Tag: انڈیا

  • کپل شرما کی پہلی تنخواہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    کپل شرما کی پہلی تنخواہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کی نئی فلم حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے، وہ بھارت کے مقبول اور کامیاب ترین کامیڈین ہیں تاہم ان کا یہاں تک کا سفر آسان نہیں تھا۔

    کپل شرما نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے اپنی پہلی تنخواہ کے بارے میں بتایا اور کہا کہ انہوں نے اس وجہ سے پیسے کمانا شروع کیے کیونکہ وہ گھر والوں سے پیسے مانگنا نہیں چاہتے تھے۔

    کپل شرما جو اب بھارت کے ایک امیر کامیڈین ہیں وہ ایک وقت میں انڈین پنجاب کے شہر امرتسر میں معمولی نوکری کرتے ہوئے اپنا جیب خرچ پورا کرتے تھے۔

    انہوں ںے انکشاف کیا کہ وہ ایک پی سی او میں نوکری کرتے تھے جہاں ان کی تنخواہ 500 روپے ہوتی تھی۔

    کرلی ٹیلز سے بات کرتے ہوئے کپل شرما نے بتایا کہ انہوں نے بہت چھوٹی عمر سے پی سی او بوتھ میں نوکری کرنا شروع کر دی تھی جس سے وہ 500 روپے کماتے تھے، وہ پی سی او پر پارٹ ٹائم نوکری کرتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ میں تب کم گھٹنے کام کرتا تھا، میں رات کو 10 بجے سے 1 بجے تک اور پھر صبح 4 بجے سے 7 بجے تک کام کرتا تھا۔

    انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ وہ 14 سال کی عمر میں ایک مل میں کام کرنے لگ گئے جہاں ان کی تنخواہ 900 روپے تھی۔

    گزرے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کئی چھوٹی موٹی ملازمتیں کی ہیں، جیسے میں نے میٹرک کے امتحانات دینے کے بعد گارمنٹس کی مل میں نوکری کرنا شروع کر دی۔ وہاں اتنی گرمی ہوتی تھی کہ دوسرے شہروں سے آنے والے مزدور اپنے گاؤں واپس چلے جاتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم تب 14 سال کے بچے ہی تھے اور ہمیں لگا کہ ہم 900 روپے ماہانہ کما لیں گے، یہ 1994 کی بات ہے۔ اس سلسلے میں گھر سے کوئی دباؤ نہیں تھا کہ آپ نے پیسے کمانا ہیں، ہم اس پیسے سے صرف اپنی ذاتی ضروریات پوری کرتے تھے۔ کوئی میوزک سسٹم لے لیا یا والدہ کے لیے تحفہ لے لیا۔ بہت اچھا لگتا تھا۔

    کامیڈین نے یہ بھی کہا کہ گھر سے پیسے مانگتے وقت شرم آتی تھی جس کی وجہ سے چھوٹی عمر میں ہی کام کرنا شروع کر دیا۔

  • 35 لاکھ روپے کے سگریٹ چوری کرنے والا ملزم گرفتار

    35 لاکھ روپے کے سگریٹ چوری کرنے والا ملزم گرفتار

    بھارتی ریاست راجھستان میں 35 لاکھ بھارتی روپے کے سگریٹ چوری کر لیے گئے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجھستان کے ضلع الور میں سبھاش چندر نامی شخص نے پولیس کو رپورٹ درج کروائی کہ اس کے گوادم سے لاکھوں مالیت کی سگریٹ چوری کی گئی ہے۔

    چوری شدہ سگریٹ کی مالیت 35 لاکھ روپے تھے۔

    پولیس نے تفتیش شروع کی اور جلد ہی اوم پرکاش نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے مفرور تھا۔

    پولیس کے مطابق واردات میں اوم پرکاش کے ساتھ کئی افراد شریک ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

  • بیٹی نے ماں کو قتل کر کے لاش کے ٹکڑے گھر میں چھپا دیے

    بیٹی نے ماں کو قتل کر کے لاش کے ٹکڑے گھر میں چھپا دیے

    نئی دہلی: بھارت میں 23 سالہ بیٹی نے اپنی ماں کو قتل کر کے لاش کے ٹکڑے کردیے اور کئی ماہ تک گھر میں ہی چھپائے رکھے، پولیس نے قاتلہ کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے خاتون وینا پرکاش کی لاش کے ٹکڑے گھر کی الماری اور باتھ روم ڈرم سے برآمد کرکے ماں کے قتل کے الزام میں بیٹی رمپل جین کو گرفتار کرلیا۔

    قتل کی جانے والی خاتون وینا پرکاش اپنی بیٹی رمپل جین کے ساتھ رہائش پذیر تھیں، وینا کو آخری مرتبہ 26 دسمبر کو اپنی پڑوسی کے ساتھ دیکھا گیا جس کے بعد وینا کے بھائی کی جانب سے بہن کی گمشدگی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    پولیس جب وینا کے گھر انہیں ڈھونڈنے پہنچی تو کسی نے ڈور بیل کے باوجود دروازہ نہ کھولا جس کے بعد خاتون کے بھائی پورول نے پڑوسیوں کے ساتھ مل کر بہن کے گھر کا دروازہ توڑا۔

    پورول اور پڑوسیوں نے گھر میں وینا کی بیٹی کو گندی حالت میں پایا جسے دیکھ کر محسوس ہو رہا تھا کہ رمپل کئی دن سے نہائی بھی نہیں۔

    بعد ازاں جب ان سے والدہ کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ بیڈ پر موجود ہیں لیکن جب بیڈ پر دیکھا گیا تو وہاں چادر کے نیچے تکیے موجود تھے۔

    گھر میں پھیلی بدبو کے باعث پولیس نے تلاشی لی اور وینا کا سر اور دھڑ الماری سے برآمد کرلیا۔ وینا کے اعضا کو ساڑھی میں چھپا کر الماری میں رکھا گیا تھا جبکہ ان کے ہاتھ پاؤں کو باتھ روم میں ڈرم میں چھپایا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق وینا کو کسی دھاری دار چیز سے قتل کیا گیا تھا، تلاشی کے دوران ماربل کٹر اور آری بھی دریافت کی گئی۔

    لاش کے ٹکڑے گل چکے تھے جنہیں دیکھ کر لگ رہا تھا کہ انہیں چھپائے ہوئے مہینہ گزر گیا ہو، گھر سے تعفن دور کرنے کے لیے رمپل پرفیوم اور ایئر فریشنر کا استعمال کر رہی تھی۔

    پولیس کے مطابق رمپل نے اپنے والد کو 20 سال کی عمر میں کھو دیا تھا، گرفتاری کے بعد رمپل نے اپنی والدہ کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تاہم اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

  • حکومت مسلمانوں کی تاریخ مٹانا چاہتی ہے: بھارتی رکن اسمبلی پھٹ پڑے

    حکومت مسلمانوں کی تاریخ مٹانا چاہتی ہے: بھارتی رکن اسمبلی پھٹ پڑے

    نئی دہلی: بھارت کے مسلمان رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر حکومت مسلمانوں کی تاریخ کو مٹانا چاہتی ہے، کیا مسلمانوں نے اس ملک کے لیے کچھ نہیں کیا؟

    بھارتی میڈیا کے مطابق سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے مہاراشٹر اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساوتری بائی پھلے کے نام پر پونا میں 500 کروڑ روپے کا مجسمہ تعمیر کیا جارہا ہے لیکن حکومت فاطمہ شیخ اور عثمان شیخ کو کیسے بھول گئی؟

    انہوں نے کہا کہ کیا مہاراشٹر حکومت تاریخ کو مٹانا چاہتی ہے؟ کیا مسلمانوں نے اس ملک کے لیے کچھ نہیں کیا؟

    ابو عاصم کا کہنا تھا کہ چھتر پتی شیوا جی مہاراج کی حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر مسلم کمانڈر تعینات تھے لیکن آج سرکاری ملازمتوں پر صرف 3.5 فیصد ہی مسلمان ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کی آبادی 20 فیصد ہے لیکن ان کے لیے بجٹ صرف 0.13 فیصد ہے، ہائی کورٹ نے مسلمانوں کو تعلیم میں 5 فیصد ریزرویشن دینے کا حکم دیا ہے لیکن حکومت دینے کو تیار نہیں۔

    ابو عاصم نے مزید کہا کہ شیوا جی مہاراج نے مساجد، درگاہوں اور قبرستاوں کو زمین اور گرانٹ دی تھی لیکن آج 20 اضلاع میں لینڈ جہاد کے نام پر بلڈر لابی کے تعاون سے مہاراشٹر میں روزانہ ہنگامہ آرائی کی جارہی ہے۔

  • ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کا حصول، ارشد وارثی پر پابندی لگا دی گئی

    ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کا حصول، ارشد وارثی پر پابندی لگا دی گئی

    بالی ووڈ فلموں کے مزاحیہ اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ پر سرمایہ کاری میں ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کمانے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکام نے ان پر پابندی عائد کی ہے۔

    بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹی پر شیئرز کی قیمتوں میں مبینہ ہیرا پھیری کرنے کے الزام میں پابندی لگا دی گئی ہے۔

    چند دن قبل سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (ایس ای بی آئی) نے شیئرز کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کرنے پر سیکیورٹی مارکیٹ میں حصہ لینے والے 45 افراد پر پابندی لگائی تھی جن میں اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹی بھی شامل ہیں۔

    ایس ای بی آئی نے یہ فیصلہ 2 فرمز شارپ لائن براڈ کاسٹ اور سادھنا براڈ کاسٹ پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے بعد کیا۔

    ان دونوں فرمز پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر گمراہ کن ویڈیوز اپلوڈ کیں اور لوگوں کو مشورہ دیا کہ کیسے ان فرمز کے شیئر خرید کر غیر معمولی منافع کمایا جا سکتا ہے۔

    ااس کے علاوہ ایس ای بی آئی نے مبینہ طور پر ان گمراہ کن ویڈیو سے حاصل کی جانے والی 54 کروڑ روپے کی رقم بھی اپنے قبضے میں لی ہے، اس طریقے سے ارشد اور ماریہ نے مبینہ طور پر 29 لاکھ اور 37 لاکھ روپے بالترتیب کمائے ہیں۔

    ایس ای بی آئی نے کچھ اداروں کی جانب سے شارپ لائن براڈ کاسٹ اور سادھنا براڈ کاسٹ کی جانب سے قیمتوں میں ہیرا پھیری اور شیئرز کی ناجائز فروخت کی شکایات سامنے آنے پر تحقیقات شروع کیں۔

    ادارے کی جانب سے تحقیقات گزشتہ سال اپریل سے ستمبر کے مہینے تک کی گئیں جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ان دونوں کمپنیوں کے منافع اور شیئرز کی تعداد میں اپریل اور جولائی کے درمیان تیزی سے اضافہ ہوا۔

    دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ارشد وارثی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ براہ کرم جو چیز آپ خبروں میں پڑھیں اس پر یقین مت کریں، اسٹاک ایکسچینج کے بارے میں ماریہ اور میری معلومات صفر ہیں، ہم نے مشورہ لیا اور شاردا میں پیسے لگائے اور کئی لوگوں کی طرح اپنی محنت کی کمائی گنوا بیٹھے۔

  • کھیل کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے کھلاڑی کی موت

    کھیل کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے کھلاڑی کی موت

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بیڈ منٹن میچ کے دوران کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا، کھلاڑی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حیدر آباد میں منگل کی شام کو ایک مقامی اسٹیڈیم میں بیڈ منٹن کھیلتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے ایک کھلاڑی کی موت ہوگئی۔

    38 سالہ کھلاڑی ساتھیوں کے ساتھ بیڈ منٹن کھیل رہا تھا کہ اچانک زمین پر گر گیا او وہیں اس نے اپنی آخری سانسیں لیں۔

    ساتھیوں کی جانب سے اسے فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے پہلے ہی انتقال کرچکا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق متوفی کی شناخت شیام یادو کے نام سے ہوئی ہے جو روزانہ آفس کے بعد اپنے دوستوں کے ساتھ بیڈ منٹن کھیلنے جاتا تھا۔

  • بھارت کا مقدس مذہبی علاقہ زمین میں دھنسنے لگا، لوگ خوفزدہ

    بھارت کا مقدس مذہبی علاقہ زمین میں دھنسنے لگا، لوگ خوفزدہ

    نئی دہلی: بھارت کے مقدس ترین قصبے جوشی مٹھ میں زمین دھنسنے کا سلسلہ جاری ہے، رہائشی مکانات میں دراڑیں پڑ رہی ہیں اور خوفزدہ لوگ یہاں سے ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق بھارتی ریاست اترا کھنڈ میں مقدس ترین سمجھے جانے والے قصبوں میں سے ایک جوشی مٹھ میں رہائشی مکان زمین میں دھنس رہے ہیں اور اس کے رہائشی کئی ماہ سے مدد کے منتظر ہیں جو ابھی تک مہیا نہیں کی گئی۔

    سطح سمندر سے تقریباً 18 سو میٹر (6 ہزار فٹ) بلندی پر واقع جوشی مٹھ ہمالیہ کے متعدد اہم مذہبی مقامات تک رسائی کا بڑا راستہ ہے جہاں سے ہر سال ہزاروں زائرین گزرتے ہیں۔

    جوشی مٹھ کی آبادی تقریباً 20 ہزار نفوس پر مشتمل ہے، جنوری میں گھروں کے زمین میں دھنسنے کا معاملہ عالمی سطح پر سامنے آیا، لیکن اس وقت تک کافی دیر ہو چکی تھی۔

    اس قصبے میں 860 سے زائد گھر دراڑیں پڑ جانے کی وجہ سے رہائش کے قابل نہیں رہے۔

    سیو جوشی مٹھ کمیٹی کے سماجی کارکن اٹل ستی کا کہنا ہے کہ دراڑیں دن بدن بڑی ہوتی جا رہی ہیں اور لوگ خوف میں مبتلا ہیں، ہم کئی برسوں سے اس تباہی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ یہ ایک ٹائم بم ہے۔

    ماہرین اور سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ جوشی مٹھ کا مستقبل خطرے میں ہے جس کی وجہ ماحولیاتی تبدیلی کے علاوہ سیاحوں کے لیے تعمیرات اور قریب ایک ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے لیے سڑکوں اور سرنگوں کی تعمیر ہے۔

    فروری 2021 میں جوشی مٹھ اور آس پاس کے علاقوں میں آنے والے سیلاب میں کم از کم 200 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    ماحولیات کے ماہر وملیندو جہا کا کہنا ہے کہ آپ کہیں بھی کوئی بھی تعمیر اس لیے نہیں کر سکتے کہ اس کی اجازت ہے، مختصر وقت کے لیے شاید یہ ڈیویلپمنٹ ہے، لیکن اصل میں یہ تباہی ہے۔

    جوشی مٹھ سے 240 خاندان ہجرت کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں اور انہیں کوئی علم نہیں کہ وہ کبھی واپس اپنے گھروں کو لوٹ سکیں گے۔

    حکومت ماہرین کے خبردار کرنے کے باوجود علاقے میں مہنگے پراجیکٹس جاری رکھے ہوئے ہے جن میں ایک ہائیڈرو پاور اسٹیشن اور ہائی وے بھی شامل ہے۔

  • لاکھوں کا بزنس کلاس ٹکٹ خریدنے والے کو چونا لگ گیا

    لاکھوں کا بزنس کلاس ٹکٹ خریدنے والے کو چونا لگ گیا

    انٹرنیٹ نے ہمارے روز مرہ کے کئی کاموں کو نہایت آسان بنا دیا ہے، کوئی چیز خریدنی ہو، کوئی بکنگ کرنی ہو یا کسی چیز کے بارے میں معلومات حاصل کرنی ہوں سب کچھ آن لائن دستیاب ہے۔

    لیکن آن لائن دھوکوں کی بھی کوئی کمی نہیں اور حال ہی میں ایک بھارتی شخص بھی اس کا نشانہ بن گیا۔

    بھارتی شہر بنگلورو کے رہائشی روہت ورما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنا پریشان کن تجربہ ٹویٹ کی صورت میں شیئر کیا۔

    روہت نے لکھا کہ انہوں نے بنگلورو سے گوہاٹی جانے کے لیے ایک ایئر لائن کا ٹکٹ، آن لائن ٹکٹنگ پلیٹ فارم کے ذریعے بک کیا۔ انہوں نے بزنس کلاس سیٹ کے لیے 1 لاکھ 65 ہزار بھارتی روپے کی رقم آن لائن ادا کردی۔

    تاہم رقم ادا کرنے کے بعد انہیں علم ہوا کہ مذکورہ ایئر لائن میں بزنس کلاس موجود ہی نہیں جس پر وہ دنگ رہ گئے۔

    انہوں نے میک مائی ٹرپ نامی اس پلیٹ فارم کے منتظمین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاکہ اپنی رقم واپس لے سکیں لیکن وہ ناکام رہے۔

    بعد ازاں انہوں نے ایئر لائن سے رابطہ جس کا عملہ بھی ان کی روداد سن کر حیران رہ گیا، تاہم انہوں نے روہت کی مدد کا وعدہ کیا۔

    چند روز بعد روہت کا مسئلہ حل ہوا اور مذکورہ پلیٹ فارم کی جانب سے انہیں ان کی رقم موصول ہوگئی۔

    روہت کی روداد سن کر ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ آن لائن بکنگ میں اس طرح کے دھوکے بہت عام ہیں جس میں مختلف پلیٹ فارمز اصل رقم سے زائد وصول کرتے ہیں، بہتر یہی ہے کہ ہمیشہ ایئر لائن کی آفیشل ویب سائٹ سے ہی بکنگ کی جائے۔

  • انڈیا میں آ رہا ہوں، عثمان خواجہ

    انڈیا میں آ رہا ہوں، عثمان خواجہ

    پاکستان میں پیدا ہونے والے آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کے ویزے کا مسئلہ حل ہو گیا جس کے بعد انہیں بھارت روانگی کے لیے کلیئرنس مل گئی۔

    آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا پر اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ ’ انڈیا میں آرہا ہوں‘۔

    عثمان خواجہ نے جہاز سے اپنی تصویر بھی شیئر کی ہے، ساتھ ہی انہوں نے خواجہ ان روٹ کا پیش ٹیگ استعمال کیا ہے۔

    عثمان خواجہ کو 2011 میں بھی بھارت جانے کے لیے ویزا ایشو کا سامنا کرنا پڑا تھا، انہیں 2011 میں چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے بھارت جانا تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Usman Khawaja (@usman_khawajy)

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ویزے کے مسائل کے باعث عثمان خواجہ آسٹریلوی اسکواڈ کے ہمراہ بھارت روانہ نہیں ہو سکے تھے تاہم ان کی یوری ٹیم منگل کو بھارت روانہ ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ  9 فروری سے کھیلا جائے گا۔

  • مسافر کی ایئر ہوسٹس کے ساتھ نازیبا حرکت، سیکیورٹی عملہ حرکت میں آگیا

    نئی دہلی: بھارت میں فضائی سفر کے دوران ایک مسافر نے عملے کی خاتون رکن کے ساتھ نازیبا حرکت کی جس کے بعد اسے آف لوڈ کر کے سیکیورٹی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اسپائس جیٹ کی نئی دہلی سے حیدر آباد کی فلائٹ میں پیش آیا۔

    ایک عمر رسیدہ مسافر نے جہاز پر چڑھنے کے دوران طیارے کے عملے کی خاتون رکن کو جسمانی طور پر ہراساں کیا اور اس کے ساتھ نازیبا حرکت کی۔

    خاتون رکن نے طیارے کے پائلٹ اور گراؤنڈ پر موجود عملے کو شکایت درج کروائی جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    مسافر اور اس کے ساتھی کو آف لوڈ ہونے کا حکم دیا گیا جس پر مسافر اور عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ دونوں کے درمیان تکرار کی ویڈیو ایک اور مسافر نے بنائی جسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا گیا۔

    مسافر اور اس کے ساتھی کو آف لوڈ کرنے کے بعد سیکیورٹی حکام کے حوالے کردیا گیا۔