Tag: انڈیا

  • بھارت میں کسان تحریک، دہلی بارڈر پر 5 ویں خود کشی

    بھارت میں کسان تحریک، دہلی بارڈر پر 5 ویں خود کشی

    نئی دہلی: بھارت میں کسان تحریک زوروں پر ہے، ایک 75 سالہ ضعیف کسان نے مودی سرکار کی ظالمانہ پالیسیوں پر احتجاج کرتے ہوئے موت کو گلے لگا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مرکز کی مودی حکومت نے متنازعہ زرعی قوانین کو واپس نہ لینے کا فیصلہ کر رکھا ہے، دوسری طرف حکومت کی اس ضد سے مایوس کسانوں کی خود کشی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

    ایک بار پھر سنگھو بارڈر پر ایک کسان نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا اور یہ پیغام دیا کہ وہ اپنی جان تو دے سکتے ہیں لیکن قانون واپس لیے بغیر گھر واپس نہیں جائیں گے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کی صبح کو خود کشی کرنے والے کسان رتن سنگھ کا تعلق امرتسر سے تھا اور وہ پنجاب کی کسان مزدور سنگھر سمیتی کے رکن بھی تھے، ان کی موت کی خبر سے دہلی بارڈر پر موجود مظاہرین میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، کسان تحریک کے دوران دہلی بارڈرز پر ہونے والی یہ اب تک کی پانچویں خود کشی ہے۔

    کسان تحریک کی حمایت میں خود کشی کر رہا ہوں، بھارتی وکیل کا سنسنی خیز نوٹ سامنے آ گیا

    خود کشی کی اطلاع ہلاک کسان کے گاؤں کوٹلی ڈھولے شاہ پہنچی تو وہاں بھی صف ماتم بچھ گیا، رتن سنگھ کئی دنوں سے سنگھو بارڈر پر موجود تھے اور انھوں نے ضعیفی کے باوجود قانون کی واپسی کے بغیر گھر جانے سے انکار کر دیا تھا۔

    اس سے قبل امرندر سنگھ نے سنگھو بارڈر پر سلفاس کھا کر خود کشی کی تھی، غازی پور بارڈر پر کسان کشمیر سنگھ نے پھانسی لگا کر جان دی تھی، وکیل امرجیت سنگھ نے ٹیکری بارڈر پر زہر کھا کر زرعی قوانین کے خلاف ناراضگی ظاہر کی تھی۔ جب کہ دہلی بارڈر پر سب سے پہلی خود کشی کا معاملہ 16 دسمبر کو سامنے آیا تھا جب کنڈلی بارڈر پر بابا سنت بابا رام سنگھ نے گولی مار کر خود کو ہلاک کر لیا تھا۔

    سَنت بابا رام سنگھ نے جو خود کشی نوٹ لکھا تھا اس میں بتایا تھا کہ وہ کسانوں کی تکلیف دیکھ نہیں پا رہے ہیں اور اس لیے اپنی جان قربان کر رہے ہیں۔

  • بھارت: ہیلتھ ورکر کی موت کی وجہ کرونا ویکسین یا کچھ اور؟

    بھارت: ہیلتھ ورکر کی موت کی وجہ کرونا ویکسین یا کچھ اور؟

    نئی دہلی: بھارت میں مبینہ طور پر کرونا ویکسین سے ایک اور موت کی خبریں سرخیوں کی زینت بن رہی ہیں، ایک ہفتہ قبل کوی شیلڈ نامی کرونا ویکسین لینے والی ہیلتھ ورکر کی موت ہو گئی تھی جس کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کا اب انتظار کیا جا رہا ہے۔

    اگرچہ بھارتی سرکاری ایجنسیوں نے تاحال اس سلسلے میں کسی بھی کیس کو ویکسین سے منسلک قرار نہیں دیا ہے تاہم اب تک ویکسین لینے والے متعدد افراد میں منفی اثرات نظر آ چکے ہیں۔

    حالیہ واقعہ مشہور علاقے گڑگاؤں میں پیش آیا، جب ایک 56 سالہ طبی اہل کار کو کرونا ویکسین دیے جانے کے کچھ دن بعد جمعے کے روز اس کی موت واقع ہو گئی، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ موت کے اسباب تاحال واضح نہیں ہیں اور پوسٹ مارٹم کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

    ہلاک ہونے والی خاتون طبی اہل کار کے اہل خانہ کے مطابق 56 سالہ راجونتی جمعے کی صبح نیند سے بیدار نہیں ہوئی تو اسے اسپتال لے جایا گیا، جہاں انھیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

    بھارتی کورونا ویکسین لگوانے سے مریض ہلاک ہوا، اہل خانہ کا الزام

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین لگنے کے دن راجونتی میں کوئی منفی اثرات نمودار نہیں ہوئے تھے، گڑگاؤں کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر وریندر یادو کا کہنا تھا پوسٹ مارٹم رپورٹ سے قبل یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ راجونتی کی موت ویکسین لینے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

    یاد اس سے قبل یو پی کے مراد آباد میں کرونا ویکسین لینے کے کچھ دن بعد ایک وارڈ بوائے کی موت کا واقعہ سامنے آیا تھا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

    بھارت میں اب تک 10 لاکھ سے زیادہ افراد کرونا کا ٹیکہ لگوا چکے ہیں، اور آکسفورڈ، آسٹرازینیکا کی کرونا ویکسین جسے بھارت میں کوی شیلڈ کے نام سے دیا جا رہا ہے، کے ملک گیر ٹیکہ جات پروگرام کا آغاز گزشتہ ہفتے سے ہوا ہے۔

  • بھارت: فوجی راز کاروباری مقاصد کے لیے ٹی وی چینل کو لیک کرنے کی تحقیقات کا مطالبہ

    بھارت: فوجی راز کاروباری مقاصد کے لیے ٹی وی چینل کو لیک کرنے کی تحقیقات کا مطالبہ

    ممبئی: بھارتی بد نام زمانہ اینکر ارنب گوسوامی کی لیک چیٹس کے معاملے پر لوک سبھا میں انڈین نیشنل کانگریس کے رکن ششی تھرور نے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی بدنام زمانہ اینکر ارنب گوسوامی کی لیک چیٹس پر انڈین نیشنل کانگریس کے لوک سبھا کے رکن ششی تھرور نے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیک چیٹس میں 3 قابل مذمت معاملات کا انکشاف ہوا۔

    انھوں نے کہا فوجی راز کاروباری مقاصد کے لیے ایک ٹی وی چینل کو لیک کرنے پر انتہائی سنجیدہ تحقیقات بہت ضروری ہیں، ششی تھرور نے مطالبہ کیا کہ تحقیق کی جائے کہ کیسے ایک قوم پرست چالیس جوانوں کی ہلاکت پر کہتا ہے ’ہم پاگلوں کی طرح جیت گئے۔‘

    ششی تھرور نے مطالبے میں کہا کہ تحقیقات کی جائیں کہ کس طرح ٹی آر پیز کے جعلی جوڑ توڑ کے لیے دھوکا دہی کی گئی۔

    گوسوامی کے کرتوتوں نے بھارتی قومی سلامتی کے ادارے کی عزت بھی ڈبو دی، چیٹ نے کئی راز فاش کر دیے

    دریں اثنا، بھارت کے بدنام زمانہ اینکر ارنب گوسوامی کے خلاف آج ممبئی میں اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے احتجاج کیا گیا، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    ادھر بھارت کی خطے میں بدامنی پھیلانے کی ایک اور سازش بے نقاب ہوئی ہے، افغان امن عمل سبوتاژ کرنے کے لیے گریٹ ڈبل گیم کا پردہ چاک ہو گیا ہے، کنگز کالج لندن کے استاد اوی ناش پلوال کی کتاب مائی اینیمیز اینیمی نے بھانڈا پھوڑ دیا۔

    کتاب میں لکھا گیا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں مداخلت، اور جموں و کشمیر میں دہشت گرد گروپس کو کھڑا کرنے کی کوشش کی، بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں عدم استحکام پیدا کرنے کی چال چلی گئی، افغان طالبان کو جال میں پھانسنے کی کوششوں کا بھی کتاب میں ذکر کیا گیا، کتاب میں ’بلوچ اینڈ پشتون کارڈ‘ کا پورا ایک باب شامل کیا گیا ہے۔

  • معروف ٹی وی اینکر کو ہارورڈ یونیورسٹی سے ملازمت کی پیشکش جعلسازی نکلی

    معروف ٹی وی اینکر کو ہارورڈ یونیورسٹی سے ملازمت کی پیشکش جعلسازی نکلی

    نئی دہلی: معروف بھارتی ٹی وی اینکر سائبر جعلسازی کا شکار ہوگئیں، ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے موصول ملازمت کی پیشکش پر انہوں نے بھارت میں اپنی ملازمت کو خیر باد کہہ دیا تاہم بعد ازاں یہ پیشکش جعلسازی نکلی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق این ڈی ٹی وی کی نیوز اینکر ندھی رازدان کے ساتھ سائبر جعلسازی کا واقعہ پیش آیا، ندھی کو کچھ ماہ قبل دنیا کی معروف امریکی درسگاہ ہارورڈ یونیورسٹی سے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں انہیں یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر آف جرنلزم بننے کی پیشکش ہوئی۔

    ندھی نے وہ پیشکش قبول کرتے ہوئے این ڈی ٹی وی کے ساتھ اپنی 21 سالہ ملازمت کو خیر باد کہا اور ہارورڈ جانے کی تیاریاں کرنے لگیں، لیکن اب انہیں معلوم ہوا کہ یہ ای میل فراڈ پر مبنی تھی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کچھ ہفتے سے اس حوالے سے متعدد اداروں اور افراد سے رابطے میں ہیں۔

    ندھی کا کہنا ہے کہ جعلسازوں نے ان کے ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل کرلی ہے۔

    اینکر کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام ثبوت پولیس کو فراہم کردیے ہیں جو اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، علاوہ ازیں ہارورڈ یونیورسٹی کی انتظامیہ کو بھی تمام معاملے سے آگاہ کیا جاچکا ہے۔

  • بھارت: موبائل فون پر بات کرتے ہوئے خاتون پل سے نیچے گر گئیں

    بھارت: موبائل فون پر بات کرتے ہوئے خاتون پل سے نیچے گر گئیں

    نئی دہلی: بھارت میں ایک خاتون موبائل فون پر بات کرتے ہوئے 30 فٹ کی اونچائی سے نیچے گر گئیں، پولیس نے لاش اسپتال منتقل کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

    یہ واقعہ بھارتی ریاست ہریانہ میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان خاتون موبائل سے ویڈیو کال کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کے سامنے جی ٹی روڈ پر پل سے نیچے گر پڑی۔ تقریباً 30 فٹ کی اونچائی سے گرنے کے بعد خاتون کی موت واقع ہوگئی۔

    خاتون کے موبائل اور بیگ سے ملے کارڈز سے ان کی شناخت انجلی رانی کے نام سے ہوئی، موبائل سے ملنے والے نمبروں کے ذریعے پولیس نے خاتون کے اہلخانہ کو بھی اطلاع دے دی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خاتون ریلوے اسٹیشن چوک پر جی ٹی روڈ پر پل کے اوپر کھڑی تھیں، ان کے ہاتھ میں موبائل تھا اور وہ ویڈیو بنا رہی تھیں۔ اسی وقت خاتون پل سے نیچے گریں، ان کے سر پر چوٹ لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

    بعض افراد نے ان کا موبائل بھی اٹھا لیا جو ان کے قریب ہی گرا جسے بعد میں پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس نے موبائل سے کال کیے جانے والے آخری نمبر پر بھی فون کیا اور مذکورہ شخص کو تھانے طلب کرلیا۔

    پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

  • لوٹ کے پیسوں سے خیرات کرنے والا ’رابن ہڈ‘ گرفتار

    لوٹ کے پیسوں سے خیرات کرنے والا ’رابن ہڈ‘ گرفتار

    دہلی: لُوٹ مار کے پیسوں سے خیرات کرنے والے بھارتی ’رابن ہڈ‘ کو پولیس نے آخر کار گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت دہلی میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو گھروں میں مبینہ طور پر چوری کی وارداتیں کر کے مہنگی کاریں خریدتا تھا اور ’خیرات‘ بھی کرتا تھا۔

    تیس سالہ انڈین ’رابن ہڈ‘ کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ ریاست بہار میں اپنے آبائی علاقے سے ضلعی الیکشن بھی لڑنے والا تھا۔

    پولیس کے بیان کے مطابق عرفان نامی یہ شخص غریب لوگوں کا مسیحا بننے کے لیے چوری کے پیسوں سے خیرات کرتا تھا اور ہیلتھ کیمپس بھی چلاتا تھا۔

    دہلی کرائم برانچ کا کہنا ہے کہ عرفان مشہور برطانوی افسانوی ڈاکو رابن ہڈ کے نام سے مشہور تھا، اور اسے رواں ہفتے ایک خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا، اور اس کے پاس سے جیگوار اور دو نسان کاریں ملیں۔

    ملزم نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کا گینگ پوش علاقوں میں صرف بند گھروں کو نشانہ بناتا تھا، اور وہ صرف جیولری اور نقد رقم چوری کرتے تھے، تاہم کرونا وبا کے باعث جب لوگ زیادہ تر گھروں میں تھے تو اس گینگ نے زیادہ وارداتیں نہیں کیں۔

    عرفان کی گرفتاری کے بعد پنجاب کے شہر جالندھر سے ان کے تین اور ساتھی بھی گرفتار ہوئے۔ پولیس نے ملزم سے 2 فرانسیسی پستول اور جیولری بھی برآمد کی۔

  • گاڑی میں چابی چھوڑنے کا انجام، کار چوری کے وقت بیوی بھی اندر موجود تھی

    گاڑی میں چابی چھوڑنے کا انجام، کار چوری کے وقت بیوی بھی اندر موجود تھی

    ڈیرہ بسی: بھارتی پنجاب میں ایک شخص کو گاڑی میں چابی چھوڑ کر جانا اس وقت مہنگا پڑ گیا جب چور گاڑی میں داخل ہو کر اسے لے اڑے، پریشانی کی بات یہ تھی کہ کار میں اس کی بیوی بھی موجود تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی پنجاب میں 2 ڈاکو کار لے کر بھاگے جب کہ کار مالک کی اہلیہ بھی گاڑی میں موجود تھی، یہ واقعہ پنجاب کے شہر ڈیرہ بسی میں پیش آیا، جہاں میاں بیوی اپنے بچوں کی اسکول فیس بھرنے آئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق راجیو چند نامی شہری سکھمنی اسکول میں بچوں کی فیس کے لیے گیا تو چابیاں گاڑی کے اندر ہی چھوڑ دیں، کیوں کہ ان کی بیوی بھی اس وقت کار کے اندر بیٹھی ہوئی تھی۔

    گاڑی کا مالک جیسے اسکول چلا گیا، دو ڈاکو کار میں اندر داخل ہو گئے، ایک ڈرائیور سیٹ پر بیٹھ گیا اور دوسرے نے پیچھے بیٹھ کر خاتون کا منہ ہاتھوں سے مضبوطی سے بند کر دیا، تاکہ وہ چیخ کر لوگوں کو متوجہ نہ کر سکے۔

    رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے پانچ کلو میٹر تک گاڑی ڈرائیو کی اور اس کے بعد خاتون کو گاڑی سے اتار کر گاڑی لے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، علاقے میں موجود سی سی ٹی وی چیک کیے جا رہے ہیں، جلد ملزمان کو پکڑ لیا جائے گا۔

  • فلمی سین حقیقت بن گیا: دلہا فرار، دلہن کی شادی مہمان سے

    فلمی سین حقیقت بن گیا: دلہا فرار، دلہن کی شادی مہمان سے

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شادی اس وقت ڈرامائی صورت اختیار کر گئی جب دولہا شادی کی تقریب میں نہیں پہنچا اور دلہن کی شادی مہمانوں میں شامل ایک شخص سے کردی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست کرناٹک میں پیش آیا، جہاں ایک گاؤں میں ہونے والی شادی کی تقریب ڈرامائی صورت اختیار کر گئی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دو بھائیوں اشوک اور نوین کی شادی اتوار کے دن ہونا تھی، اس سے قبل دونوں دولہوں اور خاندانوں نے شادی سے قبل کی تقریبات میں حصہ لیا۔

    ایک بھائی نوین نے بھی اپنی ہونے والی دلہن سندھو کے ساتھ شادی سے قبل کی رسومات انجام دیں۔

    تاہم عین شادی والے دن نوین غائب ہوگیا، جیسے کے بعد میں علم ہوا کہ نوین کی سابق محبوبہ نے اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے شادی کی تو وہ تمام مہمانوں کے سامنے زہر پی کر خودکشی کرلے گی۔

    نوین اس سے ملنے چلا گیا اور شادی کی تقریب میں نہیں پہنچا۔

    دوسری جانب سندھو اور اس کے اہلخانہ جو دلہے کے انتظار میں بیٹھے تھے ان حالات سے نہایت دلبرداشتہ ہوئے، تبھی وہیں شادی کی تقریب میں ایک شخص نے دلہن کے لیے اپنا رشتہ پیش کردیا اور کہا کہ اگر دونوں خاندانوں کو اعتراض نہ ہو تو وہ دولہا بننے کے لیے تیار ہے۔

    سندھو کے اہلخانہ نے رشتہ قبول کرلیا اور سندھو دلہن بنی اس شخص کے ساتھ رخصت ہوگئی، فرار دولہے نوین کے بھائی اشوک کی شادی طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوئی یوں یہ معاملہ خوشگوار انجام پر ختم ہوا۔

  • ٹک ٹاک اسٹار دوست کے گھر چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا

    ٹک ٹاک اسٹار دوست کے گھر چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ٹک ٹاک اسٹار دوست کے گھر چوری کرنے کے بعد پکڑا گیا، پولیس کے مطابق 9 لاکھ فالوورز رکھنے والا ٹک ٹاکر عادی مجرم ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ابھی منیو گپتا نامی ٹک ٹاک اسٹار بے گھر تھا اور اس نے اپنی دوست خوشبو سے، جو خود بھی ماڈل ہے، اس کے گھر پر رہنے کی درخواست کی۔

    خوشبو کے مطابق اس نے زور دیا کہ جب تک وہ اپنا فلیٹ نہیں ڈھونڈ لیتا، وہ خوشبو کے ساتھ رہے گا، خوشبو نے اسے اپنے گھر رہنے کی اجازت دے دی۔

    پولیس کو درج رپورٹ میں خوشبو نے بتایا کہ وہ کچھ دن کے لیے شہر سے باہر گئی تھی، واپس آنے کے کچھ روز بعد اس نے تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیوارت اور نقد رقم غائب پائی۔

    گپتا نے اسے پولیس میں شکایت درج کروانے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسے اور اس کے دیگر دوستوں کو تنگ کرے گی۔

    دوسری جانب مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گپتا پر ایک عرصے سے نظر رکھے ہوئے تھے، گزشتہ کچھ عرصے سے برقع پہنے ہوئے ایک چور کی وارداتیں سامنے آرہی تھیں، اس کے لیدر کے جوتے اور جسمانی حرکات ٹک ٹاک اسٹار گپتا سے ملتی جلتی تھیں۔

    خوشبو کے گھر چوری کے بعد پولیس نے گپتا کی بائیک کی سیٹ کے نیچے سے سامان برآمد کیا جس کے بعد ٹک ٹاکر نے بھی اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اسے پیسوں کی ضرورت تھی۔

    پولیس کے مطابق اس سے قبل سنہ 2018 میں بھی گپتا نے ایک معمر جوڑے کے گھر سے 4 لاکھ سے زائد مالیت کے موبائل فون اور زیوارت چرائے تھے جبکہ اس کے علاوہ بھی چوری و ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث رہا تھا۔

  • بھارت: مونگ پھلی فروخت کرنے والے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ

    بھارت: مونگ پھلی فروخت کرنے والے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں کار سوار نامعلوم افراد نے مونگ پھلی فروخت کرنے والے شخص پر فائرنگ کردی، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع امروہہ میں مونگ پھلی فروخت کرنے والے ایک شخص پر کار سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔

    منوج نامی زخمی شخص کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے وہاں سے ضلعی اسپتال ریفر کردیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کی طرف سے تاحال کوئی بیان نہیں دیا گیا لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر کارروائی کرنے کے بعد اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    بھارتی میڈیا نے مقامی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے، امروہہ میں ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ روز بھی پیش آیا ہے جس میں ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔

    حکام کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کیے جانے اور مجرموں کو کھلی چھوٹ دینے پر مقامی انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔