Tag: انڈیا

  • درخت کے نیچے کھڑے افراد پر آسمانی بجلی گر پڑی، خوفناک ویڈیو

    درخت کے نیچے کھڑے افراد پر آسمانی بجلی گر پڑی، خوفناک ویڈیو

    نئی دہلی: بھارت میں درخت کے نیچے کھڑے 4 افراد پر آسمانی بجلی گر پڑی، چاروں افراد جھلس گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے قریب واقع شہر گروگرام میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جھلس گئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بجلی درخت کے قریب کھڑے 4 افراد پر گری۔

    مذکورہ افراد محکمہ ہارٹی کلچر کے ملازمین تھے، بجلی گرنے سے چاروں افراد زمین پر گر گئے، موقع پر موجود افراد نے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

    خیال رہے کہ نئی دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں جمعہ سے موسلا دھار بارش جاری ہے، دہلی، نوئیڈا، غازی آباد اور گروگرام سمیت کئی علاقوں میں بارش کے بعد جل تھل ایک ہوگیا۔

    گہرے بادلوں کی وجہ سے مذکورہ علاقوں میں گھپ اندھیرا چھا گیا اور لوگوں کو سفر کرتے ہوئے گاڑیوں کی لائٹس روشن کرنی پڑیں۔

    بارش کے بعد درجہ حرارت میں بھی 5 ڈگری کمی دیکھی گئی۔

  • بھارت: کھدائی کے دوران سونے کے قدیم سکے دریافت، مزدور آپس میں لڑ پڑے

    بھارت: کھدائی کے دوران سونے کے قدیم سکے دریافت، مزدور آپس میں لڑ پڑے

    بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک تعمیراتی سائٹ سے کھدائی کے دوران مغلوں کے دور کے سونے کے سکے برآمد ہوئے جن کی مالیت 1 کروڑ بھارتی روپے سے زائد ہے۔

    مہاراشٹرا کے علاقے چھکیلی سے ملنے والے ان تاریخی سکوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے، ان کے ساتھ تانبے کا ایک قدیم کنٹینر بھی دریافت ہوا ہے۔

    ان سکوں کی تعداد 216 ہے جبکہ ان کا وزن مجموعی طور پر 2 ہزار 357 گرام ہے، ایک سکے کی مالیت 60 سے 70 ہزار بھارتی روپے ہے اور تمام سکوں کی کل مالیت 1 کروڑ 30 لاکھ بھارتی روپے ہے۔

    ماہرین کے مطابق یہ سکے 1720 سے 1750 عیسوی کے درمیان کے ہیں، سکوں پر اردو اور عربی میں راجہ محمد شاہ کی مہر لگی ہوئی ہے۔

    مزدوروں کا جھگڑا انہیں لے ڈوبا

    مقامی پولیس کو چند روز قبل اطلاع ملی تھی کہ صدام سالار خان پٹھان نامی ایک شخص ان سکوں کو غیر قانونی طور پر چھپائے بیٹھا ہے، پولیس نے زیورات کی پہچان کے ماہرین کے ساتھ اس کے گھر پر چھاپہ مارا اور سکے برآمد کرلیے۔

    پولیس کا کہنا ہے 3 ماہ قبل صدام کے سسر اور سالا دوسرے ضلعے سے یہاں مزدوری کے لیے آئے تھے، صدام انہیں قریب واقع ایک تعمیراتی سائٹ پر لے گیا۔

    وہاں کام کرنے کے کچھ روز بعد کھدائی کے دوران دونوں باپ بیٹے کو کچھ طلائی سکے ملے، وہ انہیں صدام کے گھر لائے اور اسے دکھایا۔ صدام انہیں لے کر واپس اس جگہ پہنچا اور مزید کھدائی کی تو انہیں 216 سکے اور تانبے کا کنٹینر ملا۔

    یہ انہیں خاموشی سے گھر لے آئے تاہم اس کی تقسیم کے معاملے پر تینوں میں پھوٹ پڑ گئی جس سے بات پھیل گئی اور پولیس تک جا پہنچی۔

    پولیس نے سکے اور کنٹینر محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کردیے ہیں جبکہ صدام اور اس کے عزیزوں کو وارننگ دے کر گھر بھیج دیا گیا۔

  • بھارت: بچوں کے اغوا کی جھوٹی خبر سے گاؤں والے پریشان

    بھارت: بچوں کے اغوا کی جھوٹی خبر سے گاؤں والے پریشان

    نئی دہلی: بھارت کے ایک گاؤں میں بچوں کے اغوا کی جھوٹی خبر پھیلنے سے سراسیمگی پھیل گئی، پولیس نے بچوں کو برابر کے گاؤں سے ڈھونڈ نکالا جو کھیلتے ہوئے وہاں چلے گئے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں میں بچوں کے اغوا کی افواہ سے خوف اور بے چینی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    غائب ہونے والے 4 بچے کھیلتے ہوئے برابر واقع گاؤں میں چلے گئے تھے، پیچھے گاؤں میں کسی نے افواہ اڑا دی کہ بچوں کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

    افواہ پھیلتے ہی لوگوں میں بے چینی پھیل گئی، اس دوران پولیس کو بھی اطلاع دے دی گئی۔

    پولیس نے آس پاس تلاش کیا تو بچے دوسرے گاؤں سے مل گئے جو آرام سے اپنے کھیل میں مگن تھے۔ پولیس انہیں لے کر واپس گاؤں پہنچی اور اہل خانہ کے حوالے کیا۔

    بچوں نے بتایا کہ وہ کھیل میں مگن ہو کر دوسری طرف نکل گئے تھے جس پر گاؤں والوں نے سکون کا سانس لیا۔

  • بھارتی شہری نے خود کو گولی مار کر پڑوسیوں کو پھنسا دیا

    بھارتی شہری نے خود کو گولی مار کر پڑوسیوں کو پھنسا دیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے غلطی سے اپنے گھٹنے پر گولی مار لی اور پوچھ گچھ سے بچنے کے لیے جعلی کہانی بنا کر پڑوسی لڑکوں پر اس کا الزام دھر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی ہی چلائی گولی سے حادثاتی طور پر زخمی ہونے والے شخص کا نام سجیت کمار ہے اور وہ بس ڈرائیور ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات پولیس ہیلپ لائن پر کال آئی جس میں سجیت کمار نے کہا کہ وہ اپنے گھر کے قریب موجود پارک کے پاس کھڑے سگریٹ پی رہے تھے کہ 2 لڑکے موٹر سائیکل پر آئے اور معمولی سی بات پر ان کے بائیں گھٹنے پر گولی مار کر فرار ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سجیت کمار اسپتال میں ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ڈپٹی کمشنر پولیس نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کے دوران سجیت کمار سوالات کا درست طریقے سے جواب نہیں دے سکے اور معاملے کو دوسری جانب لے جانے کی کوشش کی۔

    انہوں نے بتایا کہ عینی شاہدین نے بھی کسی طرح کی فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں دیکھا اور جہاں واقعہ ہوا وہاں سے خون کے نشانات بھی نہیں ملے۔

    کمشنر کے مطابق پولیس کی تفتیش اور لڑکوں کے بیان سے یہ بات سامنے آئی کہ سجیت کمار کے پاس پستول تھا، جو اس نے صبح پڑوسی لڑکوں کو بھی دکھایا، بعد میں جب وہ پستول لے کر اپنے کمرے میں گئے تو اس کے بعد زخمی گھٹنے کے ساتھ باہر نکلے۔

    پڑوس کے انہی لڑکوں نے اسے مدد کی پیشکش کی تو انہوں نے انکار کر دیا۔

    پولیس نے بعد ازاں سجیت کمار کی بیوی کو بھی ان کے رشتے دار کے گھر سے گرفتار کرلیا۔

    سجیت کی اہلیہ نے بعد میں پولیس کو اپنے بیان میں کہا کہ ان کے شوہر نے غلطی سے خود کو گولی مار لی تھی اور پستول انہوں نے اپنے کسی دوست یا رشتے دار سے لیا تھا، انہوں نے اپنے شوہر کو بچانے کے لیے اس کی ہدایت پر یہ سب کیا۔

    پولیس نے پستول بھی برآمد کر لیا جو سجیت کمار کی بیوی نے اپنے رشتے دار کے اسکوٹر میں چھپا رکھا تھا۔

    پولیس نے سجیت کمار کے خلاف آرمز ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کر لی ہے جبکہ اس سے پہلے بھی وہ قتل اور غیر قانونی اسلحہ کے کیسز میں ملوث رہے ہیں۔

  • ملک کے بڑے اداروں میں آر ایس ایس کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے: راہول گاندھی

    ملک کے بڑے اداروں میں آر ایس ایس کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے: راہول گاندھی

    نئی دہلی: بھارت کے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام بڑے اداروں میں آر ایس ایس کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے، مودی حکومت کے فیصلوں سے ملک کی معیشت تباہ ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کورنیل یونیورسٹی کے پروفیسر کوشک باسو سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کی اور ہندوستان کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ مختلف مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    اپنے انٹرویو میں راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ملک کے سبھی بڑے اداروں میں ایک سوچ کے لوگوں کو شامل کیا جارہا ہے جو ہندوستان کے لیے سخت نقصان دہ ہے، تمام بڑے اداروں پر آر ایس ایس کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے۔

    راہول کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن لیڈروں کو بولنے سے روکا جا رہا ہے، انہیں آواز اٹھانے نہیں دی جارہی، لوک سبھا میں اگر حکومت کے خلاف کچھ بھی کہا جاتا ہے تو مائیک بند کردیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں آج صرف ماضی کی باتیں ہو رہی ہیں، حکومت مستقبل کی بات نہیں کرنا چاہتی، اگر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو آپ کو پرانی باتوں کو یاد نہیں کرنا چاہیئے بلکہ مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔

    راہول گاندھی نے مودی سرکار کی پالیسیوں پر بھی تنقید کی، انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی جیسے فیصلوں سے ملک کی معیشت بری طرح تباہ ہوئی، ان فیصلوں سے ملک کے چھوٹا کاروباری طبقہ برباد ہوگیا، اور اب حکومت کسانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

  • بھارت: کچی آبادی کے مکینوں پر دھوکے سے کرونا ویکسین کا تجربہ

    بھارت: کچی آبادی کے مکینوں پر دھوکے سے کرونا ویکسین کا تجربہ

    نئی دہلی: بھارت میں مقامی طور پر تیار کردہ کرونا ویکسین کا تجربہ دھوکے سے کچی آبادی کے رہائشیوں پر کردیا گیا، دھوکے سے کیے گئے کلینیکل ٹرائل میں آدھے لوگوں کو تجرباتی ویکسین اور بقیہ نصف کو انجیکشن میں بے ضرر سیال دیا گیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھوپال میں لوگوں کو دھوکا دے کر کرونا ویکسین کا تجربہ کیا گیا، بھوپال کی کچی آبادی شنکر نگر کے غریب لوگوں کو اس کے بدلے 750 روپے دیے گئے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کی مقامی کوویڈ ویکسین کوویکسن کا کلینیکل ٹرائل تھا جس میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی، شنکر نگر کے غریب رہائشیوں کو کوویڈ ویکسین کا کہہ کر ان پر کلینیکل تجربہ کیا گیا۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں کہا گیا کہ اگر ویکسین نہ لگوائی تو کرونا وائرس ہوجائے گا، کلینیکل ٹرائل میں آدھے لوگوں کو تجرباتی ویکسین اور بقیہ نصف کو انجیکشن میں بے ضرر سیال دیا گیا۔

    مذکورہ ’ویکسین‘ لینے کے بعد لوگوں کی اکثریت یہ سمجھتی رہی کہ وہ کوویڈ 19 سے محفوظ ہو گئے ہیں اور انہوں نے حفاظتی اقدامات کم کر دیے۔

    اس سے قبل بھارت میں تیار ایسٹرا زینیکا ویکسین غیرمؤثر ثابت ہونے پر جنوبی افریقہ سے واپس کردی گئی تھی۔

    جنوبی افریقہ نے خط لکھ کر بھارتی حکام کو آگاہ کیا تھا کہ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں بنی ویکسین کرونا وائرس کی نئی قسم پر ‏اثر نہیں کرتی اس لیے وہ اپنے ویکسی نیشن پروگرام میں بھارت سے ملنے والی ویکسین کے استعمال کو روک رہے ہیں۔

    جنوبی افریقہ نے ایک ملین ‏ویکسین بھارت سے خریدی تھی جو فروری کے پہلے ہفتے جنوبی افریقہ پہنچی تھی، 5 لاکھ مزید ویکسین جلد ہی جنوبی افریقہ پہنچنے والی تھی جس کی ترسیل فوری طور پر روک دی گئی ہے۔

  • بی جے پی کا رکن 20 سالہ خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی میں ملوث

    بی جے پی کا رکن 20 سالہ خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی میں ملوث

    نئی دہلی: بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا ایک رکن 20 سالہ خاتون کے اغوا اور اجتماعی زیادتی کے ہولناک جرم میں ملوث پایا گیا جس کے بعد اسے پارٹی سے بے دخل کردیا گیا، پولیس بھی واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک مقامی کارکن کی جانب سے 20 سالہ دوشیزہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا تھا جس کے بعد مذکورہ کارکن کو پارٹی سے بے دخل کردیا گیا۔

    پارٹی کے ضلعی صدر کمل پرتاپ سنگھ نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجتماعی عصمت دری کے معاملے میں وجے ترپاٹھی کا نام آنے کے بعد پارٹی سے ان کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون نے وجے ترپاٹھی سمیت مقامی طور پر نمایاں 3 مزید افراد کے نام لیے تھے جس کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی تھی۔

    خاتون نے بتایا کہ مذکورہ 4 افراد نے اسے گھر کے سامنے سے اغوا کیا، بعد ازاں وہ اسے ایک فارم ہاؤس پر لے گئے اور منشیات دینے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    بعد ازاں وہ اسے بے ہوش حالت میں اس کے گھر کے سامنے چھوڑ گئے۔

    دوسری جانب پارٹی کے ضلعی صدر کمل پرتاپ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے گھناؤنے جرم میں ملوث افراد اور ایسے کارکنوں کے لیے بی جے پی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس طرح کے سلوک اور جرم کی شدید مذمت کرتی ہے، پارٹی نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ان کی بنیادی رکنیت ختم کردی ہے۔

  • بھارتی کسانوں نے اپنی فصلیں تباہ کرنا شروع کردیں

    بھارتی کسانوں نے اپنی فصلیں تباہ کرنا شروع کردیں

    نئی دہلی: متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی کسانوں نے اپنی فصلیں بھی تباہ کرنا شروع کردیں، بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے اقدام نہ اٹھائیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق زرعی قوانین کے خلاف کئی ماہ سے احتجاج کرنے والے کسانوں نے اب اپنی فصلوں کو بھی تباہ کرنا شروع کردیا، اب تک 4 کسان اپنے کھیتوں پر کھڑی فصل تباہ کرچکے ہیں۔

    بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) ان واقعات پر دلگرفتہ ہے اور اس نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے اقدام نہ اٹھائیں۔

    اس سے قبل بھارتیہ کسان یونین کے ہی ترجمان راکیش ٹکیت نے اتر پردیش کے کسانوں سے گزارش کی تھی کہ وہ تحریک میں پہنچنے کے لیے چاہے اپنی کھڑی فصل کو تباہ کر دیں، لیکن مظاہرے میں ضرور شامل ہوں۔

    اس اپیل کے بعد کسانوں نے اپنی فصلیں تباہ کرنی شروع کردی ہیں تاہم اب یونین تشویش کا شکار ہے۔

    ایک موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کسان یونین کے میڈیا انچارج دھرمیندر ملک نے کہا کہ اب تک 4 مقامات سے فصل تباہ کرنے کی خبر آئی ہے، ہم نے ان سے ذاتی طور پر بات بھی کی ہے۔ ساتھ ہی ایک بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی کسان کو فصل برباد کرنے کے لیے نہیں کہا گیا، بلکہ یہ کہا گیا کہ اگر ایسی بھی نوبت آئی تو کسانوں کو اس کے لیے تیار رہنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی ایسے حالات نہیں آئے کہ فصلوں کو تباہ کیا جائے۔ ہم نے اپریل تک کے لیے کہا تھا کہ اگر حکومت ہم پر دباؤ ڈالے گی تو ہم ایسا اقدام کرنے کا سوچیں گے، کسانوں سے گزارش ہے کہ اس طرح کا قدم نہ اٹھائیں۔

    اس حوالے سے جب ترجمان راکیش ٹکیت سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کسانوں نے خود کہا تھا کہ تحریک میں اگر ضرورت پڑی تو ہم اپنی فصل کی قربانی بھی دیں گے لیکن فی الحال اس کی ضرورت نہیں پڑی۔

    انہوں نے عندیہ دیا کہ اس طرح کا وقت اپریل میں آئے گا جب فصلوں کی کٹائی ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فصلوں کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ متفقہ طور پر 20 اپریل کے آس پاس کیا جائے گا۔

  • کوبرا سانپ کو بچانے کے لیے شہری نے پانی میں چھلانگ لگا دی

    کوبرا سانپ کو بچانے کے لیے شہری نے پانی میں چھلانگ لگا دی

    کوبرا سانپ کی زہر ناکی سے کون واقف نہیں ہے، تاہم بھارت میں چند افراد نے کوبرا کو مشکل میں دیکھا تو اپنی جان پر کھیل کر اسے بچا لیا۔

    یہ واقعہ بھارت کے ایک گاؤں میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں چند افراد دکھائی دے رہے ہیں جو ایک کنویں کے قریب کھڑے ہیں۔

    کنویں میں ایک کوبرا سانپ ہے جو ڈوب رہا ہے اور پانی سے باہر نکلنے کی جدوجہد کر رہا ہے، ان افراد نے اس کوبرا کو بچانے کا فیصلہ کیا۔

    پہلے ایک شخص کنویں کی دیوار پر ایک خاص پوزیشن میں کھڑا ہوتا ہے، اس کے بعد دوسرا شخص کنویں کے اندر چھلانگ لگاتا ہے اور پانی اچھال اچھال کر کوبرا کو پہلے شخص کی سمت بڑھنے پر مجبور کرتا ہے۔

    بعد ازاں وہ شخص اپنے آپ کو بچاتے ہوئے کوبرا کو پکڑ لیتا ہے، کوبرا کو بچانے کے بعد اسے پلاسٹک کی بوتل میں بند کیا گیا جس کے بعد اسے جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر ان افراد کی بہادری کی تعریف کی جارہی ہے جنہوں نے اپنی جان پر کھیل ایک موذی جاندار کو بچا لیا۔

  • ٹرین کے نیچے آجانے والی خاتون کیسے محفوظ رہیں؟ حیرت انگیز ویڈیو وائرل

    ٹرین کے نیچے آجانے والی خاتون کیسے محفوظ رہیں؟ حیرت انگیز ویڈیو وائرل

    بھارت میں ایک خاتون ٹرین حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئیں جب وہ فوری فیصلہ کرتے ہوئے پٹری پر لیٹ گئیں اور ٹرین ان کے اوپر سے گزر گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست ہریانہ میں پیش آیا، مال گاڑی پٹریوں پر کھڑی تھی اور روانگی کے لیے سگنل کا انتظار کر رہی تھی جب ایک خاتون نے پٹری کراس کرنے کے لیے ٹرین کے نیچے سے جانے کا فیصلہ کیا۔

    جیسے ہی وہ ٹرین کے نیچے گئیں اسی وقت ٹرین چل پڑی، خاتون فوری طور پر پٹری پر لیٹ گئیں۔

    اس دوران وہاں لوگ بھی جمع ہوگئے، بالآخر ٹرین گزر گئی اور خاتون کو خوش قسمتی سے کوئی چوٹ نہیں پہنچی۔ لوگوں نے ان کی مدد کی اور کھڑے ہونے کے لیے سہارا دیا۔

    سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر مختلف تبصرے کیے۔

    ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایسی کیا ایمرجنسی آن پڑی تھی کہ ٹرین کے نیچے سے رینگ کر جانا پڑا۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ خاتون نے اپنی جان بچائی نہیں بلکہ خطرے میں ڈالی۔