Tag: انڈیا

  • غیر ملکی ایئر لائن نے 100 سے زائد بھارتی ایئر ہوسٹسز کو نوکری سے نکال دیا

    غیر ملکی ایئر لائن نے 100 سے زائد بھارتی ایئر ہوسٹسز کو نوکری سے نکال دیا

    جرمن ایئر لائنز لفتھانسا نے بھارت سے تعلق رکھنے والی اپنی 103 ایئر ہوسٹسز کو نوکری سے نکال دیا، ایئر ہوسٹسز نے ادارے کے سامنے کچھ شرائط رکھی تھیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق لفتھانسا نے بھارت میں اپنے 140 افراد پر مشتمل عملے میں سے 103 ایئر ہوسٹسز کو ملازمت سے برخاست کردیا۔

    ایئر ہوسٹسز نے معاہدے کی توسیع کے موقع پر ملازمت کی گارنٹی مانگی تھی جس پر ادارے نے ان کے معاہدے میں مزید توسیع سے انکار کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی نے انہیں 2 سال تک بغیر تنخواہ کے چھٹی کا متبادل دیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نکالے جانے والے ملازم ایئر لائن کے ساتھ ایک طے شدہ معاہدے پر کام کر رہے تھے اور ان میں سے کچھ 15 سال سے زائد عرصے سے اس کمپنی کے ساتھ تھے۔

    لفتھانسا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس وبا کے شدید مالی اثرات کی وجہ سے ایئر لائن کی تنظیم نو کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے، کمپنی دہلی میں قائم ان ایئر ہوسٹسز کی سروس میں توسیع نہیں کرسکتی جو مقررہ مدت کے معاہدے پر ہیں۔

    ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے ملازمین کو کام سے نکالا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ادارے نے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے 2025 تک کی طویل مدتی منصوبوں میں ہوائی جہاز کی تعداد میں 150 کی کمی کرنی ہوگی، اس سے کیبن کے عملے کے اہلکاروں کی تعداد بھی متاثر ہوگی۔

  • بھارت کے خلاف انگلینڈ کے اہم کھلاڑی بقیہ میچز میں شرکت نہیں کریں گے

    بھارت کے خلاف انگلینڈ کے اہم کھلاڑی بقیہ میچز میں شرکت نہیں کریں گے

    بھارت کے خلاف انگلینڈ کے اہم کھلاڑی معین علی تیسرے اور چوتھے ٹیسٹ میں دستیاب نہیں ہوں گے، کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے معین فی الحال اپنے گھر جانا چاہتے ہیں۔

    انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے منگل کے روز میچ کے بعد تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معین واپس اپنے گھر جارہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔

    یاد رہے کہ معین علی کے لیے گزشتہ کچھ ماہ کافی مشکل رہے ہیں، سری لنکا پہنچنے پر کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے انہیں کافی وقت تک کرکٹ سے دور رہنا پڑا۔

    وہ بھارت کے خلاف موجودہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھی شرکت نہ کرسکے۔

    معین کے جانے کے بعد جانی بیرسٹو اور مارک ووڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی 17 رکنی ٹیم میں واپس آئیں گے، انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی طرف سے دونوں کھلاڑیوں کا نام پہلے ہی تیسرے ٹیسٹ کے لیے طے شدہ تھا جو 24 فروری سے شروع ہوگا۔

    معین نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹیں لی تھیں اور دوسری اننگز میں 43 رنز بنائے تھے۔

    تیسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی 17 رکنی ٹیم میں جوروٹ، جیمس اینڈرسن، جوفرا آرچر، جانی بیرسٹو، ڈومنک بیس، اسٹورٹ براڈ، روری برنس، جیک کرالے، بین فوکس، ڈین لارنس، جیک لچ، اولی پوپ، ڈوم سبلے، بین اسٹوکس، اولی اسٹون، کرس ووکس اور مارک وڈ شامل ہیں۔

  • بالی ووڈ کے ایک اور اداکار نے خودکشی کرلی

    بالی ووڈ کے ایک اور اداکار نے خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے ایک اور اداکار نے خودکشی کرلی، ان کے اس انتہائی اقدام کے اسباب نامعلوم ہیں، اداکار نے خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ بھی کام کیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ عرصہ قبل خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم دھونی میں کام کرنے والے اداکار سندیپ نہر نے بھی خودکشی کرلی۔

    سندیپ کی نعش ممبئی میں ان کے گھر سے ملی، رپورٹس کےمطابق انہیں کمرے میں جھولتا ہوا پایا گیا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹرز نے سندیپ کی موت کی تصدیق کردی۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے، اپنی موت سے قبل سندیپ نے فیس بک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جسے پولیس نے سوسائیڈ نوٹ قرار دیا ہے۔

    اس ویڈیو میں سندیپ نے اپنے کام سے متعلق مسائل اور ازدواجی زندگی کی پیچیدگیوں سمیت دیگر مسائل کا تذکرہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ ان کے کسی بھی عمل کے لیے ان کی اہلیہ کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔

    بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکاروں نے اداکار کی اچانک موت پر نہایت افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • بھارت میں کسانوں نے احتجاج کی نئی حکمت عملی طے کرلی

    بھارت میں کسانوں نے احتجاج کی نئی حکمت عملی طے کرلی

    نئی دہلی: بھارت میں زرعی قوانین کے خلاف 2 ماہ سے احتجاج کرتے کسانوں نے نئی حکمت عملی کا اعلان کردیا جس سے مودی سرکار پریشان دکھائی دے رہی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق 26 جنوری کو ٹریکٹر پریڈ کے دوران تشدد کا واقعہ پیش آنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ احتجاج ختم ہوجائے گا اور مظاہرین اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں گے، لیکن راکیش ٹکیت اور درشن پال نامی کسان لیڈران عزم کے ساتھ دھرنے پر بیٹھے رہے، اور انہوں نے اب ایک بار پھر اپنی تحریک کو تیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے سنیوکت کسان مورچہ نے اعلان کیا ہے کہ 18 فروری کو دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک ریل روکو مہم چلائی جائے گی۔

    اس سلسلے میں سنیوکت کسان مورچہ کی اہم میٹنگ ہوئی جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کسان تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔ اس فیصلے کے بعد مودی حکومت کی پریشانیاں بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔

    میٹنگ میں ریل روکو مہم چلانے کے علاوہ مزید فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق 12 فروری کو ریاست راجستھان کے تمام ٹول پلازہ کو ٹول فری کروایا جائے گا۔

    اس کے بعد 14 فروری کو پلوامہ حملے میں ہلاک جوانوں کو یاد کیا جائے گا، اس کے لیے ملک بھر میں موم بتی مارچ، مشعل جلوس اور دیگر پروگرامز کا انعقاد ہوگا۔

    بعد ازاں 16 فروری کو کسان رہنما سر چھوٹو رام کی پیدائش کے دن ملک بھر میں موجود کسان اتحاد کا مظاہرہ کریں گے۔

  • کنگنا کا ایک اور مضحکہ خیز بیان، سوشل میڈیا پر تنقید

    کنگنا کا ایک اور مضحکہ خیز بیان، سوشل میڈیا پر تنقید

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے خود کو عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز سے بہتر اسٹنٹ پرفارمر قرار دیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کنگنا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ایک پرانا مضمون شیئر کیا جو ان کی فلم منی کرنیکا کے بارے میں تھا، اس میں انہوں نے لکھا کہ لبرلز بہت پریشان ہیں، کیونکہ مشہور ایکشن فلموں کے ڈائریکٹر نے مجھے ٹام کروز سے بہتر کہا تھا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر انہوں نے 3 دفعہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی ہالی ووڈ اداکارہ میرل اسٹرپ کو اپنے آپ سے کمتر قرار دیا تھا۔

    اس حوالے سے بھی ایک ٹویٹ میں کنگنا نے لکھا کہ جو لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ میں نے (میرل اسٹریپ کے مقابلے میں) کتنے آسکر ایوارڈ جیتے ہیں، وہ لوگ میرل اسٹریپ سے بھی جا کر پوچھیں کہ انہوں نے کتنے نیشنل یا پدم شری ایوارڈ جیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا ان کا جواب بھی کچھ نہیں ہوگا لیکن اس سے لوگوں کی غلام ذہنیت ظاہر ہوتی ہے۔

    ان کے اس قسم کے ٹویٹس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید و مذاق کا نشانہ بھی بنایا۔

    خیال رہے کہ کنگنا گزشتہ کچھ عرصے سے مستقل متنازعہ بیانات دیتی رہی ہیں جبکہ مودی سرکار کی پالیسیوں کی بھی کھل کر حمایت کرتی دکھائی دی ہیں۔

  • ایک اور اداکارہ بھارتی کسانوں کے حق میں بول اٹھیں

    ایک اور اداکارہ بھارتی کسانوں کے حق میں بول اٹھیں

    نئی دہلی: بھارت میں 2 ماہ سے جاری کسان احتجاج کی ایک اور اداکارہ نے حمایت کردی، اب تک زیادہ تر فنکار اس معاملے پر غیر جانبدار رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 26 سالہ بھارتی اداکارہ اور سپر ماڈل اروشی روتیلا نے کسانوں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔

    اروشی روتیلا نے شملہ کے دورے کے دوران کہا کہ میں کسانوں کی حمایت کرتی ہوں کیونکہ وہ اپنے حقوق کے لئے لڑ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ریحانہ نے بھارت میں کسانوں کے احتجاج کی حمایت کی تھی تو کئی بالی ووڈ اداکار آستینیں چڑھا کر ان پر جوابی حملے کرنے لگے تھے۔

    انہوں نے کسان احتجاج کو ڈرامہ اور سازش قرار دیا تھا۔

    بالی ووڈ اداکاروں کے اس رویے پر خود بھارتی عوام نے بھی تنقید کی اور کہا تھا کہ ان اداکاروں کو مودی سرکار کی جانب سے پیسہ دیا جارہا ہے جس کے بدلے یہ حکومت کے حق میں مہم چلا رہے ہیں۔

    سلمان خان سمیت بعض اداکار اس معاملے پر غیر جانبدار بھی رہے اور حالات صحیح سمت جانے کی خواہش کرتے نظر آئے۔

  • ’کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں‘

    ’کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں‘

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو معمول بنا رہی ہیں، اس طرح کے بارسوخ لوگ جب فرقہ واریت کو فروغ دینے میں حصہ بنتے ہیں تو بہت افسوس ہوتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں۔

    ایک انٹرویو میں سوارا بھاسکر کا کہنا تھا کہ انہیں ذاتی طور پر کنگنا سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن وہ ایسے لوگوں کے خلاف ہیں جو اپنی پوزیشن کا استعمال نفرت پھیلانے کے لیے کرتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں سوارا بھاسکر نے کہا کہ میں نے ایک ساتھی اداکارہ کے طور پر ان کے ساتھ کام کیا اور وہ بہت قابل اداکارہ ہیں، لیکن جب بارسوخ لوگوں کو نفرت، تعصب اور فرقہ واریت کو نارملائز کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو بہت افسوس ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں کنگنا میں کوئی ذاتی دلچسپی نہیں ہے تاہم وہ ان سے نظریاتی اختلافات رکھتی ہیں، کنگنا جس طرح سے تعصب کو معمول بنانے کی طرف لا رہی ہیں میرے خیال میں یہ زہر ہے۔

    یاد رہے کہ سوارا بھاسکر اور کنگنا سنہ 2011 میں تنو ویڈز منو میں ایک ساتھ کام کرچکی ہیں، تاہم کچھ عرصے سے کنگنا نے سوارا بھاسکر کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا تھا، ایک موقع پر انہوں نے سوارا کو بی گریڈ اداکارہ بھی قرار دیا تھا۔

  • مودی حکومت سے دلبرداشتہ ایک اور کسان نے خودکشی کرلی

    مودی حکومت سے دلبرداشتہ ایک اور کسان نے خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بھارتی حکومت کے نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج میں شامل ایک اور کسان نے خودکشی کرلی، اب تک احتجاج میں شامل متعدد کسان خودکشی کرچکے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں گزشتہ 2 ماہ سے جاری کسان احتجاج کے دوران ایک اور کسان نے خودکشی کرلی، تحریک میں شامل ایک کسان نے نئے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خود کو پھانسی لگا لی۔

    کسان کی شناخت کرم ویر کے نام سے ہوئی ہے جو ہریانہ کے ایک گاؤں کا رہائشی تھا، 52 سالہ کرم ویر گزشتہ رات ٹکری بارڈر پر جاری کسان تحریک میں شامل ہونے کے لیے پہنچا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق کرم ویر نے مرنے سے قبل ایک نوٹ چھوڑا جس میں انہوں نے لکھا کہ حکومت اس معاملے کا حل تلاش کرنے کی بجائے تاریخ پر تاریخ دے رہی ہے۔

    کرم ویر نے لکھا کہ فی الحال حکومت کا زرعی قوانین منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نظر نہیں آتا۔

    دوسری جانب احتجاج میں شامل ایک کسان دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، سکھ مندر پنجاب کے ایک گاؤں کا رہنے والا تھا۔ پولیس نے دونوں کسانوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال بہادر گڑھ بھیج دیا ہے۔

  • بکری بینک: اب قرض میں ملے گی بکری!

    بکری بینک: اب قرض میں ملے گی بکری!

    نئی دہلی: بھارت میں ایک کسان نے غریب کسانوں کی مدد کرنے کے لیے نقد رقم کی جگہ بکریاں قرض پر دینے کا منصوبہ شروع کیا، قرض لینے والا شخص بکری کے 4 بچے واپس کرنے کا پابند ہوتا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک کسان نے ایک دلچسپ بینک شروع کیا ہے، اس میں پیسے بطور قرض نہیں دیے جائیں گے بلکہ اگر کسی کو بکری چاہیئے ہوگی تو اسے یہ بطور قرض دی جائے گی۔

    اس کسان نے مربوط زراعت (انٹگریٹیڈ فارمنگ) کو فروغ دینے کے لیے بکری بینک شروع کیا ہے اور اس کا نام ہے گوٹ بینک آف کرکھیڑا، ایک چھوٹے سے ضلع کے گاؤں میں کھولے جانے والے اس بینک ک پوری ریاست میں تعریف ہورہی ہے۔

    بینک کھولنے والے کسان کا نام نریش دیشمکھ ہے، 52 سالہ نریش پنجاب راؤ زراعت اسکول سے گریجویٹ ہیں اور جولائی سنہ 2018 میں انہوں نے بکری بینک لانچ کیا تھا۔

    قرض کے خواہش مند کسان کو 12 سو روپے کی رجسٹریشن فیس ادا کر کے معاہدہ کرنا ہوتا ہے، معاہدہ کے مطابق ایک کسان ایک بکری حاصل کر سکتا ہے۔ بکری لینے والے شخص کو 40 مہینے کی مدت میں بکری کے 4 بچے یعنی میمنے واپس کرنے ہوتے ہیں۔

    نریش دیشمکھ کا کنا ہے کہ وہ دیکھتے تھے کہ گاؤں میں معاشی طور پر کمزور لوگ لائیو اسٹاک کی مدد کی سے اپنے معاشی حالات کو بہتر کرسکتے تھے۔ انہوں نے بکریاں پالنے والے خاندانوں کا جائزہ لینے کے بعد بکری بینک قائم کرنے کا فیصلہ لیا۔

    انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بچت سے 40 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی اور 340 بکریاں خریدیں، اس کے بعد 340 بکریاں پالنے والے خاندانوں کی رجسٹریشن کر کے ان میں بکریوں کو تقسیم کیا۔

    اس منصوبے کے تحت بکریاں پالنے والی ہر خاتون کو تقریباً 2 لاکھ روپے سے زائد کا فائدہ ہوگا، دیشمکھ کے اس اقدام کو نہایت سراہا جارہا ہے۔

  • بھارتی پولیس نے سنگدلی کی بدترین مثال قائم کردی

    بھارتی پولیس نے سنگدلی کی بدترین مثال قائم کردی

    نئی دہلی: ریاست اتر پردیش کی پولیس نے سنگدلی اور بے حسی کی مثال قائم کردی، رشوت خوری کے لیے معذور خاتون کو بھی نہ بخشا، بیٹی کی تلاش میں سرگرداں معذور ماں سے گاڑی کے فیول کے پیسے لیتے رہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے شہر کانپور کی پولیس نے ایسی حرکت کی جس سے پورا محکمہ پولیس شرمسار ہوگیا، کانپور پولیس کے پاس ایک معذور خاتون روزانہ آ کر دہائیاں دے رہی تھی کہ اس کی بیٹی لاپتہ ہے پولیس اسے تلاش کرے۔

    پولیس والے اپنی ازلی سنگدلی کے ساتھ اس کی درخواست نظر انداز کرتے رہے اور معذور عورت کو ڈانٹ کر بھگا دیا جاتا۔ کچھ افسران نے معذور خاتون سے کہا کہ وہ ان کی گاڑیوں میں ڈیزل ڈلوا دے تو وہ اس کی بیٹی کو ڈھونڈ دیں گے۔

    معذور خاتون نے بحالت مجبوری پولیس والوں کی یہ فرمائش بھی پوری کی اور 10 سے 12 ہزار روپے کا ڈیزل دلوا دیا لیکن پولیس والے ٹس سے مس نہ ہوئے۔

    بالآخر ایک دن جب معذور خاتون دوبارہ روتی دھوتی پولیس اسٹیشن پہنچی تو ڈی آئی جی پریتندرسنگھ تھانے میں موجود تھے جو خاتون کی زبانی اپنے افسران کی غفلت کے بارے میں جان کر حیران رہ گئے۔

    ڈی آئی جی نے خاتون کی بپتا سننے کے بعد چوکی انچارج کو لائن حاضر کردیا اور اس کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا حکم بھی دیا۔

    خاتون نے بتایا کہ پولیس والے نہ صرف اس سے بدتمیزی کرتے رہے بلکہ ان کی بیٹی پر بھی رکیک الزامات لگاتے رہے، ڈی آئی جی نے ان کی بیٹی کو ڈھونڈنے کی یقین دہانی کروائی اور پولیس کی گاڑی میں گھر تک پہنچایا۔

    بعد ازاں انہوں نے لڑکی کی بازیابی کے لیے 4 چار ٹیمیں بھی تشکیل دیں اور فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔