Tag: انڈیا

  • مشعال ملک نے شوہر سے ملاقات کے لیے اقوام متحدہ کو تحریری درخواست دے دی

    مشعال ملک نے شوہر سے ملاقات کے لیے اقوام متحدہ کو تحریری درخواست دے دی

    اسلام آباد: گرفتار حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اقوام متحدہ کو تحریری درخواست دے دی ہے کہ ان کی اپنی شوہر سے ملاقات کرائی جائی۔

    تفصیلات کے مطابق آج مشعال ملک نے اقوام متحدہ کی کنٹری ہیڈ آگنیسیو ارتضا سے ملاقات کی، مشعال ملک نے شوہر سے ملاقات کے لیے اقوام متحدہ کو تحریری درخواست دے دی۔

    مشعال ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے یو این سیکرٹری جنرل اور ہیومن رائٹس کمشنر کو خطوط بھجوا دیے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت نے یاسین ملک کو تہاڑ جیل میں قید کر رکھا ہے، یاسین ملک کو سیاسی قیدی تو کیا انسانی حقوق بھی نہیں مل رہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج یاسین ملک کے ساتھ بد ترین سلوک کر رہی ہے، مودی سرکار حریت رہنما کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  یاسین ملک کی صحت مزید بگڑ گئی ہے: مشعال ملک شوہر کے ذکر پر آبدیدہ ہو گئیں

    مشعال ملک نے کہا کہ اگر یاسین ملک کو کوئی بھی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار بھارتی حکومت ہوگی۔

    یاد رہے کہ 23 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی فورسز نے گرفتار کیا تھا، 10 اپریل کو یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ رات یاسین ملک کو خفیہ طور پر تہاڑ جیل منتقل کر دیا ہے جہاں سے انھیں شدید علالت میں دہلی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    دفتر خارجہ نے بھی حریت رہنما یاسین ملک کی شدید علالت کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے اس پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

  • گیم چینجر: بوم بوم کی بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر پر کڑی تنقید

    گیم چینجر: بوم بوم کی بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر پر کڑی تنقید

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بوم بوم شاہد آفریدی بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر پر برس پڑے.

    تفصیلات کے مطابق اپنی کتاب گیم چینجر میں جہاں شاہد آفریدی نے اپنے ساتھی کرکٹرز سے متعلق سنسنی خیز انکشافات کیے، وہیں انھوں نے بھارتی اوپنر کو بھی آڑے ہاتھ لیا.

    آفریدی نے ایشیا کپ میں ہونے والے واقعے کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ اس میچ میں ان میں اور بھارتی کھلاڑی میں‌ سخت تلخ کلامی ہوئی، ایک دوسرے کے اہل خانہ کو بھی نہیں بخشا.

    ان کا کہنا تھا کہ گمبھیر کی کوئی شخصیت نہیں، اس کے باوجود ان کا رویہ متکبرانہ ہے. گمبھیر جیسے افراد کو کراچی میں ہم "سڑیل” کہتے ہیں.

    آفریدی لکھتے ہیں کہ بھارتی اوپنر گمبھیرکے ساتھ رویے کا مسئلہ تھا، ان کا برتاؤ منفی تھا، سابق اوپنر کا کوئی ریکارڈ نہیں، مگر خود کو ڈان بریڈ میں سمجھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: شاہد آفریدی کی کتاب ’گیم چینجر‘ کے اقتباسات منظرعام پر آگئے، سابق کھلاڑیوں پر تنقید

    خیال رہے کہ سابق کپتان کی کتاب آج کل اسپورٹس کے حلقوں میں زیر بحث ہے. کتاب میں انھوں نے کھلے ڈلے انداز میں اپنے ساتھی کرکٹرز پر  تنقید کی ہے.

    بوم بوم نے جاوید میاں کو چھوٹا آدمی قرار دیا، وقار یونس اور وسیم اکرم کے اختلافات اور یونس خان کے خلاف سازش کا تذکرہ کیا.

  • پاکستان نے مسعود اظہر کو کشمیر سے جوڑنے کی بھارتی کوشش ناکام بنا دی: ترجمان دفتر خارجہ

    پاکستان نے مسعود اظہر کو کشمیر سے جوڑنے کی بھارتی کوشش ناکام بنا دی: ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کی خود ارادیت کی جدوجہد کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی، جسے پاکستان نے نا کام بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہے، پاکستان میں کالعدم اور دہشت گرد تنظیموں کے لیے کوئی جگہ نہیں، پاکستان نے مسعود اظہر کو کشمیر سے جوڑنے کی بھارتی کوشش کی مخالفت کی، اب بھارت نے کشمیر سے متعلق اپنا الزام واپس لے لیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے مسعود اظہر کا نام پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا، مسعود اظہر پر سفری پابندی، اثاثے منجمد اور اسلحے کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی, تاہم اس معاملے کا پاکستان میں کوئی اثر نہیں ہوگا، بھارت نام پابندیوں کی فہرست میں ڈالنے کو اپنی فتح کہہ رہا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا پاکستان ان پابندیوں کا اطلاق فوری طور پر کرے گا، پاکستان سے آج تک کسی نے پابندیوں کا اطلاق نہ کرنے کی شکایت نہیں کی، پاکستان اقوام متحدہ کی تمام پابندیوں پر عمل درآمد کرتا ہے، اس حوالے سے پروپیگنڈا بے بنیاد اور جھوٹا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ یو این کمیٹی کے تمام تکنیکی معاملات کا احترام کیا ہے، تاہم کمیٹی کے سیاسی استعمال کی مخالفت کی ہے، پاکستان نے کشمیریوں کی حق خود ارادیت دہشت گردی سے جوڑنے کی مخالفت کی، جب کہ بھارت نے اس معاملے پر کئی کوششیں کی ہیں، بھارتی میڈیا میں بھی پروپیگنڈے پر مبنی خبریں چلائی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اقوام متحدہ میں عالمی دہشت گردوں کی فہرست کے معاملے پر بھارت کا بڑا یو ٹرن

    انھوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، پاکستان کا مؤقف تھا کشمیریوں کی جدوجہد مقامی اور قانونی ہے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی موجود ہے، مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات پر حل ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ سفارتی محاذ پر بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں بڑی شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے، یو این میں پلوامہ حملے کے سلسلے میں بھارت نے بڑا یو ٹرن لیتے ہوئے مسعود اظہر کا نام پلواما حملے سے نکال دیا ہے۔

    بھارت اور مغربی ممالک نے مسعود اظہر کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد دی تھی، ذرایع کے مطابق قرارداد میں پہلے مسعود اظہر کو پلواما حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا تھا، تاہم اب پلواما حملے سے ان کا نام نکال دیا گیا ہے۔

  • جنگی جنون میں مبتلا بھارت کا دفاعی بجٹ 66 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

    جنگی جنون میں مبتلا بھارت کا دفاعی بجٹ 66 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

    نئی دہلی: بھارت عسکری طاقت بڑھانے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن گیا ہے جس کا دفاعی بجٹ 66 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

    اسٹاک ہوم ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق بھارت نے اپنے دفاعی بجٹ میں 3.1 فیصد اضافہ کیا ہے جس کے بعد اس کا دفاعی بجٹ 66 ارب ڈالر تک ہوگیا ہے۔

    انسٹیٹیوٹ کے مطابق بھارت عسکری طاقت بڑھانے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن گیا ہے۔ بھارت لڑاکا طیاروں، جنگی بحری جہازوں، ہیلی کاپٹرز، آلٹری گنز اور بھاری ہتھیاروں پر بڑی رقم خرچ کر رہا ہے۔

    دوسری جانب سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کرنے والے بھارت میں کروڑوں افراد 24 گھنٹوں میں صرف ایک بار کھانا کھا پاتے ہیں لیکن بھارت غربت کے خاتمے کے بجائے مسلسل دفاعی بجٹ میں اضافہ کیے جا رہا ہے۔

    اسٹاک ہوم ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق دنیا کے کل دفاعی بجٹ میں بھارت کا حصہ 3.7 فیصد ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت کے دفاعی بجٹ میں اضافہ خطے میں عدم توازن پیدا کر رہا ہے۔

    بھارت کے دفاعی بجٹ میں اس اضافے کے باوجود بھارتی فوج نہایت کسمپرسی کی حالت میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔

    دو سال قبل بھارتی فوجی اہلکار تیج بہادر یادیو نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں اس نے بھارتی فوجی اہلکاروں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا پردہ فاش کیا تھا، اپنی ویڈیو میں اس کا کہنا تھا کہ ہمیں ملنے والا کھانا افسران کھا جاتے ہیں یا پھر بازار میں بیچ دیا جاتا ہے۔

    بعدا زاں بی ایس ایف اہلکار تیج بہادر کو نوکری سے فارغ کردیا گیا تھا جبکہ تیج بہادر نے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

  • شوہر کے ظلم سے تنگ بھارتی خاتون پاکستان آگئی، اسلام قبول کرلیا

    شوہر کے ظلم سے تنگ بھارتی خاتون پاکستان آگئی، اسلام قبول کرلیا

    اسلام آباد / گوجرانوالہ: شوہر کے ظلم سے تنگ بھارتی خاتون پاکستان بھاگ آئی، چندی گڑھ کی ٹینا نے پاکستان آ کر اسلام قبول کر لیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والی ایک ہندو خاتون نے اپنے شوہر کے تشدد سے تنگ آ کر ملک چھوڑ دیا اور پاکستان آ کر اسلام قبول کر کے گوجرانوالہ کے ایک شہری سلیمان سے شادی کر لی۔

    دوسری طرف بھارتی دفتر خارجہ نے ٹینا کو بھارت واپس بھیجنے کی درخواست کر دی اور کہا کہ ٹینا اپنے شوہر امیش سے ناراض ہو کر پاکستان آئی ہے۔

    بھارتی دفتر خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سلیمان نے اسے زبردستی اسلام قبول کروانے کے بعد یرغمال بنا رکھا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کے ذرایع کے مطابق ٹینا کو بھارتی حکام کے حوالے کرنے کی بھارتی درخواست کو مسترد کر دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئی دباؤ نہیں، بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کررہا ہے

    خیال رہے کہ ہندو خواتین کے قبول اسلام پر بھارت کی جانب سے ہمیشہ یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ مذہب کی تبدیلی زبردستی کرائی گئی ہے، سندھ کے علاقے گھوٹکی کی دو بہنوں کے حوالے سے بھی بھارت نے الزام لگایا کہ انھیں زبردستی اسلام قبول کرایا گیا۔

    گزشتہ روز گھوٹکی کی نو مسلم بہنوں نے کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں، بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کررہا ہے، اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے نو مسلم بہنوں‌ آسیہ اور نادیہ نے کہا کہ انھیں بچپن سے مسلمان ہونے کا شوق تھا، جو اب پورا ہوا۔

  • عالمی برادری خطے میں امن کے لئے انڈیا کو ڈائیلاگ پر آمادہ کرے: شیریں مزاری

    عالمی برادری خطے میں امن کے لئے انڈیا کو ڈائیلاگ پر آمادہ کرے: شیریں مزاری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ کشیدگی پاکستان اور انڈیا کے مفاد میں نہیں، اسٹریٹیجک استحکام کے لئے باہمی اتفاق رائے کی ضرورت ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے جنوبی ایشیا میں استحکام اور درپیش چیلنجز سے متعلقہ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ وار ایک غیر روایتی اور سائبر جنگ ہے، اس جنگ کے حوالے سے ٹھوس سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے۔

    شیریں مزاری نے کہا کہ 2018 میں ہم نے ہائبرڈ وار کا لفظ سنا، یہ جنگ کی ایک نئی قسم ہے، اس جنگ کے ٹول بدلے ہیں، لیکن یہ جنگی اسٹریٹیجی کا حصہ رہی۔

    انھوں نے کہا کہ غور کرنا ہوگا، لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کا کیا مقصد ہے، پاکستان کشیدگی کم کرنا چاہتا ہے، خطے میں اسٹریٹیجک استحکام لانا ہے، جس کے لیے باہمی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں: شیریں مزاری کا دورہ بیلجیئم، کشمیر میں بھارتی مظالم پر توجہ مبذول کرائی

    شیریں مزاری نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس زیادہ ذرائع نہیں، ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے، جنوبی ایشیا میں نیوکلیئر طاقتوں کے ہوتے ہوئے استحکام بڑا چلینج ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی میں بھارتی فوج کو ٹیکنیکل جواب دیا، پاکستان نے بھارت کو موثر جواب دے کر واضح‌ پیغام دیا تھا، ہمیں امید تھی کہ بھارت پاکستان کے جواب سے کچھ سیکھے گا، مگر بھارت نے کچھ نہیں سیکھا، ہمیں ڈائیلاگ کی طرف جانا چاہیے، عالمی برادری خطے میں امن کے لئے انڈیا کو ڈائیلاگ پر آمادہ کرے۔

  • بھارت: مودی کی تصویر بورڈنگ پاس پر، الیکشن کمیشن کا ایوی ایشن کو نوٹس

    بھارت: مودی کی تصویر بورڈنگ پاس پر، الیکشن کمیشن کا ایوی ایشن کو نوٹس

    نئی دہلی: بھارت میں مودی سرکار نے انوکھی الیکشن مہم شروع کر دی، بھارت کے ایئر پورٹس پر بورڈنگ پاسز پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر چھاپ دی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ایئر پورٹس پر ملنے والے بورڈنگ پاسز پر نریندر مودی کی تصویر چھاپ دی گئی، مودی کی تصویر کے ساتھ انتخابی نشان بھی چھاپ دیا گیا۔

    بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے ایوی ایشن کو نوٹس بھیج دیا گیا، قبل ازیں ایئر انڈیا نے اسے ایک انسانی غلطی قرار دیا اور ایئر لائن کے حکام کو ضابطے کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس بھی جاری کیا۔

    ایئر لائن حکام نے یقین دلایا تھا کہ مودی کی تصویر بورڈنگ پاسز سے ہٹا دی جائے گی تاہم اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

    مودی کے لیے اس انوکھی الیکشن مہم کا بھانڈا ایک صحافی نے پھوڑا، جس نے مقامی فلائٹ پر ملنے والے بورڈنگ پاس پر مودی کی تصویر چھپی ہوئی دیکھی، صحافی نے مودی سے سوال کیا ہے کہ کیا مذکورہ فلائٹ بھی آپ کے انتخابی حلقے میں آتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سابق بھارتی فوجی تیج بہادر کا مودی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان

    خیال رہے کہ اس سے قبل ریل گاڑیوں میں بھی بی جے پی کی انتخابی تشہیر کے لیے بغیر اجازت پیپر کپس پر ’میں بھی چوکی دار ہوں‘ کا سلوگن پرنٹ کیا گیا تھا، جس پر پیپر کپس سپلائی کرنے والے لائسنسی پر بھاری جرمانہ عاید کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ تین سال قبل بھی نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں کی تصاویر پر مبنی بڑے بڑے پوسٹرز پٹنا ایئر پورٹ کے اندر لگائے گئے تھے، جس پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لے کر پوسٹر اتروا دیے تھے۔

  • بھارت: ہولی کے دن کرکٹ کھیلنے پر انتہا پسند ہندوؤں کا مسلمان گھرانے پر تشدد

    بھارت: ہولی کے دن کرکٹ کھیلنے پر انتہا پسند ہندوؤں کا مسلمان گھرانے پر تشدد

    نئی دہلی: پڑوسی ملک بھارت میں مسلمانوں کو ہولی کے دن کرکٹ کھیلنا مہنگا پڑ گیا، انتہا پسند ہندوؤں نے گھر میں گھس کر مسلمان گھرانے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی مسلمان گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہے، ہولی کے دوران کرکٹ کھیلنا جرم بن گیا، مسلمان گھرانے کو انتہا پسند ہندوؤں نے گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی، دلی کے قریب انتہا پسندوؤں نے مسلم گھرانے پر دھاوا بولا، نشے میں دھت افراد نے ڈنڈوں سے اہل خانہ کو مارا، پاکستان بھیجنے کی دھمکی بھی دی۔

    بھارت میں مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد کا یہ واقعہ گروگرام میں پیش آیا، ہندو انتہا پسندوں نے اندھا دھند ڈنڈے برسائے، خواتین اور بچے چیختے چلاتے رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت: گائے کے نام پر مسلمانوں کا قتل عام، انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے رپورٹ جاری کردی

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ اس وقت ہوا جب باہر کرکٹ کھیلنے والے مسلم نوجوانوں کے پاس ہندو انتہا پسند آئے اور ان سے کہا کہ جا کر پاکستان میں کھیلو۔

    خیال رہے کہ ہریانہ کے گروگرام میں نماز کو لے کر بھی ماضی میں تنازعات ہوئے ہیں، گزشتہ سال ستمبر میں انتہا پسند ہندوؤں کے کہنے پر میونسپل کارپوریشن نے مسجد کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ہندوؤں کا کہنا تھا کہ دن میں پانچ وقت اذان کے لیے مسجد میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے انھیں تکلیف ہو رہی ہے۔

  • جے ایف 17 تھنڈر نے ثابت کر دیا وہ کسی سے کم نہیں: شاہد لطیف

    جے ایف 17 تھنڈر نے ثابت کر دیا وہ کسی سے کم نہیں: شاہد لطیف

    کراچی: دفاعی تجزیہ کار شاہد لطیف کا کہنا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر کی قابلیت و صلاحیت دنیا کے سامنے آئی ہے، اس نے ثابت کر دیا وہ کسی سے کم نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل (ر) شاہد لطیف کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر کی قابلیت و صلاحیت دنیا کے سامنے آ چکی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ لڑاکا طیارے کے ڈیزائن میں 10 سال لگتے ہیں، پاکستان نے جے ایف 17 تھنڈر طیارہ 3 سال میں مکمل کیا۔

    شاہد لطیف کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر نے ثابت کر دیا وہ کسی سے کم نہیں، بھارتی طیارے مار گرانے سے ثابت ہوا جے ایف 17 تھنڈر کیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کا جے ایف 17 تھنڈر طیارے کا معائنہ، وطن روانہ

    انھوں نے کہا کہ ملیشین وزیر اعظم نے بھی پاکستان دورے کے موقع پر جے ایف 17 تھنڈر طیارے میں دل چسپی ظاہر کی، جے ایف 17 تھنڈر طیارے کی اب دنیا میں مارکیٹنگ ہوگی۔

    واضح رہے کہ آج ملیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن روانہ ہوئے، روانگی سے قبل اعلیٰ حکام نے انھیں جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور اہم فیچرز سے آگاہ کیا، مہاتیر محمد نے پاک چین اشتراک سے تیار ہونے والے جدید ترین لڑاکا طیارے میں گہری دل چسپی لی۔

  • پاک فوج نے حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈرون مار گرایا ،  ڈی جی آئی ایس پی آر

    پاک فوج نے حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈرون مار گرایا ، ڈی جی آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی ڈرون مارگرایا، کواڈ کاپٹر ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹر تک داخل ہوا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈایریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پاک فوج نے بھارت کا ڈرون ایل اوسی پر مارگرایا، ایل اوسی پر بھارتی ڈرون رکھ چکری سیکٹر پرگرایاگیا، کواڈ کاپٹر ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹرتک داخل ہوا۔

    خیال رہے اس سے قبل 27 اکتوبر کو بھی پاک فوج نے ایل او سی کے علاقے رکھ چکر ی سیکٹر میں بھارتی ڈرون طیارہ مار گرایا تھا، پاک فوج کے نشانہ بازوں نے کامیابی سے ڈرون طیارے کو نشانہ بنانے کے بعد اس بھارتی کوارڈ کاپٹر کے ملبے کو قبضے میں لے لیا تھا۔

    یاد رہے 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کےدو طیارے مارگرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کوگرفتارکرلیا تھا، جس کے بعد بھارت نے بھی طیاروں کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی طیارے مارگرائے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں نشانہ بنائے، ایک طیارہ آزاد کشمیر دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرایا۔

    اس سے قبل 26 اور 25 فروری کی درمیانی شب بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی اور وہ جہاز کا ایونیشن گرا کر فرار ہوگئے تھے۔