Tag: انڈیا

  • بھارت: بندر کی وجہ سے نوجوان ہلاک، مقدمہ درج

    بھارت: بندر کی وجہ سے نوجوان ہلاک، مقدمہ درج

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بندر ایک نوجوان کی موت کی وجہ بن گیا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ بھی درج کرلیا، ہلاک ہونے والا شخص اپنے گھر کا واحد کفیل تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ شخص ایک گلی سے گزر رہا تھا، اسی دوران ایک عمارت کی دوسری منزل پر بندر نے پانی کی ٹنکی کا ڈھکن ہٹا دیا اور اس کے اوپر رکھی اینٹ نیچے پھینک دی۔

    یہ اینٹ گلی سے گزرنے والے اس نوجوان کے سر پر گری جس کی وجہ سے فوری طور پر اس کی موت واقع ہوگئی۔ واقعے کے بعد آس پاس موجود لوگ فوراً وہاں پہنچے اور اسے اسپتال لے گئے لیکن تب تک وہ دم توڑ چکا تھا۔

    اہل علاقہ نے پولیس کو بھی اس کی اطلاع دی، پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ گلی میں اوم پرکاش نامی شخص نے اپنی ٹنکی کے ڈھکن کے اوپر اینٹ رکھی تھی۔

    واقعے کے وقت ایک پیاسا بندر وہاں پہنچا اور پانی پینے کے لیے ٹنکی کا ڈھکن ہٹایا تو اینٹ نیچے سے گزرتے شخص کے سر پر جا گری اور یوں اس شخص کی موت ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوان کے 5 بچے ہیں اور نوجوان اپنے گھر کا واحد کفیل تھا۔

  • بھارت: ہوائی جہاز پل کے نیچے پھنس گیا

    بھارت: ہوائی جہاز پل کے نیچے پھنس گیا

    نئی دہلی: بھارت میں شہری اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے ایک طیارے کو فٹ اوور برج کے نیچے پھنسا ہوا دیکھا، کمپنی کے مطابق طیارے کو فروخت کے بعد اس کے نئے مالک کے پاس پہنچایا جارہا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کی صبح سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک فٹ اوور برج کے نیچے ایئر انڈیا کا طیارہ پھنسا ہوا ہے۔

    40 سیکنڈ کے اس کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ دہلی ایئرپورٹ کے قریب گروگرام ہائی وے پر برج کے نیچے پھنسا ہوا ہے۔ ویڈیو دیکھ کر صارفین نے تبصرہ کیا کہ طیارہ یہاں تک پہنچا کیسے۔

    طیارے نے ہائی وے کی ایک طرف کو بھی بلاک کر رکھا ہے جبکہ دوسری طرف سے گاڑیاں معمول کے مطابق گزر رہی ہیں۔

    بعد ازاں ایئر انڈیا نے وضاحت جاری کی کہ مذکورہ طیارہ ایئر انڈیا نے فروخت کیا تھا اور اسے نئے مالک کے پاس پہنچایا جارہا تھا جس کے دوران عجیب و غریب صورتحال پیدا ہوگئی۔

    ایئر انڈیا کے مطابق یہ ایک پرانا اسکریپڈ طیارہ ہے جسے فروخت کیا گیا ہے، کمپنی نے خریدار سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی۔

  • کرس گیل کا آئی پی ایل سے علیحدگی کا اعلان

    کرس گیل کا آئی پی ایل سے علیحدگی کا اعلان

    ویسٹ انڈیز کے عالمی شہرت یافتہ بلے باز کرس گیل نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں سیزن سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سٹار بلے باز کرس گیل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ بائیو سیکیور ببل سے اکتا گئے ہیں۔

    کرس گیل نے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ایک کے بعد دوسرے ببل کا حصہ بنا ہوں۔ ٹی 2 ورلڈ کپ سے قبل ذہنی طور پر خود کو ری فریش ہونا چاہتا ہوں اس لیے بائیو سیکیورببل سے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ کرس گیل آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کی نمائندگی کر رہے تھے۔

  • بھارت: زیر آب آجانے والی سڑکوں پہ لوگ مچھلیاں پکڑنے لگے

    بھارت: زیر آب آجانے والی سڑکوں پہ لوگ مچھلیاں پکڑنے لگے

    نئی دہلی: بھارت میں بارش کے پانی میں ڈوبی سڑکیں شہریوں کی تفریح کا ذریعہ بن گئیں، مقامی افراد زیر آب آجانے والی سڑکوں سے مچھلیاں پکڑنے لگے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ میں ہونے والی شدید بارشوں نے جہاں نظام زندگی درہم برہم کردیا وہیں اس موقع پر کچھ دلچسپ مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے مقامی افراد پانی میں ڈوبی سڑکوں پر مچھلی کا شکار کر رہے ہیں۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہیں پانی میں کچھ مچھلیاں تیرتی نظر آئیں جس کے بعد وہ گھروں سے جال لے آئے اور شکار کرنے لگے، زیر آب آئی سڑکوں سے انہوں نے 15 کلو گرام مچھلی پکڑی۔

    حکام کے مطابق بارش کی وجہ سے قریبی ندی نالے اور تالاب بھر چکے ہیں اور یہ مچھلیاں وہیں سے بہہ کر سڑکوں پر آئی ہیں۔

    یاد رہے کہ کلکتہ میں رواں ماہ ہونے والی بارشوں نے 14 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا ہے۔

    مسلسل بارشوں کے باعث کئی علاقے زیر آب آگئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ سرکلر ریلوے آپریشن بھی بند کردیا گیا ہے۔

  • بھارت میں شدید بارشوں سے ہولناک تباہی

    بھارت میں شدید بارشوں سے ہولناک تباہی

    نئی دہلی: بھارت میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی ریاستوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، مکانات اور گاڑیاں ڈوب چکے ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ بھی ہورہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں شدید بارشوں کا سلسہ جاری ہے جس سے گجرات کے میدانوں سے لے کر ہما چل پردیش اور اترا کھنڈ کے پہاڑوں تک ہولناک تباہی ہوئی ہے۔

    ریاست گجرات میں سڑکوں پر سیلاب کا منظر ہے، گھر اور گاڑیاں سیلاب کے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ اتراکھنڈ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں راستے اور شاہراہیں بند ہو چکی ہیں۔

    گجرات میں بارش سے سب سے زیادہ تباہی سوراشٹر کے علاقہ میں ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پورے علاقہ میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ گجرات کے نئے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے بھی ریاست کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    اترا کھنڈ کے بھی بیشتر علاقے شدید بارش سے متاثر ہیں، ریاست میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں۔ شدید بارشوں کی وجہ سے امدادی کاموں میں بھی پریشانی کا سامنا ہے۔

    پہاڑی ریاست ہماچل پردیش میں بھی لینڈ سلائیڈنگ زوروں پر ہے، کنور میں پہاڑ سے نیشنل ہائی وے پر بڑی چٹانیں ٹوٹ کر آگری ہیں۔ اس کے بعد کنور اور اسپیتی کے لئے ٹریفک بند کردیا گیا۔ سڑکوں پر ملبہ آجانے کی وجہ سے متعدد سڑکیں بھی بند ہیں۔

  • خاندان میں ایک کے بعد ایک پراسرار موت، قاتل کیسے پکڑا گیا؟

    خاندان میں ایک کے بعد ایک پراسرار موت، قاتل کیسے پکڑا گیا؟

    نئی دہلی: 14 برسوں کے دوران اپنے خاندان کے لوگوں کو زہر دے کر قتل کر کے صاف بچ جانا اور 17 سال بعد اچانک محض ایک شکایت پر پکڑے جانا کسی فلمی کہانی جیسا لگتا ہے۔

    تاہم یہ حقیقی کہانی ہے جس میں ایک خاتون نے 14 برسوں کے دوران اپنے خاندان کے کئی افراد کو کھانے اور مشروبات میں زہر دے کر قتل کیا۔

    یہ سب بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع کالیکٹ سے تعلق رکھنے والی جولی اما جوزف نے کیا اور قتل و غارت کا یہ سلسلہ اس وقت تھم گیا جب وہ مزید قتل کر کے تیسری شادی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔

    یہ سب اگست 2002 میں کیرالہ کے شہر کوژیکوڈ میں اس وقت شروع ہوا جب اناما تھامس نامی معمر خاتون کی مٹن سوپ پینے کے چند منٹ موت واقع ہوگئی، اس کے منہ سے جھاگ بھی نکل رہا تھا۔ گھر والوں کو اس وقت کسی قسم کا شبہ نہیں ہوا کیونکہ اس خاتون کو چند ہفتے پہلے بھی کھانے کے بعد فوڈ پوائزننگ کے مسئلے کا سامنا ہوا تھا۔

    اناما تھامس کی موت پر کسی کو شک نہیں ہوا اور آس پاس کے لوگوں نے خاندان کو تسلی دی۔ اس وقت گھر میں اناما تھامس، ان کے شوہر ٹام تھامس، بیٹا روئے تھامس اور اس کی بیوی جولی تھامس موجود تھے۔

    17 سال بعد پولیس کو شبہ ہے کہ جولی کی ساس کو مارنے کی پہلی کوشش ناکام رہی تھی یعنی زہر کی مقدار کم رہ گئی مگر دوسری کوشش کامیاب رہی۔ پولیس کے خیال میں جولی نے ساس کا قتل گھر کے مالی معاملات پر گرفت مضبوط کرنے کے لیے کیا تھا۔

    اس کے بعد کئی سال تک کچھ نہیں ہوا مگر 2008 میں یعنی 6 سال بعد جولی کے سسر ٹام تھامس جو ایک ریٹائر سرکاری ملازم تھے، کی موت بھی ایک مقامی پکوان کھانے کے بعد ہوئی جس کو جولی نے ہی تیار کیا تھا۔

    چونکہ ٹام تھامس اچانک گر کر مرگئے تھے اور ان کی عمر کافی زیادہ تھی تو خیال کیا گیا کہ یہ موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی۔ لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کا مطالبہ کسی جانب سے نہیں کیا گیا۔

    اس کے بعد 3 سال تک خاموشی رہی اور 2011 میں جولی کا شوہر روئے تھامس نے ایک رات کھانا کھایا اور خود کو بیمار محسوس کیا۔ وہ باتھ روم گیا اور وہاں اس کی موت ہوگئی، یہ وہ موت تھی جس پر کچھ تحفظات سامنے آئے۔

    روئے کا بھائی روجو امریکا سے واپس آیا جبکہ روئے کے انکل میتھیو نے پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا اور اس کی رپورٹ نے جولی کو اپنی کہانی بدلنے نے مجبور کیا۔ یہ رپورٹ روئے کی بیوہ کے حوالے کی گئی تھی اور جولی نے اس کی تفصیلات خاندان کو توڑ مروڑ کر سنائی تھیں۔

    رپورٹ میں سائنائیڈ زہر کو دریافت کیا گیا تھا، اس سے قبل جولی کا کہنا تھا کہ اس کی شوہر کی موت ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہے مگر طبی شواہد کا کچھ اور کہنا تھا۔

    اس رپورٹ کے بعد جولی نے خاندان کو بتایا کہ روئے نے مالی مشکلات کے باعث خودکشی کی اور سب کو اس پر قائل بھی کرلیا کیونکہ کسی نے کیس کو آگے نہیں بڑھایا۔

    پولیس نے بھی خودکشی مان کر کیس بند کردیا مگر امانا تھامس کے بھائی میتھیو اس پر قائل نہیں ہوئے اور وہ مسلسل کہتے رہے کہ روئے کو زہر تک رسائی کیسے حاصل ہوئی۔

    سنہ 2014 میں میتھیو خود بھی اسی طرح کے حالات میں اچانک ہلاک ہوگئے اور مبینہ طور پر پانی یا الکحل میں سائنائیڈ ملا کر انہیں پلایا گیا، مگر اس موت کو بھی ہارٹ اٹیک قرار دیا گیا، کسی کو خیال بھی نہیں آیا کہ چاروں اموات کے موقع پر جولی وہاں موجود تھی۔

    میتھیو کی موت کے چند ماہ بعد جولی نے اپنے شوہر کے کزن شاجو زکریا کے ہاں ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر شاجو کی ڈیڑھ سالہ بیٹی ایلفینی کے گلے میں کھانا پھنس گیا، جسے اسپتال لے جایا گیا اور کچھ دن وہ وینٹی لیٹر پر رہی مگر انتقال کرگئی۔

    سنہ 2016 میں شاجو کی بیوی سیلی اس وقت اچانک ہلاک ہوئی، جب وہ جولی اور اپنے شوہر کے ساتھ ڈینٹسٹ کے پاس جارہی تھی۔ سیلی کے انکل جو اب اس کے بیٹے کی نگہداشت کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انہیں اس وقت کوئی شک نہیں ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ جولی ایلفینی کی موت سے چند ماہ قبل اس خاندان کے قریب ہوئی تھی، وہ سیلی کو اپنے ساتھ متعدد مقامات پر لے جاتی تھی، موت سے چند ماہ قبل سیلی اسی طرح اچانک گرگئی تھی، اب ہمیں لگتا ہے کہ اس موقع پر بھی اسے زہر دیا گیا ہوگا، وہ اسپتال میں زیر علاج رہی اور ٹھیک ہوگئی۔

    2017 میں جولی نے شاجو سے شادی کرلی جب بھی کسی کو شک نہیں ہوا حالانکہ سیلی کے انکل اس شادی پر خوش نہیں تھے مگر انہیں کوئی اعتراض بھی نہیں تھا۔

    درحقیقت جولی خود کو کسی مثالی خاتون کی طرح ظاہر کرتی تھی، گھروالوں اور پڑوسیوں سے اچھے تعلقات تھے، اچھی بہو تھی، چرچ جانا، اپنے دونوں بیٹوں کو اسکول چھوڑنے جانا اور لے کر آنا، اور کرسمس پر پڑوسیوں میں کیل کی تقسیم وغیرہ۔

    جولی نے بظاہر سب کو بتایا ہوا تھا کہ وہ نیشنل انسٹی ٹوٹ آف ٹیکنالوجی میں لیکچرار ہے، اس نے ایک جعلی آئی ڈی کارڈ بھی بنا رکھا تھا۔ اس کا سسرال تعلیم کے شعبے سے منسلک تھا اور کسی کو بھی کبھی شک نہیں ہوا کہ جولی انہیں احمق بنارہی ہے۔

    ایک دہائی سے زائد عرصے تک جولی ہر صبح گاڑی پر نکلتی اور گھر والوں کو لگتا کہ وہ انسٹی ٹیوٹ گئی ہے، مگر وہ کہاں جاتی تھی یہ بھی کسی معمے سے کم نہیں تھا۔

    پولیس بھی اب تک یہ نہیں جان سکی کہ اتنے برسوں روزانہ گھر سے نکل کر جولی کہاں جاتی تھی اور اگر انسٹی ٹیوٹ جاتی تھی تو وہاں کیا کرتی ہے جبکہ وہ وہاں کام بھی نہیں کرتی تھی۔

    کچھ گواہوں نے پولیس کو بتایا کہ جولی اکثر اس انسٹی ٹیوٹ کے کینٹین میں نظر آتی تھی حالانکہ انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ نے بتایا کہ جولی کو کبھی ملازمت پر نہیں رکھا گیا۔

    جولی کی دوسری شادی کے بعد اس کے سابقہ شوہر کے رشتے داروں کو شک ہونے لگا بالخصوص اس وصیت کے بعد جس کے مطابق ٹام تھامس نے اپنا آبائی گھر جولی کے نام کردیا تھا۔

    روئے کے بھائی روجو تھامس اور بہن رینجی ولسن کو یہ بہت غیرمعمولی لگا کیونکہ نہ صرف ان کے باپ نے 2 بچوں کا نام وصیت میں نہیں لیا بلکہ اپنی جائیداد بیٹے کے بجائے بہو کے نام کی۔

    مگر کئی برس تک انہوں نے بھی اس پر کوئی شک نہیں کیا یا اسے چیلنج کرنے کا نہیں سوچا۔ روئے اور رینجی عرصے سے جولی کے ایک پڑوسی سے رابطے میں تھے تاکہ خاندان کے حالات سے واقف رہ سکیں۔

    روئے کی موت کے بعد وہی وصیت مہر بند شکل میں 2 گواہوں کے دستخطوں کے ساتھ پیش ہوئی اور روجو کو اس کے جعلی ہونے کا شبہ ہوا۔ اسی کو بنیاد بنا کر روجو نے اپنے بھائی کی مشتبہ موت کی تحقیقات کے لیے درخواست جمع کرائی۔

    درحقیقت یہ تو کہا جاتا ہے کہ جولی نے 6 قتل کیے مگر جولی کی گرفتاری روئے کی موت کی وجہ سے ہی ہوئی، مگر اس سے قبل پولیس نے 2 ماہ تک تحقیقات کی اور 200 کے قریب لوگوں کے بیان ریکارڈ کیے، جس کے بعد جولی کو حراست میں لیا گیا۔

    روجو نے بھائی کی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کی نقل حاصل کی تو اس میں انکشاف ہوا کہ جب اس کی موت ہوئی تو پیٹ میں غذا تھی جس میں سائنائیڈ موجود تھا جبکہ جولی نے بتایا تھا کہ وہ اس وقت کھانا پکارہی تھی جب روئے بیمار ہوکر باتھ روم گیا اور مرگیا۔ روجو نے ہی یہ دریافت کیا کہ انسٹی ٹیوٹ میں کام کرنے کا جولی کا دعویٰ بھی غلط ہے۔

    بعد ازاں پولیس نے تمام 6 لاشوں کو نکلوا کر ان کا طبی معائنہ کروایا اور اس میں سائنائیڈ زہر کی موجودگی دریافت ہوئی۔

    مقامی پولیس نے تسلیم کیا کہ جولی کا کیس کسی چیلنج سے کم نہیں تھا کیونکہ 6 قتل 14 سال کے دوران ہوئے اور ان کی تحقیقات 17 سال بعد 2019 میں شروع ہوئی۔ گرفتاری کے بعد بھی جولی نے سب کچھ چھپا کر رکھا تھا اور پولیس نے کافی محنت کرکے ثبوت جمع کر کے اس مضبوط دفاع کو توڑا۔

    پولیس کے مطابق جولی نے شوہر سمیت خاندان کے 6 افراد کے قتل کا اعتراف بھی کیا۔ اس اعتراف میں بھی متعدد چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے تھے اور اس نے بتایا کہ اس نے روئے کے انکل کو شراب میں زہر دے کر مارا تھا۔

    شوہر کے قتل کے 2 دن بعد وہ اپنے دوست کے ساتھ گھومنے گئی جبکہ شاجو زکریا کو بھی مارنے کی ناکام کوشش کی تاکہ ایک اور شخص جانسن سے تیسری شادی کرسکے۔

    اس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس نے جانسن کی بیوی کو بھی سائنائیڈ سے مارنے کی ناکام کوشش کی تھی مگر خوش قسمتی سے اس خاتون نے وہ کھانا نہیں کھایا تھا۔

    جولی کی گرفتاری کے بعد اس کے دوسرے شوہر شاجو نے خود کو اس سے دور رکھتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی بیوی کے ماضی یا کردار کے حوالے سے کچھ نہیں جانتا تھا۔ جولی کے اپنے والدین، بہن بھائیوں نے اسے اپنے خاندان کا حصہ ماننے سے انکار کردیا۔

    جولی کے مطابق اس نے ابتدائی 3 قتل تو سسرال کی جائیداد حاصل کرنے کے لیے کیے جبکہ میتھیو کے قتل کی وجہ اس کے شبہات تھے، شیلی اور ایلفینی کے قتل کی وجہ شاجو سے شادی کو یقینی بنانا تھا۔

    جولی کو اکتوبر 2019 میں 2 دیگر افراد ایم میتھیو (جس نے سائنائیڈ فراہم کیا) اور پراجو کمار (ایک سنار) کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ اگست 2020 میں کیرالہ ہائیکورٹ نے جولی کو ضمانت بھی دے دی تھی اور کہا تھا کہ ملزمہ کے خلاف کیس محض اعترافات پر مبنی ہے۔

    ضمانت دیے جانے کے بعد کیرالہ کی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس نے ضمانت کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے جولی کو حراست میں رکھنے کا حکم دیا۔

    پولیس نے جولی کے خلاف ہر قتل کا الگ مقدمہ درج کیا اور اگست 2021 میں جولی کے دوسرے شوہر شاجو نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔ اپنی درخواست میں شاجو نے کہا کہ وہ جولی کے شوہر کی حیثیت سے خود کو خوفزدہ محسوس کرتا ہے اور اس سے الگ ہونا چاہتا ہے۔

  • بھارت: ریسلنگ کے مقابلے کے دوران ریسلر ہلاک

    بھارت: ریسلنگ کے مقابلے کے دوران ریسلر ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں ایک پہلوان لڑائی کے دوران ہلاک ہوگیا، پہلوان کو مدمقابل نے زمین پر پٹخا تھا جس سے اس کی گردن ٹوٹ گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں میں ریسلنگ کا مقابلہ منعقد ہوا جس میں ساجد اور مہیش نامی دو مقامی پہلوانوں نے حصہ لیا۔

    مقابلے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئی جس میں ایک پہلوان کو زمین پر گرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ساجد نے مہیش کو اٹھا کر زور سے زمین پر پٹخا، اس دوران مہیش کی گردن مڑ کر ٹوٹ گئی۔

    داؤ کے بعد مہیش بے ہوش ہوگیا جس پر مجمع خوشی سے چلانے لگا، تاہم جلد ہی یہ خوشی تشویش میں بدل گئی جب ساجد نے زمین پر گرے مہیش کو اٹھانے کی کوشش کی لیکن وہ بے حس و حرکت پڑا رہا۔

    اس دوران مزید افراد بھی دونوں کے گرد جمع ہوگئے اور مہیش کو ہوش میں لانے کی کوشش کرنے لگے۔ اسپتال لے جائے جانے کے بعد مہیش کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

    مقامی پولیس کے مطابق انہیں اس واقعے کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں نہ ہی کسی نے کوئی رپورٹ درج کروائی ہے، اگر کوئی واقعے کی رپورٹ درج کرواتا ہے تو وہ اپنی کارروائی کا آغاز کریں گے۔

  • نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں، شہر میں سیلابی صورتحال

    نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں، شہر میں سیلابی صورتحال

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں جس کے بعد شہر میں جل تھل ایک ہوگیا، دہلی میں اس وقت سیلابی صورتحال ہے اور مزید بارشوں کا امکان بھی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں، یکم ستمبر سے 11 ستمبر کی دوپہر تک دہلی میں 380 ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے گزشتہ 77 سال کا ریکارڈ توڑ گیا۔

    بھارت میں 121 سال پہلے ایسی بارش ریکارڈ ہوئی تھی جبکہ سنہ 1944 میں بھی تباہ کن بارشیں ہوئی تھیں۔

    شہر میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، دہلی ائیر پورٹ پر طیارے تیرتے ہوئے دیکھے گئے اور ایک جگہ بس پانی میں پھنسنے کی وجہ سے مسافروں کو بڑی مشکل کے بعد ریسکیو کیا جا سکا۔

    بھارتی محکمہ موسمیات نے مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دہلی کے متعدد علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، گھروں کے باہر اور سڑکوں پر موجود گاڑیاں بھی پانی میں تیرتی ہوئی دکھائی دیں۔

    ایئرپورٹ پر سیلابی صورتحال کی وجہ کئی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔

  • بھارت: سڑک پر تیندوے کی لاش دیکھ کر لوگ خوفزدہ

    بھارت: سڑک پر تیندوے کی لاش دیکھ کر لوگ خوفزدہ

    نئی دہلی: بھارت میں جنگل کے بیچوں بیچ سے گزرنے والی سڑک پر ایک تیندوا گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں ایک تیندوا مردہ پایا گیا، مقامی افراد نے محکمہ جنگلات کو فوری طور پر اس کی اطلاع دی۔

    محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے سڑک پر مردہ پڑے تیندوے کا معائنہ کیا اور بتایا کہ تیندوے کی عمر تقریباً 2 سال ہے۔

    محکمہ جنگلات کے مطابق قومی شاہراہ 167 کے اطراف میں جنگل ہونے سے کی وجہ سے رات کے وقت ٹریفک کم ہوتی ہے، تاہم تیندوا سڑک عبور کرنے کے دوران کسی نامعلوم گاڑی کی زد میں آنے سے ہلاک ہوا۔

    محکمے اس سلسلے میں تحقیقات میں مصروف ہے۔

  • پلاسٹک جار میں سر پھنسانے والی چھپکلی کو کیسے بچایا گیا؟

    پلاسٹک جار میں سر پھنسانے والی چھپکلی کو کیسے بچایا گیا؟

    بھارت میں 4 فٹ طویل چھپکلی کا سر پلاسٹک جار میں پھنس گیا جس کے بعد اسے جان کے لالے پڑ گئے، تاہم وائلڈ لاف حکام کی بروقت کارروائی سے چھپکلی کی جان بچا لی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آگرہ میں پیش آیا جہاں بڑی چھپکلی کی قسم مانیٹر لزرڈ کا سر ایک پلاسٹک جار میں پھنس گیا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے چھپکلی کو نالی میں دیکھا جہاں وہ اپنی جان بچانے کے لیے جدوجہد کر رہی تھی جس کے بعد شہریوں نے فوری طور پر وائلڈ لائف حکام کو اس کی اطلاع دی۔

    وائلڈ لائف حکام نے موقع پر پہنچ کر چھپکلی کو تحویل میں لیا اور اسے بچانے کی کوشش شروع کردی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پلاسٹک کی برنی نہایت سختی سے چھپکلی کی گردن میں پھنسی تھی اور زیادہ کھینچا تانی کرنے سے چھپکلی کو گہرے زخم آسکتے تھے، تاہم ان کی کوششوں اور محنت سے چھپکلی کو بحفاظت آزاد کیا گیا اور اس کی جان بچا لی گئی۔

    وائلڈ لائف حکام کے مطابق آگرہ میں جنگل میں رہنے والے جانوروں اور حشرات کے شہر میں آجانے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے تاہم وہ شہریوں کے شکر گزار ہیں کہ اس طرح کے واقعات کی اطلاع دے کر وہ جانوروں کی جان بچانے میں مدد کرتے ہیں۔