Tag: انڈیا

  • ریلوے ٹریک پر بائیک پھنس گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    ریلوے ٹریک پر بائیک پھنس گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بھارت میں ریلوے ٹریک کے نزدیک حادثات ہونا عام بات ہے کیونکہ عوام اکثر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور پھاٹک بند ہونے کے باوجود جلدی میں وہاں سے گزرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    ایسے ہی ایک حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ایک لڑکا گولی کی طرح گزرتی ٹرین کے نیچے آنے سے بال بال بچا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرین آنے کا سگنل کھلا ہوا ہے اور دونوں طرف موٹر سائیکلیں رک کر ٹرین گزرنے کا انتظار کر رہی ہیں، تاہم ایک نوجوان جلد بازی میں اپنی بائیک تیزی سے وہاں سے گزارنے کی کوشش کرتا ہے۔

    نوجوان اپنی کوشش میں ناکام رہتا ہے اور اس کی بائیک ٹریک میں پھنس جاتی ہے، جس کے بعد وہ فوری فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کی تیزی سے بائیک سے اترتا ہے اور دور ہٹتا ہے، اور اسی لمحے ٹرین پوری رفتار سے بائیک کے پرخچے اڑاتے ہوئے وہاں سے گزرتی ہے۔

    اسی نوعیت کی ایک اور ویڈیو ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں بائیک ریلوے ٹریک پر پھنس جاتی ہے اور بائیک سوار اتر کر اپنی جان بچا لیتا ہے تاہم اپنی بائیک سے محروم ہوجاتا ہے۔

    ٹویٹر صارفین کے مطابق دونوں ویڈیوز ممبئی کی ہیں۔

  • ساس نے بہو سے محبت کی مثال قائم کردی

    ساس نے بہو سے محبت کی مثال قائم کردی

    بھارتی معاشرے میں بیوہ کی دوبارہ شادی ہونا ایک ناپسندیدہ عمل سمجھا جاتا ہے، گو کہ تعلیم کے فروغ کے بعد یہ رجحان بدل رہا ہے البتہ کم تعلیم یافتہ علاقوں میں اب بھی اسے معیوب سمجھا جاتا ہے۔

    تاہم بھارت میں ہی ایک خاتون نے اپنی کم عمر بیوہ ہوجانے والی بہو کی نہ صرف تعلیم مکمل کروائی بلکہ اس کی دوبارہ شادی بھی کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے شہر سیکار کی رہائشی کملا دیوی نے اپنی بیوہ بہو سنیتا کو نہ صرف مزید تعلیم دلوائی بلکہ اس کی دوبارہ شادی بھی کروادی۔

    کملا دیوی کے چھوٹے بیٹے شبہم کی شادی 25 مئی 2016 کو سنیتا سے ہوئی تھی، شادی کے بعد وہ ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے کرغزستان گیا لیکن بدقسمتی سے 6 ماہ کے اندر برین اسٹروک کی وجہ سے وہاں اس کی موت ہوگئی۔

    بیٹے کی موت کے بعد کملا دیوی نے بہو کا بھرپور ساتھ دیا اور اسے مزید تعلیم دلوائی، تعلیم مکمل کرنے کے بعد سنیتا لیکچرار مقرر ہوئی۔

    کملا دیوی نے سنیتا کی شادی اور بیوگی کے 5 سال بعد گزشتہ ماہ اس کی دوبارہ شادی کروا کر خوشی خوشی رخصت کردیا۔

    سنیتا کا کہنا تھا کہ شوہرکی موت کے بعد ساس نے مجھے بیٹی جیسا پیار دیا جبکہ انہوں نے ایک نئی زندگی شروع کرنے کے لیے میری دوبارہ شادی کروا دی جس پر میں بہت خوش ہوں۔

  • راکھی ساونت نے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی

    راکھی ساونت نے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی

    معروف بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت نے اپنے مبینہ شوہر رتیش سے علیحدگی کی تصدیق کردی، راکھی نے بگ باس سیزن 15 میں رتیش کو اپنے شوہر کے طور پر متعارف کروایا تھا۔

    راکھی ساونت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شوہر سے علیحدگی سے متعلق بتاتے ہوئے لکھا کہ میں اپنے تمام چاہنے والوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ رتیش اور میں نے اب الگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    راکھی ساونت نے کہا کہ بگ باس شو کے بعد بہت کچھ ہوا ہے، میں کچھ چیزوں سے لاعلم تھی جو میرے قابو سے باہر تھیں۔

    انہوں نے لکھا کہ ہم نے اپنے اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کی لیکن میرے خیال میں یہ بہتر ہے کہ ہم دونوں آگے بڑھیں اور دوستانہ طور پر دونوں الگ الگ اپنی زندگیوں سے لطف اندوز ہوں۔

    راکھی نے مزید لکھا کہ میں واقعی میں اداس ہوں اور میرا دل بھی ٹوٹا ہوا ہے کہ یہ ویلنٹائن ڈے سے پہلے ہونا تھا لیکن مجبوراً ہمیں فیصلہ کرنا پڑا۔

    انہوں نے رتیش کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

    خیال رہے کہ راکھی ساونت نے بگ باس سیزن 15 میں رتیش کو اپنے شوہر کے طور پر متعارف کروایا تھا۔

  • لتا منگیشکر کی آخری رسومات: شاہ رخ خان انتہا پسندوں کی نفرت کا نشانہ بن گئے

    لتا منگیشکر کی آخری رسومات: شاہ رخ خان انتہا پسندوں کی نفرت کا نشانہ بن گئے

    برصغیر کی معروف گلوکارہ لتا منگیشکر گزشتہ روز چل بسی تھیں، ان کی آخری رسومات میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بالی ووڈ کے بیشتر فنکاروں نے شرکت کی تاہم ان افسوسناک لمحات میں بھی ہندو انتہا پسندوں نے تنازعے کی وجہ ڈھونڈ لی۔

    لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں وزیر اعظم نریندرمودی سمیت ملک بھر سے معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ بھی شامل تھے۔

    سوشل میڈیا پر ان کی کچھ تصاویر اور ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اور ان کی مینیجر لتا کے جسد خاکی کے قریب کھڑے ہیں، مینیجر ہاتھ جوڑ کر دعائیہ کلمات ادا کر رہی ہیں جبکہ شاہ رخ دونوں ہاتھ بلند کیے دعا مانگ رہے ہیں۔

    دعا مانگنے کے بعد شاہ رخ نے اپنا ماسک اتارا اور لتا کے جسد خاکی کے اوپر پھونک دیا۔

    اس ویڈیو کا سامنے آنا تھا کہ ہندو انتہا پسندوں نے طوفان کھڑا کردیا، بیشتر افراد نے الزام عائد کیا کہ شاہ رخ نے لتا کے جسد خاکی پر تھوکا ہے۔

    ٹویٹر پر شاہ رخ خان کی یہ ویڈیو پوسٹ کی گئی اور اس پر نفرت آمیز اور تضحیکی تبصرے کیے۔

    تاہم ایسے افراد کی بھی کمی نہیں تھی جو اس عمل کے بارے میں جانتے تھے، انہوں نے نہ صرف دعا پڑھ کر پھونکنے کے عمل کی وضاحت کی بلکہ اس پر بلا وجہ کا تنازعہ کھڑا کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں بھی لیا۔

    معروف آنجہانی گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات گزشتہ روز قومی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی ہیں، ان کے انتقال پر بھارتی حکومت نے قومی سطح پر 2 روزہ سوگ منانے کا بھی اعلان کیا ہے، اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

  • گانا ملنے کے لیے کسی سے بھیک نہیں مانگوں گا: سونو نگم

    گانا ملنے کے لیے کسی سے بھیک نہیں مانگوں گا: سونو نگم

    نئی دہلی: معروف بھارتی گلوکار سونو نگم کا کہنا ہے کہ وہ گانا ملنے کے لیے کسی سے بھیک نہیں مانگیں گے، کبھی بھی کسی گلوکار سے گانے کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں رہا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف بھارتی گلوکار سونو نگم کافی عرصے تک بالی ووڈ کی فلمی دنیا سے دور رہے اور اس دوران انہوں نے ایک بھی گانا ریکارڈ نہیں کروایا، تاہم اب ان کی دوبارہ واپسی بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان اور کرینہ کپور کی آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا میں ہوئی ہے، جس کے لیے انہوں نے گیت گایا ہے۔

    اپنے ایک انٹرویو میں سونو نگم کا کہنا تھا کہ وہ گانوں کے لیے کسی سے بھیک نہیں مانگیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں اس فلم کے لیے نہیں گاؤں گا جس کے لیے دوسرے گلوکار بھی کوشش کر رہے ہوں گے، میرا کبھی بھی کسی گلوکار سے گانے کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں رہا۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گانے دینے کے لیے فون کرنا اچھا نہیں لگتا، آپ کو فخر ہونا چاہیئے کہ آپ اپنا کام کرتے ہیں، اور میں اپنا کام مکمل عزت و وقار کے ساتھ کرتا ہوں۔

  • منی لانڈرنگ کے الزامات کے بعد بھارتی اداکارہ کی سوشل میڈیا پر واپسی

    منی لانڈرنگ کے الزامات کے بعد بھارتی اداکارہ کی سوشل میڈیا پر واپسی

    معروف بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز کئی ہفتوں بعد سوشل میڈیا پر واپس آئیں تو صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

    جیکولین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کی ہیں، شیئر کی گئی تصاویر میں وہ ایک کتاب پکڑے مسکراتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔

    اداکارہ کی اس پوسٹ پر کئی مداحوں نے ان کی تعریف کی جبکہ کچھ مداحوں نے جیکولین فرنینڈس سے سوال پوچھ لیا کہ سکیش چندر کہاں ہیں؟

    اداکارہ نے ایسے تمام منفی کمنٹس اور سوالات کو نظر انداز کردیا۔

    خیال رہے کہ جیکولین فرنینڈس کو 200 کروڑ بھارتی روپے کی منی لانڈرنگ اور بھتہ خوری کے ملزم سکیش چندر سے تعلقات اور کروڑوں روپے کے تحائف وصول کرنے کے الزامات پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تفتیش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں سے رابطے میں رہنے والی جیکولین فرنینڈز تفتیش کے بعد کئی ہفتوں تک سوشل میڈیا سے غائب رہی تھیں۔

    سکیش چندر شیکھر سے تعلقات پر انکار کے باوجود جیکولین کو ستمبر 2021 میں بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ کیس میں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے طلب کیا گیا تھا جبکہ اگست میں بھی اداکارہ کو طلب کر کے 5 گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2 ارب روپے کی بھتہ خوری کے الزام میں بنائی گئی چارج شیٹ میں جیکولین کے علاوہ نورا فاتحی بھی شامل ہیں۔

  • بیٹی کی تصویر لیک ہونے پر کوہلی کا ردعمل، لیکن مداح ناراض

    بیٹی کی تصویر لیک ہونے پر کوہلی کا ردعمل، لیکن مداح ناراض

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ویراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما کی بیٹی وامیکا کی پہلی جھلک منظر عام پر آگئی جس کے بعد جوڑے نے ایک بار پھر میڈیا سے بیٹی کی تصاویر شیئر نہ کرنے کی اپیل کی ہے، تاہم اس بار ٹویٹر صارفین ان کی اس اپیل کو ڈرامہ قرار دے رہے ہیں۔

    2 روز قبل جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں کوہلی نے ففٹی اسکور کی جس کے بعد انہوں نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کی طرف اشارہ کیا اور اس لمحے سینکڑوں کیمروں نے کوہلی کی بیٹی کا چہرہ عکس بند کرلیا۔

    جوڑا گزشتہ 1 سال سے اپنی بیٹی کا چہرہ کیمروں اور عام لوگوں سے چھپائے ہوئے تھا اور کئی بار کوہلی نے فوٹوگرافرز سے اپنی بیٹی کی تصاویر نہ کھینچنے کی اپیل بھی کی تھی۔

    اب بچی کی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد جوڑے نے ایک بار پھر بیان جاری کرتے ہوئے اپنا مؤقف دہرایا ہے۔

    جوڑے کی جانب سے کہا گیا کہ تصویر ان کی لاعلمی میں کھینچی گئی اور وہ نہیں جانتے تھے کہ کیمرہ اس وقت بچی پر ہے، وہ ایک بار پھر بچی کی تصاویر شیئر نہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔

    تاہم اس بار ٹویٹر صارفین انہیں بخشنے کو تیار نہیں، ٹویٹر صارفین نے ان کی اپیل کو منافقت اور ڈرامہ قرار دے دیا۔

    ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ جوڑے نے یہ حرکت جان بوجھ کر کی ہے، اگر وہ اپنی بچی کی تصویر لیک ہونے کے بارے میں اتنے ہی فکر مند تھے تو وہ اسے اسٹیڈیم میں ہی نہ لاتے جہاں سینکڑوں کیمرے موجود تھے۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ کیسے کہا جاسکتا ہے کہ آپ کیمرے سے لاعلم تھے؟ ظاہر سی بات ہے کہ کوہلی نے 50 اسکور کی اس وقت تمام کیمروں کا رخ ان کی طرف تھا، اس وقت انہوں نے اپنی ففٹی کا جشن منایا اور اپنی اہلیہ اور بیٹی کی طرف اشارہ کیا تو لازمی طور پر کیمرے کا رخ بھی وہیں ہوگا جہاں ان کا شارہ تھا۔

    کچھ صارفین تاحال جوڑے کی حمایت کر رہے ہیں اور ان کی پرائیوسی کا احترام کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

  • گاندھی کے قاتل کی پذیرائی پر مبنی فلم، ریلیز پر پابندی کا مطالبہ

    گاندھی کے قاتل کی پذیرائی پر مبنی فلم، ریلیز پر پابندی کا مطالبہ

    نئی دہلی: آل انڈیا سنیما ورکرز ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے شارٹ فلم وائی آئی کلڈ گاندھی پر مکمل پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تنظیم نے وزیر اعظم کو ایک خط لکھ کر اس فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ اس میں مہاتما گاندھی کے قاتل نتھو رام گوڈسے کی تعریف کی گئی ہے۔

    خط میں لکھا گیا ہے کہ آل انڈین سینیما ورکرز ایسوسی ایشن مذکورہ فلم پر مکمل پابندی کا مطالبہ کرتی ہے، فلم 30 جنوری 2022 کو بھارت میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہونے جارہی ہے۔ فلم میں گاندھی کے غدار اور قاتل نتھورام گوڈسے کی تعریف کی گئی ہے۔

    خط کے مطابق گاندھی جی وہ شخصیت ہیں جن کی تعریف پورا ملک اور پوری دنیا کرتی ہے، گاندھی جی کا نظریہ ہر ہندوستانی کے لیے محبت اور قربانی کی علامت ہے۔

    ایسوسی ایشن کی جانب سے مزید کہا گیا کہ نتھو رام گوڈسے کسی عزت کے مستحق نہیں، اگر یہ فلم ریلیز ہوتی ہے تو پورا ملک حیرانی اور صدمے سے دوچار ہوگا۔

    خط میں لکھا گیا کہ وہ اداکار جس نے نتھورام گوڈسے کا کردار ادا کیا ہے، لوک سبھا میں موجودہ رکن پارلیمنٹ ہے، اگر یہ فلم ریلیز ہوتی ہے تو 30 جنوری 1948 کو ہونے والے گھناؤنے جرم کی نمائش سے پوری قوم شرمندہ ہوگی۔

    ایسوسی ایشن نے خط میں فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    مذکورہ فلم سنہ 2017 میں بنائی گئی تھی جو اب 30 جنوری کو مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

  • سشانت سنگھ کی زندگی پر فلم بنانے پر بہن کو اعتراض

    سشانت سنگھ کی زندگی پر فلم بنانے پر بہن کو اعتراض

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی بہن پریانکا سنگھ نے اپنے بھائی کو ان کی سالگرہ سے قبل انصاف دلانے کا وعدہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی زندگی پر فلم ابھی نہیں بننی چاہیئے۔

    پریانکا سنگھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک تفصیلی نوٹ لکھا جس میں بتایا کہ وہ سوچتی ہیں کہ سشانت کی بائیوپِک ابھی نہیں بننی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ جب تک سشانت کو انصاف نہیں ملتا تب تک ان کی زندگی پر کوئی فلم نہیں بننی چاہیئے۔ یہ میرا اپنے بھائی سے وعدہ ہے کہ میں اسے انصاف دلواؤں گی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Priyanka Singh (@psthegoner)

    پریانکا کا کہنا تھا کہ کہ مجھے حیرت ہے کہ اس انڈسٹری میں کس کے پاس سشانت جیسی خوبصورت، معصوم اور متحرک شخصیت کو اسکرین پر پیش کرنے کی صلاحیت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ توقع کرنا محض فریب ہی ہوسکتا ہے کہ اس غیر محفوظ فلمی صنعت سے کوئی بھی سشانت کی غیر معمولی اور منفرد کہانی کو سچائی کے ساتھ پیش کرنے کی ہمت اور جرات رکھتا ہو۔

    یاد رہے کہ 14 جون 2020 کو سشانت سنگھ نے ممبئی میں اپنے فلیٹ پر ملازمین اور دوست کی موجودگی میں پھندا لگا کر خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔

  • ایسی انوکھی ساڑھی جو ماچس کی ڈبی میں سما جائے

    ایسی انوکھی ساڑھی جو ماچس کی ڈبی میں سما جائے

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ماہر درزی نے ماچس کی ڈبی میں سما جانے والی ساڑھی تیار کی ہے جسے لوگ دیکھ کر دنگ رہ گئے۔

    ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ماہر درزی نالا وجے نے انوکھا کارنامہ انجام دیا ہے، نالا وجے نے کامیابی کے ساتھ ایک ساڑھی بنی ہے جو خالص ریشم سے بنی ہے اور ماچس کی ڈبی میں فٹ ہوسکتی ہے۔

    نالا وجے نے اپنے اس شاہکار کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہاتھ سے بنی ساڑھی کو بنانے میں 6 دن لگتے ہیں جو ماچس کی ڈبی میں فٹ ہو سکتی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اگر ساڑھی بنانے کے لیے مشین کا استعمال کیا جائے تو اس عمل میں 3 دن لگتے ہیں۔

    نالا وجے کا کہنا ہے کہ ہاتھ سے بنی ساڑھی کی قیمت 12 ہزار روپے ہے جبکہ مشین سے بنی گئی ساڑھی کی قیمت 8 ہزار روپے ہے۔