Tag: انڈیا

  • بھارتی شخص کا سرکاری افسر کے سامنے بھونک کر احتجاج

    بھارتی شخص کا سرکاری افسر کے سامنے بھونک کر احتجاج

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ایک شخص کے سرکاری دستاویزات میں اس کا نام کتا لکھ دیا گیا جس کے بعد اس شخص نے بھونکنے کی آوازیں نکال کر مجسٹریٹ کو اپنے نام کی تصحیح کرنے پر مجبور کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شری کانت دتہ نامی شخص راشن کارڈ پر اپنا نام درست کروانے کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگا لگا کر پریشان تھا جس کے بعد اس نے احتجاجاً یہ حرکت کی۔

    شری کانت نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی گاڑی روک کر کھڑکی سے کتے کی بھونکنے کی آوازیں نکالیں جس پر مجسٹریٹ پریشان ہوگیا، تاہم اس نے اپنے دستاویزات ان کے سامنے کیے جس میں اس کے نام کو غلطی سے کتا لکھا گیا۔

    سرکاری عملے نے لفظ Dutta دتہ کو Kutta کتا لکھ دیا تھا جس کی وجہ سے اس شخص کی زندگی مشکل ہوگئی تھی۔

    مذکورہ شخص کی اس حرکت کے بعد مجسٹریٹ نے اس کے دستاویزات کو بغور دیکھا اور پڑھنے کے بعد ایک شخص کے حوالے کرتے ہوئے اسے درست کرنے کی ہدایت کی۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی بنا لی گئی اور اسے ٹویٹر پر اپ لوڈ کیا گیا جہاں وہ بے حد وائرل ہوئی۔

    شری کانت کا کہنا تھا کہ وہ اپنے نام کی تصحیح کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک گیا تھا جس کے بعد اس نے مجبوراً یہ حرکت کی۔

  • بھارت میں قتل کی ایک اور لرزہ خیز واردات، نوجوان لڑکی کا نرخرہ کاٹ دیا گیا

    بھارت میں قتل کی ایک اور لرزہ خیز واردات، نوجوان لڑکی کا نرخرہ کاٹ دیا گیا

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں نوجوان خاتون کے قتل اور لاش کے ٹکڑے کیے جانے کے لرزہ خیز واقعے کے بعد قتل کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، ایک اور 25 سالہ لڑکی اپنے ساتھی کے ہاتھوں بہیمانہ طریقے سے قتل کردی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آیا ہے جہاں ابھیجیت نامی ایک شخص نے اپنی محبوبہ پر بے وفائی کا الزام لگا کر اس کا نرخرہ کاٹ دیا۔

    ملزم نے اپنی ایک ویڈیو بھی بنائی جس میں اس نے اپنے خون میں سنے ہاتھ دکھائے اور کہا، ’بے وفائی نہیں کرنے کا،‘ اس کے بعد اپنے پیچھے دکھائی دینے والا کمبل ہٹایا تو نیچے سے خون میں لت پت لاش برآمد ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی عمر 25 سال تھی اور دونوں چند روز سے جبل پور کے ایک ریزورٹ میں رہ رہے تھے، گھناؤنے قتل کی کارروائی ریزورٹ میں ہی کی گئی۔

    ملزم نے اپنی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جس میں اس نے الزام لگایا کہ اس کی محبوبہ اس کے، اور اس کے بزنس پارٹنر جیتندر دونوں کے ساتھ افیئر چلا رہی تھی، لڑکی نے چند روز قبل جیتندر سے 12 لاکھ روپے لیے تھے اور اس کے بعد شہر چھوڑ کر چلی گئی۔

    ملزم کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس نے یہ قتل جیتندر کے کہنے پر ہی کیا ہے۔

    پولیس نے جیتندر اور اس کے ایک ساتھی کو بھی حراست میں لے لیا ہے، سوشل میڈیا سے ملزم کی تمام ویڈیوز ہٹا دی گئی ہیں اور پولیس تفتیشی کارروائی میں مصروف ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ہی نئی دہلی میں آفتاب نامی نوجوان نے شادی کے مطالبے پر اپنی 25 سالہ گرل فرینڈ کو قتل کر دیا تھا اور لاش کے 35 ٹکڑے کر کے فریج میں رکھ دیے تھے۔

    بعد ازاں وہ باری باری ان ٹکڑوں کو شہر کے مختلف حصوں میں پھینکتا رہا۔

    پولیس کے مطابق ملزم پکڑے جانے، اور شردھا کے دوستوں کے شک سے بچنے کے لیے شردھا کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ایکٹو رکھے ہوئے تھا۔

  • بھارت: خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا

    بھارت: خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا

    نئی دہلی: بھارت کے ایک گاؤں میں ایک خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا، گاؤں والوں نے خاتون پر جادو ٹونے کا الزام لگایا اور بہیمانہ تشدد کر کے انہیں آگ لگا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ ریاست بہار کے ضلع گیا کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا۔

    واقعے سے قبل پنچایت کا اجلاس بھی ہوا تھا جس میں پنچایت کے مکھیا، سرپنج اور مقامی سیاسی رہنما بھی شامل ہوئے تھے۔

    خاتون ہیمنتی دیوی کے شوہر کا کہنا ہے کہ دو روز قبل سہ پہر کے وقت ان کے گھر پر کم از کم 200 افراد نے حملہ کیا، اس وقت ان کی اہلیہ گھر کی چھت پر موجود تھیں۔

    ہجوم انہیں لے کر گھر کے ایک کمرے میں گیا اور انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے بعد انہیں زندہ جلا دیا، غیر انسانی تشدد اور شدید طور پر جھلسنے کی وجہ سے خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔

    حملے کی زد میں اہلخانہ بھی آئے جنہوں نے خاتون کو بچانے کی کوشش کی۔

    واقعے کے بعد پورے گاؤں میں خوف و سراسیمگی کی فضا قائم ہے، پولیس بڑے پیمانے پر ملزمان کی تلاش کر رہی ہے اور جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے قبل خاتون کے ایک رشتے دار کی موت ہوئی تھی جس کے بعد اس کے گھر والوں نے ہیمنتی دیوی پر جادو ٹونے کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ قتل کی ذمہ دار ہے۔

    گاؤں والوں کے مطابق رشتے دار کی موت کسی سنگین بیماری کی وجہ سے ہوئی تھی لیکن اس کے گھر والے یہ بات ماننے کو تیار نہیں تھے۔

    وقوعے کے روز انہوں نے اسی معاملے پر پنچایت بلانے کی درخواست دی تھی اور اس موقع پر جھاڑ کھنڈ سے ایک جھاڑ پھونک کرنے والے فقیر کو بھی بلایا گیا تھا۔

    اس فقیر نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ہیمنتی پر ایسا عمل کرے گا کہ وہ اپنے جرم کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوجائے گی۔

    تاہم پنچایت کے دوران دونوں فریقین کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی، فقیر موقع دیکھ کر وہاں سے بھاگ گیا اور پنچایت بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی۔

    اس کے بعد رشتے دار کے گھر والوں نے گاؤں والوں کو اکسا کر اپنے ساتھ ملایا اور ہیمنتی کے گھر پر حملہ کردیا، اس دوران ہیمنتی کے بیٹے اور شوہر نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن حالات قابو سے باہر دیکھ کر انہیں بھی فرار ہونا پڑا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق گاؤں میں موبائل کا نیٹ ورک نہایت کمزور ہے جس کی وجہ سے پولیس کو ملزمان کی تلاش میں دشواری کا سامنا ہے۔

  • دہلی کی آلودہ فضا میں سپر مین بھی بے حال

    دہلی کی آلودہ فضا میں سپر مین بھی بے حال

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدترین ہوگئی ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر یہاں سپر ہیروز ہوتے تو دہلی کی فضاؤں میں اڑتے ہوئے وہ بھی بے حال ہوجاتے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں ہوا کے خراب معیار اور فضائی آلودگی سے تنگ لوگوں نے اس مسئلے پر حکام کی توجہ دلانے کے لیے مزاحیہ میمز بنانا شروع کردی ہیں۔

    نئی دہلی میں دھند اور آلودہ ہوا کی وجہ سے کچھ اسکولوں کو بند بھی کردیا گیا ہے۔

    ایک اکاؤنٹ سے ٹویٹر پر مزاحیہ جملے کے ساتھ دلچسپ تصویر شیئر کی گئی جس میں لکھا گیا کہ سپرمین کی دہلی میں 10منٹ تک اڑنے کے بعد کی حالت۔ تصویر میں سپر مین آکسیجن ماسک لگائے دکھائی دے رہا ہے۔

    اس کے علاوہ دیگر کئی اکاؤنٹس سے بھی بالی ووڈ فلموں کی تصاویر کو استعمال کرتے ہوئے لوگوں نے دہلی کی فضائی آلودگی کو بیان کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج سے شہر کے پرائمری اسکولز بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر ماحولیات کا کہنا ہے کہ دہلی حکومت کے 50 فیصد ملازمین گھر سے کام کریں گے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید بدتر ہونے کا امکان ہے۔

  • بھارتی شہری آسٹریلوی خاتون کو قتل کر کے وطن بھاگ آیا، پولیس بھی پیچھے پیچھے

    بھارتی شہری آسٹریلوی خاتون کو قتل کر کے وطن بھاگ آیا، پولیس بھی پیچھے پیچھے

    نئی دہلی: آسٹریلیا میں ایک بھارتی شخص ایک نوجوان خاتون کو قتل کر کے واپس بھارت بھاگ آیا، تاہم آسٹریلوی پولیس بھی اس کے پیچھے پیچے بھارت پہنچ گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی پولیس نے ایک بھارتی ملزم کو پکڑنے کے لیے ریکارڈ 10 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے، بھارتی ملزم 4 سال قبل 2018 میں ایک آسٹریلوی خاتون کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد بھارت فرار ہو گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق 24 سالہ مقتول خاتون اپنے کتے کے ساتھ وینگیٹی بیچ پر چہل قدمی کر رہی تھی، جب انہیں قتل کیا گیا، اگلی صبح ان کی لاش ان کے والد کو ملی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 38 سالہ ملزم راجویندر سنگھ بطور نرس کام کرتا تھا، قتل کے اگلے روز ملزم آسٹریلیا میں اپنی ملازمت، بیوی اور 3 بچوں کو چھوڑ کر ملک سے فرار ہو گیا تھا۔

    تاہم کوئنز لینڈ پولیس ملزم کی تلاش میں اس کے پیچھے بھارت پہنچ گئی۔

    مارچ 2021 میں آسٹریلوی حکام نے بھارتی حکومت سے ملزم کی حوالگی کی درخواست بھی کی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اس شخص کی آخری لوکیشن بھارت کی تھی اور وہ چاہتے ہیں اسے سزا دلوا کر اپنے ملک میں قانون و انصاف کے تقاضے پورے کریں۔

  • بھارت میں واٹس ایپ کے لاکھوں اکاؤنٹس اچانک بند

    بھارت میں واٹس ایپ کے لاکھوں اکاؤنٹس اچانک بند

    نئی دہلی: اسمارٹ فون ایپلی کیشن واٹس ایپ نے بھارت میں 26 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس پر پابندی عائد کردی، اس سے قبل اگست میں بھی 23 لاکھ اکاؤنٹس بند کیے گئے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق میٹا کی ملکیتی اسمارٹ فون ایپلی کیشن واٹس ایپ نے کہا ہے کہ اس نے نئے آئی ٹی ایکٹ 2021 کے تحت ستمبر کے مہینے میں بھارت میں 26 لاکھ سے زیادہ اکاؤنٹس پر پابندی لگادی ہے۔

    بھارت میں واٹس ایپ کے تقریباً 55 کروڑ یوزر ہیں، مذکورہ پابندی ملک بھر میں کی جانے والی شکایات کے بعد عمل میں آئی ہے۔

    اس سے قبل اگست میں بھی بھارت میں 23 لاکھ اکاؤنٹس بند کیے گئے تھے۔

    بھارتی حکام کو ایڈوانس آئی ٹی ایکٹ 2021 کے تحت، اہم ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ماہانہ رپورٹ شائع کرنی ہوتی ہے۔

    حکام نے سوشل میڈیا کے ذریعے کاروبار کرنے والے افراد کو، اپنے گاہکوں کو نقصان دہ یا غیر قانونی مواد نہ بھیجنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

  • بھارت میں پل گرنے کا ہولناک حادثہ: ننھے بچے نے اپنے خاندان کی جان کیسے بچائی؟

    بھارت میں پل گرنے کا ہولناک حادثہ: ننھے بچے نے اپنے خاندان کی جان کیسے بچائی؟

    نئی دہلی: بھارت میں پل گرنے کے حادثے میں 135 افراد کی ہلاکت کے بعد، ایک ایسا خوش نصیب خاندان بھی سامنے آیا ہے جو پل گرنے سے صرف 10 منٹ پہلے پل سے اتر گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں 140 سالہ پرانا پل گرنے کے واقعے میں 9 سالہ بچے کے رونے نے پورے خاندان کی جان بچالی۔

    30 اکتوبر کو بھارتی شہر موربی میں دریائے مچھو پر بنا 140 سال پرانا پل گر گیا تھا جس کے نتیجے میں 135 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

    پل گرنے کے واقعے میں بچ جانے والا ایک خوش قسمت خاندان بھی سامنے آیا ہے جو بچے کے رونے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہونے سے بچ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات کے رہائشی ساگر مہتا نامی رہائشی نے بتایا کہ وہ اہلیہ، 2 بچوں اور رشتے داروں کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے موربی پل گئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پل کے ہلنے پر 9 سالہ بیٹا خوفزدہ ہو گیا تھا اور اس نے رونا شروع کردیا جس پر پورا خاندان پل سے اتر آیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پل سے اترنے کے 10 منٹ بعد ہی حادثہ پیش آیا جس سے ہمارے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔

    خیال رہے کہ 1880 میں دریا پر بنایا گیا پل سیر و تفریح کا مرکز تھا اور گزشتہ ہفتے ہی اسے مرمت کے بعد 26 اکتوبر کو عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پل پر 100 افراد کی گنجائش تھی تاہم جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت پل پر 400 افراد موجود تھے۔

    پولیس نے مرمت کرنے والی کمپنی کے مینیجر سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • پاپ کارن مہنگے ہوجائیں گے: جھانوی کپور کی پاپ کارن بیچنے کی ویڈیو وائرل

    پاپ کارن مہنگے ہوجائیں گے: جھانوی کپور کی پاپ کارن بیچنے کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور اپنی نئی فلم کی تشہیر کے لیے سینما گھر پہنچ گئیں اور وہاں پہنچ کر انہوں نے پاپ کارن بھی بیچنے شروع کردیے۔

    بالی ووڈ اداکارہ جھانوری کپور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ سینما ہال میں کھڑی پاپ کارن فروخت کر رہی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جھانوی کپور سینما ہال میں فلم دیکھنے کے لیے آنے والے لوگوں کو پاپ کارن بیچ رہی ہیں، اداکارہ کا سینما ہال میں پاپ کارن بیچنے کا مقصد دراصل اپنی آنے والی فلم ملی کی تشہیر کرنا تھا۔

    4 نومبر کو ریلیز ہونے والی فلم ملی میں جھانوی کپور مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ فلم میں ان کے ساتھ سنی کوشل اور منوج پاہوا بھی ہیں۔

    تھرلر اور خوف سے بھرپور فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو پڑھائی کی غرض سے کینیڈا جانا چاہتی ہے لیکن جانے سے قبل، بھارت میں ہی فاسٹ فوڈ کے ریستوران میں نوکری کرنے کے دوران فریزر روم میں پھنس جاتی ہے۔

    فلم ملی سنہ 2019 میں جنوبی انڈیا کی ملیالم زبان میں بننے والی سپر ہٹ فلم ہیلین کا ری میک ہے جس کی ہدایت کاری بھی ہیلین فلم کے ہدایتکار ماتھو کٹی زیویئر نے دی ہے۔

    فلم کی تشہیر کے لیے جھانوی کو پاپ کارن بیچتا دیکھ کر انسٹا گرام پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

    ایک صارف نے کہا کہ جھانوی کپور نے پاپ کارن دیتے وقت دونوں ہاتھوں میں دستانے کیوں پہنے ہوئے ہیں۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ اس کے بعد کہیں سینما میں پاپ کارن کے دام مزید نہ بڑھ جائے، اب بھی خریدنے کے لیے بجٹ دیکھنا پڑتا ہے۔

    ایک اور شخص نے لکھا کہ فلم کی تشہیر کے لیے یہ لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں، اس وقت ان کو عوام یاد آجاتی ہے۔

  • بالی ووڈ کا ایک اور جوڑا رواں برس شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا

    بالی ووڈ کا ایک اور جوڑا رواں برس شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا

    نئی دہلی: بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بالی ووڈ کی معروف جوڑی کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا رواں سال ختم ہونے سے پہلے ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔

    بھارتی میڈیا نے باخبر اور معتبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کی شادی کی تاریخ رواں برس دسمبر میں طے کی جا چکی ہے اور دونوں کے خاندانوں نے اس حوالے سے تمام تفصیلات طے کرلی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں خاندان اس وقت خاموشی سے شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اس حوالے سے میڈیا یا عام افراد کو کوئی معلومات نہیں دینا چاہتے۔

    ذرائع کے مطابق جوڑا شادی کی تقریب نہایت نجی رکھے گا تاہم ریسیپشن کی تقریب ممبئی میں دھوم دھام سے منعقد کی جائے گی جس میں انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی دعوت دی جائے گی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ شادی کی تیاریاں مکمل ہوجانے کے بعد، شادی سے چند روز قبل جوڑا اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کردے۔

    خیال رہے کہ کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا نے گزشتہ برس شیر شاہ نامی فلم میں ایک ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد دونوں میں قربتیں بڑھنے لگیں، تاہم میڈیا پر دونوں نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔

    چند روز قبل کیارا نے شاہد کپور کے ساتھ کافی ود کرن میں شرکت کی اور اس دوران شاہد اور کرن نے تقریباً کیارا سے اگلوا لیا کہ وہ سدھارتھ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے جارہی ہیں۔

    کرن جوہر نے کیارا کو شادی میں نہ بلانے کی صورت میں خفا ہوجانے کی دھمکی بھی دی تھی۔

  • بھارت: 10 سالہ بچی کا سر قبر سے غائب، ہولناک واقعے نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارت: 10 سالہ بچی کا سر قبر سے غائب، ہولناک واقعے نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    نئی دہلی: بھارت میں چند دن قبل دفنائی جانے والی 10 سالہ بچی کا سر قبر سے غائب ہوگیا جبکہ دھڑ جوں کا توں موجود ہے، واقعے نے اہل علاقہ میں خوف کی لہر دوڑا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ہولناک اور پراسرار واقعہ جنوبی ریاست تامل ناڈو میں پیش آیا ہے جہاں ایک ہفتہ پہلے دفنائی جانے والی 10 سالہ بچی کا سر قبر سے غائب ہوگیا۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بچی کی موت 14 اکتوبر کو ہوئی تھی جب گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اس کے سر پر اچانک بجلی کا کھمبا گر گیا تھا، بچی شدید زخمی ہوگئی تھی اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی اور چند روز بعد دم توڑ گئی۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بچی کی تدفین کے 10 روز بعد جب وہ قبر پر گئے تو انہیں محسوس ہوا کہ قبر کے ساتھ کچھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔

    شک ہونے پر انہوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس نے ضلعی میڈیکل ڈپارٹمنٹ اور ضلعی محکمہ ریونیو کے افسران کی موجودگی میں قبر کو کھودا۔

    قبر کھودنے کے بعد سب کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی جب انہوں نے دیکھا کہ بچی کا سر غائب تھا اور دھڑ قبر میں موجود تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قبر کے پاس سے استعمال شدہ دستانے اور ایک ٹارچ بھی ملی ہے۔

    پولیس کے مطابق یہ حرکت جادو ٹونے کے لیے کی جاسکتی ہے، علاوہ ازیں اس پہلو سے بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ آیا گھر والوں کی کسی سے دشمنی ہے جس نے انہیں زک پہنچانے کے لیے ایسی گھناؤنی حرکت کی۔

    پولیس نے قبرستان انتظامیہ سمیت مختلف فریقین کو شامل تفتیش کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔