 بار حملہ کیا گیا: والد کا انکشاف

    سدھو موسے والا پر 8 بار حملہ کیا گیا: والد کا انکشاف

    آنجہانی بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بیٹے پر 8 بار قاتلانہ حملوں کی کوشش کی گئی جس میں موسے والا بال بال بچے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ سدھو پر اس سے قبل 8 بار حملے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ اپریل میں پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے دوران بھی 60 سے 80 افراد کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی۔

    بلکور سنگھ نے عام آدمی پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی گئی کہ سدھو سے سیکیورٹی واپس لے لی جائے۔

    یاد رہے کہ سدھو کے قتل میں لارنس بشنوئی گینگ بھی شامل ہے جس نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

    گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کی شام نامعلوم افراد نے ان کے آبائی علاقہ ضلع مانسہ میں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، گلوکار کو 30 گولیاں ماری گئی تھی اور ان کے جسم سے 2 درجن سے زائد گولیاں نکالی گئیں۔

    جون میں پونے پولیس نے موسے والا قتل کیس میں نامزد شوٹر 23 سالہ سنتوش جادھو کو گرفتار کیا تھا۔

    2 روز قبل پولیس نے لارنس بشنوئی ۔ گولڈی برار گینگ سے تعلق رکھنے والے 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا ہے، جن کی شناخت انکت سرسا اور سچن بھیوانی کے نام سے ہوئی ہے۔

  • بھارت: 19 سالہ مسلمان نوجوان ہندو شدت پسندوں کے ہاتھوں قتل، اہل خانہ کا بڑا مطالبہ

    بھارت: 19 سالہ مسلمان نوجوان ہندو شدت پسندوں کے ہاتھوں قتل، اہل خانہ کا بڑا مطالبہ

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک میں ہندو شدت پسندوں کے ہاتھوں 19 سالہ مسلمان نوجوان کے بہیمانہ قتل کے بعد مقتول کے اہل خانہ نے قاتلوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    19 سالہ سمیر نامی نوجوان کے بہیمانہ قتل کا واقعہ 17 جنوری کو پیش آیا تھا، سمیر کے والد سبحان کا کہنا ہے کہ ان کا گاؤں نرگند ایک چھوٹا سا گاؤں ہے جہاں کے لوگ محنت مزدوری کر کے اپنی زندگی گزارتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے پر امن ماحول کی فضا کو خراب کرنے کے لیے آر ایس ایس کی جانب سے ہندو مسلم کے درمیان نفرت کا بیج بونے کی کوشش کی گئی۔

    مقتول سمیر کے والد کا کہنا تھا کہ اس قتل کے ذمہ دار آر ایس ایس اور بجرنگ دل کے مقامی رہنما ہیں، انہوں نے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کی، جس سے یہاں پر مسلم نوجوانوں کو نشانہ بنا کر حملے کرنے کی بار بار کوشش کی گئی۔

    واقعے کی رات سمیر اپنے دوست کے ساتھ دکان سے، جہاں وہ کام کرتا تھا گھر واپس آرہا تھا کہ اسی دوران سمیر پر حملہ کیا گیا، اس واقعے کے بعد سمیر کے والدین سے یہاں کے مقامی رکن اسمبلی، رکن پارلیمان اور تحصیلدار پولس افسران نے ملاقات کی اور تمام معلومات حاصل کیں۔

    سمیر کے اہل خانہ نے قاتلوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے اور آر ایس ایس و بجرنگ دل کی تنظیم پر پابندی عائد کرنے کی اپیل کی۔

  • بھارت: دوران پرواز طیارے میں خرابی، پریشان کن ویڈیو سامنے آگئی

    بھارت: دوران پرواز طیارے میں خرابی، پریشان کن ویڈیو سامنے آگئی

    نئی دہلی: بھارت میں دوران پرواز طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے سے مسافر خوفزدہ ہوگئے، اندر موجود مسافر کی بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ طیارے کی دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔

    بھارتی ایئر لائن اسپائس جیٹ کی پرواز ایس جی 2962 دہلی سے جبل پور آرہی تھی، 5 ہزار فٹ کی بلندی پر اسے اچانک تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔

    فلائٹ میں موجود مسافر کی بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیبن میں دھواں بھر چکا ہے اور مسافر خوفزدہ ہو گئے۔

    مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے سینئر وکیل پنکج دوبے بھی اسی فلائٹ میں سفر کر رہے تھے، انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی دھواں نظر آیا تمام مسافر خوفزدہ ہیں۔

    پنکج نے بتایا کہ طیارے میں سوار تمام بچے رو رہے تھے، لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی تھی کہ بچوں کو کیسے سنبھالیں، سامان سنبھالیں یا خود کو بچائیں۔

    ان کے مطابق کیبن کرو نے فوری طور پر مسافروں کو آکسیجن ماسک لگانے کا مشورہ دینا شروع کر دیا، اس دوران طیارے کا اے سی بند تھا اور لوگوں کا دم بھی گھٹ رہا تھا۔

    بعد ازاں پائلٹ کی حاضر دماغی کی وجہ سے طیارہ بحفاظت دہلی ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا، مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے تھے۔

    واقعے کے فوراً بعد اسپائس جیٹ کی انتظامیہ نے بھی اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے طیارے میں تکنیکی خرابی کی اطلاع دی، کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے اور انہیں جلد منزل پر پہنچا دیا جائے گا۔

    پرواز میں کیا تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

  • خوفناک سیلاب میں پولیس اسٹیشن بہہ گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    خوفناک سیلاب میں پولیس اسٹیشن بہہ گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بھارتی ریاست آسام میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، سوشل میڈیا پر ایک پولیس اسٹیشن کے ڈوبنے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آسام میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک 2 منزلہ عمارت میں قائم پولیس اسٹیشن کو سیلاب میں ڈوبتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے عمارت کی نچلی منزل پانی میں ڈوب گئی ہے، اس کے بعد اچانک عمارت منہدم ہوجاتی ہے، خوش قسمتی سے اس وقت کوئی شخص عمارت کے اندر موجود نہیں تھا۔

    مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، اپریل سے اب تک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مرنے والوں کی تعداد 117 ہوگئی ہے۔

    حکام کے مطابق سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 3 ہزار 510 دیہات کے 33 لاکھ سے زائد مکین متاثر ہوئے ہیں۔

    حکام نے یہ بھی اعلان کیا کہ کیچار کے علاقے میں دو ڈرون طیاروں کی مدد سے فضا سے سیلاب کی صورت حال کا تعین کیا جارہا ہے، اور ناقابل رسائی علاقوں میں امدادی سامان بھیجنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔