Tag: انڈیا

  • فواد چوہدری نے بھارتی عوام سے توقع وابستہ کر لی

    فواد چوہدری نے بھارتی عوام سے توقع وابستہ کر لی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ توقع ہے بھارتی عوام جنونیوں کے اقتدار سے نجات حاصل کر لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے تازہ ٹویٹ میں بھارتی عوام سے اس توقع کا اظہار کر دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے دشمن جنونیوں کے اقتدار کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں گے۔

    انھوں نے لکھا کہ بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاج جاری ہے، اس دوران درجنوں اموات ہو چکی ہیں، بھارت وزیر اعظم نریندر مودی کے پاگل پن کی قیمت چُکا رہا ہے۔

    تازہ ترین:  بھارت میں پرتشدد مظاہرے، اترپردیش میں 9 افراد ہلاک

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت کو جنونیت نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، اور اقلیتیں بھارت میں مشکل ترین دور سے گزر رہی ہیں، جب کہ مودی اینڈ کمپنی بھارت کا وجود ختم کرنے کے مشن پر ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی صدر نے جب سے مسلم مخالف شہریت کے متنازع قانون پر دست خط کیے ہیں، تب سے پورے بھارت میں شدید احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، احتجاج اور مظاہروں میں صرف مسلمان ہی شامل نہیں ہیں بلکہ دیگر قومیتیں بھی مودی سرکار کے خلاف سراپا احتجاج بن گئی ہیں۔

    مظاہروں کے دوران اترپردیش میں پولیس گردی کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اب تک اترپردیش میں ہلاک مظاہرین کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ دہلی میں نماز جمعہ کے بعد بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی تھی، جس کے دوران پولیس نے خواتین سمیت سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا، اور مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔

  • بھارتی وزیر خارجہ کی  بدحواسی، امریکی کانگریس اراکین سے ملاقات منسوخ کر دی

    بھارتی وزیر خارجہ کی بدحواسی، امریکی کانگریس اراکین سے ملاقات منسوخ کر دی

    واشنگٹن: مودی سرکار تنقید پر آپے سے باہر ہو گئی، بھارتی وزیر خارجہ نے بد حواس ہو کر کشمیر پر کانگریس اراکین کے ساتھ ملاقات منسوخ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق دورۂ واشنگٹن میں بھارتی وزیر خارجہ سبرامینم جے شنکر کی اراکین کانگریس سے ملاقات طے تھی، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جے شنکر نے کانگریس رکن پرامیلا جیا پال کو ملاقات میں شامل نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جیا پال نے گزشتہ ہفتے کشمیر پر کانگریس میں قرارداد پیش کی تھی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کی امور خارجہ کمیٹی کے سربراہ سے ملاقات طے تھی، ملاقات کے لیے وفد میں مائیکل میک کال، جیا پال اور دیگر اراکین کانگریس شامل کیے گئے تھے، تاہم بھارتی وزیر خارجہ کا اصرار تھا کہ جیا پال کو وفد میں شامل نہ کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی خاتون نے امریکی ایوان میں مقبوضہ کشمیر پر بل پیش کر دیا

    امریکی اراکین کانگریس کے انکار کے بعد وزیر خارجہ بھارت نے ملاقات منسوخ کر دی، جس پر امریکی اراکین کانگریس نے کڑی تنقید کی۔ سینیٹر برنی سینڈرز نے کانگریس وومن جیا پال کی حمایت میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا انسانی حقوق پر امریکی کانگریس اراکین کو خاموش نہیں کرایا جا سکتا، بھارتی حکومت سے ایسے رویے کی امید نہیں کرتے۔ دریں اثنا، برنی سینڈرز نے کشمیر پر کانگریس وومن پرامیلا جیا پال کا بیان بھی درست قرار دے دیا۔

    دوسری طرف پرامیلا جیا پال نے رد عمل میں کہا کہ کشمیر پر بھارتی وزیر خارجہ نے ملاقات منسوخ کر کے مایوس کیا، بھارتی وزیر خارجہ کا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ کشمیر پر کچھ سننا نہیں چاہتے، بھارت کانگریس کے وفد کو حکم نامے جاری نہیں کر سکتا۔

  • امریکا کی بھارت نوازی، مذہبی آزادی پر تشویش والے ممالک میں شامل نہیں کیا گیا

    امریکا کی بھارت نوازی، مذہبی آزادی پر تشویش والے ممالک میں شامل نہیں کیا گیا

    واشنگٹن: امریکا کی بھارت نوازی ایک بار پھر سامنے آ گئی ہے، بھارت کو مذہبی آزادی پر تشویش والے ممالک میں شامل نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی نئی فہرست جاری کر دی گئی ہے، امریکا نے بھارت کو مذہبی آزادی پر تشویش والے ممالک میں شامل نہیں کیا، بھارت کا نام واچ لسٹ میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔

    دوسری طرف پاکستان، چین، سعودیہ عرب اور ایران کو سب سے زیادہ خدشات والے ممالک میں شامل کر دیا گیا ہے، جب کہ برما، اریٹیریا، شمالی کوریا، تاجکستان، اور ترکمانستان بھی خدشات والے ممالک میں شامل کیے گئے ہیں۔ روس، ازبکستان، نائجیریا اور کیوبا کو اسپیشل واچ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ مذہبی آزادی امریکی محکمہ خارجہ کی اوّلین ترجیح ہے، دنیا بھر میں مذہبی آزادی کے لیے اپنی مہم جاری رکھیں گے، ہر شخص کو مذہب کے حوالے سے مکمل آزادی ہونی چاہیے۔

    خیال رہے کہ بھارت کی مودی سرکار نے مسلمان مخالف شہریت کا متنازع قانون پاس کر لیا ہے، جس کے بعد بھارت میں پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، ریاستی پولیس مظاہرین پر بد ترین تشدد کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

    اس سے قبل وادیٔ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے مودی سرکار نے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کو کرفیو اور لاک ڈاؤن کے ذریعے محصور بنا کر بنیادی حقوق سے محروم کر دیا ہے۔

  • محبوب کی شادی رکوانے کے لیے خاتون نے رشتے دار بچہ مشین میں ڈال کر قتل کردیا

    محبوب کی شادی رکوانے کے لیے خاتون نے رشتے دار بچہ مشین میں ڈال کر قتل کردیا

    نئی دہلی: بھارتی پنجاب میں ایک خاتون نے اپنے سابق محبوب کی شادی رکوانے کے لیے اس کا رشتہ دار بچہ واشنگ مشین میں ڈال کر قتل کردیا۔

    بھارتی پنجاب میں پیش آنے والے اس ہولناک واقعے میں ابتدائی طور پر پولیس کو بچے کی گمشدگی کی اطلاع دی گئی۔ پولیس کو بتایا گیا کہ مذکورہ بچہ ادھیراج اپنی والدہ اور بڑے بھائی کے ساتھ اپنے رشتہ داروں کے گھر آیا تھا جہاں 22 دسمبر کو اس کے انکل کی شادی ہونے والی تھی۔

    اہلخانہ کو بچے کی غیر موجودگی کا احساس ہوا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے مذکورہ علاقے کی سیکیورٹی فوٹیج چیک کی تو علم ہوا کہ شادی کے ہنگاموں میں بچہ اپنے بھائی اور ایک اور چھوٹی بچی کے ساتھ پڑوس میں چلا گیا تھا۔

    فوٹیج سے یہ بھی پتہ چلا کہ پڑوسی کے گھر کے اندر جانے والے بچے 3 تھے، تاہم واپس آنے والے بچے صرف 2 تھے۔ پڑوس میں ایک اکیلی خاتون کافی عرصے سے رہائش پذیر تھیں۔

    پولیس نے فوری طور پر مذکورہ مکان پر چھاپہ مارا جہاں تھوڑی ہی دیر میں انہوں نے واشنگ مشین میں کپڑوں کے ڈھیر کے نیچے سے بچے کا مردہ جسم برآمد کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ادھیراج کا وہ انکل جو جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والا تھا، پڑوسی خاتون کا سابق محبوب تھا اور اس کی شادی رکوانے کے لیے خاتون نے یہ مذموم حرکت کی۔

    ملزمہ نے پولیس کی حراست میں اعتراف کیا کہ اس نے بچے کو مشین میں ڈالا، اس کا ڈھکن بند کیا اور مشین چلا دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ پر قتل کی دفعات عائد کی گئی ہیں اور جلد اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • مودی سرکار امریکی کانگریس کمیٹی کے سامنے شرمندہ ہو گئی

    مودی سرکار امریکی کانگریس کمیٹی کے سامنے شرمندہ ہو گئی

    واشنگٹن: مقبوضہ کشمیر پر امریکی کانگریس کے لیڈرز کی تنقید کے بعد مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث اسے امریکی کانگریس کمیٹی کے سلسلے میں شرمندگی اٹھانی پڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی ہے کہ مودی سرکار نے کشمیر کی صورت حال پر تنقید کرنے والے رکن کانگریس کو نکالنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم امریکی کانگریس کے اراکین نے کسی رکن کو کانگریس کمیٹی سے نکالنے سے انکار کر دیا۔

    اس صورت حال کا سامنا نہ کر سکنے والے بھارتی وزیر خارجہ سبرا منیم جے شنکر نے گھبراہٹ میں سینئر کانگریس ارکان سے ملاقات ہی منسوخ کر دی۔

    واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ بھارت نے کانگریس رکن پرامیلا جیا پال کو دورہ مقبوضہ کشمیر سے بھی روک دیا تھا۔ بھارت نے کشمیر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز معطل کر رکھی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی خاتون نے امریکی ایوان میں مقبوضہ کشمیر پر بل پیش کر دیا

    کانگریس رکن پرامیلا جیا پال نے رد عمل میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر قرارداد جلد پیش کروں گی، ثابت ہو گیا ہے کہ مودی سرکار مخالف آواز سننے کا حوصلہ نہیں رکھتی۔

    یاد رہے کہ 8 دسمبر کو امریکی ایوان نمایندگان میں بھارتی نژاد خاتون رکن پرامیلا جیا پال نے ایوان میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر ایک بل پیش کیا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مواصلات کی بندش اور نظر بندیاں فوری طور پر ختم کرے۔

  • بھارت میں احتجاج، پولیس فائرنگ سے 3 افراد ہلاک، کرفیو نافذ

    بھارت میں احتجاج، پولیس فائرنگ سے 3 افراد ہلاک، کرفیو نافذ

    نئی دہلی: بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاج میں دن بہ دن شدت آتی جا رہی ہے، منگلور اور لکھنؤ میں پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کھول دی، جس سے تین افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہریت کے متنازع قانون کے خلاف دہلی، ممبئی، لکھنؤ، مدھیہ پردیش سمیت دیگر علاقوں میں مظاہرے جاری ہیں، بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ پولیس کی فائرنگ اور تشدد سے منگلور اور لکھنؤ میں 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، مظاہرین نے بھی پولیس پر شدید پتھراؤ کیا اور موٹر سائیکل اور گاڑیاں جلا دیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت میں ملک گیر احتجاج میں اب تک 8 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مودی نے پاکستان کے خلاف پھر زبانی جنگ شروع کر دی: مشہور بھارتی پروفیسر

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں ہونے والے مظاہرے میں 30 ہزار افراد نے شرکت کی، منگلور میں کرفیو لگا دیا گیا ہے، دہلی ہریانہ روڈ بند کر دی گئی، پولیس نے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا، بھارتی رائٹر رام چندراگو کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے باہر احتجاج

    شہریت کے متنازع قانون کے خلاف صرف بھارت کے اندر ہی احتجاج نہیں کیا جا رہا ہے، ادھر واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے باہر بھارتی طالب علموں نے مظاہرہ کیا، جس میں مظاہرین نے شہریت کا متنازع قانون منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے گاندھی کے مجسمے پر پوسٹر لگا دیا اور مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

  • مودی نے پاکستان کے خلاف پھر زبانی جنگ شروع کر دی: مشہور بھارتی پروفیسر

    مودی نے پاکستان کے خلاف پھر زبانی جنگ شروع کر دی: مشہور بھارتی پروفیسر

    نئی دہلی: سویڈن یونی ورسٹی کے بھارتی پروفیسر اشوک سواین نے کہا ہے کہ مودی نے پاکستان کے خلاف ایک بار پھر زبانی جنگ شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشہور بھارتی پروفیسر اشوک سواین نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے، اشوک سواین نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ مودی سرکار نے پھر پاکستان کے خلاف زبانی جنگ شروع کر دی ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ شہریت کے متنازع قانون کے خلاف بھارت میں مظاہرے جاری ہیں، یہ مظاہرے آیندہ ہفتے بھی جاری رہے تو مقبوضہ کشمیر میں حملے کا خدشہ ہے، بھارت جس تجربے سے گزر رہا ہے وہ 5 اگست کے بعد جنم لینے والی مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے آگے بہت معمولی ہے۔

    سویڈن یونی ورسٹی کے پروفیسر نے کہا کہ کچھ لوگوں کو ابھی پتا چلا ہے کہ مودی سرکار میں بھارت جمہوری نہیں رہا۔ خیال رہے کہ اشوک سواین سویڈن کی مشہور زمانہ اوبسالا یونی ورسٹی سے منسلک محقق اور تجزیہ کار ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  خوشونت سنگھ نے بھارت میں نسلی تفاخر کے نظریے کی پیش گوئی کی تھی: وزیر اعظم

    واضح رہے کہ بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، آج بھی بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں جامعہ ملیہ کے طلبہ سمیت سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا، انتظامیہ نے احتجاج روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، موبائل اور انٹرنیٹ سروس اور 14 میڑو اسٹیشنز بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

    بھارتی پولیس نے جواہر لعل نہرو یونی ورسٹی کے سابق طالب علم رہنما عمر خالد، کانگریس رہنما اور معروف بھارتی تاریخ دان کو گرفتار کر لیا، خواتین سمیت متعدد مظاہرین کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

    شہریت کے متنازع قانون کے خلاف ممبئی، آسام، لکھنؤ، مغربی بنگال سمیت بھارت کے متعدد شہروں میں شدید احتجاج کیا جا رہا ہے، بھارتی کرکٹرعرفان پٹھان نے بھی جامعہ ملیہ کے طلبہ پر تشدد پر تشویش کا اظہار کیا، جس پر ہندو انتہا پسندوں نے سابق بھارتی کرکٹر پر شدید تنقید کی ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آج اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھارتی دانشور خشونت سنگھ کا آرٹیکل شیئر کیا، وزیر اعظم نے لکھا کہ خشونت سنگھ نے بھارت میں نسلی بالا دستی کی پیش گوئی کی تھی۔

  • ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت محسوس کی ہے: وزیر خارجہ

    ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت محسوس کی ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت محسوس کی ہے، پاک فوج بر وقت اور مناسب جواب کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنا اہم ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی عزائم پر ایک اور خط صدر سلامتی کونسل کو ارسال کیا۔ یہ میرا ساتواں خط تھا جس میں بھارتی اقدامات کی نشاندہی کی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے بھارت کے ناپاک عزائم ظاہر ہوتے ہیں، سلامتی کونسل کی توجہ خاص طور پر 4 اقدامات پر دلائی ہے۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر لگی باڑھ کو 5 جگہ سے کاٹا ہے۔ اس کے پیچھے کیا عزائم ہیں کیا کوئی نیا مس ایڈونچر ہونے جا رہا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایل او سی پر باڑھ کاٹنے پر ہمیں تشویش ہے۔ جنوری 2019 سے اب تک 3 ہزار بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی۔ خواتین اور بچوں سمیت 300 نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خط کی بنیاد پر سیکیورٹی کونسل میں چین نے مسئلے کو دوسری مرتبہ اٹھایا، پہلی بار 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے پیش نظر مسئلے کو اٹھایا گیا۔ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ چین نے اس مسئلے کو سلامتی کونسل میں بروقت اٹھایا، بھارت کے نئے اقدامات کی یو این فوجی مبصر گروپ سے چھان بین کروائی جائے۔ چھان بین کے ذریعے زمینی حقائق سے سلامتی کونسل کو آگاہ کیا جائے۔

    اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ نریندر مودی کے عزائم واضح ہیں۔ آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 136 واں دن ہے۔ کشمیر میں کمیونی کیشن بلیک آؤٹ اور مواصلات کے ذرائع معطل ہیں۔ مقبوضہ وادی میں میڈیا جا نہیں سکتا، ڈپلو میٹس پر پابندی ہے۔ بابری مسجد فیصلے سے بھارت کے 20 کروڑ مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی بل پر آسام کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے احتجاج کی خود قیادت کی۔ بھارت کی 5 ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کی طرف سے نئے ناٹک کا خدشہ ہے۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت کو محسوس کیا ہے۔ یہ نقل و حرکت اشارہ دیتی ہے کہ بھارت کے ارادے درست نہیں۔ پاکستانی قوم کی طرف سے مودی سرکار کو باور کروانا چاہتا ہوں۔ ہم پر امن لوگ ہیں لیکن 27 فروری کو مت بھولیے گا۔ جارحیت اور فالس فلیگ آپریشن کیا گیا تو پاکستانی افواج تیار ہیں۔

  • بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کو خبردار کردیا

    بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کو خبردار کردیا

    اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک بار پھر بھارت کو متنبہ کردیا ہے کہ مسلح افواج بھارت کے ہر جارحانہ عزائم کا منہ توڑ جواب دینے کو تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج بھارت کے ہر جارحانہ عزائم کا جواب دینے کو تیار ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسلح افواج بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے گی، بھارتی آرمی چیف کا اشتعال انگیز بیان لائن آف کنٹرول کی صورتحال بگاڑنے کی کوشش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز بیان بھارت میں احتجاج سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بھارت ہمیشہ اپنے داخلی معاملات اور انتخابات میں ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر صورتحال کسی وقت بھی سنگین ہو سکتی ہے۔

    بعد ازاں بھارت کی جانب سے سرحدوں پر غیر معمولی نقل و حرکت بھی بڑھا دی گئی۔ بھارت نے پاک انڈیا سرحد پر براہموس اور اسپائک میزائل بھی نصب کر دیے ہیں۔

  • خوشونت سنگھ نے بھارت میں نسلی تفاخر کے نظریے کی پیش گوئی کی تھی: وزیر اعظم

    خوشونت سنگھ نے بھارت میں نسلی تفاخر کے نظریے کی پیش گوئی کی تھی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ خوشونت سنگھ نے بھارت میں متعصبانہ بالا دستی کی پیش گوئی کی تھی، پیشگوئی میں متعصبانہ بالا دستی کے نظریے کے ساتھ بھارت کی سمت بتائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بھارتی دانشور خوشونت سنگھ کا آرٹیکل شیئر کر دیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خوشونت سنگھ نے بھارت میں متعصبانہ بالا دستی کی پیش گوئی کی تھی، پیشگوئی میں متعصبانہ بالا دستی کے نظریے کے ساتھ بھارت کی سمت بتائی گئی۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعظم نے کہا تھا کہ بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کا غیر قانونی الحاق اور محاصرہ کر رکھا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مودی سرکار نے آسام کے 2 ملین مسلمانوں کو شہریت سے محروم کیا اور اب مودی سرکار نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کرلیا۔ بھارت میں مسلمان غیر مسلم ہجوم کا نشانہ بھی بن رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کو سمجھنا چاہیئے نازی جرمنی میں نسل کشی کا ایجنڈا جنگ عظیم دوئم کا سبب بنا، مودی کا بھی ہندو بالا دستی کا ایجنڈا ہے، پاکستان کو دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔ اس سب کا نتیجہ خون خرابہ اور طویل مدت اثرات کی شکل میں ہوگا۔