Tag: انڈیا

  • ہاتھی اپنے بچے کو لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا

    ہاتھی اپنے بچے کو لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا

    پولیس اسٹیشن میں یوں تو مختلف افراد اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی شکایات درج کروانے آتے ہیں لیکن بھارت میں ایک بھاری بھرکم ہاتھی اپنے بچے کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کیرالہ میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہاتھی اور اس کا بچہ پولیس اسٹیشن کے دروازے سے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پولیس اسٹیشن کا عقبی دروازہ جو لوہے کی جالیوں کا ہے، ہاتھی کے لیے تختہ مشق بنا ہوا ہے اور وہ اسے دھکے دے رہا ہے۔

    اس موقع پر پولیس اہلکار پریشان بھی دکھائی دیتے ہیں کہ کہیں ہاتھی دروازہ توڑنے میں کامیاب نہ ہوجائے، ہاتھی دروازہ تو نہ توڑ سکا تاہم اس کی زور آزمائی کی وجہ سے دروازے کو نقصان ضرور پہنچا ہے۔

  • چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی دانتوں سے کھینچ لی

    چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی دانتوں سے کھینچ لی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نیشنل پارک میں چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی کو دانتوں سے اپنی طرف کھینچ لیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    مذکورہ ویڈیو بھارتی ریاست کرناٹک کے نیشنل پارک میں ریکارڈ کی گئی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چیتا لوگوں سے بھری گاڑی کو اپنی طرف کھینچ رہا ہے۔

    ویڈیو میں چیتے کو گاڑی کے پچھلے بمپر کو دانتوں سے دبوچتے دیکھا جا سکتا ہے، چیتے نے اپنی بھرپورطاقت سے لوگوں سے بھری گاڑی کو پیچھے کی طرف کھینچ لیا۔

    ویڈیو میں گاڑی میں موجود افراد کی چیخ و پکار بھی سنی جاسکتی ہے، پارک میں دوسری گاڑی میں موجود افراد نے اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیو بنا کرسوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو وائرل ہوگی۔

  • اومیکرون کا پھیلاؤ: اتر پردیش میں کرفیو کا اعلان

    اومیکرون کا پھیلاؤ: اتر پردیش میں کرفیو کا اعلان

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے باعث کرفیو کا اعلان کردیا گیا، بھارت میں اومیکرون کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے باعث کرفیو کا اعلان کردیا گیا، اتر پردیش میں 25 دسمبر سے رات 11 سے 5 بجے تک کرفیو ہوگا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں اومیکرون کیسز کی مجموعی تعداد اب تک ساڑھے 3 سو سے تجاوز کر چکی ہے۔

    بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک بھارت کی 12 ریاستوں میں کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق اب تک اومیکرون کے 77 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک روز میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے ساڑھے 6 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 374 اموات ہوئی ہیں۔

    ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 کروڑ 47 لاکھ جن میں فعال کیسز کی تعداد 77 ہزار 547 ہے۔ بھارت میں کووڈ 19 سے مرنے والوں کی تعداد 4 لاکھ 79 ہزار 133 ہوچکی ہے۔

  • بھارت: مریض کے گردے میں ڈیڑھ سو پتھریاں

    بھارت: مریض کے گردے میں ڈیڑھ سو پتھریاں

    بھارت میں ایک 50 سالہ شخص کے گردے سے ڈیڑھ سو سے زائد پتھریاں نکال لی گئیں، ڈاکٹرز کے مطابق یہ پتھریاں 2 سال سے مریض کے گردے میں جمع تھیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست حیدر آباد میں 50 سالہ شخص پیٹ میں شدید درد کی شکایت لے کر اسپتال پہنچا، ڈاکٹرز نے اس کے تمام ضروری ٹیسٹ کیے تو پتہ چلا کہ اس کے گردے میں کئی پتھریاں موجود ہیں۔

    تاہم ڈاکٹرز نے جب انہیں نکالا تو ان کی تعداد 156 تھی، ڈاکٹرز نے پتھریاں نکالنے کے لیے لیپرو اسکوپی اور اینڈو اسکوپی دونوں کا استعمال کیا۔

    مذکورہ مریض ایک مقامی اسکول میں استاد ہیں جنہیں اچانک پیٹ میں شدید درد اٹھا جس کے بعد ان کے گردے میں پتھریوں کا انکشاف ہوا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یہ پتھریاں ممکنہ طور پر گزشتہ 2 سال سے بن رہی تھیں لیکن مریض میں کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی، تاہم پیٹ میں اچانک شدید درد کی وجہ سے انہوں نے تمام ضروری ٹیسٹ کروائے جس کے بعد ان پتھریوں کا انکشاف ہوا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق مریض کے جسم میں کٹ لگانے کے بجائے کی ہول اوپننگ کے ذریعے تمام پتھریاں باہر نکال لی گئیں۔ مریض رو بصحت ہے اور جلد اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹ جائے گا۔

  • ڈیوڈ وارنر کی مزاحیہ ویڈیو پر کوہلی کا ’تڑکا‘‏

    ڈیوڈ وارنر کی مزاحیہ ویڈیو پر کوہلی کا ’تڑکا‘‏

    آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کی مزاحیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ایڈٹ کی ہوئی ویڈیو میں کرکٹر تیلگو گانے پر تھرکتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    پچھلے سال لاک ڈاؤن کے دوران وارنر نے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کا اعلان کیا تھا، اس کے بعد سے وہ اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ کبھی بالی ووڈ اور تیلگو گانوں پر ہونٹ ہلاتے دکھائی دیتے ہیں تو کبھی باہو بلی کے کاسٹیوم میں دکھائی دیتے ہیں۔

    اب حال ہی میں انہوں نے ایک اور مزاحیہ ویڈیو پوسٹ کی ہے۔

    یہ ویڈیو ایڈٹ شدہ ہے اور اس میں وارنر تیلگو گانے پر پرفارم کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by David Warner (@davidwarner31)

    گانا اصل میں تیلگو اداکار الو ارجن پر فلمایا گیا ہے، ارجن نے بھی اس ویڈیو پہ کمنٹ کرتے ہوئے ہنسنے والے ایموجیز بنائے۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی کمنٹ کر کے وارنر سے دریافت کیا کہ دوست کیا تم ٹھیک ہو؟

    وارنر کی اس ویڈیو کو ان کے بھارتی مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے اور اس پر مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی ڈیفنس چیف کی ہلاکت: عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

    ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی ڈیفنس چیف کی ہلاکت: عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

    نئی دہلی: بھارت میں ہونے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی ڈیفنس چیف کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر غیر معمولی طور پر نچلی پرواز کر رہا ہے جبکہ علاقے میں گہری دھند چھائی ہوئی تھی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی بھارت میں حادثے کے مقام پر کونور کے علاقے میں موجود ایک کنسٹرکشن ورکر جیاسیلن نے بتایا کہ وہ اس وقت گھر پر تھے جب انہوں نے قریب سے آتی ہیلی کاپٹر کی آواز سنی اور جب دھماکے کی آواز آئی تو وہ باہر بھاگے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جنگل میں دھواں اٹھتے دیکھا اور لکڑیوں کے ٹوٹنے کی آواز سنی۔

    بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر نے بدھ کی دوپہر سولور ایئر بیس سے اڑان بھری تھی، اڑان بھرنے کے 20 منٹ بعد ہیلی کاپٹر کا رابطہ بیس سے منقطع ہوا۔ ہیلی کاپٹر نے کچھ دیر بعد تامل ناڈو کی چھاؤنی ولنگٹن میں لینڈ کرنا تھا۔

    جیاسیلن اور ایک اور عینی شاہد ستیش کمار کا کہنا ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹر عموماً اسی علاقے سے پرواز کرتے گزرتے ہیں مگر اس ہیلی کاپٹر کی آواز کچھ زیادہ تھی کیونکہ وہ دھند میں نچلی پرواز کر رہا تھا۔

    ہیلی کاپٹر میں جنرل بپن راوت ان کی اہلیہ اور درجن بھر فوجی اہلکار سوار تھے، حادثے میں ایئر فورس کے کیپٹن شدید زخمی ہوئے اور اس وقت ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ہیلی کاپٹر گرنے کے فوری بعد جیاسیلن اور دو دیگر مقامی باشندے جائے حادثہ پر پہنچے، انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر آگ میں گھرا ہوا تھا اس لیے ان کو مشکل پیش آئی۔

    مقامی باشندے ستیش کمار نے بتایا کہ کچھ دیر بعد ہی ایمرجنسی سروسز کے اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے مگر پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے اور ریسکیو کے دیگر آلات اوپر لانے میں مشکلات تھیں ابتدا میں جن 4 افراد کو حادثے کی جگہ سے نکالا گیا ان میں سے ایک زندہ تھا اور درد سے کراہ رہا تھا۔

    جیاسیلن نے بتایا کہ ریسکیو ورکرز اور محکمہ دفاع کے اہلکاروں نے مقامی باشندوں کی جانب سے فراہم کی گئی چادروں میں حادثے کے زخمیوں کو لپیٹ کر نکالا، ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے شکار کچھ افراد بری طرح جل چکے تھے۔

    حادثے کے ایک گھنٹے کے اندر ایئر فورس نے انکوائری کا حکم دے دیا۔

    جیاسیلن کا کہنا تھا کہ علاقے میں پولیس اہلکار اور محکمہ دفاع سے وابستہ حکام بڑی تعداد میں پہنچے، پولیس اہلکار ان سے پوچھ رہے تھے کہ علاقے میں کسی مشتبہ شخص کو تو نہیں دیکھا یا جنگل میں کوئی ایسا شخص جس کے پاس بندوق ہو۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کوئی ایسا شخص نہیں دیکھا۔

  • ’خونی گنے کے جوس‘ کی فروخت، ویڈیو وائرل

    ’خونی گنے کے جوس‘ کی فروخت، ویڈیو وائرل

    موسم گرما میں تپتی دھوپ کے دوران اگر آپ گھر سے باہر سڑک پر ہوں، اور ایسے میں آپ کو گنے کے جوس کا اسٹال دکھائی دے جائے، تو آپ یقیناً اس کی طرف دوڑ پڑیں گے۔

    لیکن اگر آپ کو زرد گنے کے جوس کی جگہ سرخ رنگ کا خونی جوس پیش کیا جائے تو آپ کو کیسا لگے گا؟

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد کے شہری آج کل اسی الجھن کا شکار ہیں، غازی آباد میں ’خونی گنے کا جوس‘ بیچنے والا ایک شخص بے حد مقبول ہورہا ہے۔

    مذکورہ جوس والے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے جو خون جیسا سرخ مشروب خون جمع کرنے والی تھیلی میں ڈال کر فروخت کر رہا ہے۔

    دراصل یہ دکاندار گنے کے جوس میں پودینے اور چقندر کا جوس ملاتا ہے جس کی وجہ سے یہ ایک سرخ رنگ کا مشروب بن جاتا ہے، یہ دیکھنے میں تو بہت عجیب لگتا ہے لیکن نہایت ذائقہ دار ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس ویڈیو کو 22 گھنٹوں میں 74 ہزار سے زائد افراد نے دیکھا اور مختلف تبصرے کیے۔

    کچھ افراد نے اس جوس کو پینے کا ارادہ ظاہر کیا جبکہ کچھ نے گنے کے جوس میں اس قسم کی ملاوٹ پر ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔

  • پینسل کیوں چرائی؟ کمسن بچہ دوست کی شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا

    پینسل کیوں چرائی؟ کمسن بچہ دوست کی شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک کمسن بچہ اپنے دوست کی شکایت لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا اور کہا کہ اس کے دوست نے اس کی پینسل چرائی ہے، پولیس اس کے دوست کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالے۔

    بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں دو ننھے دوست اپنا جھگڑا لے کر تھانے پہنچ گئے۔

    پولیس کے مطابق مقامی اسکول کے 2 طالب علم پولیس کے پاس پہنچے، ان میں سے ایک بچے نے کہا کہ اس کے دوست نے اس کی پینسل چرا لی ہے۔

    دوست نے جواباً کہا کہ پینسل کے بدلے اس نے پینسل کی نوک لی ہے، پہلے دوست نے معصومانہ انداز میں پولیس سے کہا کہ وہ اس کے دوست کی شکایت لکھیں اور اسے جیل بھیجیں۔

    پولیس نے سمجھا بجھا کر دونوں دوستوں کو گھر روانہ کیا۔

    بچے کی شکایت کرتے ہوئے ویڈیو بھی بنا لی گئی جو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

  • کرپٹو کرنسی: بھارت میں حیران کن اقدام

    کرپٹو کرنسی: بھارت میں حیران کن اقدام

    نئی دہلی: دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی کی مارکیٹ میں تیزی آرہی ہے تاہم بھارت میں اس پر پابندی کا بل متعارف کروانے پر غور کیا جارہا ہے۔

    بھارتی حکومت نے حیران کن قدم اٹھاتے ہوئے پرائیویٹ کرپٹو کرنسیوں پر پابندی کے لیے ایک بل متعارف اور مرکزی بینک کی حمایت یافتہ ڈیجیٹل کرنسی کے لیے ایک فریم ورک بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا میں پیش کیے گئے بل میں کہا گیا کہ مجوزہ بل کا مقصد ہندوستان میں تمام نجی کرپٹو کرنسیوں پر پابندی لگانا ہے۔

    یہ اقدام ایک ایسے موقع پر اٹھایا گیا کہ جب گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نریندر مودی نے خبردار کیا تھا کہ بٹ کوائن نوجوان نسلوں کے لیے خطرہ ہے اور اگر یہ غلط ہاتھوں میں لگ گئی تو ہماری نوجوانوں کو خراب کر سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ ستمبر میں چین کی جانب سے کرپٹو کرنسی کے تمام لین دین کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد یہ ایک بڑی ابھرتی ہوئی معیشت کی طرف سے تازہ ترین اقدام ہے۔

    گزشتہ سال اپریل میں بھارتی سپریم کورٹ نے کرپٹو کرنسی پر لگائی گئی سابقہ ​​پابندی کو کالعدم قرار دے دیا گیا تھا جس کے بعد بھارت میں کرپٹو کرنسی کی مارکیٹ میں تیزی آئی تھی اور اس کی قیمت میں 600 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا۔

    ایشیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت میں ڈیڑھ کروڑ سے 10 کروڑ افراد کے پاس کرپٹو کرنسی ہے جس کی کل مالیت کا تخمینہ اربوں ڈالر لگایا گیا ہے تاہم اس بل کے بعد اس کرنسی میں سرمایہ کاری کا مستقبل غیر یقینی نظر آتا ہے۔

    بھارت میں نئے قانون ساز اجلاس میں پیش کیے جانے والا بل کرپٹو کرنسی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے کچھ استثنیٰ کی اجازت بھی دے گا البتہ اس کے علاوہ مجوزہ قانون سازی کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

    تاہم اس اعلان کے باوجود بٹ کوائن کی مارکیٹ کی قیمت غیر متاثر نظر آتی ہے اور منگل کو بھارت میں کرنسی کی قیمت مزید 1.6فیصد بڑھ گئی لیکن مقامی تاجروں اور خریدار اس اعلان کے بعد پریشان نظر آرہے ہیں۔

    بھارت میں حالیہ مہینوں میں ٹیلی ویژن چینلز، آن لائن اسٹریمنگ سروسز اور سوشل میڈیا پر کوائن ڈی سی ایکس، کوائن سوئچ کوبر سمیت دیگر گھریلو کرپٹو ایکسچینجز کے اشتہارات بھارتی میڈیا پر بہت زیادہ زیر گردش ہیں۔

    ان پلیٹ فارمز نے حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران اشتہارات کی مد میں 50 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ خرچ کیے اور اوسطاً ایک میچ پر کرپٹو کرنسی کے 51 اشتہارات نشر کیے گئے۔

  • بھارت: شہری علاقے میں تیندوے کی موجودگی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں

    بھارت: شہری علاقے میں تیندوے کی موجودگی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں

    بھارت کے شہر غازی آباد میں تیندوے کی موجودگی نے خوف و ہراس پھیلا دیا، کئی دن گزرنے کے بعد بھی حکام تیندوے کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں ایک علاقے میں تیندوا دیکھا گیا۔

    تیندوا ایک گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوا جب وہ رات کے وقت گلیوں میں گھوم رہا تھا۔

    تیندوے کی موجودگی کی اطلاع پر ضلعی فارسٹ ڈپارٹمنٹ نے فوری طور پر تلاش کا آغاز کیا اور رات کے وقت کیمپ لگا کر بھی اس تلاش جاری رکھی تاہم دو دن گزرنے کے بعد بھی تیندوے کا سراغ نہیں ملا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پکی سڑکوں کی وجہ سے تیندوے کے قدموں کے نشانات بھی نہیں ملے جس کی وجہ سے اسے ڈھونڈنے میں دشواری ہورہی ہے۔

    تیندوے کی وجہ سے مقامی افراد خوف و ہراس کا شکار ہیں، حکام کی جانب سے انہیں رات کے وقت بلا ضرورت باہر نہ نکلنے اور گھروں کے دروازے بند رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

    کئی افراد چوکیداری کی غرض سے جاگ کر راتیں گزار رہے ہیں۔