Tag: انڈیا

  • بھارت: کمپنی کو لوٹ کر رپورٹ درج کروانے والا ملازم گرفتار

    بھارت: کمپنی کو لوٹ کر رپورٹ درج کروانے والا ملازم گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے قرض اتارنے کے لیے اپنی ہی کمپنی کو لوٹ لیا اور لٹنے کی رپورٹ بھی پولیس کو درج کروا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق قرض اتارنے کے لیے اپنی ہی کمپنی کو لوٹنے کی سازش کر کے لاکھوں روپے وصول کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، پولیس کی تفتیش کے دوران سامنے آیا کہ جس شخص نے یہ مقدمہ درج کروایا تھا وہ خود اس میں ملوث تھا۔

    مذکورہ ملازم نے پولیس کو جا کر رپورٹ درج کروائی اور من گھڑت کہانی سنائی کہ وہ ملازمین کی تنخواہ لے کر آرہا تھا جب راستے میں پانچ افراد نے اس پر حملہ کر کے تشدد کیا اور 7 لاکھ روپے کی رقم لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے تفتیش کر کے جلد ہی سچائی کا پتہ لگا لیا جس کے بعد مذکورہ ملازم کو حوالات میں بند کر کے اس سے تفتیش شروع کردی گئی۔

    ملزم نے بتایا کہ وہ ایک نجی کمپنی میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے اور اس کے پاس مزدوروں کی تنخواہ کے پیسے تھے۔ وہ قرض دار تھا اور اسے سے نجات پانے کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر سارا ڈرامہ رچایا۔

    پولیس نے ملزم کے بقیہ ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا۔

  • بہادر ماہی گیر جان بچانے کے لیے شیر سے لڑتا رہا

    بہادر ماہی گیر جان بچانے کے لیے شیر سے لڑتا رہا

    بھارت میں گھنے جنگلات میں شیر نے ایک ماہی گیر پر حملہ کردیا، ماہی گیر 20 منٹ تک شیر سے لڑتا رہا اور اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سندر بن کے جنگلات میں کپورا نامی علاقے کے قریب پیش آیا۔ 4 لائسنس یافتہ کسان شکار کے لیے ندی پر پہنچے تھے جن میں سے ایک کشتی کو کنارے لگا کر اسی پر موجود تھا۔

    اسی وقت گھنے جنگلات سے اچانک ایک شیر نے کشتی پر چھلانگ لگائی اور کشتی پر موجود ماہی گیر پر حملہ کردیا، ماہی گیر اکیلا 20 منٹ تک شیر سے لڑتا رہا اور اپنی جان بچانے کی کوششیں کرتا رہا۔

    اس دوران دوسرے ماہی گیر بھی واپس لوٹ آئے جنہوں نے ماہی گیر کی مدد کی اور اسے شیر کے جبڑوں سے بچایا۔

    زخمی ماہی گیر کو فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ماہی گیر شکار کے لیے گہرے پانی میں گئے تھے، یہ مقام جنگلی جانوروں کی موجودگی کی وجہ سے ممنوعہ قرار دیا گیا تھا۔ زخمی ماہی گیر کے علاج کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی۔

  • ماں کا ڈیڑھ سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو بھی بناتی رہی

    ماں کا ڈیڑھ سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو بھی بناتی رہی

    بھارت میں ایک ماں کی اپنے ڈیڑھ سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا پر طوفان آگیا، سوشل میڈیا صارفین نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔

    مذکورہ واقعہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں ڈیڑھ سالہ بچے کو اس قدر تشدد کا نشانہ بناتی ہے کہ بچے کے ناک اور منہ سے خون بہنے لگتا ہے۔

    اس دوران ماں موبائل فون سے اپنی ویڈیو بھی بنا رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 22 سالہ ماں کی شادی دوسرے گاؤں میں ہوئی تھی اور ان کے 2 بچے تھے تاہم دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا جس کے بعد شوہر انہیں اہلیہ کے والدین کے گھر چھوڑ آتا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ماں اکثر و بیشتر چھوٹے بچے کو تشدد کا نشانہ بناتی رہتی ہے اور اس دوران اس عمل کو موبائل فون میں ریکارڈ بھی کرتی رہتی ہے۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو رشتے داروں کی جانب سے دیکھے جانے پر بچے کے والد کو مطلع کیا گیا جو بعد ازاں وہاں آکر بچوں کو اپنے ساتھ لے گیا۔

    22 سالہ خاتون کے والدین نے ان واقعات سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

  • نوجوان نے 5 فٹ طویل کوبرا کیسے پکڑا؟ ویڈیو وائرل

    نوجوان نے 5 فٹ طویل کوبرا کیسے پکڑا؟ ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارتی یاست تلنگانہ کے ایک گاؤں میں 5 فٹ طویل کوبرا نے سب کو خوفزدہ کردیا، ایسے میں ایک نوجوان نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سانپ کو پکڑ لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نظام آباد کے ایک گاؤں میں کھیت کے قریب 5 فٹ لمبا کوبرا سانپ دکھائی دیا، کسانوں نے 2 روز تک اسے وہاں سے ہٹانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

    بعد ازاں گاؤں والوں نے اسنیک ریسکیو سوسائٹی کو اس کی اطلاع دی گئی۔

    تاہم اس سے قبل ہی گاؤں کے ایک نوجوان نے چالاکی سے سانپ کو پکڑ لیا اور بعد ازاں اسے جنگل میں چھوڑ دیا۔

    اس موقع پر نوجوان کی ویڈیو بھی بنا لی گئی جو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے، لوگ نوجوان کی بہادری اور ہمت کی تعریف کر رہے ہیں۔

  • بھارت: چکن کھانے سے فوڈ پوائزننگ، 2 بچوں کی موت

    بھارت: چکن کھانے سے فوڈ پوائزننگ، 2 بچوں کی موت

    نئی دہلی: بھارت میں چکن کھانے کے بعد مبینہ زہر خورانی سے 2 بچوں کی موت واقع ہوگئی، بچوں کی والدہ کی حالت تشویش ناک ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ میں چکن کھانے کے بعد 2 بچوں کی موت واقع ہوگئی، پولیس کو زہر خورانی کا شبہ ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ منوہر آباد کے ایک گھر میں چند روز قبل رات کو چکن کا سالن بنایا گیا جسے گھر میں موجود ماں اور 2 بچوں نے کھایا۔

    آدھی رات کو نیند کے دوران ان کے پیٹ میں شدید درد کی شکایت محسوس ہوئی جس پر انہیں قریبی سرکاری اسپتال پہنچایا گیا، علاج کے دوران 15 سالہ منیشا اور 10 سالہ کمار کی موت واقع ہوگئی۔

    بچوں کی والدہ کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

  • بھارت: پولیس کے جرمانوں سے تنگ آ کر نوجوان نے بائیک کو آگ لگا دی

    بھارت: پولیس کے جرمانوں سے تنگ آ کر نوجوان نے بائیک کو آگ لگا دی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نوجوان نے پولیس کے جرمانوں سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی موٹر سائیکل کو ہی آگ لگا دی، نوجوان کو ہزاروں روپے کے چالان ادا کرنے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست گجرات میں پیش آیا، اتوار کی شام موضع گوتاپور کے قریب پولیس گاڑیوں کی تلاشی میں مصروف تھی جہاں اس نے سنگپا نامی نوجوان کو روکا۔

    پولیس نے نوجوان کی موٹر سائیکل روک کر دستاویزات دیکھے اور زیر التوا چالانات کی بھی جانچ کی۔ پولیس کے مطابق نوجوان پر پہلے سے 5 ہزار روپے کے چالان بقایا تھے۔

    پولیس نے زیر التوا چالانات ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نوجوان کو وہاں سے روانہ کردیا۔

    تاہم مختلف مقامات پر پولیس کی جانب سے تصاویر لینے اور جرمانے عائد کرنے سے دلبرداشتہ اور جرمانوں کی رقم ادا کرنے سے قاصر سنگپا گھر پہنچا تو سخت غصے میں تھا، گھر پہنچتے ہی اس نے موٹر سائیکل پر پیٹرول چھڑکا اور اسے آگ لگا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور چالان کی رقم ادا کرنے سے قاصر تھا۔

  • عجیب و غریب عمارت جس کی اینٹیں ہوا میں تیرتی ہیں

    عجیب و غریب عمارت جس کی اینٹیں ہوا میں تیرتی ہیں

    نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ایک عجیب و غریب طور پر تعمیر شدہ عمارت کو بین الاقوامی اعزاز کے لیے نامزد کردیا گیا۔

    سورت میں قائم یہ عمارت اس طرح تعمیر کی گئی ہے جسے دیکھنے پر یوں لگتا ہے کہ اس میں لگی اینٹیں ہوا میں تیر رہی ہیں۔ عمارت کو ایک مقامی آرکیٹکٹ اشیش پٹیل نے تعمیر کیا ہے۔

    اس عمارت کی تعمیر میں اینٹوں کو ایک دوسرے کے اوپر رکھنے کے بجائے 2 سے 3 انچ کے فاصلے پر رکھا گیا ہے جبکہ انہیں لہریے دار شکل میں تعمیر کیا گیا ہے۔

    دیکھنے میں یوں لگتا ہے کہ یہ عمارت ابھی گر پڑے گی لیکن اسے نہایت مضبوطی سے تعمیر کیا گیا ہے۔

    اب اس عمارت کو انگلینڈ کی برکس ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، یہ ایوارڈ ان تعمیرات کو دیا جاتا ہے جن میں جدت پیدا کی گئی ہو۔ مذکورہ عمارت کی نامزدگی بھارت سے ہونے والی واحد نامزدگی ہے۔

    سرخ اینٹوں سے تعمیر ہوا میں تیرتی یہ عمارت نہ صرف مقامی افراد کی پسندیدہ ہے بلکہ ایوارڈ ملنے کے بعد اب اسے عالمی شہرت حاصل ہوجائے گی۔

  • وہ کالج جس کے طلبا نے دنیا بھر کے دیہات کو روشن کردیا

    وہ کالج جس کے طلبا نے دنیا بھر کے دیہات کو روشن کردیا

    دنیا بھر کے تعلیمی اداروں میں طلبا کے لیے تمام سہولیات مہیا کی جاتی ہیں تاکہ وہ سکون سے اپنی تعلیم حاصل کرسکیں، تاہم دنیا میں چلنے والا ایک کالج ایسا بھی ہے جہاں کسی قسم کی کوئی سہولت موجود نہیں لیکن اس کے طلبا نہایت باصلاحیت ہیں۔

    سنہ 1960 کی دہائی میں ایک بھارتی نوجوان بنکر رائے نے اپنی زندگی میں پہلی بار ایک گاؤں کا دورہ کیا تو وہ گاؤں والوں کی زندگی سے بے حد اداس ہوا۔ اس کے بعد اس نے اپنا شہر چھوڑا اور اسی گاؤں کو اپنا ٹھکانہ بنا لیا۔

    وہاں اس نے ایک کچی عمارت میں ایک کالج کی بنیاد رکھی جس کا نام بیئر فٹ کالج رکھا۔ اس نے اعلان کردیا کہ گاؤں کا جو بھی بچہ، مرد یا عورت پڑھنا چاہے وہ کسی بھی وقت اس کے پاس آسکتا ہے۔

    یوں اس کالج نے گاؤں کے لوگوں کو بغیر ڈگری کے تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا شروع کردیا، یہاں سے پڑھنے والے لوگ پھر خود ہی مزید لوگوں کو پڑھانے لگے۔

    اس کالج کے تمام طلبا شمسی توانائی سے بجلی بنانا جانتے ہیں اور دنیا بھر میں 52 گاؤں ان کی بنائی شمسی توانائی سے روشن ہیں۔

    طالبعلموں نے ایسا چولہا بھی تیار کرلیا ہے جو بغیر آگ کے شمسی توانائی سے ہی روشن ہوتا ہے اور وہاں موجود طلبا کے لیے کھانا تیار کرتا ہے۔ اس کالج میں ایک جمہوریت کی کلاس بھی ہوتی ہے جہاں طالبعلم الیکشن میں حصہ لیتے ہیں اور ایک طالبعلم باقاعدہ وزیر اعظم منتخب کیا جاتا ہے۔

    یورپی ملک ڈنمارک کی ملکہ نے بھی اس کالج کا دورہ کیا اور یہاں کے طلبا کو اپنے محل کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی تھی۔

  • بھارت: لینڈ سلائیڈنگ کی خوفناک وائرل ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارت: لینڈ سلائیڈنگ کی خوفناک وائرل ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں 25 جولائی کو لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 9 سیاح ہلاک ہوگئے تھے، حال ہی میں حادثے کی سامنے آنے والی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہماچل پردیش کے ضلع کنور کے بٹسیری میں گزشتہ 25 جولائی کو لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ پہاڑوں سے گرنے والے پتھروں سے 9 سیاح ہلاک ہوئے تھے جبکہ کچھ سیاح زخمی بھی ہوئے جن میں نوین اور شیرل اوبرائے شامل ہیں۔

    حادثے کے دوران وہ دونوں گاڑی سے نیچے گر پڑے جس کی وجہ سے ان کی جانیں بچ گئیں۔ زندہ بچنے کے بعد نوین نے اپنے موبائل فون میں اس حادثے کے منظر کو ریکارڈ کر لیا جو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں دونوں زخمی سیاح واقعے سے متعلق اور وہاں کی صورتحال کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ دونوں سیاح محفوظ ہیں اور علاج کے بعد دونوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔

    انتظامی افسران نے کنور آنے والے مقامی لوگوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک مقامات اور ندیوں سے فاصلہ رکھیں۔

  • آن لائن گیم کے دیوانے بچے نے ماں کا زیور فروخت کردیا

    آن لائن گیم کے دیوانے بچے نے ماں کا زیور فروخت کردیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بچہ آن لائن گیم کا اس قدر دیوانہ ہوا کہ ماں کا زیور ہی فروخت کر ڈالا، 12 سالہ بچہ بعد ازاں گھر سے فرار ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ دارالحکومت دہلی میں پیش آیا جہاں 12 سالہ بچے نے گیم کی خاطر غلط قدم اٹھا لیا۔

    بچہ آن لائن گیم فری فائر کھیلنے میں مصروف تھا کہ اس دوران اسے گیم میں کچھ ہتھیار خریدنے کے لیے پیسوں کی ضرورت پڑی، اگر وہ ہتھیار نہ خریدتا تو گیم مزید نہیں کھیل سکتا تھا۔

    گیم اپ ڈیٹ کرنے کے لیے بچے نے پہلے اپنے والد کی جیب سے کچھ پیسے نکالے جو پورے نہیں پڑے، بعد ازاں اس نے اپنی ماں کی سونے کی چین چوری کی اور اسے 20 ہزار بھارتی روپے میں فروخت کردیا۔

    بعد ازاں پکڑے جانے کے ڈر سے بچہ گھر سے فرار ہوگیا اور دہلی سے بذریعہ ٹرین علی گڑھ پہنچ گیا جہاں اسے ایک مسافر نے پلیٹ فارم پر دیکھا تو مشکوک جان کر فوری طور پر ریلوے پروٹیکشن فورس کو مطلع کیا۔

    ریلوے پولیس نے بچے سے تفتیش کی جس پر اس نے جرم کا اعتراف کیا، پھر اس معاملے کی بچے کے والدین کو خبر کی گئی جس کے بعد وہ فوری طور پر علی گڑھ پہنچ گئے۔

    بچے کے والد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسے موبائل فون لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کلاسز لینے کے لیے دیا تھا لیکن اس نے گیمز کھیلنا شروع کردیں اور ان کا بھاری نقصان کردیا۔