Tag: انڈیا

  • بھارت: کرونا مریضوں کو ریمڈیسیور کی جگہ پانی والے انجیکشنز دیے جانے لگے

    بھارت: کرونا مریضوں کو ریمڈیسیور کی جگہ پانی والے انجیکشنز دیے جانے لگے

    نئی دہلی: بھارت میں ریمڈیسیور انجیکشن کی جگہ پانی والے انجیکشن دینے والے اسپتال کے 2 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا، پانی کے انجیکشن کی وجہ سے کووڈ 19 کے 2 مریضوں کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں کرونا انفیکشن کے مریضوں کی زندگی بچانے والے ریمڈیسیور انجیکشن کی جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر رات ڈھائی بجے سرویلنس ٹیم نے مریض کے تیمار دار کے بھیس میں چھاپہ مارا اور میرٹھ کے سبھارتی میڈیکل کالج اسپتال کے 2 ملازمین انکت اور عابد کو گرفتار کرلیا۔

    تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ اسپتال میں آنے والے ریمڈیسیور کی جگہ مریضوں کو پانی کا انجیکشن دیا کرتے تھے اور بچائے گئے انجیکشن کو 25 سے 30 ہزار روپے تک میں بلیک کیا کرتے تھے۔

    اس کے نتیجے میں غازی آباد کے رہائشی ایک مریض کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔ اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک اور مریض کی پانی کے انجیکشن کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔

    پولیس نے گرفتار شدہ ملزمان سے کی گئی تفتیش کی بنیاد پر کئی مقامات پر چھاپے مار کر وہاں سے انجیکشن برآمد کرلیے ہیں، پولیس نے اسپتال کے ٹرسٹی سمیت 10 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔

  • کرونا وائرس میں مبتلا ڈاکٹر کا موت سے قبل آخری پیغام سب کو رلا گیا

    کرونا وائرس میں مبتلا ڈاکٹر کا موت سے قبل آخری پیغام سب کو رلا گیا

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس میں مبتلا ایک ڈاکٹر کا فیس بک پر دردناک پیغام آخری ثابت ہوا، ان کی موت کے بعد ان کی اس پوسٹ نے لوگوں کو رلا دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والی 51 سالہ سینئر میڈیکل افسر ڈاکٹر منیشا جدھاؤ کرونا وائرس میں مبتلا اور اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

    اتوار کی صبح سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ میرا آخری گڈ مارننگ ہو۔ میں آپ کو اس پلیٹ فارم پر اب نہیں ملوں گی۔

    انہوں نے لکھا کہ جسم مر جاتا ہے لیکن روح نہیں مرتی، روح لافانی ہے۔

    یہ الفاظ ڈاکٹر منیشا کے آخری الفاظ ثابت ہوئے، اس کے اگلے ہی دن کرونا وائرس کے سبب وہ دم توڑ گئیں۔

    منیشا کی پوسٹ پڑھنے کے بعد ان کے دوستوں اور اہل خانہ نے انہیں حوصلہ دیا اور کہا کہ فکر نہ کرو، آپ جلد ہی واپس آئیں گی، ہم آپ کے ساتھ ہیں آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔ لیکن ڈاکٹر منیشا جانبر نہ ہوسکیں۔

    ڈاکٹر منیشا مہاراشٹر کے سرکاری اسپتال میں خدمات انجام دینے والی پہلی ڈاکٹر بن گئی ہیں جو کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئیں۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق مہاراشٹر میں اب تک 18 ہزار کے قریب ڈاکٹر کرونا وائرس کا شکار اور 168 ڈاکٹر اس سے ہلاک ہوئے ہیں۔

    ڈاکٹر منیشا کی موت پر شہر کے میئر نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کرونا وائرس کی صورتحال کو خطرناک قرار دیا ہے۔

  • بھارت: قرض کی قسط نہ دینے پر بینک ملازمین کا بوڑھی خاتون پر شدید تشدد

    بھارت: قرض کی قسط نہ دینے پر بینک ملازمین کا بوڑھی خاتون پر شدید تشدد

    نئی دہلی: بھارت میں 25 ہزار روپے کا معمولی قرض ادا نہ کرسکنے پر بینک کے ملازمین نے قرض لینے والے اور اس کی ماں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے بزرگ خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا، پولیس کے مطابق رام نگر گاؤں کے رہائشی شخص نے مائیکرو فنانس بینک سے 25 ہزار روپے قرض لیا تھا جس کی قسط وہ بروقت ادا نہیں کرسکا۔

    قسط وصول کرنے آئے کمپنی کے ملازم مشتعل ہوگئے اور مزید افراد کو بلا کر مذکورہ شخص اور اس کی ماں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تشدد سے بزرگ خاتون موقع پہ ہی دم توڑ گئی جس کے بعد گاؤں والوں نے کمپنی کے ملازمین کو یرغمال بنا لیا۔

    پولیس کے مطابق ملازمین کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فورس موقع پر پہنچی اور ملازمین کو گاؤں والوں سے آزاد کروایا۔

    بعد ازاں بزرگ خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مرکزی اسپتال بھیج دی گئی۔ پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے موقع پر موجود تمام ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

  • عمان کا بھارت کے لیے ٹریول الرٹ جاری

    عمان کا بھارت کے لیے ٹریول الرٹ جاری

    مسقط: عمان نے بھارت میں کرونا وائرس کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اپنے شہریوں کو بھارت کا غیر ضروری سفر کرنے سے منع کردیا۔

    عمان نیوز ایجنسی کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں واقع عمانی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ اگر کوئی بہت ضروری کام نہ ہو تو عمانی شہری بھارت کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

    یہ فیصلہ بھارت میں کرونا وائرس کی بے قابو صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے جہاں روزانہ 2 لاکھ کووڈ 19 کے نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

    دوسری جانب برطانیہ نے بھی بھارت کو ریڈ لسٹ میں شامل کر کے بھارت کے خلاف سفری پابندیاں مزید ‏سخت کر دی ہیں۔

    برطانوی سیکریٹری صحت کا کہنا ہے کہ 23 اپریل سے بھارت کو سفری ریڈ لسٹ میں شامل کردیا جائے گا جس کے بعد بھارت سے برطانیہ آنے والوں پر پابندی عائد ہوجائے گی۔

    برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن پہلے ہی کرونا وائرس کی وجہ سے اپنا دورہ بھارت منسوخ کرچکے ہیں۔

  • بھارت میں کنبھ میلے کے اثرات، کرونا کیسز کی یومیہ تعداد 2 لاکھ تک پہنچ گئی

    بھارت میں کنبھ میلے کے اثرات، کرونا کیسز کی یومیہ تعداد 2 لاکھ تک پہنچ گئی

    نئی دہلی: بھارت میں دھوم دھام سے کنبھ کا میلا منانا رنگ لانے لگا، ملک بھر میں کرونا وائرس کے روزانہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے بڑھ کر 2 لاکھ تک پہنچ گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق چند روز قبل ہونے والے کنبھ کے میلے میں 14 لاکھ سے زائد افراد نے مذہبی رسومات ادا کیں جس کے بعد بھارت میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کیسز کی روزانہ تعداد 1 سے 2 لاکھ پر پہنچ گئی۔

    ریاست اتر کھنڈ کے علاقے ہردوار میں جاری کنبھ میلے میں 30 سادھوؤں سمیت 2 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 1 ہزار 185 کووڈ 19 مریض دم توڑ گئے۔

    بھارت میں کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 42 لاکھ 91 ہزار 917 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 15 لاکھ 69 ہزار 716 ہے۔

    ملک میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 74 ہزار 335 ہوچکی ہے جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 25 لاکھ 47 ہزار 866 ہے۔

    بھارت میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے اور متعدد ریاستوں میں ویکسین کی کمی کی شکایات بھی ملی ہیں جس کے بعد بھارت نے کرونا وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے ویکسین کی برآمد روک دی ہے۔

  • بھارت میں روزانہ 1 لاکھ کرونا کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

    بھارت میں روزانہ 1 لاکھ کرونا کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کیسز میں ریکارڈ اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں پھر 1 لاکھ 84 ہزار نئے کووڈ کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال بے قابو ہوچکی ہے، بھارت میں کووڈ 19 کے مسلسل روزانہ 1 لاکھ سے زائد نئے کیسز رپورٹ کیے جارہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھی ملک میں ریکارڈ 1 لاکھ 84 ہزار نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    بھارت میں کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 38 لاکھ 73 ہزار 825 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 13 لاکھ 65 ہزار 674 ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وبا سے مزید 1 ہزار 24 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد ملک میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 72 ہزار 115 ہوچکی ہے۔ ملک میں صحت یاب مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 23 لاکھ 36 ہزار 35 ہے۔

    کرونا وائرس کیسز میں اضافے کے باوجود بھارت میں سالانہ کنبھ میلہ روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

    بھارت میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے اور متعدد ریاستوں میں ویکسین کی کمی کی شکایات بھی ملی ہیں جس کے بعد بھارت نے کرونا وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے ویکسین کی برآمد روک دی ہے۔

  • بھارت: گدوں میں روئی کی جگہ استعمال شدہ ماسک بھرے جانے لگے

    بھارت: گدوں میں روئی کی جگہ استعمال شدہ ماسک بھرے جانے لگے

    نئی دہلی: بھارت میں گدے بنانے والی ایک فیکٹری گدوں کے اندر روئی کی جگہ استعمال شدہ فیس ماسک بھرنے لگی جس کا انکشاف ہونے پر پولیس نے کریک ڈاؤن کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں گدے بنانے والی فیکٹری پر پولیس نے چھاپہ مار کر استعمال شدہ فیس ماسکس کا ڈھیر برآمد کرلیا۔ فیکٹری میں بننے والے گدوں میں روئی کی جگہ فیس ماسکس بھرے جارہے تھے۔

    پولیس نے فیکٹری کے مالک کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات شروع کردیں۔ فیکٹری سے ملنے والے استعمال شدہ ماسکس کے ڈھیر کو پولیس نے نذر آتش کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے مالک کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد اس ریکٹ میں شامل مزید دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔

  • نیوزی لینڈ نے بھارت پر سفری پابندی عائد کردی

    نیوزی لینڈ نے بھارت پر سفری پابندی عائد کردی

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے بھارت سے آنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی، نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے کیسز دوبارہ رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر مریض بھارت سے آئے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث نیوزی لینڈ نے بذریعہ بھارت نیوزی لینڈ آنے والے افراد اور بھارتی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    پابندی کا اعلان نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسینڈا آرڈرن نے آکلینڈ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے بھارت سے آنے والوں پر پابندی 11 سے 28 اپریل تک عائد رہے گی۔

    نیوزی لینڈ نے یہ پابندی ملکی سرحد پر کرونا وائرس کے 23 مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد لگائی جن میں سے 17 بھارت سے آنے والے افراد تھے۔

    دوسری جانب بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے، بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے 1 لاکھ 26 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔

    بھارت میں اب تک کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 1 کروڑ 29 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 1 لاکھ 66 ہزار مریض موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔ ملک میں کووڈ 19 کے فعال کیسز کی تعداد 9 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے۔

  • پولیس سے شادی کی گزارش کرنے والے ڈھائی فٹ کے عظیم کو دلہن مل گئی

    پولیس سے شادی کی گزارش کرنے والے ڈھائی فٹ کے عظیم کو دلہن مل گئی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش کے ڈھائی فٹ قد کے مالک عظیم منصوری کی دلہن کی تلاش ختم ہوگئی، انہیں اپنی پسند کی شریک حیات مل گئی جس کا قد بھی انہی کی طرح ڈھائی فٹ ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق عظیم منصوری نے کچھ عرصہ قبل پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس سے اپنے لیے دلہن ڈھونڈنے کی گزارش کی تھی، اس وقت ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اتنی وائرل ہوئی تھی کہ ہر شخص انہیں پہچاننے لگا تھا۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وہ راتوں رات مشہور ہوگئے تھے اور ملک کے مختلف حصوں سے ان کے لیے رشتے آنے لگے۔ ان ڈھیر سارے رشتوں میں عظیم منصوری نے ہاپوڑ کی رہائشی بشریٰ کو اپنی شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا۔ بشریٰ کا قد بھی ڈھائی فٹ ہے۔

    دونوں کی بات طے پاچکی ہے اور جلد ہی دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔ 20 سالہ بشریٰ بی کام سال اول کی پڑھائی کر رہی ہے اور پڑھائی پوری ہونے کے بعد دونوں کا نکاح ہو جائے گا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بشریٰ کی بڑی بہن زویا کا کہنا ہے کہ عظیم اور بشریٰ کی شادی طے ہونے کے بعد ہم سب بہت خوش ہیں اور بشریٰ بہت خوش قسمت ہے کہ اسے عظیم جیسا ہمسفر ملا ہے۔

    بشریٰ کی والدہ نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ زویا کے لیے بھی لڑکا دیکھ رہے ہیں اور جلد دونوں بہنوں کا ایک ساتھ نکاح کردیا جائے گا۔

  • انسٹاگرام کی محبت، بھارتی لڑکی عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں پہنچ گئی

    انسٹاگرام کی محبت، بھارتی لڑکی عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں پہنچ گئی

    نئی دہلی: بھارت کے شہر میرٹھ کی رہائشی عائشہ محبت کی خاطر سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اپنے محبوب کے گاؤں پہنچی اور عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں کی زندگی بسر کرنے لگی، دونوں کی دوستی انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کی رہائشی عائشہ اور بہار کے صدام کا رابطہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے ہوا، پہلے ان دونوں میں دوستی ہوئی اور پھر جلد ہی یہ دوستی محبت میں بدل گئی جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا۔

    صرف 5 ماہ قبل محبت کے رشتے میں بندھنے والی عائشہ اپنے شہر میرٹھ سے تن تنہا دہلی اور پھر صدام کے گاؤں ارریہ پہنچ گئی۔

    عائشہ کا تعلق ایک متمول گھرانے سے تھا تاہم محبت کی خاطر اس نے عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر صدام کے لیے گاؤں کی زندگی بسر کرنے کو ترجیح دی۔

    اس واقعے کا علم جیسے ہی مقامی رکن اسمبلی وجے کمار منڈل کو ہوا، انہوں نے اس جوڑے کو اپنی رہائش گاہ پر بلا کر دونوں کی مرضی معلوم کی، پھر صدام کے اہل خانہ کی رضا مندی اور عائشہ کے بالغ ہونے کے مصدقہ کاغذات دیکھ کر اپنی رہائش گاہ پر ہی دونوں کا نکاح کروا دیا۔

    عائشہ کے اہل خانہ اس شادی کے لیے راضی نہیں تھے لیکن عائشہ نے محبت کی خاطر سب کو چھوڑ دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جس ماحول میں عائشہ کی پرورش ہوئی ہے اس کے لیے ایک اجنبی مقام کی زبان اور تہذیب و ثقافت بالکل مختلف ہے لیکن اس نے اپنے شوہر صدام اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔