Tag: انڈیا

  • اپوزیشن رہنما کی مودی پر شاعرانہ تنقید

    اپوزیشن رہنما کی مودی پر شاعرانہ تنقید

    نئی دہلی: بھارت میں اپوزیشن پارٹی کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں ارب پتیوں کی مدد کی اور غریبوں کو دھوکا دیا۔

    کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مودی نے اپنے 9 سالہ دور حکومت میں امیروں کی مدد کی ہے اور غریبوں کے ساتھ صرف دھوکا کیا ہے۔

    انہوں نے تک بندی کرتے ہوئے مودی حکومت کی مدت کو متر کال قرار دیا اور کہا کہ اس دوران کیا کیا ہوا یہ یاد دلانا ضروری ہے۔

    کھڑگے نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یاد دلانا ضروری ہے کہ پچھلے 9 برسوں کے متر کال میں ارب پتیوں کو ملی ڈھیروں سوغات اور غریبوں سے کیا گیا صرف وشواس گھات، معاشی عدم مساوات کی خلیج کو کیا اتنا گہرا، عوام نے دیکھا اچھے دن کا اصلی چہرہ۔

    کانگریس کی طرف سے پہلے بھی مودی حکومت کی 9 سال کی مدت کو ناکامیوں سے پر قرار دیا گیا ہے۔

    ایک ٹویٹ میں راہول گاندھی نے کہا تھا کہ مہنگائی، نفرت اور بے روزگاری، وزیر اعظم جی، اپنی ان ناکامیوں کی لیجیئے ذمہ داری۔

    اس ٹویٹ کے ساتھ انہوں نے 9 سال، 9 سوال کے عنوان سے پی ایم مودی کی 9 ناکامیوں کا تذکرہ بھی کیا ہے۔

    ان 9 ناکامیوں کا تعلق معیشت، زراعت و کسان، بدعنوانی / مترواد، چین و قومی سیکورٹی، سماجی خیر سگالی، سماجی انصاف، جمہوری ادارے، مفاد عامہ کے منصوبے، کرونا مینجمنٹ سے ہے۔

  • کرناٹک انتخابات: جن علاقوں میں مودی نے انتخابی مہم چلائی، وہاں منہ کی کھائی

    کرناٹک انتخابات: جن علاقوں میں مودی نے انتخابی مہم چلائی، وہاں منہ کی کھائی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو عبرت ناک شکست دی ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں وزیر اعظم مودی اور ان کے دست راست امت شاہ نے انتخابی مہم چلائی وہاں پارٹی کو بری طرح شکست ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاست کرناٹک میں شکست قبول کر لی ہے اور وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے اعتراف کیا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور پارٹی کارکنوں کی تمام تر کوششوں کے باوجود ہم جیت نہیں سکے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام نتائج سامنے آنے کے بعد ہم اس کا تفصیلی تجزیہ کریں گے، ہم نتائج کو خوش اسلوبی سے قبول کریں گے اور لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہو جائیں گے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک طرح سے کرناٹک انتخابات میں مہم کی کشش وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلیاں تھیں۔ بی جے پی کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق پارٹی نے کرناٹک میں کل 9 ہزار 125 ریلیاں اور 13 سو 77 روڈ شو منعقد کیے۔

    انتخابی مہم کے آخری دو ہفتوں کے دوران وزیر اعظم مودی نے 42 ریلیاں منعقد کیں، جبکہ شاہ بھی پیچھے نہیں رہے اور انہوں نے 30 ریلیوں میں حصہ لیا۔

    جن 42 حلقوں میں وزیر اعظم مودی نے ریلیاں منعقد کیں ان میں سے بی جے پی کم از کم 22 سیٹوں پر پیچھے ہے اور دوپہر ایک بجے تک وہ صرف 20 سیٹوں پر آگے تھی۔ اس طرح وزیر اعظم کی کارکردگی صرف 47 فیصد رہی ہے۔

    وزیر اعظم مودی کے دائیں ہاتھ امت شاہ کا ریکارڈ اور بھی خراب رہا ہے، انہوں نے جن علاقوں میں ریلیاں کیں وہاں بی جے پی کی برتری کی شرح صرف 37 فیصد ہے۔ امت شاہ کی 30 ریلیوں میں سے بی جے پی 19 سیٹوں پر پیچھے تھی اور دوپہر ایک بجے تک صرف 11 سیٹوں پر آگے تھی۔

    اس دوران اپنی مودی نے اپنی تقاریر میں کیا کیا کہا، یہ بھی دیکھتے ہیں۔

    اپنی ابتدائی تقاریر میں انہوں نے رونا رویا کہ اپوزیشن لیڈروں نے انہیں 91 مرتبہ گالیاں دیں۔ انہوں نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ کرناٹک میں ایک بااثر برادری لنگایت کی توہین کر رہی ہے، لیکن جب کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے وزیر اعظم کی تقریر کا ترکی بہ ترکی جواب دیا تو وزیر اعظم نے گول پوسٹ تبدیل کر دیا۔

    اس کے بعد کی ریلیوں میں انہوں نے کانگریس پر شاہی خاندان کے تابع ہونے کا الزام لگایا لیکن لوگوں کو ان کا اشارہ اور بیان دونوں پسند نہیں آئے۔

    مودی یہیں نہیں رکے، انہوں نے کانگریس لیڈروں پر الزام لگایا کہ وہ کرناٹک کو ملک سے الگ کرنا چاہتے ہیں اور خود مختاری کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی، لیکن اس معاملے پر بھی بی جے پی کو منہ کی کھانی پڑی۔

    اس کے بعد مودی نے ایک طرح سے آخری تیر چلاتے ہوئے بجرنگ بلی کا نعرہ لگایا، انہوں نے ساحلی کرناٹک میں ملکی اور بیلگاوی ضلع کے بیل ہونگل کے انکولہ میں اپنی تقریروں کی شروعات اور اختتام پر جے بجرنگ بلی کا نعرہ لگایا۔

    انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ جب ووٹ ڈالنے جائیں تو جے بجرنگ بلی کا نعرہ لگاتے ہوئے بٹن دبائیں۔ انہوں نے کانگریس کے منشور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس بجرنگ بلی کے عقیدت مندوں کو جیل میں ڈالنا چاہتی ہے۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی اس الیکشن میں حجاب اور ٹیپو سلطان جیسے پولرائزنگ ایشوز سے دور رہی۔ حالانکہ وزیر اعظم نے بیلاری میں اپنی تقریر میں ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کا ذکر کرتے ہوئے ’لو جہاد‘ کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ فلم نے معاشرے میں دہشت گردی کے اثرات کو اجاگر کیا ہے۔

  • سابق اہلیہ سے احترام کا رشتہ ہے: بھارتی اداکار ناگا چیتنیا لوگوں کے رویے سے پریشان

    سابق اہلیہ سے احترام کا رشتہ ہے: بھارتی اداکار ناگا چیتنیا لوگوں کے رویے سے پریشان

    معروف بھارتی اداکار ناگا چیتنیا نے اپنی سابق اہلیہ سمانتھا پربھو کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں کے درمیان احترام کا رشتہ قائم ہے اور وہ اپنی زندگیوں میں آگے بڑھ چکے ہیں۔

    تامل فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ناگا چیتنیا اور سمانتھا پربھو سنہ 2017 میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے تاہم 2021 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

    اب حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ناگا نے کہا کہ ان کا اور ان کی سابق اہلیہ کے درمیان عزت واحترام کا رشتہ ہے، لیکن لوگ ان دونوں سے متعلق طرح طرح کی گفتگو کرتے ہیں جس سے ان کا دل برا ہوتا ہے۔

    اداکار نے اپنی سابق اہلیہ کے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھی خاتون ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ زندگی میں ہمیشہ خوش رہیں۔

    ناگا کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ دونوں ہی اپنی اپنی زندگیوں میں آگے بڑھ چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل ناگا کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ان کے ساتھ ایک اور اداکارہ شوبھیتا بھی موجود تھیں، بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں 6 ماہ سے ایک ساتھ ہیں لیکن اس حوالے سے انہوں نے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

  • میڈیکل اسٹور پر دوا لینے آئیں خاتون دکان دار کا موبائل اٹھا کر چلتی بنیں

    میڈیکل اسٹور پر دوا لینے آئیں خاتون دکان دار کا موبائل اٹھا کر چلتی بنیں

    نئی دہلی: بھارت میں ایک میڈیکل اسٹور پر دوا لینے آئیں خاتون دکان دار کا موبائل فون اٹھا کر چلتی بنیں، دکان دار ان کی ہوشیاری سے لاعلم رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر سیتا پور میں پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میڈیکل اسٹور پر کھڑی خاتون دوا لے رہی ہیں۔

    لیکن اس دوران نہایت مہارت سے وہاں رکھا موبائل فون اٹھا لیتی ہیں اور اس کے بعد چلی جاتی ہیں۔

    دکان دار کو خاتون کی ہوشیاری کا علم نہیں ہوسکا، دکان پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے سارا واقعہ ریکارڈ کرلیا جس کے بعد ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کردیا گیا۔

  • 500 چوریاں کرنے والا چور جس پر فلم بھی بنائی گئی

    500 چوریاں کرنے والا چور جس پر فلم بھی بنائی گئی

    نئی دہلی: بھارت میں 500 چوریاں کرنے والے چور کو گرفتار کرلیا گیا، اس چور پر ایک بالی ووڈ فلم بھی بنائی جاچکی ہے۔

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے ایک ایسے چور کو گرفتار کیا ہے جس کے خلاف ملک بھر میں چوری کے 500 سے زائد مقدمات درج ہیں اور اس کی وارداتوں پر بالی وڈ کی ایک فلم بھی بنائی جا چکی ہے۔

    53 سالی دیویندر سنگھ جن کو سپر تھیف بھی کہا جاتا ہے، نئی دہلی میں دو چوری کے مقدمات میں اتر پردیش سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دیوندر سنگھ نے پہلی چوری 14 سال کی عمر میں کی تھی اور ان کے خلاف صرف نئی دہلی میں 250 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

    دیوندر سنگھ پہلی مرتبہ اس وقت مقبول ہوئے تھے جب وہ 2010 میں مشہور انڈین ریئلٹی شو بِگ باس میں شریک ہوئے تھے لیکن انہیں اسی سیزن کے دوران شو کے میزبان سلمان خان سے بدتمیزی کرنے پر پروگرام سے نکال دیا گیا تھا۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دیوندر سنگھ کی شخصیت سے متاثر ہو کر بالی وڈ فلم اوئے لکی، لکی اوئے بھی بنائی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق دیوندر سنگھ کو نئی دہلی میں ہونے والی ایک چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق دیوندر سنگھ نے 14 اپریل کو ایک گھر سے تین مہنگے موبائل فون، پرس، 2 لیپ ٹاپ، غیر ملکی برانڈ کے جوتے، گھڑیاں اور بلینو کار چرائی۔

    ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق نئی دہلی میں ہونے والی چوریوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ادھیڑ عمر شخص کو گھر کے اندر گھستے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

  • سارس سے دوستی شہری کو مہنگی پڑ گئی

    سارس سے دوستی شہری کو مہنگی پڑ گئی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر امیٹھی میں ایک شہری کو ریاستی پرندے سارس سے دوستی مہنگی پڑ گئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر امیٹھی میں بھارت کے ریاستی پرندے سارس سے دوستی کر کے سرخیوں میں آنے والے شہری محمد عارف کے خلاف گزشتہ روز وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    محکمہ جنگلات نے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کا حوالہ دیتے نوٹس جاری کر کے عارف نامی شہری کو طلب کر لیا ہے، اگر شہری نے تسلی بخش جواب نہ دیا تو محکمہ جنگلات اس کے خلاف مزید کارروائی بھی کر سکتا ہے۔

    کسان محمد عارف نے پچھلے سال میڈیا پر اس وقت شہرت حاصل کی تھی جب وہ اتر پردیش کے امیٹھی ضلع کے اپنے گاؤں منڈھکا میں ایک زخمی سارس کرین گھر لے آیا تھا اور اس کی دیکھ بھال کرنے لگا۔

    عارف کی مشکلات اس وقت شروع ہوئیں جب سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو 5 مارچ کو سارس اور عارف کی دوستی کے بارے میں قریب سے جاننے کے لیے عارف کے گھر پہنچے، اور انھوں نے یہ معلومات ٹوئٹر پر تصویروں کے ساتھ شیئر کر دی۔

    محکمہ جنگلی حیات کے اہل کاروں نے عارف کے گھر کا دورہ کر کے سارس کرین قبضے میں لے کر کانپور کے زولوجیکل پارک منتقل کر دیا ہے، جہاں اسے 15 دن کے لیے کوارنٹائن کر دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف محکمہ جنگلات کے گوری گنج رینج کے اسسٹنٹ فارسٹ گارڈ رنویر مشرا نے عارف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھ گچھ کے لیے 2 اپریل کو صبح 11 بجے اپنے دفتر میں طلب کر لیا ہے۔

    واضح رہے کہ 30 سالہ محمد عارف نے فروری 2022 میں بری طرح سے زخمی سارس کرین کی جان بچائی تھی اور اسے اپنے پاس رکھ کر اس کی دیکھ بھال کی تھی۔ اس سال اپریل میں مکمل صحت یاب ہونے کے بعد سارس گیا نہیں بلکہ عارف کے ساتھ ہی ایک پالتو پرندے کی طرح رہنا پسند کیا۔

  • ماں نے جنم دیتے ہی اپنا لخت جگر فروخت کردیا

    ماں نے جنم دیتے ہی اپنا لخت جگر فروخت کردیا

    بھارت میں ایک ماں نے بچے کو جنم دیتے ہی اسے ساڑھے 4 لاکھ روپے میں فروخت کردیا، پولیس نے فوری کارروائی کر کے مذموم کوشش ناکام بنا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست جھاڑ کھنڈ میں پیش آیا جہاں آشا دیوی نامی خاتون نے جنم دیتے ہی اپنا لخت جگر فروخت کردیا۔

    پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی اور 24 گھنٹے کے اندر بچے کو دوسرے ضلعے سے بازیاب کرنے کے ساتھ ساتھ 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    نومولود کو ایک نواحی گاؤں کے رہائشی جوڑے نے خریدا تھا جس نے 1 لاکھ روپے آشا دیوی اور بقیہ ساڑھے 3 لاکھ روپے پروکرز کو ادا کیے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • بچوں کی طویل بیماری سے پریشان جوڑے نے بچوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی کرلی

    بچوں کی طویل بیماری سے پریشان جوڑے نے بچوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک جوڑے نے اپنے بچوں کی بیماری سے مایوس ہو کر پہلے دونوں بچوں کو زہر دیا اور خود بھی زہر کھا کر خودکشی کرلی۔

    بھارتی ریاست حیدر آباد کے علاقہ کشائی گوڑہ میں ایک خاندان نے اجتماعی خودکشی کرلی۔

    ستیش اور ویدا نامی جوڑا، کنڈی گوڈا میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں اپنے بچوں کے ساتھ مقیم تھے، دونوں سافٹ ویئر ملازم تھے، جوڑے کے 2 بچے 9 سالہ نشکیت اور 5 سالہ نہال تھے اور دونوں بچے بیمار بتائے جارہے تھے۔

    جوڑے نے پہلے بچوں کو پوٹاشیئم سائنائیڈ کا زہر دیا اور بعد ازاں خود بھی کھا لیا۔

    اہل مھلہ کے اطلاع دینے پر پولیس نے گھر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتتقل کردیا، پولیس مزید تفتیش بھی کر رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کسی لاعلاج مرض کا شکار تھے جس پر مایوس ہو کر دونوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

  • کپل شرما کو شو کے دوران کون سا لفظ کہنے سے منع کیا گیا؟

    کپل شرما کو شو کے دوران کون سا لفظ کہنے سے منع کیا گیا؟

    معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کا کہنا ہے کہ شو کرنے سے قبل بعض دفعہ انہیں کچھ لفظوں کے استعمال سے منع کیا جاتا ہے۔

    بالی وڈ اداکار اور کامیڈین کپل شرما نے کہا ہے کہ حال ہی میں ایک چینل پر پروگرام سے قبل انتظامیہ نے انہیں لفظ پاگل استعمال کرنے سے منع کیا تھا۔

    کپل شرما واٹ ویمن وانٹ ودھ کرینہ کپور میں مہمان بنے جہاں انہوں نے اپنی فلم زویگاڈو سے متعلق اور دوسرے سوالات کے دلچسپ جواب دیے۔

    طنز و مزاح کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کامیڈینز کو کچھ معاملات میں محتاط رہنا پڑتا ہے۔

    جب ان سے کرینہ کپور نے پوچھا کہ 10 سال قبل لوگ جس مذاق سے محظوظ ہوتے تھے اب اس پر غصہ کر جاتے ہیں، اس لیے پروگرام کی تیاری کرتے وقت کن باتوں کو مدنظر رکھتے ہیں؟

    اس پر کپل شرما نے بتایا کہ جب میں امرتسر سے شوبز میں آیا اس وقت پنجاب میں مذاق اس حد تک عام تھا کہ شادیوں کے موقع پر لڑکی والے دولہے کو مختلف ناموں سے پکار کر چھیڑتے تھے جبکہ جسمانی خدوخال پر بھی جملے کسے جاتے تھے جو کہ وہاں کی ثقافت میں شامل تھا مگر اب یہ باتیں ’باڈی شیمنگ‘ بن گئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب چینلز کے لیے پروگرام کرتے ہیں تو ان کی جانب سے آپ کو کچھ الفاظ نہ بولنے کی ہدایات دی جاتی ہیں، حالیہ دنوں میں ہی ایک چینل کی جانب سے مجھے کہا گیا کہ آپ لفظ پاگل استعمال نہیں کر سکتے۔

    انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مجھے اس کی وجہ سمجھ نہیں آئی اور میں نے پوچھا کیوں، جس پر بتایا گیا کہ دراصل اس پر لوگ برا مان جاتے ہیں۔

    کپل شرما نے لفظ پاگل کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک ایسا لفظ ہے جسے ہم عام طور پر اپنے بچوں اور بہن بھائیوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔

  • بی جے پی کا 18 سالہ اقتدار: کروڑوں نوجوانوں کا مستقبل برباد، ہزاروں نے خودکشی کرلی

    بی جے پی کا 18 سالہ اقتدار: کروڑوں نوجوانوں کا مستقبل برباد، ہزاروں نے خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 18 سالہ دور حکومت میں کروڑوں نوجوانوں کا مستقبل برباد ہوا، لاکھوں بے روزگار ہوئے جبکہ ہزاروں نوجوانوں نے خودکشی کرلی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے نوجوانوں کے لیے یوا نیتی نامی منصوبے کا افتتاح کیا، اس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد اپوزیشن کانگریس نے 18 سالہ بی جے پی حکومت کی جعلسازیوں کی فہرست جاری کردی۔

    کانگریس کا دعویٰ ہے کہ ریاست میں بی جے پی کی 18 سالہ حکومت میں 10 ہزار سے زائد طلبا اور تقریباً 7 ہزار نوجوانوں نے خودکشی کی۔

    کانگریس کے مطابق 37 لاکھ سے زائد خواندہ نوجوانوں اور 1 لاکھ سے زائد غیر تربیت یافتہ نوجوانوں نے ملازمتوں کے لیے ریاستی حکومت سے رابطہ کیا تاہم گزشتہ تین سالوں میں ریاستی حکومت صرف 21 ملازمتیں ہی دے سکی۔

    کانگریس کے ریاستی یوتھ ونگ کے صدر وکرانت بھوریا کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت کے سرپرستی میں افسران اور طاقتور سیاسی لیڈروں نے مضبوط گٹھ جوڑ قائم کیا، اور سرکاری ملازمتوں کے لیے بھرتی کے امتحان سے متعلق ایک درجن سے زائد جعلسازیاں سامنے آئیں جس سے مدھیہ پردیش میں تقریباً 1 کروڑ نوجوانوں کا مستقبل برباد ہو گیا۔

    انہوں نے کہا کہ سنہ 2006 میں پرائیوٹ ڈینٹل اور میڈیکل کالج کے داخلوں میں بے شمار جعلسازیاں کی گئیں، یہ اسکینڈل اتنا بڑا تھا کہ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے بھی سپریم کورٹ کے سامنے اس کی تفتیش سے معذوری کا اظہار کردیا تھا۔

    یوتھ ونگ کے صدر کا کہنا تھا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ کو ان اسکینڈلز کی رپورٹ قوم کے سامنے رکھنی پڑے گی۔