Tag: انڈیا

  • بھارتی گلوکار کے قتل سے چند لمحوں قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر

    بھارتی گلوکار کے قتل سے چند لمحوں قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر

    گزشتہ روز بھارتی پنجاب میں قتل ہونے والے معروف گلوکار سدھو موسے والا کی قتل سے چند لمحوں قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، پولیس نے فوٹیج کی چھان بین شروع کردی۔

    پنجاب کے مقبول گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد ایک سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں دو کاریں سدھو موسے والا کی کار کا پیچھا کرتی نظر آرہی ہیں، یہ ویڈیو واقعہ سے عین پہلے کی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موسے والا سیاہ رنگ کی کار میں ہیں اور ان کی گاڑی کے بالکل پیچھے 2 کاریں ہیں۔

    پولیس اب ان دونوں کاروں کو تلاش کر رہی ہے، ہریانہ اور دیگر ریاستوں کی پولیس کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ پولیس دیگر سی سی ٹی وی فوٹیجز کی بھی چھان بین کر رہی ہے۔

    پنجاب کے ڈی جی پی وی کے بھاورا نے کہا ہے کہ موسے والا کا قتل گروہوں کی باہمی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قتل کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

    ڈی جی پی کا کہنا تھا کہ سدھو موسے والا کے پاس ایک پرائیوٹ بلٹ پروف گاڑی تھی، لیکن وہ اسے واقعہ کے وقت اپنے ساتھ نہیں لے گئے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے گھر سے نکلنے کے بعد، موسے والا ضلع مانسا میں دو دیگر افراد کے ساتھ اپنی گاڑی خود چلا رہے تھے، ان کی گاڑی کے آگے اور پیچھے سے 2، 2 گاڑیاں آئیں اور ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ جب انہیں اسپتال لے جایا گیا تو وہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز قتل ہونے والے شوبھدیپ سنگھ سدھو، جنہیں پیار سے موسے والا کہا جاتا ہے، 17 جون 1993 کو پیدا ہوئے۔

    وہ موسیٰ والا گاؤں کے رہنے والے تھے، لوگ شوبھدیپ کو ان کی گلوکاری کی وجہ سے جانتے تھے۔ موسے والا نے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی تھی اور ان کی والدہ گاؤں کی سرپنچ تھیں۔

  • ریلیز سے چند دن قبل اکشے کمار کی فلم کا نام تبدیل

    ریلیز سے چند دن قبل اکشے کمار کی فلم کا نام تبدیل

    نئی دہلی: معروف بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی نئی فلم پرتھوی راج کا نام تبدیل کردیا گیا، فلم کے نام پر راجپوت برادری نے اعتراضات اٹھائے تھے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کی 3 جون کو ریلیز ہونے والی فلم پرتھوی راج کا نام تبدیل کر کے سمراٹ پرتھوی راج رکھ دیا گیا۔

    یش راج فلمز کی انتظامیہ نے فلم کے نام کی تبدیلی کا فیصلہ شری راجپوت کرنی سینا نامی تنظیم کی مفاد عامہ کی درخواست (پی آئی ایل) کے بعد کیا ہے۔

    کمپنی نے اس حوالے سے آفیشل لیٹر بھی جاری کردیا جس میں تنظیم کے صدر کو اکشے کمار کی نئی فلم کا ٹائٹل نام سمراٹ پرتھوی راج رکھے جانے سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق شری راجپوت کرنی سینا نے اپنے وکیل کے ذریعے پی آئی ایل دائر کی جس میں راجپوت برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا۔

    اس کے بعد فلمساز کمپنی اور وکیل کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہوئیں، 27 مئی کو راجپوت برادری کے جذبات کا احساس کرتے ہوئے یش راج فلمز نے نام سمراٹ پرتھوی راج کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی۔

    یش راج فلمز نے شری راجپوت کرنی سینا کے صدر کے نام اپنے خط میں کمپنی کی روایت، تخلیقی فلم سازی اور بھارتی سینما سے متعلق خدمات کا تذکرہ کیا، اس خط میں کہا گیا کہ ہم فلم کے ٹائٹل نام کے سلسلے میں آپ کی شکایت سے آگاہ ہوئے، اس حوالے سے آپ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

    انہوں نے اپنے خط میں یہ بھی کہا کہ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں پرتھوی راج چوہان سے متعلق کسی فرد کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

    خط میں کہا گیا کہ پرتھوی راج چوہان کی زندگی پر مبنی فلم دراصل ان کی بہادری، کامیابیوں اور قومی تاریخ اجاگر کرنے کے جذبے کے تحت بنائی گئی ہے۔ فلم ساز کمپنی نے خط میں باہمی سمجھوتے کی تعریف کی اور اپنی طرف سے فلم کا نام بدلنے کی یقین دہانی کروائی۔

    واضح رہے کہ اداکار اکشے کمار کی یہ فلم 3 جون کو ریلیز ہورہی ہے جو کہ ہندی، تامل اور تلگو زبانوں میں ریلیز کی جائے گی اور اس فلم میں مانشی چلر، سنجے دت اور سونو سود بھی اہم کردار نبھارہے ہیں۔

  • چلتی گاڑی کے بونٹ پر بیٹھی دلہن کا پروپوزل وائرل

    چلتی گاڑی کے بونٹ پر بیٹھی دلہن کا پروپوزل وائرل

    بھارت میں مہنگی اور انوکھی شادیوں کا رواج چل پڑا ہے اور دلہا دلہن اپنی شادی کو انوکھا ترین بنانے کے لیے ہر حد سے گزر جاتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک دلہن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر وائرل ایک ویڈیو میں سولہ سنگھار کیے ایک دلہن گاڑی کے بونٹ پر دلہے کے گھر کے نیچے کھڑی ہے اور بالی ووڈ فلم کے ایک ڈائیلاگ پر لپ سنک کرتی ہے۔

    پس منظر میں ڈائیلاگ سنائی دیتا ہے جس میں لڑکی کہتی ہے کہ مجھے شادی کرنی ہے تم سے۔

    دلہن بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے مشہور اسٹائل کی نقل بھی کرتی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو پر مختلف کمنٹس کیے، کچھ نے دلہن کو سراہا تو کچھ نے اسے احمقانہ حرکت قرار دی۔

    ایک صارف کا کہنا تھا کہ اتنی گرمی میں کار کے اندر نہیں بیٹھا جارہا یہ باہر کیسے بیٹھی ہے۔

  • 21 سالہ معروف بھارتی اداکارہ کی پنکھے سے لٹکی لاش برآمد

    21 سالہ معروف بھارتی اداکارہ کی پنکھے سے لٹکی لاش برآمد

    نئی دہلی: مغربی بنگال کی معروف اداکارہ پلوی ڈے اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ میں بنگالی اداکارہ پلوی ڈے اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ 21 سالہ پلوی ڈے کی لاش اتوار کو ان کے جنوبی کلکتہ کے فلیٹ سے ملی ہے۔

    ایک سینیئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ جب اداکارہ کو اسپتال پہنچایا گیا تو وہ مردہ حالت میں تھیں۔

    افسر کا کہنا تھا کہ پلوی نے یہ فلیٹ اپنے پارٹنر کے ساتھ مل کر کرائے پر لیا ہوا تھا اور جب انہوں نے پلوی کو بے سدھ پایا تو چیخ کر پڑوسیوں کو آوازیں دیں۔

    ایک اور بھارتی ویب سائٹ کے مطابق اداکارہ کی موت پنکھے سے لٹکنے کے سبب ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس کی تفتیش ہر پہلو سے کی جارہی ہے، ابھی ہم ان کے پارٹنر سے بات کررہے ہیں تاکہ واقعے سے پہلے کی صورتحال کو سمجھا جاسکے۔

    21 سالہ پلوی ڈے بنگالی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں کافی مشہور تھیں اور انہوں نے بنگالی زبان میں بننے والے متعدد ڈارمے بشمول کنجا چھایا، ریشم جھپی اور من مانے نہ میں کام کیا تھا۔

  • 2 سال ورک فرام ہوم کے بعد دفتر بلانے پر 800 ملازمین مستعفی

    2 سال ورک فرام ہوم کے بعد دفتر بلانے پر 800 ملازمین مستعفی

    نئی دہلی: بھارت میں گزشتہ 2 سال سے گھر سے کام کروانے والی ایک کمپنی نے ملازمین کو واپس دفتر بلایا تو 800 ملازمین نے استعفیٰ دے دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ایک ٹیک کمپنی کے تقریباً 8 سو سے زائد ملازمین گزشتہ 2 ماہ کے اندر ورک فرام ہوم ختم ہونے پر دوبارہ دفتر بلائے جانے پر نوکری سے مستعفی ہوچکے ہیں۔

    ان ملازمین نے رضا کارانہ طور پر استعفیٰ دیا کیونکہ وہ کرونا وائرس کے بعد سے پچھلے دو سال سے گھر سے کام کرنے کے بعد دفتر واپس نہیں جانا چاہتے تھے۔

    وائٹ ہیٹ جونیئر نامی کمپنی (جو کوڈنگ سیکھنے کا ایک پلیٹ فارم ہے) کی جانب سے گھر سے کام ختم کرنے کی پالیسی کا اعلان 18 مارچ کو ایک ای میل میں کیا گیا تھا جس میں دور دراز کے ملازمین کو ایک ماہ کے اندر دفتر واپس آنے کو کہا گیا تھا۔

    تاہم کمپنی کو معلوم ہوا ہے کہ تقریباً 800 ملازمین نے دفتر واپس آنے کے بجائے استعفیٰ دے دیا جبکہ توقع کی جارہی ہے کہ آنے والے مہینوں میں مزید ملازمین مستعفی ہوجائیں گے۔

    استعفیٰ دینے والے ملازمین میں سے ایک کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کا وقت کافی نہیں تھا، کچھ ساتھیوں کے بچے ہیں جبکہ کچھ کے بوڑھے اور بیمار والدین ہیں، ہمیں دوسرے کام بھی ہیں، اتنے کم وقت میں ملازمین کو واپس بلانا درست نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کو دفتر میں واپس بلانے کی پالیسی اس لیے جاری کی گئی تاکہ کام کرنے والے خود ہی استعفیٰ دے دیں کیوں کہ کمپنی واضح طور پر خسارے میں چل رہی تھی، مارکیٹ میں اپنا نام خراب کیے بغیر اپنے اخراجات کو کم کرنے کے لیے یہ کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھرتی کے وقت، ملازمین کو ان کی ملازمت کے مقام کے بارے میں بتایا گیا تھا، وائٹ ہیٹ جونیئر کے ممبئی اور بنگلور میں دفاتر ہیں، تاہم دو سال تک گھر سے کام کرنے کے بعد ملازمین کا خیال تھا کہ مہنگے شہر میں رہنے کے اخراجات کو برداشت کرنے کے لیے ان کی تنخواہوں کو بڑھانے پر نظر ثانی کی جانی چاہیئے تھی۔

  • کھانے کے لیے پیسے مانگنے پر 6 سالہ بچہ پولیس کے ہاتھوں قتل

    کھانے کے لیے پیسے مانگنے پر 6 سالہ بچہ پولیس کے ہاتھوں قتل

    نئی دہلی: بھارت میں ایک پولیس اہلکار، ایک بچے کے کھانا کھانے کے لیے بار بار پیسے مانگنے پر مشتعل ہوگیا اور اسے گلا دبا کر مار ڈالا، پولیس نے پیٹی بند بھائی کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں ایک پولیس اہلکار کو مبینہ طور پر 6 برس کے بچے کا قتل کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق بچے نے اپنی بھوک مٹانے کے لیے بار بار پیسوں کے لیے اصرار کیا جس پر ہیڈ کانسٹیبل نے گلا دبا کر اس کی جان لے لی۔

    مقامی پولیس افسر امن سنگھ راٹھور کا کہنا ہے کہ ملزم روی شرما گوالیار میں تعینات تھا اور محکمہ پولیس کو اسے برخاست کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔

    راٹھور کے مطابق بچہ کھانا خریدنے کے لیے پیسے مانگنے آیا، مذکورہ پولیس اہلکار نے جھڑک کر اسے وہاں سے بھگا دیا تاہم بچہ بار بار آتا رہا جس پر پولیس اہلکار غصے سے بے قابو ہوگیا۔

    ملزم نے قتل کے بعد بچے کی لاش اپنی گاڑی میں ڈال لی اور شام میں ویران علاقے میں پھینک دیا، پولیس نے کچھ دیر بعد لڑکے کی لاش دریافت کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کافی عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھا۔

    مقتول بچے کے والدین نے 5 مئی کو، یعنی اس کی ہلاکت کے روز اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی۔ پولیس کو ملزم کا سراغ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم روی نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے اور قانونی کارروائی کا منتظر ہے۔

  • بھارت میں ہندوؤں کا اذان کی آواز پر تنازعہ، مسلمان اہم قدم اٹھانے پر مجبور

    بھارت میں ہندوؤں کا اذان کی آواز پر تنازعہ، مسلمان اہم قدم اٹھانے پر مجبور

    نئی دہلی: بھارت کے شہر ممبئی میں ہندوؤں کی جانب سے اذان کی آواز پر تنازعہ کھڑا کرنے اور ان کے مطالبے کے بعد سینکڑوں مساجد میں اذان دینے کے لیے لاؤڈ اسپیکرز کی آواز کم کر دی گئی۔

    ممبئی کی سب سے بڑی مسجد کے امام محمد اشفاق قاضی نے اذان دینے سے قبل لاؤڈ اسپیکر سسٹم کے ساتھ نصب آواز کی پیمائش کرنے والے آلے کو دیکھتے ہوئے کہا کہ ہماری اذان کی آواز ایک سیاسی مسئلہ بن گئی ہے، لیکن میں نہیں چاہتا کہ يہ معاملہ مذہبی رخ اختیار کرے۔

    اشفاق قاضی اور انڈین ریاست مہاراشٹرا کے تین دیگر سینیئر مسلم مذہبی رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے کہ اس ریاست کے مغربی حصے میں قائم 900 مساجد میں اذان دیتے ہوئے لاؤڈ اسپیکر کی آواز کم رکھی جائے گی۔

    یہ فیصلہ مقامی ہندو رہنماؤں کی طرف سے درج کروائی گئی شکایات کے بعد کیا گیا ہے۔

    ہندو جماعت کے رہنما راج ٹھاکرے نے اپریل میں مطالبہ کیا تھا کہ مساجد اور عبادات کے دیگر مراکز کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ شور کو ایک حد کے اندر رکھیں۔

    انہوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر ایسا نہ کیا گیا، تو ان کے حامی بطور احتجاج مساجد کے باہر ہندو مذہبی نعرے لگائیں گے۔

    مہا راشٹرا کے ریاستی دارالحکومت ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راج ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ اگر مذہب ایک ذاتی معاملہ ہے تو پھر مسلمانوں کو 365 دن لاؤڈ اسپیکر استعمال کرنے کی اجازت کیوں ہے۔

  • والد نے ناگ کو مارا تو 24 گھنٹے کے اندر ہی ناگن نے بیٹے کو ڈس لیا

    والد نے ناگ کو مارا تو 24 گھنٹے کے اندر ہی ناگن نے بیٹے کو ڈس لیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک گھر میں سانپ نکل آنے کے بعد گھر والوں نے اسے مار ڈالا، لیکن اسی رات دوسرے سانپ نے گھر کے ایک بچے کو کاٹ لیا جس کے بعد بچے کی موت واقع ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں پوجا کے دوران سانپ نکل آیا۔

    گھر کے سربراہ کشوری لال اور دیگر افراد نے سانپ کو مار کر پھینک دیا جس کے بعد گھر میں معمول کی سرگرمیاں دوبارہ سے شروع ہوگئیں۔

    لیکن اسی رات گھر میں ایک اور سانپ نکلا اور اس نے کشوری لال کے 12 سالہ بیٹے کو کاٹ لیا، بیٹے کی چیخ و پکار پر گھر والوں نے دوسرا سانپ بھی مار ڈالا۔

    12 سالہ بچے کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے بھوپال کے اسپتال ریفر کردیا، تاہم بھوپال کے راستے میں ہی اس کی موت ہوگئی۔

    واقعے کے بعد گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ دوسرا سانپ دراصل پہلے مارے جانے والے سانپ کا جوڑی دار تھا اور اس نے اپنے ساتھی کی موت کا بدلہ لیا ہے۔

    اہل خانہ نے پولیس کو بھی واقعے کی اطلاع کردی ہے۔

  • بھارت: چوروں نے پورا پل چرا لیا

    بھارت: چوروں نے پورا پل چرا لیا

    نئی دہلی: بھارت کی ریاست بہار میں سرکاری ملازمین کا روپ دھارے کباڑیوں کے ایک گروہ نے 60 فٹ طویل لوہے کا پل چرا لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس افسر سبھاش کمار نے بتایا کہ چور محکمہ آبپاشی کے ملازمین کے حلیے میں آئے تھے، چور مکمل تیاری کے ساتھ آئے تھے اور بڑی گاڑیوں کے علاوہ لوہے کو کاٹنے کے لیے بلڈوزر اور گیس کٹرز بھی لائے تھے۔

    چوروں نے تین دن لگا کر تمام کارروائی مکمل کی اور 500 ٹن لوہا لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ سرکاری افسران کا روپ دھارے چوروں نے مقامی محکمے کے ملازمین سے بھی مدد لی اور دن کی روشنی میں پل کا ملبہ لے کر چلے گئے۔

    محکمہ آبپاشی کے انجینیئر ارشد کمال شمسی کا کہنا تھا کہ گاؤں والوں نے اطلاع دی تھی کہ کچھ افراد پرانے اور خستہ حال پل کو اکھاڑ رہے ہیں۔

    60 فٹ طویل اور 12 فٹ اونچا پل چور آہستہ آہستہ اکھاڑتے رہے لیکن اچانک ایک دن اس 50 سالہ پرانے پل کے غائب ہوجانے سے گاؤں والے حیران ہو کر رہ گئے۔

    لوہے کا یہ پل سنہ 1972 میں ایک نہر کے اوپر تعمیر کیا گیا تھا لیکن پانچ سال قبل اس کی جگہ ایک متبادل پل بنایا گیا جو اب عوام کے استعمال میں ہے، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • رنبیر اور عالیہ کی شادی میں کون کون مدعو ہے؟

    رنبیر اور عالیہ کی شادی میں کون کون مدعو ہے؟

    نئی دہلی: بھارتی میڈیا میں اس وقت بالی ووڈ اداکاروں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کی خبریں گردش میں ہیں اور اس حوالے سے نئی نئی تفصیلات سامنے آرہی ہیں۔

    انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو رواں ماہ کی 13 سے 17 تاریخ تک ہر قسم کی مصروفیات سے فارغ ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی 13 سے 17 اپریل کے درمیان کسی بھی دن ہو سکتی ہے اور مداحوں کو اس دن کا شدت سے انتظار ہے۔

    اب حال ہی میں بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے شادی میں مدعو کیے جانے والے مہمانوں کی فہرست بھی حاصل کرلی ہے۔

    مہمانوں میں فلم انڈسٹری کے بے شمار نام شامل ہیں جیسے سنجے لیلا بھنسالی، ورون دھون، شاہ رخ خان، کرن جوہر، زویا اختر، ایان مکھرجی، ارجن کپور، منیش ملہوترا، نیتو کپور، کرینہ کپور، کرشمہ کپور، سیف علی خان، مہیش بھٹ، مکیش بھٹ، رنویر سنگھ، دپیکا پڈوکون اور ادیتیہ چوپڑا۔

    رپورٹس کے مطابق جوڑا رواں ماہ کے اختتام پر اپنی شادی کا گرینڈ ریسپشن دینے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔