Tag: انڈیا

  • سعودی عرب میں بھارتی سرمایہ کاری میں اضافہ

    سعودی عرب میں بھارتی سرمایہ کاری میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں بھارتی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور رواں برس یہ ساڑھے 5 ارب ریال بڑھی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں گزشتہ برس کے مقابلے میں سال رواں کے دوران بھارتی سرمایہ کاری ساڑھے 5 ارب ریال بڑھی ہے اور اس میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دی جانے والی سہولتوں کی بدولت بھارتی کمپنیوں اور فیکٹریوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی وژن 2030 سے ہم آہنگ سرمایہ کاری بھی بڑھی ہے، خاص طور پر زراعت، تعلیم اور اسٹیل کے شعبوں میں بھارت نے زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔

    دوسری جانب بھارت میں بھی سعودی سرمایہ کاری گزشتہ برس کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہوئی ہے۔ بھارتی قونصلیٹ کے مطابق بھارت سعودی مارکیٹ میں اپنے قدم جمانے کے لیے متعدد اسکیمیں تیار کیے ہوئے ہے۔

    قونصلیٹ کے مطابق نئی دہلی سعودی عرب کو طاقتور ترین سٹریٹجک شریک سمجھتا ہے، جلد سعودی عرب میں بھارتی کاروباری نمائشیں بھی ہوں گی اور بھارتی کمپنیوں اور فیکٹریوں کی مصنوعات متعارف کروائی جائیں گی۔

    بھارتی قونصلیٹ کے مطابق بھارت کے اسپتالوں میں سعودی شہری بڑی تعداد میں علاج کے لیے جارہے ہیں، الاحسا میں انڈین کیٹلاگ نمائش کے دوران بھارت کی 200 کمپنیوں کا تعارف کروایا گیا ہے۔

  • بیٹی کی برتھ ڈے پارٹی میں بلا کر باپ نے 20 بچوں کو یرغمال بنا لیا

    بیٹی کی برتھ ڈے پارٹی میں بلا کر باپ نے 20 بچوں کو یرغمال بنا لیا

    آگرہ: بھارتی ریاست اتر پردیش میں مسلح شخص نے بیٹی کی برتھ ڈے پارٹی کا جھانسہ دے کر محلے کے بچوں کو بلایا اور انہیں یرغمال بنا لیا، پولیس کے ہاتھوں ملزم کی ہلاکت کے بعد مشتعل ہجوم نے ملزم کی بیوی کو بہیمانہ تشدد کر کے مار ڈالا۔

    یہ دہشت ناک واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر فرخ آباد میں پیش آیا، مسلح شخص جس کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ کچھ عرصہ قبل ہی جیل سے چھوٹ کر آیا تھا، نے 20 بچوں کو یرغمال بنا لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بچوں کو اپنی بیٹی کی برتھ ڈے پارٹی کا کہہ کر بلایا اور اس کے بعد انہیں یرغمال بنا لیا۔

    مقامی افراد کو جب اس کے ارادے کا علم ہوا تو انہوں نے دروازہ کھلوانے کی کوشش کی تاہم سبھاش باتھم نامی اس عادی مجرم نے گھر کے اندر سے فائرنگ شروع کردی۔

    ملزم کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور موقع کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے اندر ملزم کی بیوی اور 1 سالہ بیٹی بھی موجود تھی اور ملزم نے انہیں بھی یرغمال بنا لیا۔ اس دوران ملزم نے ایک 6 ماہ کی بچی جو وہاں موجود بچوں میں شامل تھی، 7 گھنٹے بعد بالکونی کے ذریعے پڑوسیوں کے حوالے کی۔

    پولیس کے مطابق ملزم سمجھتا تھا کہ اس پر اس سے قبل لگایا جانے والا قتل کا الزام جھوٹا تھا اور اسے اس قتل کے الزام میں پولیس کے حوالے کرنے میں پڑسیوں کا ہاتھ تھا، ممکنہ طور پر اس نے پڑوسیوں سے بدلہ لینے کے لیے یہ سب کیا۔

    بچوں کو چھڑانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تو ملزم نے انہیں فائرنگ اور بم سے اڑانے کی دھمکیاں دینی شروع کیں، اس نے پولیس کی طرف ایک کم شدت کا بم بھی پھینکا جس سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

    ملزم کے خطرناک ارادے دیکھتے ہوئے پولیس نے سخت ایکشن شروع کیا اور 11 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس ان کاؤنٹر کا اختتام ملزم کی موت پر ہوا۔ تمام بچوں کو بحفاظت چھڑا کر معمولی میڈیکل چیک اپ کے بعد انہیں ان کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔

    ملزم

    ملزم کی موت کے بعد مشتعل مقامی افراد اس کے گھر میں داخل ہوئے اور اس کی بیوی پر بہیمانہ تشدد کیا، پولیس عورت کو بچانے میں ناکام رہی جس کے بارے میں غیر واضح تھا کہ آیا وہ بھی ملزم کے ساتھ تھی یا خود بھی یرغمالیوں میں شامل تھی۔

    ملزم کی بیوی کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ اس سے قبل ہی دم توڑ گئی۔

    واقعے کے دوران تمام بھارتی میڈیا نے براہ راست نشریات چلائیں اور اس دوران کئی چینلز نے ملزم کو پیشکش کی کہ وہ اپنے مطالبات انہیں بتائے، وہ انہیں حکام بالا تک پہنچانے میں مدد کرسکتے ہیں۔

    اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بچوں کے بحفاظت چھڑائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور آپریشن میں شامل پولیس ٹیم کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • بھارت میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ

    بھارت میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، متاثرہ طالبعلم کرونا سے متاثرہ شہر ووہان سے کیرالہ واپس آیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے طالبعلم میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، متاثرہ طالبعلم ووہان میں زیر تعلیم تھا اور بھارتی حکومت کے خصوصی طیارے میں کیرالہ واپس آیا تھا۔

    طالبعلم کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے اور ڈاکٹرز اس کی سخت نگرانی کر رہے ہیں۔

    بھارتی محکمہ صحت کے مطابق اب تک 400 افراد چین سے کیرالہ پہنچے ہیں اور انہیں سخت نگرانی میں رکھا جارہا ہے۔ 5 افراد مختلف اسپتالوں کے آئسولیشن وارڈ میں موجود ہیں جبکہ بقیہ افراد کو ان کے گھروں پر قرنطینیہ میں رکھا گیا ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق واپس آنے والوں میں طلبہ اور کاروباری افراد دونوں شامل ہیں اور انہیں ایئرپورٹ سے براہ راست نگرانی کے لیے لایا گیا۔

    دوسری جانب کیرالہ کے 14 ضلعوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کردیے گئے ہیں جبکہ گھروں پر قرنطینیہ میں رکھے گئے افراد کی نگرانی مقامی ہیلتھ سینٹرز کر رہے ہیں۔

    ان تمام افراد کو 14 کے بجائے 28 دنوں تک زیر نگرانی رکھا جائے گا۔

    بھارتی حکومت نے چین میں پھنسے افراد کو 2 خصوصی طیاروں کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں دارالحکومت نئی دہلی میں 28 دن تک زیر نگرانی رکھا جائے گا۔

    بھارتی محکمہ صحت کے مطابق ووہان سے صرف انہی بھارتی شہریوں کو نکالا جائے گا جن میں فلو کی علامات موجود نہیں تاکہ وہ وطن واپس آکر اس خطرناک وائرس کے پھیلاؤ کا سبب نہ بنیں۔

    دوسری جانب چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، سب سے زیادہ ہلاکتیں ووہان شہر میں ہورہی ہیں جہاں مرنے والوں کی تعداد 170 تک جا پہنچی۔

    اب تک 7 ہزار 700 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    چین کے علاوہ دیگر 15 ملکوں میں بھی کرونا وائرس کے 68 مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔ جاپان، فرانس اور اردن کے شہریوں نے چین سے واپسی شروع کر دی ہے۔

  • میں تمھیں آزادی دوں گا، انتہا پسند نے جامعہ ملیہ کے طالب علم کو گولی مار دی، ویڈیو دیکھیں

    میں تمھیں آزادی دوں گا، انتہا پسند نے جامعہ ملیہ کے طالب علم کو گولی مار دی، ویڈیو دیکھیں

    نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت میں ایک انتہا پسند ہندو نے شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر سر عام فائر کھول دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک انتہا پسند ہندو نے دہلی میں جامعہ ملیہ کے قریب جامعہ نگر میں فائرنگ کرتے ہوئے ایک طالب علم کو زخمی کر دیا، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے مسلح شخص یہ نعرہ لگاتے ہوئے فائر کر رہا تھا ‘میں تمھیں آزادی دوں گا۔’

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، کہ مسلح شخص سڑک پر دندناتا ہوا آیا اور پستول لہراتے ہوئے چلایا، کون آزادی مانگتا ہے، میں تمھیں آزادی دوں گا، یہ کہہ کر اس نے فائر کھول دیا۔

    پولیس نے مسلح شخص کو موقع ہی پر گرفتار کر لیا، تاہم فائر کر کے طالب علم کو زخمی کرنے والے انتہا پسند ہندو کی شناخت معلوم نہیں ہو سکی، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مظاہرین راج گھاٹ کی طرف مارچ کر رہے تھے۔

    دہلی کا وہ علاقہ جسے بھارتی میڈیا نے منی پاکستان مان لیا

    واقعے کے بعد زخمی طالب علم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ مسلح شخص سے پولیس تفتیش کر رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح شخص پستول لہراتے ہوئے مارچ کرنے والوں کے آگے جا رہا ہے اور میڈیا کے سامنے کھلم کھلا مظاہرین کی طرف پستول کر کے فائر کر رہا ہے، ساتھ ہی نعرے بھی لگا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ جامعہ ملیہ کے طلبہ نے متنازع قانون کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔ متنازع قانون کی منظوری کے بعد بھارت بھر میں پرزور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فلم انڈسٹری اور دیگر شعبہ جات کی معروف شخصیات نے بھی احتجاج کو درست قرار دیتے ہوئے مودی سرکار کی پالیسی کو مسترد کر دیا ہے، تاہم اس دوران ریاستی تشدد کے باعث سیکڑوں شہری زخمی اور متعدد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔

  • مودی سرکار نے میرے گھر کو تقسیم کر دیا ہے، معروف بھارتی اداکارہ کی شدید تنقید

    مودی سرکار نے میرے گھر کو تقسیم کر دیا ہے، معروف بھارتی اداکارہ کی شدید تنقید

    ممبئی: بالی ووڈ کی اداکارہ پوجا بھٹ نے بھی مودی سرکار کو تنقید کی زد پر رکھ لیا ہے، بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے ‘میرے گھر کو تقسیم کر دیا ہے۔’

    تفصیلات کے مطابق انتہا پسند مودی سرکار کے شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاج بھارت بھر میں جاری ہے، اداکارہ پوجا بھٹ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہریت کے متنازعہ قانون کی حمایت نہیں کرتیں، کیوں کہ اس نے میرے گھر کو تقسیم کر دیا ہے۔

    پوجا بھٹ نے احتجاج کرنے والوں کو سب سے بڑا محب وطن بھی قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے حب الوطنی کی سب سے اعلیٰ شکل ہے، جو طلبہ متنازع قوانین CAA-NRC کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، وہ یہ پیغام دے رہے ہیں کہ حکمران جماعت نے ہمیں متحد کر دیا ہے۔

    جواہر نہرو یونی ورسٹی کے طالب علم شرجیل امام، جس کی تلاش میں دہلی پولیس چھاپے مار رہی ہے

    بھارتی ادکارہ نے احتجاج کے سلسلے میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہماری خاموشی ہمیں نہیں بچائے گی، نہ ہی حکومت کو بچا سکے گی، طلبہ ہمیں پیغام دے رہے ہیں کہ یہی وقت ہے اپنی آوازیں بلند کرنے کا، ہم اس وقت تک آواز بلند کرتے رہیں گے جب تک ہماری آواز نہ سنی جائے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت میں عورتیں، شاہین باغ اور لکھنؤ کی مانند، احتجاج جاری رکھیں گی اور خاموش نہیں ہوں گی، یہاں تک کہ ان کی آواز واضح طور پر سن لی جائے۔

    ادھر جواہر نہرو یونی ورسٹی کے طالب علموں کے خلاف 6 ریاستوں میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، شاہین باغ میں تقریر میں آسام، شمال مغربی ریاستوں کی آزادی کی بات کرنے والے طالب علم شرجیل امام کے گھر پر دہلی پولیس نے چھاپا مارا اور ان کے بھائی اور 2 رشتہ داروں کو گرفتار کر لیا۔ شرجیل امام کی گرفتاری کے لیے ممبئی، پٹنا اور دہلی میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ شرجیل امام ‘آسام کو انڈیا سے کاٹ دو‘ کی تقریر کے بعد پورے انڈیا میں مشہور ہو گئے ہیں، اور ان کی گرفتاری کے لیے کئی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

  • صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے سنجیدہ ہیں: پاکستانی سفیر اسد مجید

    صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے سنجیدہ ہیں: پاکستانی سفیر اسد مجید

    ہیوسٹن: پاکستان سفیر اسد مجید نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے سنجیدہ ہیں۔

    امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر نے یہ بات اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی، اسد مجید کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مرکوز ہے، امریکی صدر بھی اس مسئلے پر سنجیدہ ہیں۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ مختلف امریکی شہروں میں یوم یک جہتئ کشمیر پر مذاکرے اور سیمینار ہوں گے، کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ خیال رہے کہ 5 فروری کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم یک جہتئ کشمیر منایا جائے گا۔

    دریں اثنا، دنیا بھر میں بھارتی یوم جمہوریہ پر مودی کے خلاف مظاہرے کیے گئے، مختلف ملکوں میں ہندو، مسلم، سکھ اور دیگر کمیونٹی کے افراد پلے کارڈز اٹھائے سڑکوں پر نکلے اور انھوں نے مودی کے فاشسٹ اقدامات کے خلاف نعرے لگائے۔

    بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیریوں اور خود بھارتی عوام نے مودی سرکار کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھایا، برطانیہ میں کئی مقامات پر مظاہرے ہوئے، آکسفرڈ میں یونی ورسٹی طلبہ نے نریندر مودی کے خلاف نعرے لگائے، اس دوران لندن کی فضا میں بھی فیض کی نظم گونجتی رہی۔

    لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج میں سکھ، کشمیری، آسام، ناگالینڈ اور تامل ناڈو کے شہری بھی شریک ہوئے، گلاسگو میں بھی بھارتی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کی گئی، پیرس میں بھی کشمیریوں اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے مودی سرکار کے خلاف احتجاج کیا۔ یورپی یونین کے دارالحکومت برسلز میں بھارت کا یومِ جمہوریہ جمّوں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور کشمیر کونسل ای یو نے یوم سیاہ کے طور پر منایا۔

  • چیتے نے خاتون پر حملہ کر کے اسے مار ڈالا

    چیتے نے خاتون پر حملہ کر کے اسے مار ڈالا

    بھارت میں ایک چیتے نے خاتون پر حملہ کر کے اسے مار ڈالا، یہ اس ضلع میں چیتے کے ہاتھوں دوسری ہلاکت ہے۔

    یہ دہشت ناک واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع چندر پور میں پیش آیا، فاریسٹ افسر کے مطابق قریبی گاؤں کی ایک خاتون اپنے کھیت میں کام کر رہی تھیں۔

    افسر کے مطابق ٹائیگر بھی وہیں کھیت میں موجود تھا، وہ خاموشی سے خاتون کے سر پر پہنچا اور اچانک حملہ کردیا، حملے کا شکار خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔

    خاتون جب واپس اپنے گھر نہیں پہنچی تو ان کے گھر والے انہیں ڈھونڈنے نکلے اور جلد ہی انہیں گھر سے 100 میٹر دور ان کی لاش مل گئی۔

    افسر کا کہنا ہے کہ ٹائیگر کی تلاش کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، خاتون کے لواحقین کو فوری طور پر 20 ہزار روپے دیے گئے ہیں۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ معاوضے کی مزید رقم جلد ہی فراہم کردی جائے گی۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل بھی ضلع بھاندرا میں چیتے نے مقامی آبادی میں داخل ہو کر 3 افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    مقامی شہریوں کے مطابق چیتا حملہ کر کے جنگل کی طرف واپس بھاگ گیا، محکمہ وائلڈ لائف نے خونخوار چیتے کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • بھارت یوم جمہور نہیں یوم فتور منا رہا ہے: فردوس عاشق اعوان

    بھارت یوم جمہور نہیں یوم فتور منا رہا ہے: فردوس عاشق اعوان

    سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں کرفیو ہے، بھارت یوم جمہور نہیں یوم فتور منا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں کو ریاستی دہشت گردی کا شکار بنایا جارہا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کشمیریوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کے سیکیولر ہونے کا دعویٰ عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکا ہے، بھارت میں نازی ازم سے متاثر فاشسٹ حکومت ہے۔ آج بھارت کے یوم جمہور پر مودی سرکار نے ظلم برپا کر رکھا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یوم کشمیر یکجہتی پر پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت میں پڑھا لکھا طبقہ مودی کے اقدامات کے خلاف احتجاج کر رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب بھارت کا ہر شہری ریاستی دہشت گردی پالیسی سے لاتعلق ہوگا۔ انتہا پسند سوچ اور امن دشمن بھارتی سرکار کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارت سرکار کو کشمیریوں کو جائز حق دینے کے لیے واضح مؤقف اپنانا ہوگا، کشمیر میں خواتین کا استحصال ہو رہا ہے بچے اسکول نہیں جا پا رہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت سے متعلق گلے شکوے کا تاثر تھا، وزیر اعلیٰ پنجاب کل ارکان صوبائی اسمبلی سے ملے اور سب نے اعتماد کا اظہار کیا۔ بیرون ملک سازشوں میں مصروف ٹولے کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑی۔

  • آئی ایم ایف کی بھارتی معاشی ترقی میں کمی کی پیش گوئی

    آئی ایم ایف کی بھارتی معاشی ترقی میں کمی کی پیش گوئی

    واشنگٹن: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھارتی معاشی شرح نمو میں 1.3 فی صد کمی کی پیش گوئی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے پیش گوئی کی ہے کہ بھارتی معاشی شرح نمو میں 1.3 فی صد کمی ہوگی، بھارتی معاشی سست روی عالمی شرح نمو کو بھی متاثر کرے گی۔

    عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ بھارت میں جاری سماجی بحران کے باعث معاشی شرح نمو متاثر ہوگی، جب کہ بھارتی شرح نمو میں کمی عالمی معاشی شرح نمو میں بھی کمی کا باعث بنے گی۔

    آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ رواں سال عالمی معاشی شرح نمو تین اعشاریہ تین فی صد رہے گی جو اکتوبر میں کی گئی پیش گوئی سے کم ہے، جب کہ بھارتی معاشی شرح نمو رواں مالی سال 4.8 فی صد رہے گی۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے آئی ایم ایف نے بھارتی معاشی شرح نمو چھ اعشاریہ ایک فی صد رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔

    بھارت دنیا کا پانچواں خطرناک ترین ملک قرار

    پاکستانی معیشت سے متعلق آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.4 فی صد رہے گی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی قوانین کی منظوری کے بعد ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو بدستور جاری ہے، اس احتجاج نے بھارتی معیشت کو شدید دھچکا پہنچایا ہے، نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر اقلیتیں اور خود ہندو برادری بھی اس احتجاج میں بھرپور طور پر شریک ہے۔

    دوسری طرف مودی سرکار کے ایما پر ریاستی پولیس کی جانب سے مظاہرین بالخصوص یونی ورسٹی طلبہ پر بدترین تشدد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • بے جے پی کے غنڈے قوالی کے بھی دشمن، معروف خاتون کو قوالی سے روک دیا

    بے جے پی کے غنڈے قوالی کے بھی دشمن، معروف خاتون کو قوالی سے روک دیا

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہندو انتہا پسند مسلمان دشمنی میں آپے سے باہر ہو گئے، معروف خاتون کو قوالی سے روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لکھنؤ میں معروف کتھک ڈانسر منجری چترویدی کو صوفی رقص سے روک دیا گیا، بی جے پی کے غنڈوں کا کہنا تھا کہ یہاں قوالی نہیں چلے گی۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بی جے پی کے غنڈوں نے اسٹیج پر چڑھ کر توڑ پھوڑ کی اور پروگرام ختم کروایا۔

    معروف فن کار منجری چترویدی کے ساتھ یہ واقعہ لکھنؤ میں پیش آیا، ان کا کہنا تھا کہ انھیں اتر پردیش کی حکومت نے پروگرام پیش کرنے کے لیے مدعو کیا تھا، تاہم پروگرام کے درمیان میں اچانک موسیقی بند کر دی گئی۔

    کتھک ڈانسر منجری چترویدی

    چترویدی کا کہنا تھا کہ انھیں بہت حیرانی ہوئی، حاضرین بھی پریشان ہوئے، موسیقی روکنے پر مجھے لگا کہ شاید کوئی تکنیکی خرابی واقع ہو گئی ہے، لیکن پھر اگلے پروگرام کا اعلان کیا گیا، وجہ پوچھنے پر بتایا گیا کہ قوالی نہیں چلے گی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق منجری چترویدی کے صوفی رقص میں قوالی بھی شامل تھی، جس کی وجہ سے ان کے پروگرام کو جبراً روکا گیا۔ جس سے انتہا پسند ہندوؤں کی مسلم دشمنی کا پتا چلتا ہے۔

    خیال رہے کہ معروف کتھک ڈانسر منجری چترویدی گزشتہ بیس برسوں سے کتھک کا فن پیش کرتی آ رہی ہیں، گزشتہ روز کے واقعے نے انھیں دل گرفتہ کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے کئی ممالک میں پرفارمنس دے چکی ہیں لیکن اپنے ہی شہر لکھنؤ میں جو کچھ پیش آیا اس نے مجھے حیران کر دیا ہے۔